پونچھ ہسپتال بور ویل کی کھدائی جاری
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے محکمہ صحت عامہ کے ایگزیکٹو انجینئرراجندر شرما اور محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئر مقبول نائیک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ہسپتال کا خصوصی دورہ کر وہاں کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر میڈیکل سپرنا ٹینڈنٹ ڈاکٹر شمیم بھٹی بھی انکے ساتھ موجود رہیں جہاں دونوں محکمہ جات کے آفیسران نے بور ویل کے حوالے سے ملازمین کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور مسائل کی حل کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی۔اس موقعہ پر بات کرتے ہوئے میڈیکل سپر ناٹینڈنٹ شمیم بھٹی نے بتایا کہ ہسپتال میں پانی کی کمی کو لیکر کچھ عرصہ پہلے اس بورویل کا کام شروع کیا گیا تھا جسکے لئے ایم ایل سی پردیپ شرما نے اپنے فنڈ سے نو لاکھ روپے کی خصوصی امداد دی تھی اور ساتھ ہی ضلع ترقیاتی کمشنر نے بھی اپنے فنڈ سے کچھ امداد کی تھی اور بالخصوص محکمہ صحت عامہ کا اہم رول رہا ۔اس کام کو مکمل کروانے میں جس کے تحت یہ آج اس کی چیکنگ کی جائیگی اور دو دن کے اندر اس کا افتتاح کروایا جائیگا۔
کلچرر آفیسر پر الزامات کی مذمت
ادبی و ثقافتی تنظیموں نے کارکردگی کی ستائش کی
پونچھ //خطہ پیر پنچال کی مختلف ادبی اور ثقافتی تنظیموںنے اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز راجوری پونچھ کے کلچر آفیسر علمدار عدم کے کاموں کی سراہنا کی ۔ان تنظیموں نے کہا ہے کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات کے دوران سویپ پروگرام کے تحت راجوری پونچھ اضلاع میں جو مختلف مقامات پر انتظامیہ نے کلچر اکیڈمی کے اشتراک سے پروگرام منعقد کئے گئے جن کی مدد سے عوام کو بیدار کیا گیا ۔ کہکشاں کلچر آرگنائزیشن کے چیئرمین شیخ سجاد نے کہا کہ علمدار عدم جب سے خطہ پیر پنچال کے کلچر آفیسر تعینات ہوئے ہیں یہاں ادبی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے گلوکار ہوں شعرا ء ودیگر فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا پورا موقعہ فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ کچھ افراد انکے کاموں کو برداشت نہیں کر پا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ پونچھ کے ایک نجی اخبار میں ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ اس طرح کے غیر ضروری بیان دے رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔سرسوتی سنگیت ودیالہ پونچھ کے چیئرمین ماسٹر کرتار چند نے کہا کہ ڈاکٹر علمدار عدم نہایت شریف اور اچھے آفیسر ہیں جو اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے شاعروں و فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ فراہم کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حالیا پارلیمانی انتخابات کے دوران سویپ پروگرام کے تحت ضلع راجوری پونچھ میں جو مختلف پروگرام منعقد کیے گئے اس سے عوام میں بیداری آئی ہے یہی وجہ ہے کہ اس پر انتخابات میں ووٹنگ کی شرح میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔انہوں نے حالیہ دنوں میں کلچر آفیسر کیخلاف آئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔معروف اینکر اور سرسوتی کلا کیندر کے چیئرمین پردیپ کھنہ نے بھی ڈاکٹر علمدار عدم کے کام کی تعریف کرتے ہوئے حالیہ دنوں میں ان کیخلاف شائع ہوئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
نوشہرہ کے جنگلات میں سبز سونا خاکستر
رمیش کیسر
