مویشی اسمگلنگ کی کوشش ناکام ،17مویشی بازیاب
راجوری //راجوری پولیس نے تحصیل تھنہ منڈی میں مویشی سپلائی کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 17مویشی باز یاب کروالئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ایک معمول کی چیکنگ کے دوران ایس ایچ او تھنہ منڈی کی قیادت میں پولیس ٹیم کی جانب سے تھنہ منڈی قصبہ کے نزدیک ایک ٹرک زیر نمبر JK02AP-6729کو روک کر تلاشی لی گئی جس کے دوران اسمگل کئے جارہے 17مویشی باز یاب کرلئے گئے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے تھنہ منڈی پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
فنڈز وگزار نہ ہو نے پر جامعہ مسجد کا بیت الخلاء تالا بند
نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،انتظامیہ سے معاملہ حل کرنے کی اپیل
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کی تحصیل بالا کوٹ کی ایک جامع مسجد کے باہر تعمیر کردہ بیت الخلاء کا کمپلیکس فنڈز وگزار نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ دو برسوں سے تالا بند ہے جس کی وجہ سے نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے الزام عائد کر تے ہوئے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے کردہ بیت الخلاء کے فنڈز وگزار نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے تعمیراتی کام کروانے والے شخص نے بیت الخلا ء کے کمپلیکس کو ہی تالا بند کیا ہوا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق وسیم سرور نامی ایک شخص نے اپنی ذاتی زمین میں نمازیوں کیلئے بیت الخلاء کا کمپلیکس تعمیر کروایا ۔وسیم سرور نے بتایا کہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے بیت الخلاے کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 2لاکھ 10ہزار روپے مختص رکھے گئے تھے جبکہ انہوں نے مذکورہ کمپلیکس تعمیر کروایا جبکہ 2سال گزرنے کے باوجود بھی فنڈز وگزار نہیں کئے گئے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعدد بار متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا گیا تاہم اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں دی جارہی ہے ۔اس سلسلہ میں اے ڈی سی پونچھ نے کہاکہ فنڈز کی وگزار کے سلسلہ میں تحقیقات کی جائے گی اور جلداز جلد فنڈز وگزار کردئیے جائیں گے۔
پنچایت مڈل نکہ منجہاڑی کا ٹرانسفارمر خراب
مقامی لوگوں کو ماہ صیام میں شدید مشکلات کا سامنا
جاوید اقبال
مینڈھر //اسمبلی حلقہ مینڈھر کی پنچایت مڈل نکہ منجہاڑی میں گز شتہ ایک ہفتے سے ٹرانسفارمر خراب ہو نے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔پنچایت حلقہ کی عوام نے ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ٹر انسفارمر کے خراب ہو نے کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین سے رجوع کیا گیا تھا لیکن ملازمین اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔مقامی سرپنچ محمد سیف خان ،وزیر محمد ،منیر حسین اور نمبردار محمد خان نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہاکہ پنچایت مڈل نکہ منجہاڑی کے وارڈ نمبر 4،5اور وارڈ نمبر 6کا ٹرانسفار مر خراب ہو نے کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین کو آگاہ کیا گیا تھا لیکن ان ملازمین نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ ہی نہیں کیا ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ ٹرانسفارمر دو دنوں تک سڑک کے کنارے پڑا رہا جس کے بعد اس کو منتقل کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے عوام کو ماہ صیام میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ پنچایت میں نصب ٹرانسفارمر کی جلداز جلد مرمت کی جائے تاکہ عوام کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔
منشیات کیخلاف ضلع پولیس کے اقدامات کی سراہنا
حسین محتشم
پونچھ//سپر تھرٹی کالج آف کمپٹیشن پونچھ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شمیم احمد بانڈے نے پچھلے کچھ عرصہ سے ضلع پونچھ میں نوجوانوںکے منشیات کا شکار ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس خطرناک لت نے کئی نوجوان کی زندگیاں لے لی۔