ہرنی میں غیر ریاستی خاتون کی لاش برآمد
جاوید اقبال
مینڈھر //پونچھ کے مینڈھر علاقے میں ایک غیر ریاستی خاتون کی لاش ایک گٹر سے بر آمد ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق مینڈھر کے ہرنی علاقہ میں ایک اٹھائیس سالہ غیر مقامی خاتون کی لاش ایک گٹر سے برآمد ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون بہار کی رہنے والی ہے اور اس کا شوہر لاپتہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ بظاہر لاش کو ایک ہفتہ قبل وہاں ڈالا گیا ہے۔ گرسائی کے ایس ایچ او سنجے گپتا کی سربراہی میں پولیس کی ایک پارٹی جائے موقعہ پر پہنچی ہے اور لاش کو بر آمد کیا ہے۔ادھر ایس ڈی پی او مینڈھرنے کہا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
اعظم آباد میں گزشتہ نو ماہ سے ہینڈپمپ خراب
محلہ ہانگلاں کے 20 کنبے صاف پانی سے محروم
عشرت حسین بٹ
منڈی//منڈی کے آعظم باد مغل ڈاب کے قریب محلہ ہانگلہ میں نصب کردہ ہینڈ پمپ گزشتہ 9 ماہ سے خراب ہوچکاہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے متعدد باز متعلقہ محکمہ کو آگا ہ کیا لیکن متاثرہ کنبہ جات کی فریاد پر کسی نے بھی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے محلہ ہانگلاں کے 20کنبوں کے افراد پانی سے محروم ہیں۔ایک مقامی شخص عبدالاحدنے بتایا کہ منڈی ہیڈ کوارٹر سے صرف چھ کلومیٹر کی دوری پر یہ لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کو کئی مرتبہ شکایت کی گئی لیکن اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اس محلہ کے قریب کو ئی چشمہ بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگ کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔سماجی کارکن مولوی فرید ملک ، محمد اشرف ،عبدالرشید ،دلدار احمد، داوود احمد، غلام احمد میر، اعجاز احمد کیساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ محلہ میں نصب ہینڈ پمپ کی جلداز جلد مرمت کی جائے تاکہ مقامی لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہوسکے۔
میں نہ ہندوستان کا دشمن ہوں اور نہ ہی پاکستان کا ایجنٹ :انجینئر رشید
عشرت حسین بٹ
منڈی//عوامی اتحاد پارٹی کے سرپرست انجینئر رشید نے تحصیل صدر مقام منڈی میںمنعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’میں نہ تو ہندوستان کا دشمن ہوں اور نہ ہی پاکستان کا ایجنٹ بلکہ وہ آخری دم تک حق اور انصاف کی بات کرتے رہیں گے ۔جموںپو نچھ پارلیمانی حلقہ سے عوامی اتحاد پارٹی کے امید وار شہزاد شبنم دیوان کیلئے انتخابات مہم کو شروع کر تے ہوئے انجینئر رشید نے کہاکہ کانگریس اور بھاجپا امیدوار میں کوئی فرق نہیں ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں عوامی اتحاد پارٹی کے نامزد امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کااستعمال کریں تاکہ آئندہ اس پسماندہ خطہ کی بہترین انداز میں نمائندگی کی جاسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی جماعت خود کو علاقائی جماعت کہتی ہیں لیکن انہوں نے جموں و کشمیر کے مسلمانوںکے جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا اور آج تک جو پارٹیاں بی جے پی اور کانگرس کے ساتھ مل کر اپنے وجود کو زندہ رکھنے میں لگے تھے انہوں نے اب کی بار جموں کے مسلمانوں کو صرف کانگرس اور بی جے پی کے رحم و کرم پر ہی چھوڑ دیا ۔ موصوف نے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کانگرس کی حمایت کے بجائے اپنا کوئی مشترکہ امیدوار کیوں نہیں چنا ؟ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی اور کانگرس میں فرق صرف اتنا ہے کہ بی جے پی سامنے سے چھرا گھونپتی ہے اور کانگرس پیچھے سے ۔انجینئر رشید نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے ان کو متعددمقامات پر اجلاس منعقد کرنے سے روکا جارہا ہے جبکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے ۔اس موقع پر جموں پونچھ نشست سے ممبر پارلیمانی امیدوار شہزاد شبنم دیوان نے تحصیل منڈی کے مختلف علاقہ جات سے آئے ہوئے لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
BGSBU راجوری میں بیداری پروگرام
راجوری //پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں ووٹروں کوبیدار کرنے کیلئے شروع جشنِ جمہوریت کے تحت بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔اس بیداری پروگرام کے دوران پدم شری اشوک چکرا دھر نے طلباء کو رائے دہندگی کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔اپنے خطاب میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمود اعجاز اسد نے کہاکہ ووٹروں کو چاہیے کہ وہ انتخابات میںز یادہ سے زیادہ شرکت کریں تاکہ جمہوریت کو مضبوط کیا جاسکے ۔اس بیداری پروگرام میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت ،رجسٹرار ،ڈسٹر کٹ پنچایت آفیسر ودیگران بھی موجود تھے۔
