کوٹرنکہ میں شدید بارش سے عام زندگی مفلوج
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے پہاڑی علا قوں میں ہوئی تازہ برفباری اور میدانی علا قوں میں شدید بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہی گئی ۔سب ڈویژن کی متعدد رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی کیساتھ ساتھ کوٹرنکہ بدھل و خواس کی 33کلو میٹر سڑک پر پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند ہو گئی ہے اسی طرح کنڈی کھاہ جمولہ 14کلو میٹر سڑک بھی خستہ حالی وپھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علا قہ کی رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جاتی جس کی وجہ سے شدید بارش اور برفباری کے دنوں میں ان سڑکوں پر چلنا مشکل ہو جاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ کوٹرنکہ میں کئی ایک ایسی سڑکیں موجود ہیں جن کی نالیوں نہیں نکالی گئی ہیں جس کی وجہ سے متعدد جگہوں پر پانی رکنے کیساتھ ساتھ پسیاں بھی گر آتی ہیں ۔علاقہ میں ہوئی بارش کے سلسلہ میںموڑہ ڈنہ ،چورا والی گلی کے محمد فرید اور محمد شریف نے بتایا کہ اس وقت ہوئی بارش کی وجہ سے پہاڑی علا قوں میں موسم اور آب وہوا پر گہرا اثر پڑتا ہے جبکہ سردی میں ایک بار پھر سے ہونے والے اضافے کی وجہ کسانوں و مویشیوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ علا قہ کی رابطہ سڑکوں کی بہتری کیلئے اقدمات اٹھا ئے جائیں ۔
نکاسی آب کا نظام مفلوج
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ میں ہوئی معمول بارش کے بعد قصبہ کا نکاسی آب کا نظام پوری طرح سے مفلوج ہو گیا جس کی وجہ سے نالیوں کا پانی سڑکوں اور گلیوں تک پہنچ گیا ۔بار ش کا پانی سڑ کوںاور نالیوں تک آنے کی وجہ سے مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ عام راہگیروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔مقامی لوگوں نے محکمہ دیہی ترقی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہاکہ محکمہ کی نا قص کارکر دگی کی وجہ سے اس وقت عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ایک مقامی شہری پرتیم سنگھ نے بتایا کہ معمولی بارش کی وجہ سے قصبہ میں نکاسی آب کا نظام مفلوج ہونا انتظامیہ کی ناکامی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ کوٹرنکہ کو ابھی تک میونسپلٹی کے تحت نہیں لا یا گیا ہے جس کی وجہ سے اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔محمد خالق نامی ایک شخص نے کہاکہ گزشتہ برس بھی نالیوں کا پانی دکانوں و گھروں کے اندر داخل ہو گیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی انتظامیہ ایسے واقعات کیساتھ نمٹنے کیلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھا رہی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ قصبہ کو میونسپلٹی کے تحت لا یا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو سہولیات دستیاب کی جاسکیں ۔بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کوٹرنکہ نے کہاکہ مذکورہ معاملہ پر سنجیدگی کیساتھ غور کیا جائے گا تاکہ عوام کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
پونچھ میں بارش سے درجہ حرارت میں کمی ،نکاسی آب نظام مفلوج
حسین محتشم
پونچھ//ریاست کے دیگر حصوں کی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں ہوئی بارش کی وجہ سے درجہ حرار ت میں بھی کمی آئی ہے ۔تحصیل منڈی، سرنکوٹ ، مینڈھر اور حویلی کے مختلف علاقوں میں ہوئی تیزبارش کی وجہ سے لوگ ایک بار پھر سے سردیوں کے کپڑے پہنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ضلع بھر میں گزشتہ شب سے ہی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جو کہ آخری خبر موصول ہو نے تک جاری تھا ۔پونچھ قصبہ میں ہوئی بارش کی وجہ سے نکاسی آب کا نظام بھی مفلوج ہو کر رہا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی نا قص کارکردگی کی وجہ سے نالیوں کا پانی سڑکوں اور گلیوں میں آگیا جس کی وجہ سے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے سلسلہ میں ٹھوس اقدمات اٹھائے جائیں تاکہ آئندہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
کشمیر عظمی کی خبر کا اثر
پونچھ۔ منڈی سڑک پر 3گھنٹے کشادگی کا کام بند رکھنے کا حکم جاری
عشرت حسین بٹ
