مزید خبرں

 پونچھ میں شب معراج نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی 

حسین محتشم
پونچھ//ریاست کے دیگر اضلاع کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی شب معراج نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔اس دوران ضلع بھر کی مساجد میں چراغاں، ذکر و اذکار اور نعت خوانی کی محافل ہوئیں ، گھروں میں بھی خصوصی عبادات کا اہتمام ہوا۔قصبہ پونچھ کی تنان مساجد میں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران علماء نے شب معراج کی فضلیت اور حضور پاک ﷺ کی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔امام بارگاہ پونچھ میں بھی اس حوالے سے ایک محفل نور کا اہتمام کیا گیا جہاں پرشب معراج کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔اس موقعہ پر مولانا سید ظہور حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ستائیس رجب المرجب کی مقدس رات کو رب عالم نے اپنے محبوبﷺ کوعرش پر بلایا اور اسی رات مسلمانوں کو پانچ فرض نمازوں کا تحفہ دیا۔ اس دوران بگیالاں جامع مسجد پونچھ، جامعہ مسجد پولیس لائین پونچھ، جامعہ مسجد کا مسر پونچھ، جامع مسجد پرانی پونچھ کے علاوہ دیگر مساجد میں بھی خصوصی محفلوں کا اہتمام کیا گیا۔ان پروگراموں کے دوران علماء نے معراج شریف کے واقعات و فضلیت کیساتھ ساتھ حضور پاک ﷺ کی حالات زندگی پر تفصیلی روشنی ڈالی گئیں ۔پونچھ کے علاوہ تحصیل منڈی ،سرنکوٹ اور مینڈھر کے مختلف مساجد میں بھی شب معراج کے سلسلہ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔
 

نوشہرہ کے گرن گائوں میں پینے کے پانی کی قلت 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ کے گرن گائوں میں مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہاہے جبکہ محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔گرن گائوں میں گوجر بکروال طبقہ کی ایک بڑی آبادی رہائش پذیر ہے جوکہ پسماندہ طرز کی زندگی بسر کر رہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پی ایچ ای پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے گائوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑررہاہے ۔گرن پنچایت کی خاتون سرپنچ ودیگران نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گرن پنچایت میں گوجر بکروال طبقہ کے ڈھائی سو کنبے رہائش پذیر ہیں جبکہ انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے مذکورہ گائوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جا رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے ایک واٹر سپلائی اسکیم شروع کی گئی تھی لیکن ابھی تک اس اسکیم سے عوام کو پانی فراہم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان لوگوں کو کئی کلو میٹر دور سے پانی لانا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ وہ کئی مرتبہ پی ایچ ای کے ایگز یکٹو انجینئر سے مل چکے ہیں جبکہ انہوں نے ہمیشہ معاملہ مکینیکل ونگ پر الزام عائد کرتے ہوئے عوام کو جھوٹی یقین کروائی ہے ۔مقامی لوگوں نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گرن پنچایت کی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ راجوری کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
 

لمبیڑی میں کانگریس کارکنوں کا اجلاس 

نمائندہ عظمیٰ
 
نوشہرہ //پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں کانگریس کارکنوں کی جانب سے نوشہرہ کے لمبیڑی علا قہ میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا ۔پلاسی ہل گائوں میں پارٹی لیڈر راجندر پرساد شرما کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی لیڈران سے عوام سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمانی انتخابات میں جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے پارٹی کے حق میں ووٹ ڈال کر کامیاب کریں ۔اس اجلاس میں پلاسی ہل ،گائی ،گرن ودیگر دیہاتوں کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔پارٹی لیڈران نے کہاکہ بھاجپا کے دور حکومت میں بے روز گاری کیساتھ ساتھ عوامی مشکلات میں لگا تار اضافہ ہوا ہے جبکہ پارٹی نے اپنے سیاسی مفاد کیلئے عوام کو مذہب اور فرقوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی ۔اس اجلاس میں مقا می سرپنچ کیساتھ ساتھ محمد یونس ،چوہدری گلزار ،حاجی محمد ریاض ،شاہد اقبال ودیگران بھی موجودتھے ۔
 

