مزید خبرں

محبوبہ کی نامزدگی کو منسوخ کیا جائے

بھاجپا کاچنائو کمیشن سے مطالبہ

سرینگر//اننت ناگ پارلیمانی نشست سے پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی کی نامزدگی کو منسوخ کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے بھاجپا کے ریاستی ترجمان الطاف ٹھاکور نے پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی ریلی میں پی ڈی پی کے ایک حمایتی طرف سے پستول اور اے کے47کھلونے ہاتھ میں لہرانے کی مذمت کی۔ٹھاکور نے ریاست کے چیف الیکٹورل افسراورچنائوکمیشن پرزوردیاکہ وہ محبوبہ مفتی کو اپنی چنائو ریلیوں میں ملی ٹینسی کو فروغ دینے کیلئے نااہل قراردیں۔ایک بیان میں ٹھاکور نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ اقتدار کی لالچ میں محبوبہ ملی ٹینسی کارڈ کھیل رہی ہیںتاکہ لوگوں کو بیوقوف بنا کر ووٹ حاصل کئے جائیں۔ٹھاکور نے کہاکہ چیف الیکٹورل افسراورچنائوکمیشن کو اس معاملے کا فوری طور نوٹس لینا چاہیے اور محبوبہ مفتی کو چنائو کیلئے نااہل قراردکراُن کی نامزدگی کے کاغذات کو منسوخ کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بندق کے کلچر کو فروغ دینے کی کسی بھی کوشش کی بھاجپامخالفت کرے گی ۔
 

کرالہ گنڈ قاضی آباد میں 2دن بعد معمولات بحال

کپوارہ//اشرف چراغ //پارلیمانی چنائو کے پہلے مرحلے میں 11اپریل کو قاضی آباد ہندوارہ میں ایک کمسن لڑکے کی ہلاکت کے خلاف دوروزہ احتجاج کے بعد معمول کی زندگی بحال ہوئی ۔پارلیمانی چنائو کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے اختتام پر منڈگام قاضی آباد میں فورسزکی طرف سے پیلٹ گن کااستعمال کرنے سے ایک بچہ ہلاک ہوا۔اس واقعہ کیخلاف علاقہ میں دوروز تک احتجاج کے بعد سنیچرکو معمول کی زندگی بحال ہوئی ۔اس دوران اویس احمد نامی اس لڑکے کے والدین سے یکجہتی کااظہار کرنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداداُس کے گھر والدین کی ڈھارس بندھانے کیلئے پہنچ رہے ہیں ۔مقامی لوگ سوال کررہے ہیں کہ اویس کا کیا قصور تھا جو اُسے کھلنے سے پہلے ہی مسل ڈالا گیا۔
 
 

پولیس سربراہ نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی

سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے سنیچرکو اُن زخمی اہلکاروں کے حق میں امدادی رقم تقسیم کی جو شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے الیکشن کے دوران زخمی ہو ئے ۔ پولیس سربراہ آئی جی کشمیر ایس پی پانی کے ہمراہ زخمی اہلکاروں کے ساتھ ملاقی ہوئے۔ اس موقع پر پولیس سربراہ دلباغ سنگھ اور آئی جی کشمیر نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور اُن کے تئیں اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سینئر پولیس افسران نے زخمی اہلکاروں کو یقین دلایا کہ اُن کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔ ریاستی پولیس سربراہ دلبا غ سنگھ نے کہاکہ محکمہ پولیس جوانوں کی مدد و اعانت کیلئے وعدہ بند ہے۔
 
 

سینکڑوں مسافر جموں میں درماندہ 

کرایوں کے نام پر سومو ڈرائیوروں کی لوٹ

اشرف چراغ 
کپوارہ//سرینگر جمو ں شاہراہ پر ہفتے میںدو روز پابندی عائد کرنے سے لوگو ں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔کپوارہ کے شال پھیری والوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ وہ گزشتہ سال نومبر میں شال پھیری کرنے کی غرض سے ریاست سے باہر جاتے ہیں اور اپریل میں واپس اپنے گھرو ں کو لوٹ آتے ہیں۔ان مسافرو ں کا کہنا ہے کہ بار بار سڑک بند ہونے کی وجہ سے جہا ں مسافرو ں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہیں اس شاہراہ پر دو دن کی پابندی نے عام لوگو ں کے مشکلات میں مزید اضافہ کیاہے۔ان مسافرو ں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کی ناگفتہ بہ حالت اور دو دن کی پابندی کے بعد اب سومو ڈارئیوروں نے منہ مانگا کرایہ مانگتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سومو ڈارئیور مسافرو ں کو دو دو ہاتھو ں سے لوٹ رہے ہیں۔انہوں نے حکام سے اس فیصلے کو واپس لینے کی اپیل کی ہے۔
 