پیر پنچال ہسپتال کے ڈاکٹرمریضوں کے تئیں سنجیدہ
ہر اتوار سنت پورہ ڈیرہ ننگالی صاحب میں مفت طبی کیمپ لگایاجاتاہے
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ ضلع میں قائم پیر پنچال ہسپتال کے ڈاکٹروں کی طرف سے ہر اتوار کو سنت پورہ ڈیرہ ننگالی صاحب میں مفت طبی کیمپ لگایاجاتاہے جس کے دوران مریضوں کی مفت طبی جانچ کیساتھ ساتھ مختلف ٹیسٹ اور ادویات بھی فراہم کی جاتی ہیں ۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے منعقدہ کئے جارہے ان مفت طبی کیمپوں سے سینکڑوں کو مریضوں کو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے ڈاکٹرمنجیت سنگھ نے کہا کہ ڈھیرہ ننگالی صاحب جو کہ پونچھ ضلع کا ایک معروف روحانی مقام ہے یہاں ہر روز ہزاروں عقیدت مند آتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان عقیدت مندوں میں کئی افراد ایسے بھی ہیں جو مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں جبکہ غربت کی وجہ سے وہ اپنا رعلا ج معالجہ نہیں کرواسکتے ۔موصوف نے کہاکہ ہسپتال انتظامیہ نے مل کر فیصلہ کیا کہ وہ اس مقامی پر ہر اتوار کو مفت طبی کیمپ کا اہتمام کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ بھی اس طرح کے طبی کیمپوں کا اہتمام کیا جاتا رہے گا ۔نیوپن کھجوریہ نامی ایک شخص نے ہسپتال انتظامیہ کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں جب ہر انسان خود غرضی اپنائے ہوئے ہے ان ڈاکٹروں نے ہفتہ وار مفت طبی کیمپ کا آغاز کر کے مثال قائم کی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اس فلاحی کام کو جاری رکھا جائے گا۔
کلالی کا وفد تحصیلدار منجاکوٹ سے ملاقی
منجاکوٹ //محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت کلالی سے بٹھیاں درگاہ پر جارہی سڑک کے سروئے کا معاملہ لے کر مقامی لوگوں کاایک وفد تحصیلدار منجا کوٹ سے ملا قی ہوا۔سماجی کارکن غلام مصطفی کی قیادت میں آئے اس وفد نے مانگ کرتے ہو ئے کہاکہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے مذکورہ سڑک کو پہلے سے کئے گئے سروئے کے تحت نکالا جائے ۔وفد نے کہاکہ اگر سڑک کا سروئے تبدیل کیا گیاتو موالقلہ و دیگر ملحقہ علاقہ جات کی 70فیصد عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہو جائے گی ۔وفد نے کہاکہ اس سے قبل ایک وفد ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے بھی ملا قی ہوا تھا جبکہ انہوں نے یقین دلایا تھا کہ عوامی مانگ اور فائدہ کو دیکھتے ہوئے سڑک تعمیر کی جائے گی ۔تحصیلدار منجا کوٹ صغیر چوہدری نے وفد کو یقین دلایا کہ اس معاملہ کے سلسلہ میں ضلع انتظامیہ کیساتھ بات چیت کی جائے گی ۔
پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں بھاجپا کا مینڈھرمیںاجلاس
نیوزڈیسک
مینڈھر// پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں بھاجپا لیڈران کی جانب سے اسمبلی حلقہ مینڈھر میں اجلاس کا اہتمام کیا گیا ۔ہنو مان مندر کے احاطے میں منعقد ہ اس اجلاس میں سینکڑوں کی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے بھاجپا کے امیدوار جگل کشور شرما نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملک میں پارٹی کے دور اقتدار میں کئی فسادات ہو ئے ہیں ۔انہوں نے کانگریس کو مفادپر ست جماعت قرار دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 60برسوں کے دوران ملک میں تعمیر و ترقی نہیں ہوئی جبکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت کے پانچ برسوں کے دوران ملک نے کئی شعبوں میں عوام کو سہولیات فراہم کی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی نے پہاڑی طبقہ کے لوگوں کو ریزرویشن دی ہے جبکہ اسی طرح غریب طبقہ کو بھی دس فیصد ریزرویشن دی گئی ہے ۔سابقہ ممبر پارلیمنٹ نے کہاکہ پارٹی کی مرکزی حکومت نے کسانوں کو سالانہ چھ ہزار روپے بطور امدا فراہم کرنے کیلئے اسکیم شروع کی ہوئی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں ان کے حق میں ووٹ ڈال کر کامیاب کریں ۔اس موقعہ پر ان کے ہمراہ سابقہ ایم ایل سی پونچھ پردیپ شرما،شہزاد خان،سنیل گپتا، ذوالفقار پٹھان،حاجی الیاس خان،ایڈوکیٹ اخلاق حسین خاکی، ستیش کمار شرما،مہیش چندر شرما،دویندر کمار ٹنڈن وغیرہ بھی موجود تھے۔
