مزید خبرں

محکمہ بجلی کاعارضی ملازم کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل 

طاہرندیم خان 
 
بھدرواہ //محکمہ بجلی کاایک ڈیلی ویجرا س وقت شدیدزخمی ہوگیاجب اسے بھدرواہ کے ڈنڈی علاقہ میں ایچ ٹی الیکٹرک لائن کی مرمت کرتے ہوئے بجلی کرنٹ لگ گیا ،زخمی ہوئے عارضی ملازم کی شناخت عمران علی ولد علی محمدساکن ہالیان بھدرواہ کے طورپرہوئی ہے جسے سب ضلع ہسپتال بھدرواہ سے ابتدائی علاج کے بعد ہیلی کاپٹرکے ذریعے میڈیکل کالج جموں پہنچایاگیاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑبیٹھا۔ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد زخمی ملازم کوسب ضلع ہسپتال پہنچایاگیاجہاں پراسے 0-ve بلڈکی ضرورت تھی جوہسپتال کے بلڈبنک میں دستیاب نہیں تھی۔یہ اطلاع جب بھدرواہ نشین فوج تک پہنچی توفوج کے جوانوں نے ہسپتال پہنچ کراسے خون کاعطیہ دیا اورہیلی کاپٹرکے ذریعے اسے جموں میڈیکل کالج پہنچانے میں تعاون دیا۔آخری اطلاع کے مطابق عمران علی جموں میڈیکل کالج میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا۔
 

ڈوڈہ میں کسان میلے وزرعی نمائش کااہتمام 

سرکاری سکیموں سے فائدہ اٹھاکرآمدن بڑھائی جائے :ڈی سی 

ڈوڈہ//ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ڈاکٹرساگرڈی ڈیفائیڈ نے ڈی ایف اوڈوڈہ الوک موریاکی موجودگی میںکمیونٹی ہال ڈوڈہ میں منعقدہ یک روزہ کسان میلہ اورزراعتی نمائش کاافتتاح کیا۔اس دوران مختلف سرکاری ،نیم سرکاری محکموں کی طرف سے مشینری (اوزار)اورسٹال لگائے گئے تھے جہاں کسانوں کوسرکارکی طرف سے بہبودسکیموں کی جانکاری دی گئی۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر مہمان خصوصی جبکہ ڈی ایف ڈوڈہ مہمان ذی وقارتھے۔ڈی سی نے اپنے خطاب میں کسانوں پرزوردیاکہ وہ سکیموں کافائدہ اٹھائیں اورجدیدتکنیکوں کوزراعت میں استعمال میں لاکراپنی آمدنی کوبڑھائیں ۔انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ کسانوں کوہرممکن تعاون دینے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کسانوں کوزراعت شعبہ سے متعلق جدیدتکنیکوں کی بھی جانکاری دی۔انہوں نے چیف ایگریکلچرافسرڈوڈہ کی ڈوڈہ میں کسان میلہ منعقدکرنے کیلئے کاوشوں کوسراہا۔سی اے او ڈوڈہ نے کہاکہ ڈوڈہ میں فارمنگ بالخصوص سبزیاں اگانے کی کافی زیادہ صلاحیت ہے ۔انہوں نے محکمہ کی حصولیابیوں کے بارے میں بھی جانکاری دی۔اس دوران اگریکلچر، ہارٹیکلچر، پولٹری،شیپ ،سیری کلچر، ایپی کلچر محکموں کی طرف سے سٹال لگائے گئے تھے۔تقریب کے دوران زراعت کے شعبہ میں شاندارکارکردگی کیلئے کسانوں میں توصیفی اسناد بھی تقسیم کئے گئے۔اس موقعہ پرچیف ایگریکلچرافسر سنیل کوک، لیڈبنک منیجر ،کلسٹر ہیڈجے کے بنک، ضلع ہارٹیکلچرافسر،کے وی کے اورسکاسٹ بھدرواہ کے سائنسدان ،ایس ڈی اے اوپرانو اورٹھاٹھری اورمتعلقہ محکموں کے عہدیداران بھی موجودتھے۔
 

گول میں منشیات مخالف بیداری پروگرام کاانعقاد

نمائندہ عظمیٰ
 
گول// ضلع پولیس رام بن نے ایس ایس پی رام بن انیتا شرما کی ہدایت، ایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار کی نگرانی اور ایس ڈی پی او گول محمد رفیع گیری کی صدارت میں ہائر سکینڈری سکول گول میں منشیات مخالف بیداری پروگرام کاانعقاد کیاجس میں سکول کے پرنسپل، اساتذہ اورطلبانے حصہ لیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی او گول نے منشیات کے مضراثرات کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو نشہ سے دور رہ کرتعلیم پربھرپورتوجہ دیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کوبروئے کارلاناچاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ نشہ ایک ایسی لعنت ہے جو زندگیوں کو جہنم بنا دیتا ہے اور دوسروں کی زندگیوں کو بھی نقصان پہنچاتا ہے ۔اس سے نہ صرف تعلیم پر برا اثر پڑتا ہے بلکہ صحت ، تعلیم و وقار پر بھی بہت منفی اثرات پڑتے ہیں۔انہوں نے طلبا سے تلقین کی کہ وہ تندہی سے تعلیم حاصل کریں ۔اس دوران دیگرمقررین نے کہاکہ معاشرے کومنشیات سے پاک بنانے کیلئے ہرشخص کواپنارول اداکرناچاہیئے۔ انہوں نے طلباکے والدین پربھی زوردیاکہ وہ اپنے بچوں پرنظررکھیں تاکہ وہ کسی غلط سرگرمی میں ملوث نہ ہوجائیں۔ اس دورن سکول انتظامیہ نے پروگرام کے انعقادکیلئے پولیس افسران کاشکریہ اداکیا۔
 

