مزید خبریں

کامرس تعلیم کا اسکولوں میں فروغ

۔ICAIاورمحکمہ تعلیم کشمیر کے درمیان معاہدہ

سرینگر//سرکاری اورسرکاری تعاون سے چلنے والے اسکولوں میں کامرس کی تعلیم کوفروغ دینے کیلئے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کشمیر اور انسٹیچیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف انڈیانے این آئی آرسی  اورسرینگر کے نمائندگان کے تعاون سے ایک معاہدے پردستخط کئے۔اس معاہدے کا مقصددونوں فریقوں کے درمیان اشتراک کرناتھا۔اس کے تحت ہرایک اسکول ایک نمائندے کو نامزدکرے گاجوانسٹیچیوٹ آف چارٹرڈ اکائونٹنٹس آف انڈیا کے کیرئیر کونسلنگ کمیٹی کے نمائندوں کے ساتھ تال میل کرے گاتاکہ اسکولوں میں کامرس خاص طور سے چارٹرڈ اکائونٹنسی کو فروغ دیاجائے۔اس سے قبل سرینگر کے ایک ہوٹل میں ایک عوامی رسائی پروگرام منعقد ہواجس کے مہمان خصوصی ناظم اسکولی تعلیم کشمیرڈاکٹرتصدق حسین تھے۔آئی سی اے آئی کی نمائندگی چارٹرڈاکائونٹنٹ ہنس راج چگھ،چیئرمین کیرئیرکونسلنگ کمیٹی ڈاکٹرراج چاولہ،سینٹرل کونسل ممبرنکل صراف نے کی۔آوٹ ریچ پروگرام میں سرکاری اسکولوں کے پرنسپلوں نے بھی حصہ لیااوراس دوران چارٹرڈ اکائونٹنٹس کوپیشہ کے طور اپنانے کواجاگر کیاگیا۔
 
 

لداخ میں کوروناکا ایک کیس سامنے

لیہہ//لداخ میں کورونا وائرس کاایک نیاکیس سامنے آیا ہے جبکہ خطے میں فعال معاملات کی تعدادپانچ مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعدچھ رہ گئی ہے۔ حکام کے مطابق مرکزی زیر انتظام علاقہ میں کوروناسے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد28223ہوگئی ہے۔حکام کے مطابق لداخ میں کووِڈ- 19وباپھوٹ پڑنے کے بعد سے اب تک228لوگوں کی موت ہوچکی ہے جن میں168لیہہ اور60کرگل میں ہوئیں۔جمعہ کو خطے میں اس بیماری سے کسی کے مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔صحتیاب ہونے والے سبھی افراد کاتعلق لیہہ سے ہے اور خطے میں اس بیماری سے شفایاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد27989ہوگئی ہے۔
 
 

پونچھ میں 11سالہ بچہ لاپتہ ہوگیا

 پونچھ//پونچھ میں ایک گیارہ سالہ کمسن بچہ پراسرار حالات میں لاپتہ ہوگیا ہے جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔لاپتہ بچے کی شناخت ارجن شرما ولد سریش کمارسکنہ محلہ پاور ہاؤس پونچھ قصبہ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ بچہ لاپتہ ہوگیا تھا جس کے بعد پونچھ تھانے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ لاپتہ بچے کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ قصبہ کے کچھ علاقوں میں تلاشی مہم چلائی گئی لیکن ابھی تک بچے کے سلسلہ میں کوئی جانکاری موصول نہیں ہوئی ۔
 
 

مہنگائی کیخلاف کانگریس کارکنوں کا احتجاج 

پرویز خان 
 
منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ میں کانگریس کارکنوں نے تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیساتھ ساتھ اشیاء خوردنی کی قیمتوں میں ہورہے اضافے کیخلاف احتجاج کیا ۔پارٹی کے ضلع جنرل سیکریٹری فاروق خان کی قیادت میں کارکنوں نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کیخلاف نعرے بازی کی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہورہے اضافے کو قابو کرنے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے غریبوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔پارٹی سینئر لیڈر فاروق خان نے کہاکہ جہاں مرکزی حکومت غریبوں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہتی ہے وہائیں پر تحصیل انتظامیہ منجا کوٹ کی جانب سے رمضان سے قبل ایک مرتبہ بھی مارکیٹ کا معائینہ نہیں کیا جبکہ قصبہ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کیساتھ ساتھ دیگر اشیاء کی مرضی کیساتھ قیمتیں وصول کی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی کر کے غریبوں کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔
 