پیروان ولایت کی مذمت

 سرینگر// پیروان ولایت نے شاہراہ پر پابندی کو تاناشاہی کی انتہا قرار دیتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ تنظیم کے ترجمان اعلیٰ نے  اس فیصلہ کو غیر منصفانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس تاناشاہی پر روک لگانے کیلئے لب کشائی کرے۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات کا مقصد کشمیری قوم کو ڈرانا اور دھمکانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی حرکات سے مسئلہ کشمیر کو دبایا نہیں جاسکتا ہے۔
 

گورنرکا ڈاکٹر امبیڈ کر کو خراجِ عقیدت 

جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کو ان کے جنم دِن پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔ایک پیغام میں گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈ کر ایک عظیم سکالر اور معروف قانون دان تھے جنہوں نے بھارتی آئین کو تشکیل دینے میں ایک کلیدی رول ادا کیا۔ گورنر نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈ کر نے قوم کی تعمیر بالخصوص سماج کے پچھڑے طبقے کے لوگوں کے معیارِ حیات کو بلند کرنے کے لئے بھی بے مثال خدمات انجام دیں۔
 

ڈاکٹر دلجیت سنگھ کوسکھ کارڈی نیشن کمیٹی کا خراج عقیدت 

سرینگر // آل پارٹی سکھ کاڈی نیشن کمیٹی اور دیگر سکھ تنظیموں کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں آنجہانی ڈاکٹر دلجیت سنگھ کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کی گئی ۔اپنے ایک بیان میں اے پی ایس سی سی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینہ کے علاوہ اجیت سنگھ مستانہ (یوکے ) پروفیسر دلیب سنگھ دپیکا، پرنسپل ،نرنجن سنگھ کنوال کشمیری (حال پاکستان ) ، سنت سنگھ ، ہکومت سنگھ ،ڈاکٹر جسپال سنگھ ،دویندر سنگھ نے اپنے بیان میں آنجہانی ڈاکٹر دلجیت سنگھ کی خدمات کی سراہنا کی اور کہا کہ اُن کی موت سکھ طبقہ کے علاوہ سکھوں کے اداروں کیلئے ایک بہت بڑا نقصان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دلجیت سنگھ نے طبقہ کی فلا وبہود کیلئے کافی کام کیا ہے اور طبقہ کو متحد کرنے میں  ہمیشہ پیش پیش رہے ۔رینہ نے کہا کہ آنجہانی سال2008میں اے پی ایس سی سی کے ساتھ قریبسے منسلک رہے اور سکھوں کی اقتصادی اور سماجی ترقی کیلئے کوششیں کیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر دلجیت سنگھ دردپورہ بارہمولہ کے رہنے والے تھے ،اور اُن کے والد گنونت سنگھ ایک سماجی کارکن تھے۔آنجہانی ڈاکٹر سنگھ نے اپنی تعلیم خالصہ ہائی سکول سے حاصل کی جس کے بعد وہ فیلو شپ کیلئے لندن چلے گئے ۔اس دوران سکھ طبقہ نے جموں میں پروفیسر سیوا سنگھ کے فوت ہونے پر بھی دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔
 
 