کانگریس کاوکرم ادتیہ کواُمیدوارنامزدکرنا بدقسمتی :مسلم انٹلیکچول فورم 

نیوزڈیسک
 
ڈوڈہ//مسلم انٹلیکچول فورم نے وکرم ادتیہ سنگھ کوپارلیمانی نشست پر اُمیدوارکھڑنے پرسوال اُٹھاتے ہوئے کانگریس کے فیصلے کوبدقسمتی سے تعبیر کیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں مسلم انٹلیکچول فورم کے صدر افتخاراحمدنے کہاکہ یہ نہایت بدقسمتی کی بات ہے کانگریس نے ڈوڈہ ادہم پورپارلیمانی نشست سے اُمیدواروکرم ادتیہ سنگھ کواُمیدوارنامزدکرکے وادی چناب کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس نے وادی چناب سے سب سے زیادہ نشستیں جیتی تھیں لیکن اُمیدوارمنتخب کرتے ہوئے وادی چناب کونظراندازکیا۔افتخاراحمدنے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ وکرم ادتیہ کے خاندان کامخصوص طبقہ کے خلاف کس قدرظلم وستم کارویہ رہاہے۔انہوں نے کہاکہ ایک ایسے شخص جس کے خاندان نے مخصوص طبقہ پرمظالم ڈھائے کولوگ ووٹ کیسے دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کانگریس نے عوام کے جذبات کے ساتھ سیاسی کھلواڑکیاہے اورعوامی امنگوں کونظرانداز کیاہے۔انہوں نے نیشنل کانفرنس ،کانگریس اورپی ڈی پی پرزوردیاکہ وہ عوامی اُمنگوں کوملحوظ خاطررکھ کرسنجیدہ شخص کوڈوڈہ ادہم پور کی نشست پراُمیدوارکھڑاکریں ۔
 

سڑک حادثے میں نوجوان کی موت پرسروڑی کا لواحقین کے ساتھ اظہاریکجہتی 

کشٹواڑ//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر غلام محمد سروڑی نے باتھری کاہراہ سے تعلق رکھنے والے جاوید اقبال ولد بشیر احمد کی حادثاتی موت پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں غلام محمدسروڑی نے غمزدہ خاندان کے ساتھ گہری یکجہتی کااظہارکیااورمتوفی کے حق میں اللہ تعالیٰ سے دعافرمائی۔واضح رہے کہ جاویداقبال سب ڈویژن ٹھاٹھری کے کلنائی پل کے قریب ایک تیز رفتار ٹاٹا موبائل کی زدمیں آکرجان بحق ہوگئے تھے اورسڑک حادثے سے متعلق معاملہ پولیس سٹیشن ٹھاٹھری نے درج کیاہے۔
 

چستی پبلک سکول مہو کا ایثار

دویتیم بچوں کو مفت تعلیم دینے کی پیشکش 

محمد تسکین 
بانہال // تحصیل کھڑی کے چستی پبلک سکول مہو نے جذبہ ایثارکے تحت گزشتہ دنوںپسی کی زد میں آئے دو افراد کے ایک ایک بچے کوپانچویں جماعت تک مفت تعلیم کی پیش کش کی ہے۔چستی پبلک سکول مہو کی انتظامیہ کے مطابق انسانیت کے جذبے کے تحت یہ فیصلہ لیاگیاہے کہ پستی کی زدمیں آکر لقمہ اجل ہوئے دو افراد جومزدور پیشہ تھے کے ایک ایک بچے کوپانچویں تک مفت تعلیم دی جائے گی۔مہلوک محمد قاسم بنتھ اپنے پیچھے سات سال سے کم عمر کے تین بچے ، اہلیہ اور بیوہ ماں جبکہ 61 سالہ محمد عبداللہ اپنے پیچھے بیوہ اور بچوں کو چھوڑ گئے ہیں اوردونوں کنبوں کوچستی سکول کی انتظامیہ نے پیش کش کی ہے کہ وہ سکول ہذامیں اپنے اپنے بچے کوپانچویں تک مفت تعلیم دلوائیں۔
 

کٹرہ میں سڑک حادثہ ،4 مسافرزخمی 

زاہدملک
کٹرہ//بن گنگاکٹرہ سڑک پرشیومندرکے نزدیک پیش آئے سڑک حادثے میں چارافرادزخمی ہوگئے ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک آٹوزیرنمبری JK20-0431 جو بن گنگاسے کٹرہ کی طرف آرہی تھی نے ایک ویگنارگاڑی زیرنمبری JK20-2696کوپیچھے سے ٹکرماردی جو بن گنگاسڑک پرکھڑی تھی جس کے نتیجے میں آٹوڈرائیور اشونی کمار (37) ولد منسارام ساکن بلاورکٹھوعہ اور3 دیگرمسافربشمول چنچلادیوی (40) زوجہ راجو، ویرا دیوی (45) زوجہ ہربنس لال، رانی دیوی (42) زوجہ درشن لال ساکنان برداری ریاسی زخمی ہوگئے جنھیں سی ایچ سی کٹرہ منتقل کیاگیاہے۔اس سلسلے میں پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