 
 

ڈسٹرکٹ کیپیکس پلان 2022-23 کی تشکیل 

 ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی پنچایت راج اداروں کے اراکین کے ساتھ میٹنگ 

عازم جان
 
بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے جمعہ کو پنچایت راج اداروں کے اراکین کی میٹنگ کوصدارت کی تاکہ انہیں ڈسٹرکٹ کیپیکس پلان 2022-23 کی تشکیل کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل عبدالغنی بٹ، وائس چیئرپرسن، ڈی ڈی سی ممبران، بی ڈی سی کے چیئرپرسن اور سرپنچ بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کیپیکس پلان 2022-23 کی تشکیل کے حوالے سے تفصیلی بحث ہوئی اور حاضرین کو طریقہ کار اور ترجیحی شعبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ افسران نے 3 درجے کی منصوبہ بندی کے نظام کے تحت حکومت کی  ہدایات کے مطابق ضلع ترقیاتی منصوبہ بندی کے لیے آگے بڑھنے کے راستے کے بارے میں بتایا اور گرام سبھا کے ذریعے تبلیغ اور استحکام کے مقصد کے لیے وضع کردہ یکساں ٹیمپلیٹس کا انکشاف کیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پچھلے سال پی آر آئی گرانٹس کے تحت، فی پنچایت 23.30 لاکھ روپے، بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کے لیے فی بلاک 25 لاکھ اور ضلع ترقیاتی کونسلوں کے لیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹس دی گئی تھیں جنہیں منریگا کے علاوہ کیپیکس کا حصہ 14ویں ایف سی، پی ایم اے وائی، جے جے ایم اور پی ایم جی ایس وائی شعبے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 2022-23 کے دوران ضلع کے لیے کل ضلعی پلان کا سائز 529 کروڑ روپے ہے۔ اس موقع پر ڈی سی نے افسران سے کہا کہ وہ ضلع کے PRIs، BDCs اور DDCs کے ساتھ مشاورت کے ساتھ منصوبہ تیار کریں اور PRI ممبران پر زور دیا کہ وہ ضروریات اور وسیع تر عوامی مفاد کے مطابق کاموں کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ترقی کو اگلے درجے تک لے جانے کے لیے ہر سطح پر کلیدی مسائل اور بنیادی ڈھانچے کے اہم خلا کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے PRIs سے مزید کہا کہ وہ رکی ہوئی/ نامکمل عمارتوں کی تکمیل اور موجودہ عمارتوں میں بہتری، تعلیم کے شعبے میں اسمارٹ کلاس رومز اور ہسپتال کی اپ گریڈیشن بالخصوص صحت کے شعبے میں رکی ہوئی/ نامکمل عمارتوں کی تکمیل پر توجہ دیں۔ انہوں نے انہیں سولر لائٹنگ سسٹم متعارف کرانے، تالابوں کی ترقی وتحفظ، پارکوں کی ترقی، کھیل کے میدانوں اور کھیلوں کے سازوسامان کی ترقی پر توجہ دینے کے علاوہ دیہی علاقوں میں ویسٹ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ترقیاتی منصوبہ سے متعلقہ ضلعی اور سیکٹرل افسران تمام متعلقہ پی آر اداروں اور نمائندوں کے ساتھ مناسب مشاورت کے ساتھ تمام جاری سکیموں کی تکمیل کے لیے کافی رقم مختص کریں گے۔ ڈاکٹر اویس نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ کا موقع پر دورہ کریں تاکہ مقررہ ٹائم لائنز کے اندر ہر کام کی فزیبلٹی کا جائزہ لیا جا سکے۔ 
 

