عوامی نیشنل کانفرنس پولیس سے ناراض
عدالتی احکامات نظر انداز کرنے کا الزام
سرینگر//عوامی نیشنل کانفرنس نے پولیس پر عدالت عالیہ کے احکامات کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے بیگم خالدہ شاہ کی رہائش گاہ کے مرکزی در وازے پر تالا چڑھاکربیگم خالدہ ،ڈاکٹر مصطفیٰ کمال اور مظفر شاہ کی مسلسل نظر بندی کو برقرار رکھا ہے ۔پارٹی نے عدالت عالیہ کے احکامات کو صرف ِ نظر کرنے کے عمل کو عدالتی توہین کے مترادف قرار دیا ۔پارٹی کے نائب صدر مظفر احمد شاہ نے کشمیر نیوز سروس کو فون پر بتایا کہ جموں وکشمیر ہائی کورٹ نے مقامی انتظامیہ کو اے این سی کی صدر بیگم خالدہ شاہ ،ڈاکٹر مصطفی کمال اور اُنکی (مظفر شاہ ) کی غیر قانونی نظر بندی کو ختم کرکے آزاد کرنے کے احکامات صادرکئے ،تاہم پولیس نے عدالتی احکامات کی توہین کرکے اُنہیں گھر سے باہر قدم رکھنے کی اجازت نہیں دی ۔ان کا کہناتھا کہ جمعرات کو تینوں سیاسی راہنمائوں نے عدالتی احکامات کے تحت گھر سے باہر قدم رکھنے کا سو چا ،تاہم مرکزی در وازے پر ایک بہت بڑا تالا چڑھا دیکر وہ حیران رہ گئے ۔انہوں نے پولیس کارروائی کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا ۔
ضابطوں کی خلاف ورزی کی پاداش میں
۔7 اہلکاروں کے خلاف وجہ بتائو نوٹس جاری
جموں//حکومت نے سروس کنڈکٹ قوانین کی خلاف ورزی کی پاداش میں سات ملازمین کے خلاف وجہ بتائو نوٹس جاری کی ہے جو مختلف محکموںمیں بطور پروبیشنر کام کر رہے ہیں۔جی اے ڈی کے ایک حکمنامے کے مطابق جموں اینڈ کشمیرسپیشل ریکروٹمنٹ رولز 2015 کے تحت تعینات کئے گئے پروبیشنرز نے مبینہ طور پر عوامی مقامات پر متواتر مظاہروں میں حصہ لیا اورملازمت کے شرائط و ضوابط کی مذمت کی ہے ۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر سول سروس (درجہ بندی ، کنٹرول اور اپیل) قواعد ، 1956 کے ضابطہ 21 کے ذریعے دیئے گئے اختیارات کے استعمال میں تقرری اتھارٹی ایک پروبیشنر کے مقدمے کی سماعت معطل کر سکتی ہے اور باقاعدگی سے تفتیش کی سہولت کے بغیر طے شدہ مدت کی معیاد ختم ہونے سے پہلے کسی بھی وقت سروس سے فارغ ہوسکتی ہے اور آئین کے آرٹیکل 311 کی دفعات کسی پروبیشنر کے لئے لاگو نہیں ہیں۔اس کے مطابق منیر حسین جونیئر انجینئر جے پی ڈی سی ایل ، ڈاکٹر عارف حسین ایل ڈی سی دربخ لیہہ ، سنجیو سنگھ میڈیکل آفیسر پی ایچ سی بدھل راجوری ، ڈاکٹر شفین مجید کول میڈیکل آفیسر پی ایچ سی جندھرہ جموں ، ڈپٹی کمشنر جموں کا دفترمیں تعینات پٹواری ایس امندیپ سنگھ اور جی اے ڈی میں تعینات جونیئر اسسٹنٹ امیر طارق کے حق میںوجہ بتائو نوٹس جاری کیا گیاہے ۔پروبیشنروں سے کہا گیاہے کہ ان کی پروبیشن کی معیادکیوں ختم نہیں کی جائے اور انہیں فوری طور پرملازمت سے کیوں نہ فارغ کیا جائے ۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 7 دن کے اندر اپنے جوابات ڈپٹی سیکرٹری جی اے ڈی کے دفتر پیش کریں۔
بونیار میں 4 بچوں کے والد کی پُراسرار موت
بارہمولہ // فیاض بخاری// ضلع بارہمولہ کے زہن پورہ بونیار علاقے میں جمعرات کی صبح چار بچوں کے باپ کی لاش اس کے رہائشی مکان میں پراسرار حالت میں پائی گئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ شبیر خان ولد محمد یوسف خان ساکن زہن پورہ بونیار ،اُوڑی اپنے رہائشی مکان میں مردہ حالت میں پایا گیا اور شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسکی موت کوئی زہریلی شے کھانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ اس نے زہریلی شے نوش کی تھی یا کسی نے اسے زہر دے کر موت کی نیند سلا دیا ہے۔ معاملے کی نسبت پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے ۔ایس ایچ او بونیار طارق احمد شاہ نے بتایا کہ پولیس نے شبیر خان نامی شہری کی پراسرار موت کی تفتیش کے سلسلے میں 174 آئی پی سی کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