انہوں نے مرنے والے نوجوانوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا ایک مہینہ سے ضلع پولیس کی جانب سے منشیات مخالف مہم میں کئی منشیات فروشوں کوحراست میں لیاگیا جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے جو منشیات جیسا کاروبار انجام دے کر نوجوانوں کو منشیات کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ موصوف نے پولیس کے اقدامات کی سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل پولیس،سول سوسائٹی اور علمائے کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا تھا اس دوران ضلع پولیس نے عوام سے تعاون کی اپیل کی تھی جس کے بعد کچھ افراد کا تعاون ملتے ہی ضلع پولیس نے حرکت میں آکر منشیات کا کاروبار کرنے والے افراد کو حراست میں لیا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے لئے ضلع پولیس پونچھ مبارکبادی کی مستحق ہے۔انہوں نے تمام نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اگر اپنے کسی ساتھی کو منشیات کا استعمال کرتے ہوئے دیکھیں تو اس کی اطلاع ضرور پولیس کو اور اس کے گھر والوں کو دیں تاکہ اس کی زندگی بچائی جا سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر شمیم احمد بانڈے نے والدین سے بھی گزارش کی کہ وہ اپنے بچوں کاخیال رکھیں کہ وہ اسکول کب جاتے ہیں کس سے ملتے ہیں گھر کب آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے مخالف مہم چلانا صرف پولیس کا فرض نہیں ہے بلکہ ہر ایک اچھے انسان کا فرض ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں اس نشہ کی لت سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے نوجوانوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنا زیادہ تر وقت اپنی تعلیم اور اس کے ساتھ ساتھ کھیل کود میں لگائیں۔
ضلع انتظامیہ راجوری کا اجلاس منعقد
جمعتہ الوداع ،شب قدر اور عیدکے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی
سمت بھارگو
راجوری//ضلع انتظامیہ راجوری نے جمعتہ الوداع، شب قدر اور عیدکیلئے کئے گئے انتظاما ت کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس منعقد کیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر محمو د اعجاز اسد کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ چیئر مین اوقاف ،ودیگر علماء اور سیول سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر معززین نے جمعتہ الوداع شب قدر اور عیدکے سلسلہ میں جامعہ مسجد کے ارد گرد صفائی ستھرائی ،مارکیٹ چیکنگ ،ٹریفک انتظامات ،بجلی کی فراہمی ،پانی کی سپلائی ودیگر معالات کو اجاگر کیا ۔اس موقعہ پر ڈی سی راجوری نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ سپلائی ،تحصیلدار راجوری اور ای او میونسپلٹی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ مارکیٹ کی چیکنگ معمول کے مطابق کی جائے تاکہ صارفین کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے کہاکہ قوانین کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اشیاء ضروری کے سلسلہ میں قیمتوں کی فہرستیں دکانوں پر چسپاں رکھی جائیں ۔انہوں نے محکمہ پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای کے ایگز یکٹو انجینئر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ پانی اور بجلی کی مناسب سپلائی بحال رکھی جائے جبکہ اے ڈی فوڈ سپلائی کو ہدایت جاری کی گئی کہ عید کے سلسلہ میں راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے ایگز یکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مساجد کے ارد گر د لائٹس اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے پولیس اور ٹریفک حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ جمعتہ الوداع شب قدر اور عید کے سلسلہ میں ٹریفک کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔
منڈی انتظامیہ کا اجلاس منعقد
جمعتہ الوداع شب قدر اور عید کے انتظامات کے حوالے سے ہوئی گفت و شنید
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل انتظامیہ منڈی کی جانب سے ڈاک بنگلہ منڈی میں ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس کا مقصد جمعتہ الوداع شب قدر اور عید کے حوالے سے انتظامات پر گفت و شنید کرنا تھا ۔ اس میٹنگ میں سیول سوسائٹی بیوپار منڈل ممبران کے علاوہ سیاسی سماجی اورمذہبی شخصیات نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران مقررین نے انتظامات کے حوالے سے اپنی اپنی رائے رکھی۔اس اجلاس میں تحصیلدار منڈی جاوید اقبال چوہدری کے علاوہ نائب تحصیلدار محمد آزاد ایس ایچ او روندر رکوال، بلاک ڈولپمنٹ آفیسر سباش چندر تحصیل سپلائی آفیسر عبدالقیوم کے علاوہ دیگرآفیسران بھی موجود تھے ۔تحصیلدار منڈی نے اس موقع پر تمام افراد کو یقین دہانی کروائی کہ انتظامیہ ان تمام ایام کے حوالے سے مکمل انتظامات کو حتمی شکل دے گی ۔میٹنگ کے بعد انتظامیہ نے منڈی بازار کا دورہ بھی کیا اور باہر سامان لگانے والے دکانداروں کو انتباہ دیا کہ وہ دکان کی حدود سے باہر سامان نہ لگائیں جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