نوراتری کا تہوار

ڈی جی پی کی لوگوں کو مبارکباد 

جموں// ڈائرکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے جموں و کشمیر کے لوگوں، شہداء کے اہل خانہ، جموں و کشمیر پولیس کے تمام رینک، سیکورٹی فورسز اور ان کے خاندانوں کو  نوراتری کے تہوار کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ڈی جی پی نے اپنے پیغام میں امید ظاہر کی ہے کہ نو دن تک جاری رہنے والا نوراتری تہوار جموں و کشمیر کے لوگوں کے درمیان بھائی چارہ، ہم آہنگی کو مضبوط کرے گا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی امن، خوشحالی اور اچھی صحت کے لیے دعا کی۔ڈی جی پی جموں و کشمیر نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ان تہواروں کو مناتے ہوئے رہنما اصولوں اور سماجی دوری پر عمل کریں۔
 

رمضان المبارک کی آمد 

محتاجوں کاخاص خیال رکھا جائے:علماء اہل السنۃ والجماعۃ

سرینگر//جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ جموں وکشمیرنے ماہ صیام کی مناسبت سے امت مسلمہ کے نام ماہ صیام کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان حصول رحمت ومغفرت اور نار جہنم سے خلاصی کا مہینہ ہے ،جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃکے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے کہاکہ چونکہ یہ مہینہ ایثار وہمدردی اور غمخواری کا بھی ہے لہٰذااس ماہ میںمفلوک الحال بندگان خدا،یتیموں،بیواؤں،مسکینوں،غریبوںاور محتاجوں کا خصوصی خیال رکھیں نیزمدارس دینیہ اسلام کے تحفظ اور بقا واستحکام کے مضبوط قلعے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیںلہٰذا اپنے صدقات،زکوٰۃ،خیرات وامداد دیتے وقت ان مدارس کو ہر گز نہ بھولیںاور کوشش کریں کہ آپ از خود مستحقین تک پہنچ کر اور مدارس دینیہ میں جاکر اپنے عطیات پیش فرمائیں۔
 
 اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر بہم رکھی جائے: ٹریڈرس
سرینگر//کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچرررس فیڈریشن نے ماہ مبارک کے ایام کے دوران لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم رکھنے کی مانگ کی ہے۔ محمد صادق بقال نے کہاہے کہ ماہ رمضان میں لوگوں کو بلا خلل بجلی، پانی اور دیگر ضروریات بہم رکھی جائے۔ انہوںنے تاجروں پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے کی اشیا ء مناسب قیمتوں پر دستیاب رکھیں۔انہوںنے جموں وکشمیر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ہر طرح کی سہولیت بہم رکھیں ۔ انہوںنے سحری و افطاری کے وقت بلا خلل بجلی اور پانی کی فراہمی کے اقدامات کرنے پر زور دیا۔ اس کے علاوہ رسوئی گیس ، غذائی اجناس اور دیگر ضروریات زندگی کو لوگوں کیلئے میسر رکھے جائیں۔ صادق بقال نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ماہ مبارک میں عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کو چاہئے کہ وہ کھانے پینے اور دیگر اشیاضروریہ کو لوگوں کیلئے مناسب مقدار میں دستیاب رکھیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 
 

نالہ برمسر سے نکلنے والا تعمیراتی میٹریل 

. 2ہیکٹر رقبہ ایک کروڑ 8لاکھ میں پٹے پر ٹھیکدار کو فراہم

۱رشاد احمد
 
گاندربل//گاندربل کے علاقہ وسن میں واقع چھترگل سے وسن تک نالہ برمسر میں باجری، ریت، بولڈر اوردیگر تعمیراتی اشیا نکلتی ہے پہلی مرتبہ ضلع انتظامیہ اور محکمہ جیالوجی اینڈ مائینگ کی جانب سے ای _ٹینڈرینگ کے ذریعے پانچ سال کے لئے پٹے پر فراہم کردی گئی۔نالہ برمسر کے دو ہیکٹر سے زیادہ رقبہ کو ایک کروڑ 8 لاکھ روپے میں ٹھیکیدار کو فراہم کردی گئی۔اس موقع پر محکمہ کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں باضابطہ طور پر نالہ برمسر سے تعمیراتی مواد نکالنے کا کام شروع کردیا گیا۔محکمہ کے ضلع آفیسر ذوالفقار علی نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گاندربل میں موجود نالہ سندھ اور اس ملحقہ دیگر نالوں جن میں نالہ برمسر بھی شامل ہے کے دو ہیکٹر سے زیادہ رقبہ کو پانچ سال کے لئے ایک کروڑ 8 لاکھ روپے میں ٹھیکیدار کو فراہم کردی گء
 

