مزید خبرں

زمینی تنازعہ پر آنکھوں میں مرچی ڈالکر پٹائی کا معاملہ 

پولیس پردوطرفہ معاملہ درج کرنے کا الزام

متاثرین نے انصاف کی اپیل کی

جاوید اقبال
 
مینڈھر//مینڈھر کے بنولہ علا قہ میں ایک زمینی تنازعہ کے سلسلہ میں عبدالکریم ولد محمد صادق نے پولیس انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ایک آپسی لڑائی میں اس کے خاندان کے افرادکو گھر آکر آنکھوں میں مرچی ڈال کر پٹائی کی گئی تاہم اس کے باوجود بھی پولیس انتظامیہ نے اس پر بھی مقدمہ درج کرلیا ہے ۔موصوف نے کہاکہ محمد شفیع ولد منشی نے اپنے لڑکوں کے ہمراہ اس کے گھر پر حملہ کر تے ہو ئے ان کیساتھ مار پیٹ کی جس کی وجہ سے ان کے والد محمد صادق اور ان کے بھائی بُری طرح سے زخمی ہو گئے جن کو علاج معالجہ کیلئے پہلے مینڈھر اور پھر راجوری ہسپتال منتقل کیا گیا ہے تاہم پولیس کی جانب سے ان پر بھی ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں ایسے دفعات بھی لگائے گئے ہیں جو درست ہی نہیں ۔انہوں نے ڈی آئی جی رینج اور ایس ایس پی پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کو انصاف کے تحت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت جاری کی جایں۔
 
 

منڈی کی سماجی کارکن ضلع ترقیاتی کمشنر سے ملاقی 

عشرت حسین بٹ
 
منڈی//منڈی کے چھلہ ڈھانگری علا قہ میں سڑک کی تعمیر میں آرہی مشکلات کے سلسلہ میں منڈی کی سماجی کارکن سائرہ میر نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور محکمہ جنگلات کے آفیسران سے ملا قاتیں کیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں میں مذکورہ سڑک کی تعمیر کے معاملہ میں چھلہ ڈھانگری کی عوام نے منڈی میں احتجاج کے طور پر گاڑیوں کی آمد ور فت بند کی تھی جس کے بعد تحصیلدار منڈی ،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اور محکمہ تعمیر ات عامہ کے ایگز یکٹو انجینئر نے مظاہرین کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ دو دنوں میں سڑک کی تعمیر شروع کر دی جائے گی ۔محکمہ جنگلات کے مطابق سڑک کی تعمیر کا کام مذکورہ محکمہ کی زمین سے شروع ہو تا ہے۔سماجی کارکن نے کہا ضلع انتظامیہ نے سڑک کی تعمیر کوہری جھنڈی دکھائی ہے جس کیلئے وہ انتظامیہ کی شکر گزار ہیں ۔
 

دبڑ پوٹھہ طبی سنٹر میں ایمبو لینس فراہم کرنے کی مانگ 

رمیش کیسر 
 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے دبڑ پوٹھہ کی عوام نے علاقہ میں قائم طبی سنٹر میں ایمبو لینس سروس دستیاب کرنے کی مانگ کی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ ضلع انتظامیہ عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے دیہی علا قوں کی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی سرپنچ مسعود چوہدری ،کمل کمارودیگران نے بتایا کہ مذکورہ گائوں میں بنیادی سہولیات بالخصوص ایمبو لینس سروس نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ دبڑ پوٹھہ میں قائم طبی سنٹر میں ایمبو لینس سروس فراہم کی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات حل ہو سکیں ۔
 
 

کا لا کوٹ کے گرن گائوں میں پولیس پبلک میٹنگ 

لوگوں نے درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا

سمت بھارگو 
 
راجوری //پولیس کی جانب سے تحصیل کالا کوٹ میں پولیس پبلک میٹنگ کا اہتمام کیا ۔ایڈیشنل ایس پی نو شہرہ کی قیادت میں منعقدہ میٹنگ میں علاقہ کے سرپنچوں اور پنچوں کیساتھ ساتھ سیول سوسائٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں مقررین نے عام لوگوں کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں پولیس انتظامیہ کا آگاہ کیا ۔مقررین نے کہاکہ راجل سے گرن سڑک کی بلیک ٹاپنگ ،پرائمری ہیلتھ سنٹر گرن میں ایمبو لینس کی عدم موجودگی ،علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ،سکولوں میں سٹاف ممبران کی قلت ودیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ان کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں متعلقہ آفیسران سے بات کی جائے گی ۔انہوں نے عوام کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی غیر قانونی کام کے سلسلہ میں پولیس کو جانکاری فراہم کی جائے جبکہ منشیات ودیگر غیر قانونی کاموں کو ختم کرنے کیلئے پولیس کے ساتھ اشتراک سے کام کیا جائے ۔
 

 مو یشی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

۔21مویشی بازیاب،5گاڑیاں ضبط

طارق شال 
 
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی پولیس نے مویشی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 21مویشی باز یاب کروا لئے ہیں ۔پولیس کے مطابق تھنہ منڈی پل پر لگائے گئے ایک ناکے کے دوران پولیس نے پانچ گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران اسمگل کئے جارہے مویشیوں کو باز یاب کروا لیا ۔ایس ایچ ائو تھنہ منڈی کی قیادت میں انجام دی گئی کارروائی کئے دوران پانچ اسمگلروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں پولیس نے پانچ گاڑیاں زیر نمبرات JK11C-6432،JK11B 2488-،JK11-4398،JK11B-4395اور JK11-9651کو ضبط کر لیا ہے جبکہ گرفتار شدہ اسمگلروں کی شناخت مہتاب احمد ولد غلام محمدسکنہ سنگیوٹ،محمد عرفان ولد عبدالرشیدسکنہ اہتی راجوری،محمد ریاض ولد عبدالحمیدسکنہ اہتی راجوری ، وسیم اکرم ولد محمد اکرم سکنہ پلانگڑھ کے طور پر ہوئی ہے ۔ اس سلسلہ میں معاملات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
 

راجوری میں ابتدائی طبی امداد پر بیداری پروگراموں کا اہتمام 

سمت بھارگو 
راجوری //فوج کی جانب سے سرحدی ضلع راجوری کے متعدد علا قوں میں ’ابتدائی طبی امداد ‘پر ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔شاہدرہ شریف اور دیرہ گلی علا قوں میں منعقدہ ان پروگراموں میں سکولی بچوں کیساتھ ساتھ دیہی علا قوں کے متعدد افراد نے شرکت کی ۔اس بیداری پروگرام کا اصل مقصد کسی بھی مشکل وقت میں اپنی مدد آپ کر نے کے سلسلہ میں لوگوں کو بیدار کرنا تھا ۔بیداری پروگرام کے دوران سانپوں کے کاٹنے ،آگ کی وجہ سے جلنے ،کسی حادثے میں زخمی ہونے کے دوران فراہم کردہ ابتدائی طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی ۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے کئے جارہے فلاحی کاموں کا شکریہ ادا کر تے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی مذکورہ سرگرمیاں جار ی رکھی جائیں گی ۔