ابر آلود موسم کے بیچ شاہراہ پر ٹریفک جاری
محمد تسکین
بانہال // جواہر ٹنل کے اس پار ابر آلود موسم اور بالائی علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشوں اور برفباری کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر بدھ کے روز گاڑیوں کی آمدورفت بلاخلل جاری رہی۔ بدھ کے روز وادی کشمیر سے جموں کی طرف مسافر اور مال گاڑیوں کو چلنے کی اجازت تھی۔ صبح سے ہی بانہال اوروادی چناب کے دیگر علاقوں میں مطلع ابر آلود تھا جبکہ بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ جواہر ٹنل کے دوسری طرف بھی برفباری ہوئی تاہم ٹنل کے اس پار ہلکی ہلکی بوندا باندی کے سوا موسم خشک ہی تھا ۔ بدھ کی شام کشمیر سے جموں کی طرف ٹریفک کے چلنے کا سلسلہ جاری تھا اور ٹریفک پولیس کی طرف سے مقرر کئے گئے اوقات کے بعد قاضی گنڈ سے ٹریفک کی نقل وحرکت روک دی گئی ہے۔
رام بن کا نوجوان بڑی براہمناں سے لاپتہ
محمد تسکین
بانہال // جموں کے بڑی براہمناں علاقے میں مقیم رام بن کا ایک 13 سالہ لڑکا پچھلے ایک ہفتہ سے لا پتہ ہے اور گھر والوں کی تلاش اورکھوج کے باوجود بھی اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل پایا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس سٹیشن بڑی براہمناں ، سانبہ میں گمشدگی کی ایک رپورٹ درج کی گئی ہے۔ لاپتہ ہوئے لڑکے عادل احمد کٹوچ ولد محمد یوسف کٹوچ عمر 13 سال ساکنہ کبھی ،رام بن حال برجانی ، تحصیل بڑی براہمناں ضلع سانبہ نے پولیس سٹیشن بڑی براہمناں کو دی گئی گمشدہ رپورٹ میں کہا ہے کہ وہ اپنے افراد خانہ کے ہمراہ بڑی براہمناں میں کرایہ پر مقیم ہے اور ان کا13 سالہ بیٹا عادل 11 جنوری 2019 سے لاپتہ ہوگیاجس کی تلاش کی گئی مگر اس کا کوئی پتہ نہیں چل پایا۔انہوں نے پولیس سے مدد کی اپیل کی ہے ۔
ریاسی میں KVIB کی جانب سے بیداری کیمپ کا اہتمام
ریاسی //جے اینڈ کے کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ (KVIB)ریاسی کی جانب سے پرائم منسٹر ایمپلائمنٹ جنریشن پروگرام (PMEGP) کے تحت ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا ،جس کا افتتاح کلسٹر ہیڈ جے اینڈ کے بینک ریاسی نے کیا ۔کے وی آئی بی کی جانب سے ایسا بیداری کیمپ منعقد کرنیکی ستائش کرتے ہوئے کلسٹر ہیڈ نے PMEGPکو دیہی علاقوں کے بیرز گار نوجوانوں کیلئے ایک بہت ہی فائدہ مند سکیم بتایا ۔انہوںنے کہا کہاا یسے کیمپ منعقد کرنے سے نوجوانوں کو خود روز گار سکیم کے تحت اپنا روز گار حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ضلع افسر کے وی آئی بی صادق حسین نے PMEGP سکیم پر ورشنی ڈالی اور شرکا پر زور دیا کہ وہ کے وی آئی بی کی متعدد سکیموں سے فائدہ اُٹھا ئیں۔لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر ایس بی آئی ریاسی، سپرانٹنڈنٹ آئی ٹی آئی ریاسی ،ضلع منیجر نبارڈ، پرنسپل پای ٹیکنیک کالج ریاسی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ ریاسی ،کلسٹر ہیڈ جے اینڈ کے بینک ضلع ریاسی ،RSETI ایس بی آئی کے نمائندوں نے بھی اجتماع سے دیہی علاقوں میں روزگار پیدا کرنے کی سکیموں سے واقف کیا۔
ڈوڈہ میںبے روز گار نوجوانوں کااحتجاجی دھرنا
ڈائریکٹر چائلڈ لائن پارٹنر آرگنائزیشن کی خالی اسامیوںکی تشہیر نہ کرنے کا الزام
نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ// ڈوڈہ میں درجنوں پڑھنے لکھے بے روزگاروں نے احتجاجی دھرنے کا اہتمام کیا۔ دھرنا کے بعدبے روزگار نوجوان ضلع ترقیاتی کمشنر ڈودڈہ سے ملنے کیلئے ان کے دفتر پہنچے مگر ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کسی پروگرام میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے جس کے سبب ان کی ملاقات نہیں ہوسکی۔ اس دوران ان نوجوانوں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نوڈل ڈائریکٹر چائلڈ لائن پارٹنر آرگنائزیشن ڈوڈہ کی طرف سے ایک نو ٹیفکیشن مورخہ01-01-2019 جاری کی گئی جس کی روسے مختلف اسامیوں کے لئے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی مگر بجائے اس کی بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کے اس نوٹیفکیشن کو صیغہ راز میں ہی رکھا گیا ۔ان نوجوانوں کے مطابق اس نوٹیفکیشن کو کسی اخبار میں بھی مشتہر کرنے کیلئے نہیں دیاگیااور نوٹیفکیشن کی رو سے اس میں فارم پرُ کرنے کی آخری تاریخ بھی بہت کم رکھی گئی تاکہ اس میں زیادہ لوگ فارم پرُ نہ کرسکیں اور اپنے اپنے منظور نظر افراد کو اس میں اہل قرار دے کر موقعہ فراہم کیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ اسی طرح دس دنوں کے اندر اندر ہی انٹرویو کے لئے بلایا گیا۔ فاروق احمد میر ، عامر سہیل دیو ، ریاض احمد میر ووفد میں شامل کئی دیگر نوجوانوں نے بتایاکہ فارم کی آخری تاریخ مقرر ہونے کے بعد دوسرے ہی دن متعلقہ حکام نے انٹرویو کے لئے خواہشمند لوگوں کو کال کی جبکہ کئی دیہات کے پڑھے لکھے نوجوان ابھی فارم کی تلاش اور اس کے دیگر لوازمات میں مصروف تھے تو دوسری طرف انٹرویو چل رہے تھے جوکہ نہ صرف ان پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ سراسر نہ انصافی ہے بلکہ سلیکشن قواعد وضوابط کے تحت بالکل صحیح نہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان اسامیوں کے لئے از سر نو فارم اورسلیکشن پر عمل کیا جائے اوراس سے پہلے کے انٹرویو رد کئے جائیں ۔انہوں نے اس تعلق سے اعلیٰ حکام سے بھی مداخلت کی اپیل کہ انہیں انصاف دیاجائے ۔
رام بن میں ووٹر بیداری مہم شروع
رام بن // ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے بدھ کے روز ووٹر بیداری مہم شروع کی ۔ انہوں نے سویپ کے تحت ای آر او، اے ای آر اوز اور بی ایل اوز کا خصوصی نظر ثانی کا جائزہ بھی لیااور 25 جنوری کے روزقومی یوم رائے دہی کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اجلاس میں ای آر او اسمبلی حلقہ ۔55رام بن ، اے سی آر ہربنس شرما ، ایس ڈی ایم رام سو وقار گیری، ڈپٹی ڈی ای او ظہیر عباس،سی ای او اے ایچ فانی،پی ڈی ڈی، پی ایچ ای کے ایگزیکٹو انجینئروں ،تحصیلداروں اور بی ایل ا وز نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران پولنگ اسٹیشنوں پر دستیاب بنیادی سہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ڈی سی نے اس موقعہ پر بتایا کہ ضلع ہیڈ کوارٹر پر ڈسٹرکٹ کنٹرول سنٹر (DCC) قائم کیا گیا ہے،جسکا ٹول فری نمبر1950 ہے ۔انہوں نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ 18سے19 سال عمر گروپ کے نئے ووٹروں کا اندراج یقینی بنایاجائے ۔انہوںنے افسروں سے ناموں کے اندراج، درستی اور اخراج پر سرعت سے کام کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے سی ای او جو کہ سویپ کے نوڈل افسر بھی ہیں،سے سویپ کے تحت تمام 142 پنچایتوں اور تین میونسپل کمیٹیوں میں بیداری پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی۔بعد ازاں ریسورس پرسن نے VVPAT چلانے کا ڈیمانسٹریشن بھی پیش کیا۔
کاستی گڑھ اے پنچایت نمائندگان کا اجلاس