منڈی//منڈی تا منڈی سڑک کی کشادگی کے کام کو تین گھنٹوں تک بند رکھنے کا حکم جاری رکر دیا گیا ہے ۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ طلباء اور ملازمین کو درپیش مشکلات اور ان کی حاضری کو یقینی بنانے کیلئے سڑک پر کشادگی کے کام کو 3گھنٹوں تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ساتھرہ تمرا کے مقام پر سڑک کی کشادگی کے چل رہے کام کی وجہ سے سڑک پر کئی گھنٹوں تک جام لگا رہتا تھا جبکہ مسافروں کی شکایت پر مبنی ایک خبر روز نامہ کشمیر عظمیٰ کے جموں شمارہ میں 16اپریل کو شائع کی گئی تھی جس کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے مسافروں بالخصوص طلباء اور ملازمین کی حاضری کو ممکن بنانے کیلئے 3گھنٹوں تک کشادگی کا کام روکنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تحصیلدار منڈی جاوید احمد نے اس سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی طرف سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سکولی اور دفتری اوقات کے پیش نظر سڑک پر تین گھنٹوں تک کام بند رکھا جائے ،جبکہ جاری حکم کے مطابق صبح 9.30سے لیکر صبح 11بجے اور شام 3.30سے لیکر 4.30بجے تک سڑک کی کشادگی کا کام بند رہے گا۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور تحصیلدار منڈی کا شکریہ ادا کیا ۔
منجا کوٹ میں لفٹ اسکیم خراب، 2دنوں سے پانی کی سپلائی متاثر
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر میں پانی کی لفٹ اسکیم کے خراب ہو نے کی وجہ سے گزشتہ دودنوں سے پینے کے صاف پانی کی سپلائی متاثر ہو چکی ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کے غفلت شعاری کی وجہ سے اس وقت دو سو سے زائد کنبے اور سرکاری دفاتر میں مناسب پانی کی سپلائی فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کرنے کے بعد پینے کا صاف پانی لانا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے ۔
ریحانہ بشیر کے اعزاز میں پونچھ میںتقریب کا اہتمام
حسین محتشم
پونچھ//انڈین سیول سروس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والی ریحانہ بشیر کے عزاز میں فاطمہ ہیو مین ویلفیئر فائو نڈیشن کی جانب سے پونچھ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقر یب میں معززین کیساتھ ساتھ طلباء و عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔اپنے خطاب میں ریحانہ بشیر نے فائو نڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ تعلیمی میدان میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کریں تاکہ آئندہ وہ اپنے ضلع کا نام روشن کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ طلباء کو چاہیے کہ وہ اپنے ہنر کو پہچان کر نکھرانے کی کوشش کریں ۔انہوں نے مزیدکہاکہ والدین کی ذمہ دار ی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے معیاری تعلیم کا بندو بست کریں ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ریحانہ بشر نے انڈین سیول سروس میں 187واں مقام حاصل کر کے پونچھ کی پہلی خاتون امید وار ہو نے کا عزاز بھی حاصل کیا ہے ۔
منکوٹ میں رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا اجلاس منعقد
مینڈھر//تعلیمی زون منکوٹ میں رہبر تعلیم ٹیچر فورم کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں متعدد اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر اراکین نے ریاستی گورنر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ تعلیم میں پانچ برس مکمل کرنے والے رہبر تعلیم ٹیچروں کو مستقل کیا جائے جبکہ جن ٹیچروں کو گریڈ ٹو کے آرڈر جاری نہیں کئے گئے ان کے آڈر بھی جاری کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے ان ٹیچروں کی فائلیںڈائریکٹر آفس میں پڑی ہوئی ہیں لیکن ان کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جبکہ گزشتہ چھ ماہ سے ایس ایس اے کے تحت کام کرنے والے ٹیچروں کو تنخواہ سے محروم رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کے سیکریٹری نے یقین دہانی کروائی تھی کہ 15اپریل 2019تک ملازمین کے جائز مطالبات کو پور ا کیا جائے گا لیکن مذکورہ وعدہ کے بعد مطالبات کی جانب کوئی وجہ نہیں دی گئی ۔ڈاکٹر مشتاق چوہدری کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران زونل صدر محمد الیاس چوہدری نے ریاستی انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کے تمام مطالبات 30اپریل سے قبل پورے کئے جائیں نہیں تو ملازمین احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائینگے ۔ملازمین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ایس ایس اے ٹیچروں کی تنخواہ کیساتھ ساتھ دیگر مطالبات بھی جلد ازجلد پورے کئے جائیں ۔اس اجلاس میں چیئر مین رفیق چوہدری ،سلیم جٹ،شاہنوازشاہ،ذوالفقار چوہدری، محبت چوہدری ،زاہد خان ،رمیز خان ،علی شاہ ،ظفرودیگران بھی موجودتھے ۔
خبر کی تصحیح
کشمیر عظمیٰ کے صفحہ نمبر 3پر 17اپریل 2019کے شمارے میںبعنوان ’’پنچایت کلر موہڑہ تمام بنیادی سہولیات سے محروم ‘‘سے خبر شائع ہوئی ہے جس میں غلطی سے سابق سرپنچ کی جگہ سرپنچ لکھاگیاہے جس کیلئے ادارہ معذرت خواہ ہے ۔