چیتے نے 9بھیڑوں کواپنا شکار بنایا
منجا کوٹ//پرویز خان //تحصیل منجا کوٹ کے دھیری دھاڑہ علا قہ میں گزشتہ شب چیتے نے 9بھیڑوں کو ہلاک کردیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق چیتا مذکورہ گائوں میں محمدکرامت حسین ولد خان محمد کے مویشی خانے میں گھس آیا اوراس دوران اس نے مویشی خانے میں رکھے گئے مویشیوں پر حملہ کرتے ہوئے 9بھیڑوں کو اپنا شکار بنالیا ۔متاثرہ کنبے کے افراد اور مقامی لوگوں نے ضلع و تحصیل انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس نقصان کیلئے فوری طور پر ریلیف دی جائے ۔
سیول سوسائٹی نے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کی حمایت کا علان کیا
راجوری //راجوری کی سیول سوسائٹی و معززین نے آئندہ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس امید وار کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلہ میں متعدد سیاسی لیڈران کی جانب سے راجوری میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر پولتے ہوئے اراکین نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات کے دوران جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ کی تعمیر وترقی کیلئے کانگریس امید وار رمن بھلہ کی حمایت کی جائے گی۔اپنے خطاب میں سرپنچ یوگیش شرما ، سابقہ سرپنچ دویندر کمار شرما ،رتن شرما ،سبھاش چندر ودیگران نے کہاکہ انہوں نے گزشتہ پارلیمانی انتخابات میں بھاجپا امید وار کی حمایت کی تھی لیکشن کامیابی کے بعد انہوں نے راجوری کی تعمیر و ترقی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا لیڈر کی کارکر دگی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے آئندہ انتخابات میں کانگریس امید وار کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یورپی پارلیمنٹ ارکنان کے خط کا خیر مقدم
عالمی برادری کشمیرمیں جاری
انسانی حقوق کیخلاف ورزیوں کا نوٹس لے: پیپلز مومنٹ
راجوری//جموں کشمیر پیپلز مومنٹ کی جانب سے گزشتہ ہفتے یورپی پارلیمان کے پچاس ارکا ن کی جانب سے بھارتی وزیر اعظیم نریندر مودی کو لکھے گئے ایک مشترکہ خط کا خیر مقدم کیا ہے جس میں بھارت سے کشمیر میں پیلٹ گن کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے اس پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں ان رکنِ پارلیمان نے کشمیر میں لاگو سیاہ قوانین جن میں افسپا اور پی ایس اے شامل ہیں کو بھی ہٹانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔ اخبارات کے نام جاری اپنے ایک بیان میں سینئر حریّت رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیرمین میر شاہد سلیم نے بھارت سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ یورپی ارکان پارلیمان کی جانب سے کئے گئے مطالبات کا سنگین نوٹس لیتے ہوئے کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا خطہ میں نافذ آرمڈ فورسز سپیشل پاورس ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ کے باعث فورسز اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طورپر بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔میر شاہد سلیم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں آئے دن ہو رہی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے کر اس سلسلے میں اپنا مثبت اور موثر کردار ادا کرے ۔
چھجلہ میں 2روزہ رام کنڈ میلہ شروع
مینڈھر//مینڈھر کے چھجلہ علا قہ میں ہندوں کے تاریخی مندر رام کنڈ میں دو روزہ سالانہ میلہ شروع ہو گیا ہے ۔اس میلے میں خطہ پیر پنچال کیساتھ ساتھ دیگر علا قوں سے بھی عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے ۔ہزاروں برس پرانے مندر میں منعقدہ اس میلے کے دوران مینڈھر قصبہ سے چھڑی یاترا شروع کی جاتی ہے جبکہ چھڑی مبارک مختلف علا قوں سے ہوتے ہو ئے رام کنڈ مندر پہنچتی ہے ۔رام کنڈ مندر تین بڑے کنڈ کے نام سے مشہور ہے اور کئی ہزار سال پرانا یہ مندر ایک ہی پتھرمیں تعمیر کیا گیا ہے ۔پانڈوں کے زمانے میں تعمیر کردہ اس مندر کے نام پر چھجلہ علا قہ میں سینکڑوں کنال اراضی مختص کی گئی ہے ۔اس میلے میں تمام فرقوں اور مذہبوں کے لوگ مل کر شرکت کر تے ہیں۔میلے کے دوران عقیدت مند کنڈوں میں ڈوبکی لگاتے ہیں ۔میلے کے تمام انتظامات مندر کے پجاری سیتہ رام کی قیادت میں انجام دئیے جاتے ہیں جبکہ اس دوران لنگر کااہتمام بھی کیا جاتا ہے ۔کسی بھی نا خوشگوار واقعہ کیساتھ نمٹنے کیلئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