رام بن //پنچایت کاستی گڑھ اے میں سرپنچ شاہین بیگم کی صدارت میں ایک اجلاس منعقدکیاگیا جس میں پنچایت کے کام کاج اوردیگراہم امورات پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس دوران پنچایت سرپنچ شاہین بیگم نے پنچایت کے تمام وارڈوں میں شفاف طریقے سے کاموں کویقینی بنانے پرزوردیا۔اجلاس میں فیصلہ لیاگیاکہ پلان 2019 میں کسی بھی وارڈکے جاب کارڈایک وارڈسے دوسرے وارڈمیں نہیں لگائے جائیں گے اورمتعلقہ وارڈکے جاب کارڈاسی وارڈمیں استعمال میں لائے جائیں گے تاکہ وارڈکی ترقی یقینی بن سکے۔اس دوران یہ فیصلہ بھی ہوا جس وارڈمیں جاب کارڈجاری نہیں کیے گئے ،کو بھی جلدازجلد جاب کارڈ فراہم کیے جائیں گے تاکہ پنچایت کابجٹ بڑھ سکے ۔سرپنچ پنچایت شاہین بیگم نے کہاکہ ہرماہ پنچایت کی میٹنگ منعقدہوگی اورعوامی مسائل کے ازالہ کیلئے کوششیں کی جائیں گی ۔میٹنگ میں وارڈممبران بشمول بشن لال، فہمیدہ تبسم،انگریزسنگھ، محسن الحسن ،کرنیل سنگھ، امیراتبسم، موہن سنگھ،خورشیدالکریم بھی موجو دتھے ۔
ڈوڈہ میں نو منتخبہ سرپنچوں کیلئے تربیتی پروگرام کا اہتمام
ڈوڈہ//ضلع ترقیاتی کمشنرانشل گڑک نے نو منتخبہ سرپنچوں کیلئے 4روزہ تربیتی پروگرام کا افتتاح کیا ،جس کا اہتمام محکمہ دیہی ترقی اور پنچایتی راج کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں ایڈشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر محمد حنیف ملک، اسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنر دیویندر سنگھ باہو، ضلع پنچایت افسر محمد ادریس لون ، ماسٹر ریسورس پرسن بشیر الحسن اور بہار احمد وانی کے علاوہ متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔عسر، کھیلانی، مرمت، بھالہ اور چلی پنگل کے60 سرپنچوں نے تربیت کے پہلے سیشن میں شرکت کی۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ڈی سی نے کہا کہ تربیت سے سرپنچوں کو اپنے فرائض بخوبی انجام دینے میںمدد ملے گی ۔ انہوں نے سرپنچوں سے لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے اور پنچایتی راج اداروں کو مستحکم بنانے کو کہا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ(گھٹ) ،گوندنا، بھاگواہ، اور ڈالی اودیانپور بلاکوں کے59سرپنچوں کو 21 جنوری سے24جنوری تک دوسرے مرحلہ میں تربیت فراہم کی جائے گی۔
بھدرواہ میں یوم جمہوریہ کے انتظامات کو حتمی شکل
بھدرواہ //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرڈاکٹر روی کمار بھارتی کی قیادت میں بدھ کے روز یوم جمہوریہ انتظامات کو حتمی صورت دینے کے لئے ایک اجلاس کا اہتمام کیاجس میں مختلف امور کا جائزہ لیاگیا۔اس دوران تمام متعلقین کو یوم جمہوریہ کے سلسلہ میں تمام انتظامات 24جنوری سے قبل تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی جس دن فل ڈریس ریہرسل منعقدکی جائے گی ۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ تقریب بوائز ہائر سیکنڈری سکول بھدرواہ میں منعقد ہوگی ،جہاں پر مہمان خصوصی قومی ترنگا لہرایں گے اور جے کے پی، سی آر پی ایف ،فوج ،این سی سی کے د ستے ، این سی سی اور سرکاری و پرائیویٹ سکولوں کے طلاب مارچ پاسٹ میں شرکت کریں گے۔اسکے علاوہ مختلف سکولوں کی بچے اور کلچرل اکیڈمی کے کلاکار وں کی جانب سے کلچرل پروگرام بھی پیش کئے جائیںگے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تقریب کا آغاز محکمہ اطلاعات و نشریات بھدرواہ کی جانب سے شہنائی کے ساتھ کیا جائے گا۔ڈائریکٹر اے آئی آر ،اے ایس پی ،بی ڈی اے کے ایگزیکٹو انجینئر ،تحصیلدار،ایس ڈی پی او ،بی ڈی او، ڈی ایف او، پی ایچ ای ای ،پی ایم جی ایس وائی اور پی ڈی ڈی کے اے ایز ،نائب تحصیلدار کے علاوہ دیگر افسروں و اہلکاروںنے بھی اجلاس میں شرکت کی۔