گاندربل میں ترقیاتی کاموں کی عمل آوری پر تبادلہ خیال
گاندربل//ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال نے افسران کی ایک میٹنگ میں ضلع میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔انہوں نے کیپکس بجٹ کے تحت ترقیاتی کاموںکی عمل آوری پر بھی افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں سی پی او،اے سی ڈی،مختلف محکموں کے ایگزیکٹیو انجینئران اورضلع وسیکٹورل افسران نے بھی شرکت کی۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران سے سکیموں کی عمل آوری اورپیش رفت کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران محکموں کی مجموعی کارکردگی اورکیپکس بجٹ کے تحت مارچ2020تک اخراجات کو بھی زیر بحث لایاگیا۔ترقیاتی کمشنر نے صد فیصد بجٹ کو بروئے کار لانے پر زوردیا۔میٹنگ کے دوران بیک ٹو ولیج پروگرام کے پہلے مرحلے کے تحت منظور شدہ کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ یہ تمام ترقیاتی کام تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔
سینک سکول مانسبل میں شجرکاری مہم کا انعقاد
گاندربل//محکمہ جنگلات کے اہتمام سے گرین جے کے ڈرائیو پروگرام کے تحت سینک سکول گاندربل میں ایک وسیع شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا جس دوران 7ہیکٹر اراضی پر مختلف اقسام کے 10000پیڑ لگائے گئے ۔مہم میں محکمہ جنگلات کے ملازمین اور سینک سکول منیجمنٹ کے علاوہ سول سوسائٹی کے ممبران نے شرکت کی۔پی سی سی ایف جے اینڈ کے نے مہم کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر چیف کنسرویٹر فارسٹس کے علاوہ محکمہ جنگلات کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اپنے خطاب میں پی سی سی ایف جے اینڈ کے نے کہا کہ موجودہ دور میں ترقیاتی پیش رفت کیلئے ماحولیات کا تحفظ ناگزیر ہے اوپیڑ پودے لگانے سے ماحولیات کی شفافیت یقینی بن سکتی ہے۔
فارسٹ ایمپلائز فیڈریشن اونتی پورہ کی نئی باڈی تشکیل
اونتی پورہ /سید اعجاز / جموں کشمیر فارسٹ ایمپلائز فیڈریشن کی جانب سے جمعرات کو اونتی پورہ میں ایک روزہ اجلاس زیر صدرار ت بشیر احمد شاہ منعقد ہوا جس میں محکمہ کے متعدد ملازمین نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران جنرل سیکریٹری بلال احمد شیخ کی قیادت میں فیڈ ریشن کی نئی باڈی تشکیل دی گئی ۔اجلاس میں بہ اتفاق رائے رینج صدر اونتی پورہ پرویز احمد ننگرو کو منتخب کیا گیا جبکہ جنرل سیکریٹری فاروق احمد کوچھے اور بلال احمد شاہ کو کو خزانچی مقرر کیاگیا ۔
نیشنل کانفرنس کاکوچک خاندان سے اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے ضلع اننت ناگ کی معروف شخصیت اور نامور معالج ڈاکٹر محمد مظفر جان کوچک کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ ڈاکٹر مظفر جان سابق این سی لیڈرایڈوکیٹ غلام نبی کوچک کے برادر تھے۔
پرنگ چھترگل سڑک کی حالت ناگفتہ بہ
غلام نبی رینہ