 سابق وزیر غلام قادر میر کے ایصال ثواب کی مجلس

نیشنل کانفرنس کی اعلیٰ قیادتی وفد کی شرکت

سرینگر//صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی ہدایت پر کل پارٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے لون ہرے کپوارہ جاکر وہاں پارٹی کے سرکردہ مرحوم لیڈر اور سابق وزیر ایڈوکیٹ غلام قادر میر کے لواحقین اور پسماندگان کیساتھ تعزیت پُرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔ وفد میں پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، سینئر لیڈران ایڈوکیٹ چودھری محمد رمضان، ایڈوکیٹ میر سیف اللہ، حاجی میر غلام رسول ناز اور دیگر لیڈران بھی شامل تھے۔ لیڈران نے مرحوم کی ایصال ثواب کی مجلس میں شرکت کی اور وہاں مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور اُن کے ناقابل فراموش عوامی، سیاسی اور پارٹی خدمات کو یادکیا گیا۔  اس موقعے پر مرحوم کے حق میںدعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے گئے ۔ادھر پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گِل کدل المگری بازار کے معروف سیاسی اور سماجی شخصیت عبدالرحمن وانی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحوم کے برادر عالم الدین علی محمد وانی اور مرحوم کے داماد حاجی جان محمد جان کیساتھ تعزیت کا اظہار کیاہے۔
 

پونچھ المناک حادثہ

انسانی جانوں کے زیاں پر نیشنل کانفرنس رنجیدہ

سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے خطہ پیرپنچال کے ضلع پونچھ میں ایک المناک سڑک حادثے میں 9افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لواحقین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے مرحومین کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، زون صدر جاوید رانا اور صوبائی یوتھ صدر جموں اعجاز جان نے بھی انسانی جانوں کے زیاں پر دکھ اور رنج و الم کا اظہار کیاہے۔ پارٹی لیڈران نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین میں بھر پور ایکس گریشیا اور زخمی افراد کو بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔ پارٹی کے صوبائی یوتھ صدر (جموں) اور انچارج کانسچونسی پونچھ اعجاز جان ، ضلع صدر پونچھ باغ حسین راٹھور، ڈی ڈی سی ممبران اور دیگر مقامی عہدیداران و کارکنان نے مرحومین کے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔ 
 
 

 حضرت سید شمس الدین ختلانی ؒ کا عرس آج

نواب بازار میں تقریب کا انعقاد ہوگا

سرینگر// حسب قدیم سالانہ عرس مبارک حضرت سید شمس الدین ختلانی ؒ المعروف شرع باب صاحبؒ کا 641واں سالانہ عرس آج یعنی سنیچر 29ماہ شعبان مطابق2اپریل عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں آستان عالیہ واقع نواب بازار چوک میں حسب قدیم پروقار تقریب کا انعقاد ہوگا۔ عرس مبارک پر صبح 8بجے سے ہی قرآن خوانی کے بعد خطمات المعظمات، درود واذکار اور مولود خوانی کی مجلس آراستہ ہوگی جس کی پیشوائی پیرزادہ محمد اشرف عنایتی کریں گے۔ تقریب کی صدارت سجادہ نشین سید محمد سعید قادری کریں گے۔ واضح رہے کہ حضرت سید شمس الدین ختلانی ؒ جنہیں شرع باب صاحب کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے کیونکہ حضرت سید شمس الدین ختلانیؒ قرآن اور حدیث کی روشنی میں فتویٰ بھی صادر کرتے تھے۔ علم و ادب اور روحانی کمالات میں مجسمہ دینی شخصیت تھے جنہوں نے تبلیغ دین کی خاطر حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانی ؒ اور حضرت امیر کے فرزند حضرت میر سید محمدہمدانی ؒکے سادات حضرات سے وارد کشمیر ہوئے تھے اور حضرت موصوف نے پہلی اذان بھی وارد کشمیر ہوکر ادا کی۔ 
 
