ایس ایچ او مہور کے تبادلہ پر الوداعی تقریب
زاہد ملک
مہور//ایس ایچ او مہور سب انسپکٹر ساجد اقبال کے تبادلہ پر مہور کے لوگوں نے ڈاک بنگلہ میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیاجس میں مختلف مقامات سے آئے ہوئے افراد نے شرکت کی۔سب انسپکٹر ساجد اقبال جو کہ گزشتہ سا ل ایس ایچ او مہور تعینات کئے گئے تھے ،کا تبادلہ ہوگیاہے ۔ اس موقعہ پرلوگوں نے ساجد اقبال کے کام پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ انہوںنے ایمانداری سے کام کیا جسے وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایچ او نے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات استوار رکھنے کیلئے کئی میٹنگوں کا انعقاد کیا۔
ایس پی اوز کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ
جموں // پینتھرز پارٹی ٹریڈ یونین کے ریاستی جنرل سیکرٹری نے منگل کے روز ڈائریکٹر فائنانس سے ملاقات کرکے انہیں ایس پی اوز کو باقاعدہ بنانے کیلئے پالیسی تشکیل دینے اور ان کی بقایا تنخواہیں واگُذار کرنے کا مطالبہ کیا۔ پریس بیان کے مطابق ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ بقایا تنخواہ اجات واگذار کرنے کا مسئلہ حل کیا گیا ہے۔پریس بیان میں بالی نے کہا ہے کہ ریاست کے چیف سیکرٹری نے ڈی سی رام بن کو باٹرو، کاوالن، اہما ، خوار،دھردھئی،دھنمیستا، رونیگام، بنگرا چمال، اورشرودھار سڑکوں کی تعمیر کرنے کی ہدایت دی تھی ،جس پر ڈی سی نے ایگزیکٹو انجینئر تعمیرات عامہ کو ان سڑکوں کی تعمیر کرنے کی ہدایت دی تھی ،تاہم ابھی تک اس سلسلہ میں عملی طور پر کُچھ نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے تحصیل پوگل پرستان اور اکھڑال میں منظور شدہ 2000بجلی پولوں کی تقسیم کاری میں ہوئی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے ایم جی نریگا کے تحت ہوئے کاموں کی اجرت کی ادائیگی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
نٹرنگ نے بھونیشور میں ڈوگری ڈرامہ’’ مہا بھوج‘‘ پیش کیا
نئی دہلی//نٹرنگ نے اوڑیسہ سنگیت ناٹک اکیڈمی ،بھونیشور کی جانب سے منعقدہ نیشنل تھیٹر فیسٹول کے تحت بھونیشور میں پروفیسر رام ناتھ شاستری کا تحریر کردہ ڈوگری ناٹک ’’مہا بھوج ‘‘ پیش کیا، جسکے ہدایت کار بلونت ٹھاکور ہیں۔نیشنل تھیٹر فیسٹول میں ملک کے نامور تھیٹر گروپ شرکت کر رہے ہیں،جن میں رودر پرساد سین گپتا، ارجن دیو چران ، سوریہ موہن اور پردیپ بالی شرکت کررہے ہیں۔فیسٹول میں نامور کلا کار انیل ٹیکو کی کارکردگی کی کافی ستائش کی گئی ،جنہیں تھیٹر ایکٹنگ کیلئے رواں سال میں سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ناٹک مہابھوج ایک زرعی مزدور ’’سروہا ‘‘کے گرد گھومتا ہے ،جو مالک زمین کی اذیتوں کا شکار بن جاتا ہے۔آتشزنی کے ہولناک واقعہ میں اسکے جھونپڑی نذر آتش کی جاتی ہے،جس سے نو بے گناہ بغیر چھت کے رہ جاتے ہیں۔ناٹک میں سریش کمار،ا نیل ٹیکو، نیرج کانت، وکرانت شرما ،محمد یاسین، میناکشی بھگت، ویریندر شرما ،ابھینو شرما اور سمت رانی نے حصہ لیا۔
بھلیسہ سوسائٹی کا وفد گورنر کے مشیر سے ملاقی
رفیع چودھری
ڈوڈہ//ایجوکیشنل،انوائرنمنٹل، سوشل، سپورٹس و کلچرل سوسائٹی بھلیسہ کا ایک وفد زیر قیادت چیئر مین محمد ایوب زرگر گورنر کے مشیر کے وجے کمار سے ملاقی ہوا اور انہیں مطالبات کی ایک فہرست پیش کی۔مطالبات میں بھلیسہ میںتباہ ہوئے جنگلات کو بحال کرنے کے لئے اضافی فنڈز کی منظوری ،لکڑی اورا یندھن کے رعایتی نرخوں میں کمی کرنا جن میں گذشتہ سال ماہ نومبر میں اضافہ کیا گیا تھا، رضا کارانہ شجر کاری کیلئے غیر میوہ دار درختوں کی مفت تقسیم کاری اور بھلیسہ میں بجلی بحال کرنا شامل ہیں۔مشیر نے وفد کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