نوشہرہ//سب ڈویژن نوشہرہ کے مختلف جنگلات میں آگ لگنے کی وجہ سے درختوں کے ساتھ ساتھ جنگلاتی زندگی کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ذرائع کے مطابق نوشہرہ کے کئی جنگلاتی علا قوں میں گزشتہ شب نمو دار ہو ئی آگ خطرے ناک صورت اختیار کر گئی جس کی وجہ سے متعدد سبز درخت جل کر راکھ ہو گئے ہیں جبکہ کئی ایک بُری طرح سے سے متاثر ہو ئے ہیں ۔مقامی لوگوں اور محکمہ کے ملازمین نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم آگ کی شدت کی وجہ سے وہ مذکورہ عمل میں کامیا ب نہیں ہو رہے ہیں ۔آگ کی وجہ سے جہاں سبز درختوں کو نقصان پہنچا ہے وہائیں جنگلاتی حیات بھی متاثر ہو ئی ہے۔
غیر قانونی سر گرمیوں میں ملوث 4افراد گرفتار
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث چار افراد کو گرفتاری کرلیا گیا ۔ایس ایس پی راجوری یگل منہاس نے بتایا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو ایگز یکٹو مجسٹریٹ کی ہدایت پرحراست میں لیا گیا ہے ۔انہوں نے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ افراد میں شاہب منہاس ولد محمود یوسف سکنہ درہال ملکان،محمود امن ولد محمود شریف سکنہ وارڈ نمبر دو راجوری ،محمود عمر ولد محمود شریف سکنہ وارڈ نمبر دو راجوری اور منور فاروق ولد محمود فاروق سکنہ وارڈ نمبر دو راجوری کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ چاروں افراد کو 107/151/110 سی آر پی سی کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ۔
مینڈھر کے رہلاں گائوں میں پانی کی قلت
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر گوہلد علاقہ کے رہلاں گائوں اور اس کے گردو نواح میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سا مناکرناپڑرہا ہے ۔لوگوں نے محکمہ صحت عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ علاقہ کے اندر کئی مہینوں سے پانی کا نام ونشان نہیں ہے۔ انکا کہنا تھاکہ کوڑی ترار گوہلد سے ریلیاں زیارت لفٹ اسکیم کئی مہینوں سے بند پڑی ہے اور سرحدی علاقہ میں بسنے والے لوگ پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین کو ٹس سے مس نہیں ہے۔ اس سلسلہ میں امتیاز چوہدری محمد رزاق اور ذاکر حسین شاہ نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ نے جہاں سے لفٹ اسکیم شروع کی اس وقت اس آدمی سے وعدہ کیا کہ آپکا ایک ملازم لگایا جائے گا لیکن محکمہ کے آفیسران نے انکا وعدہ پورانہیں کیا اور کچھ مہینے سکیم چلنے کے بعد بند کردی گئی اور اب وہ زمین کا مالک گائوں میں خود جاکر لوگوں سے پیسے مانگتاہے کہ اگر میرے لڑکے کی تنخواہ دو گے تو آپکو پانی ملے گا۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور گورنرر انتظامیہ سے اپیل کی کہ علاقہ کے اندر پانی کی اسکیم کو بحال کیا جائے تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی مل سکے۔
تھنہ منڈی میں طبی کیمپ منعقد
راجوری //تحصیل تھنہ منڈی کے ساج علا قہ میں فوج کی جانب سے ایک طبی کیمپ منعقد کیا گیا جس کے دوران علاقہ کے لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئی ۔اس طبی کیمپ کے دوران فوج کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا طبی معائینہ کرتے ہوئے ان کو طبی سہولیات فراہم کیں ۔ڈاکٹروں نے مریضوں کو مختلف بیماریوں سے بچنے کیلئے احتیاطی تدبیروں کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ وہ ادویات کیاتھ ساتھ بیماریوں سے متعلق مکمل جانکاری رکھیں تاکہ بیماریوں سے بچا جاسکے ۔اس طبی کیمپ کے دوران 50سے زائد مریضوں کو معائینہ کیا گیا ۔اس دوران فوجی ماہرین نے سانپ کے کاٹنے ،جلنے ،ہڈیوں کے ٹوٹنے ،خون بند کرنے ودیگر احتیاطی تدبیروں و بیماریوں سے متعلق جانکاری فراہم کی۔یہا ں یہ بات قابل ذکرہے کہ فوج کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے لگاتا کام کئے جارہے ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے فوج کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مذکورہ عمل کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