چکاں دا باغ کے راستے آرپار تجارت مسلسل بند 

تاجروں کو بھاری نقصان ، تجارت جلد بحال کرنے کا مطالبہ

حسین محتشم 
 
پونچھ//ہند و پاک تعلقات کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں راولاکوٹ کے راستے چلائی جارہی تجارت گزشتہکئی روز سے بند ہے جس کی وجہ تاجروں کو شدید نقصان ہو رہا ہے۔ ایل او سی ٹریڈ یونین کی جانب سے چکاں دا باغ ٹریڈ سینٹر میں احتجاج کیا گیا ۔تاجروں نے نعرے بازی کرتے ہوئے مانگ کی مذکورہ تجارت کو جلداز جلد بحال کیا جائے ۔اس دوران ایل او سی ٹریڈ یونین کے صدر پریم آنندکہا کہ پچھلے دس سالوں میں کئی بار یہ تجارت بند ہوئی ہیجس کے دوران ہمیشہ تاجروں کو نقصان ہواہے۔ موصوف نے کہاکہ اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں شروع کی گئی تجارت کے وقت حکومت کی جانب سے تاجروں کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ اگر ان کا کچھ نقصان ہوتا ہے تو اس کی بھرپائی کی جائے گی لیکن آج تک کبھی بھی تاجروں کے نقصان کی بھرپائی نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پچھلے تین چار روز سے تجارت بند ہونے کی وجہ سے 35 مال بردار ٹرک چکاں دا باغ ٹریڈ سینٹر کے اندر بھرے پڑے ہیں جن میں اکثر ٹرکوں میں انگور اور دوسرے پھل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر اور دو تین دن مزیدیہٹرک ایسے ہی کھڑے رہے تو ان میں بھرے پھل بالکل تباہ ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک ٹرک میں 20 لاکھ روپے کا مال پڑا ہے جو خراب ہو رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہی حال اس طرف کے تاجروں کا بھی ہے وہاں پر بھی باضابطہ ٹرکوں میں مال بھرا ہوا ہے جسے فوج کی جانب سے ادھر آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی کہ وہ اعلی حکام سے بات کرکے حد متارکہ پر ایک فلیگ میٹنگ کروائیں تاکہ تجارت کو بحال کئے جانے کے سلسلہ میں اقدام اٹھائے جا سکیجبکہ اس سلسلہ میں ایک پالیسی تیار کی جائیجس کے تحت تاجروں کو بتایا جائے کہ یہ تجارت مزید اور کتنے دنوں میں بحال ہوگی تاکہ تاجر اسی حساب سے اپنے ٹریک تیار کرلیا کریں۔
 

پارلیمانی انتخابات کانگریس کا پونچھ میں روڈ شو 

حسین محتشم 
پونچھ//پارلیمانی انتخابات 2019کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے پونچھ میں روڈ شو کا اہتمام کیا گیا ۔سابقہ ممبر قانون ساز کونسل جہانگیر میر اور جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے پارٹی امید وار کی اہلیہ کی قیادت میں نکالے گئے اس روڈ شو کے دوران پارٹی لیڈران نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے الگ رکھنے کیلئے کانگریس امید وار رمن بھلہ کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔اپنے خطاب میں جہا نگیر میر نے کہاکہ بھاجپا کے دور حکومت میں ملک میں فرقہ پرستی اور عوام کو تقسیم کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں جبکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھا یا گیا ۔انہوں نے ضلع کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سیکو لر طاقتوں کی مضبوطی اور جمہوریت کی بحالی کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔اس روڈ شو میں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جوکہ قصبہ کے مختلف علا قوں سے ہوتے ہوئے بس اسٹینڈ جا کر اختتام پذیر ہو ا ۔
 