ادبی مرکز کمراز کا جنرل کونسل اجلاس سوپور میں منعقد

سرینگر//ادبی مرکز کمراز کا جنرل کونسل اجلاس سنیچر کووومنز کالج آف ایجوکیشن سوپور میں منعقد ہواجس کی صدارت مرکز کے صدر فاروق رفیع آبادی نے کی۔اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ ادبی مرکز کمرازعنقریب کشمیری زبان کو نویں اور دسویں جماعتوں میں پڑھانے کیلئے سرکار سے ایک بار پھر درخواست کیا جائے گا ۔بیان کے مطابق اگر ضرورت پڑی تواس ضمن میں ایک اجتماعی پروگرام کو ترتیب دیا جائے گا جس میں ادبی مرکز کمراز ریاست کی باقی ثقافتی اور ادبی انجمنوں کے ساتھ مل کر ان احکام کو عملانے میں عملی طور پہل کرے گی۔اس موقع پر صدر مرکز فاروق رفیع آبادی نے اپنے صدراتی خطبے میں ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک سے اپیل کی کہ وہ اس ضمن میں احکامات صادرکرکے اپنا وعدہ پورا کریں،بصورت دیگر اس سلسلے میں ریاست گیر مہم چھیڑی جائے گی۔دوسری نشست ادبی مرکز کمراز کے سابق صدر ڈاکٹر عزیز حاجنی کے اعزاز میں منعقد ہوئی۔اس نشست کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو نے کی جبکہ مرکز کے صدر فاروق رفیع آبادی اور سرپرست ڈاکٹر مشعل سلطانپوری بھی ایوان صدارت میں موجود تھے۔اس نشست میں مرکز کے جنرل سیکریٹری عبدالخالق شمس نے ڈاکٹر عزیز حاجنی اور اْن کی ادبی خدمات پر ایک مقالہ پیش کیا۔اجلاس میں موجود شرکاء نے ڈاکٹر حاجنی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور اْنہیں موجودہ دور میں کشمیری زبان کا ایک بہت بڑا خیرخواہ اور ایک عظیم لسانی رضاکار گردانا۔اس موقعے پر ڈاکٹر حاجنی نے سبھی شرکاء اور ادبی مرکز کمراز کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ادبی مرکز کمراز اور کشمیر یونیورسٹی کے کشمیری سکالروں نے ڈاکٹر حاجنی کو اعزازات سے نوازا۔
 

آج شیڈول کے مطابق امتحان لیا جائے گا:پبلک سروس کمیشن

جموں//جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن ( جے کے پی ایس سی) نے میڈیامیںآئی اس خبر کی تردید کی ہے کہ ہائی کورٹ نے اسے شیڈول کے مطابق امتحانات لینے سے روک دیا ہے۔جے کے پی ایس سی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رینج آفیسر گریڈ ۔1 ( جنگلات) اسامی کے لئے جنرل نالج پرچے کا جوامتحان 14؍ اپریل 2019ء کو لئے جانے والا ہے وہ پہلے سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق لیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ خبر حقیقت پر مبنی نہیں ہے کہ ہائی کورٹ نے کمیشن کو طے شدہ امتحانات لینے سے روک دیا ہے۔اس تناظر میں تمام امید واروں سے کہا گیا ہے کہ جنرل نالج پرچے کا امتحان شیڈول کے مطابق لیا جائے گا۔
 

اننت ناگ کی طالبہ بنگلہ دیش میں انتقال کرگئیں 

عارف بلوچ
 
اننت ناگ//اننت ناگ سے تعلق رکھنے والی ایک ایم بی بی ایس طالبہ بنگلہ دیش میں پُر اسرار حالت میں انتقال کر گئی ہے۔ لواحقین نے اُس کی جسد خاکی گھر لانے کیلئے حکومت ہند سے اپیل کی ہے ۔دیالگام اننت ناگ سے تعلق رکھنے والی قرت العین طاہر انساء میڈیکل کالج غازی پور بنگلہ دیش میں گذشتہ کئی سالوں سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کر رہی تھیں جہاں اُسکی موت پُراسرار حالت میں ہوئی ہے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق قرت العین کو چند ساتھیوں نے اسپتال پہنچایا تاہم وہ داعی اجل کو لبیک کہہ گئیں ۔سوگوار کنبہ بنگلہ دیش جانے کی حالت میں نہیں ہے اور اُنہوں نے حکومت ہند سے اپنی بیٹی کی جسد خاکی گھر لانے کے حوالے سے مدد کی اپیل کی ہے ۔
 