 

سول سوسائٹی بڈگام کی سبکدوش افسران کی خدمات کی سراہنا 

سرینگر//سیول سوساٹی بڈگام نے ضلع بڈگام میں ملازمت سے سبکدوش ہوئے افسران کی خدمات کی سراہنا کی ہے ۔ سوساٹی کے ارکان بشیر احمد ڈار ،پرنسپل عبدالحمید گنائی، فیاض احمد ، کفایت حسین ، ایڈوکیٹ فیروز احمد ،ڈاکٹر جی اے ڈار،سید فیاض بخاری،محد یوسف ڈار ،ایم ملک،سید سمیع اللہ ،  نامور معالج حکیم یعقوب  ،  لیکچرار عبدالغنی ،غلام محمد حقانی ،پرنسپل بشیر  احمد ،لیکچرارمحمد شفیع میر،طاہر الحمید نے چیف ایجوکیشن آفیسر سید محمد امین ، پرنسپل بائز ہائز سکینڈری سکول بڈگام عبدالرشید بٹ، جے کے بنک بڈگام کے منیجر عبدالرشید پال کی سبکدوشی پردوران ملازمت  ان کے رول کی تعریف و توصیف کی ہے۔ سوسائٹی کے ارکان نے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایسے افسران کی انجام دی ہو خدمات  ہمیشہ یاد رکھی جایں گی۔سوساٹی کے کنونیر بشیر احمد ڈار نے امید ظاہر کی کہ سبکدوشی کے بعد یہ  اپنے تجربے سے سماج کی بہتری کیلئے فعال کردار ادا کریں گے۔
 

جموںوکشمیر بینک کا اَپنے اعلیٰ اِنتظامی اَفسران کو گرمجوشی سے الوداع

سری نگر//جموںوکشمیر بینک نے اَپنے دو اعلیٰ اِنتظامی اَفسران سنیل گپتا اور کرن جیت سنگھ کو گرمجوشی سے الوداعیہ دیاجو کہ مختلف شعبوں میں تقریباً ساڑھے تین دہائیوں تک اِدارے کی خدمات انجام دینے کے بعد بالترتیب کل بینک کے ایگزیکٹیو صدر اور صدر کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔ سنیل گپتا مختلف محکموں کی سربراہی کر رہے تھے جن میں بنیادی طور پر آئی ٹی اور سرکاری کاروبار شامل ہے جبکہ کرن جیت سنگھ بینک کے ایم ڈی اور سی اِی او کے سپیشل سیکرٹری تھے۔الوداعیہ تقریب کی صدارت ایم ڈی اور سی اِی او بلدیو پرکاش نے کی جس میں بینک کے صدور ، نائب صدور اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔ نائب صدر انوکھ سنگھ جو بینک میں 33 برس کی خدمات اَنجام دینے کے بعد سبکدوش ہوئے بھی بینک کے کاپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب میں موجود تھے۔ایم ڈی اور سی اِی او بلدیو پرکاش نے سبکدوش ہوئے اَفسران کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا ،’’ سنیل گپتا نے اَپنی زندگی کے 36 بہترین برس اِس بینک کو دئیے ہیں جبکہ کرن جیت اور انوک سنگھ  نے 33 برس تک ادارے کی خدمت کی ہے ۔یہاں تین مہینوں میں ، میں نے سنیل گپتا کو بہت محنتی ، فیصلہ کن اور وقف لیڈر کے طور پر پایا جو نہ صرف بینک میں اَپنے کردار کو جانتے تھے بلکہ اِس کردار کے بارے میں ہمیشہ  باخبر رہتے تھے۔اس کے ذریعے اَپنے تفویض کردہ تمام پروجیکٹوں کو دیکھنے کے پختہ عزم کے لئے سنیل گپتا کو بینک میں ان کے ساتھیوں ، ماتحتوں اور جاننے والوں کی طرف سے ہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