گنگن// پرنگ کنگن سے چھتر گل تک اندرونی رابطہ سڑک گزشتہ دو برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق سڑک پر گہرے کھڈبن چکے ہیںجس کے نتیجے میں ڈرائیور اپنی سروس جاری رکھنے سے کترارہے ہیں۔انہوں نے کہ اب طلاب بھی وقت پر اسکول نہیں پہنچ پاتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کا انداز اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ معمولی بارشوں میں سڑک پر موجودکھڈجب پانی سے بھر جاتے ہیںتو راہ گیروں کو چلنے پھرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لوگوں کے مطابق خستہ حال سڑک کی وجہ سے اکثر حادثات کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔انہوں نے محکمہ آر اینڈ بی سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پرمیکڈم بچھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
اونتی پورہ میں منشیات فروش گرفتار،چرس برآمد
سرینگر//اونتی پورہ پولیس نے ایک منشیات فروش محمد شعبان دار کوگرفتار کرکے اُس کے قبضے سے 300 گرام چرس پوڈر برآمد کی۔ مذکورہ منشیات فروش گلزار پورہ ، بیگ پورہ ، پنزگام اور اونتی پورہ میں نوجوانوں میں منشیات فروخت کرتا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ مٹن اننت ناگ میںایک ایف آئی آر زیر نمبر29/2020 کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔
پی ڈی پی اپنے اصولوں اور موقف پر قائم
پارٹی کے ’ملو پروگرام‘ میں لیڈران کا اظہار خیال
سرینگر//پی ڈی پی نے پارٹی موقف پر قائم رہنے کا عزم دہراتے ہوئے حکومت پر لوگوں کے مسائل کا ازالہ کرنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کیا۔ پارٹی ہیڈ کواٹر پر جمعرات کو کارکنوں سے ’ملوپروگرام‘ کے تحت سوپور زون کے لیڈروں اور کارکنوں کی ایک میٹنگ ریاستی سیکریٹری عبدالمجید کوشین کی صدارت میں منعقد ہوئی،جس دوران کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کوشین نے کارکنوں سے کہا کہ پی ڈی پی اپنے موقف پر چٹان کی طرح قائم ہے اور کسی بھی صورتحال میں اپنے اصولوں کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرے گی۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پی ڈی پی پروگرام گھر گھر تک پہنچائیں۔ انہوںنے کہا کہ ان میٹنگوں کا انعقاد سیاسی جمود کے خاتمے کیلئے کیا جا رہا ہے اور پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سوپور میں سوچھ بھارت اسکیم فقط اعلانات تک ہی محدود ہے جبکہ تکیہ خان سوپور میں پانی کی قلت کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔
پینے کے پانی کی عدم دستیابی
سنگھ پورہ پٹن میںپی ایچ ای کے خلاف احتجاج
فیاض بخاری
بارہمولہ//پٹن کے ہارترٹھ سنگھ پورہ میں پینے کے صا ف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف مقامی لوگوں نے پی ایچ ای محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے کہا کہ وہ پچھلے سات روز سے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے آدھے گھنٹے تک ٹریفک کی نقل و حرکت بھی مسدود کردی۔اس دوران متعلقہ تحصیلدار نثار احمد موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ عنقریب اس مسئلہ کو حل کیا جارہا ہے اور متعلقہ محکمہ کو آگاہ کیا گیا ہے۔ تحصیلدار کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طور منتشر ہوگئے اور شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بحال کردی گئی۔
اونتی پورہ میں منشیات فروش گرفتار،چرس برآمد