جسدخاکی گھر لائی جائے

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی سشما سوراج سے اپیل

سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عبداللہ نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے اپیل کی ہے کہ ڈھاکہ بنگلہ دیش کے میڈیکل کالج میں فوت ہوئی دیالگام اننت ناگ کی ایم بی بی ایس طالبہ قراۃ العین کی جسد خاکی گھر لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ایک بیان کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور اس بارے میں فوری اقدامات کرنے کی تاکید کی ۔ سشما سوراج نے ڈاکٹر فاروق سے کہا کہ وہ بنگلہ دیش حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کی مکمل کوشش کی جائے گی کہ طالبہ کی جسد خاکی کو پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی یہاں لایا جائے ۔دریں اثناء پارٹی کے نائب صدرعمر عبداللہ نے مرحومہ کے سوگواران خصوصاً والدین کے ساتھ تعزیت کی اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے بھی دعا کی۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدرمحبوبہ مفتی اور پردیش کانگریس صدر غلام احمد میر نے بھی وزیر خارجہ سشما سوراج سے اپیل کی ہے کہ وہ قراۃ العین کی جسد خاکی لواحقین تک پہنچانے میں مدد کرے ۔
 
 

سب ضلع ہسپتال پٹن اور ٹراما ہسپتال میں طبی عملے کی قلت

 
سرینگر//پٹن میں قائم سب ڈسٹرکٹ اسپتال اور ٹراما اسپتال میں طبی عملے کی قلت کے باعث مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ کے این ایس کے مطابق پٹن میں قائم سب ڈسٹرکٹ اسپتال اور ٹراما اسپتال میں مختلف امراض کے8ڈاکٹروں کی ترقی یاتبدیلیہونے کے نتیجے میں دونوں ہسپتالوں میںطبی عملے کی قلت پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تبدیلی کے بعد اب لوگ مجبوراً سرینگر یا دیگر اسپتالوں کا رخ کر رتے ہیں جس دوران وہ زبردست مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔ڈائریکٹر محکمہ صحت نے  انتخابی ضابطہ اخلاق کے بعد دونوں ہسپتالوں میںعملے کو تعینات کرنے کی یقین دہانی کی ۔
 
 
 
 

بیساکھی پرگورنر،ڈاکٹر فاروق ، محبوبہ مفتی اور خورشید گنائی کی عوام کو مبارکباد

جموں//گورنر ستیہ پال ملک ،نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو بیساکھی کے موقعہ پر مبارکباد دی ہے۔اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ یہ تہوار بھارتی کیلنڈر کے مطابق نئے سال کی شروعات کی عکاسی کرتا ہے اور اس سے شمالی بھارت کے لوگوں بالخصوص سکھ طبقے کے لئے یہ اہمیت بھی حاصل ہے کہ اسی دِ ن خالصہ پنتھ کی بنیاد پڑی ۔ گورنر نے کہا کہ ملک کی شمالی ریاستوں میں بیساکھی سے فصلوں کو کاٹنے کی شروعات بھی ہوتی ہے اور کسانوں کو اپنی محنت کا صلہ ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیساکھی کا تہوار ہمارے گونا گوں ثقافتی ورثے کی ایک جیتی جاگتی مثال ہے۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اورنائب صدر عمر عبداللہ نے ریاست کی سکھ برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تہوار مذہبی رواداری ، بھائی چارہ اور انسانیت کا درس دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ریاستی عوام نے صدیوں سے اپنے بھائی چارہ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی خصوصاً ہندومسلم سکھ اتحاد کی مشعل کو فروزان رکھا ہے، جس کیلئے ریاست کے لوگوں کو برصغیر میں اِس رواداری کو قائم ودائم رکھنے میں  ایک خاص مقام حاصل ہے۔ پارٹی لیڈران علی محمد ساگر، عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی اور دیوندر سنگھ رانا،چودھری محمد رمضان ،شریف الدین شارق، عرفان احمد شاہ ، جنک سنگھ سوڑھی ، جگدیش سنگھ آزاد اور شمی اوبرائے نے بھی بیساکھی پر سکھ برادری کو مبارکباد پیش کی۔پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام بالخصوص سکھ برادری کو بیساکھی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تہواروں سے ریاست کے آپسی بھائی چارہ اور رواداری کو مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی یہ تہوارریاست کیلئے خوشیوں کی نوید لیکر آئے۔گورنر کے صلاحکار نے ریاستی عوام کو بیساکھی کے موقعہ پر مبارک باد دی ہے۔اپنے پیغام میں صلاح کارنے کہا کہ بیساکھی کو بھائی چارے اور اخوت سے منانے کی رسم اس تہوار کو چار چاند لگاتا ہے ۔گورنر نے اس موقعہ پر ریاست میں امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