پی ڈی پی کارکنوں کا تھنہ منڈی میں اجلاس منعقد 

طارق شال
 
تھنہ منڈی //تحصیل تھنہ منڈی میں پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کارکنوں کا ایل اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران آئندہ پارلیمانی انتخابات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔سابقہ ممبراسمبلی راجوری قمر چوہدری کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران پارٹی لیڈران نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں سیکولر طاقتوں کی مضبوطی کیلئے اپنے ووٹ کااستعمال کریں ۔اپنے خطاب میں چوہدری قمر نے کہاکہ بھاجپا ریاست کو حاصل خصوصی پوزیشن کیساتھ کھلواڑ کر نا چاہتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے اقتدار میںآنے کے بعد سے ہی پورے ملک میں فرقہ پرستی اور تقسیم کی سیاست سرگر م ہے جس کی وجہ سے اقلیتی طبقہ کے لوگوںکو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔موصوف نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے دیہی علا قوں میں آبا د لوگ ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہوچکے ہیں ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں سیکو لر طاقتوں اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ووٹ کااستعمال کیا جائے ۔اس اجلاس میں میں محمد اقبال شاہ، نظیر گنائی سابق کونسلرحاجی عبدالرشید شال،مرزا جاوید، سرپنچ اکیل احمد نجار، مختار چوہدری نائب سرپنچ، محمد شریف ممبر،زبیر شاہ، محمد سعید نجار، جنگباز چوہدری،حاجی لعل حسین،نظیرکملاک، فضل خان، دلمیر نمبردار حاجی محمد شفیع منگوٹہ، محمد بشیر منگوٹہ،گرداور محمد اعظم، عبدالرشید ،لیاقت چوہدری ، عبدالعزیز رینہ اور عبدالغنی مستانہ و دیگران بھی موجود تھے۔
 
 

EVMمشینوں پر نوشہرہ میں ورکشاپ کا اہتمام 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //پارلیمانی انتخابات 2019کے سلسلہ میں نوشہرہ میں معذور افراد اور صحافیوں کیلئے الیکٹر نگ ووٹنگ مشین کے بارے میں ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔اے ڈی سی نوشہرہ کی قیادت میں منعقدہ کیمپ کے دوران الیکٹر نگ ووٹنگ مشینوں کے کام کاج کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔اپنے خطاب میں اے ڈی سی نوشہرہ نے کہاکہ اس وقت پورے ملک میں معذور ووٹروں کیلئے کیمپوں اور ورکشاپوں کا اہتمام کیا جارہاہے تاکہ کوئی بھی معذور افراد اپنے حق رائے دہندگی سے محروم نہ رہ سکے ۔انہوں نے معذور افراد کو انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولیات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے تمام معذور ووٹروں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان سہولیات کو استعمال کرتے ہو ئے اپنے حق رائے دہندگی کا استعمال کریں ۔اس دوران صحافیوں کو بھی ای وی ایم مشینوں کے کام کرنے کا طریقہ ودیگر جانکاری فراہم کی گئی۔
 

پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں سید ذیشان حیدر کی مہم جاری 

منڈی// پارلیمانی انتخاب مہم کے سلسلہ میں حق انصاف کونسل کے صدر اورپارلیمانی انتخابات میں امید وار سید ذیشان حیدرنے منڈی میںایک ریلی کا اہتمام کیا جس میں نوجوانوںکی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں سید ذیشان نے کہاکہ وہ نوجوانوں کے مسائل کو جاگر کرنے کیلئے انتخابی میدان میں آئے ہیں ۔موصوف نے کہاکہ اگر وہ اس انتخاب میں منتخب ہو تے ہیںتو اس صورت میں خطہ پیر پنچال کی عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کرینگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج تک سیاسی لیڈران اور جماعتوں نے خطہ پیر پنچال کی عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح استعمال کیا اور پیر پنچال کو تجرباتی لیبارٹری بنا رکھا ہے لیکن اب وقت آگیا کہ لوگ ان جماعتوں اور لیڈران کو اپنے ووٹ کی طاقت سے آشنا کروائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس انتخاب میں انہیں ووٹ دے کر کامیاب کریں۔