سرینگر//اونتی پورہ پولیس نے ایک منشیات فروش محمد شعبان دار کوگرفتار کرکے اُس کے قبضے سے 300 گرام چرس پوڈر برآمد کی۔ مذکورہ منشیات فروش گلزار پورہ ، بیگ پورہ ، پنزگام اور اونتی پورہ میں نوجوانوں میں منشیات فروخت کرتا تھا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں پولیس تھانہ مٹن اننت ناگ میںایک ایف آئی آر زیر نمبر29/2020 کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔
آر ایس پورہ اوبزرویشن ہوم کا معائنہ
جموں// نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس ( این سی پی سی آر)کی چیئرپرسن پریانک قانون گو اور مشن ڈائریکٹر جے کے آئی سی پی ایس شبنم شاہ کاملی نے آر ایس پورہ کے اوبزرویشن ہوم کا دورہ کیا اور وہاں قیام پذیر کمسنوںسے ملاقات کی ۔ممبر سیکریٹری روپالی بینر جی سنگھ ، ٹیکنیکل افسران و دیگر لوگ دورے کے دوران پریانک قانونگو کے ہمراہ تھے۔چیئرپرسن این سی پی سی آر نے قیام پذیر کمسنوں کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔مشن ڈائریکٹر آئی سی پی ایس نے ٹیم کو جوینائل جسٹس کمیٹی اور چایلڈ پروٹیکشن سروسز کی طرف سے عمل میں لائے جارہے طریقہ کار کے بارے میں روشناس کیا۔ٹیم نے ناری نکیتن اور بال آشرم کا بھی دورہ کیا۔ٹیم نے بعد میں پولیس سٹیشن گاندھی نگر کا بھی دورہ کیا اور ماڈل پولیس سٹیشن میں فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔ چیئرپرسن نے جوینائل جسٹس سے متعلق پولیس عملے کو کپسٹی بلڈنگ کے عمل پر زور دیا۔ٹیم نے ہائیر سکینڈری سکول گاندھی نگر کا بھی دورہ کیا اور وہاں بچوں کو فراہم کی جارہی تدریسی و غیر تدریسی سہولیات کا جائزہ لیا۔متعلقہ ٹیم نے چائیلد ہیلپ لائن جموں اینڈ ٹریننگ سینٹر تالاب تلو کا بھی دورہ کیا ۔
جموں کشمیر ایمپلائز انشورنس سوسائٹی
سوربھ بھگت نے معاملات کا جائزہ لیا
جموں//کمشنر سیکریٹری محنت و روزگار سوربھ بھگت نے افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے جموں اینڈ کشمیر ایمپلائز انشورنس سوسائٹی سے متعلق کئی معاملات کا جائزہ لیا۔ کمشنر سیکریٹری نے گورننگ باڈی ، ایگزیکٹیو باڈی و دیگر قوانین کی منظوری کے علاوہ آئی ایم اوز ، اے ایم اوز اور ڈائریکٹر ای ایس آئی کو تفویض کئے جارہے اختیارات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ عوام الناس کے ساتھ رابطہ کر تے ہوئے ممبر شپ کو 2.95لاکھ سے مزید ایک لاکھ کا اضافہ کیا جائے۔اُنہوں نے اس سلسلے میں نامزد کئے گئے ہسپتالوں کا بھی جائزہ لیا او روہاں متعلقہ افراد کو فراہم کئے جارہے علاج و معالجہ کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 2020-21 کے مالی برس کے دوران 11نئی ڈسپنسریاں قائم کی جائیں گی جن سے ہر ضلع کی ایک ڈسپنسری کی ضروریات پور ی کی جاسکے گی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اومپورہ بڈگام میں 100بستروں والے ٹریشری ای ایس آئی ہسپتال کی تعمیر اور بڑی براہمنا ای ایس آئی ہسپتال کو 75 سے 100 بستروں تک اَپ گریڈ کرنے سے متعلقہ افراد مستفید ہوں گے۔
ای ٹینڈرنگ کے ذریعے ترقیاتی کام
پولیس ہائوسنگ کارپوریشن عملائے گی
جموں/ /جموںاینڈ کشمیر پولیس ہائوسنگ کارپوریشن نے ای ٹینڈرنگ کا عمل شروع کیا ہے اور اسی عمل کے ذریعے کارپوریشن کو تفویض شدہ ترقیاتی کاموں کو عمل میں لانے کا پروگرام بنایا ہے ۔یہ اقدامات محکمہ خزانہ کی اُن ہدایات کے تحت اُٹھائے جارہے ہیں جن میں تمام کارپوریشنوں / بااختیار محکموں بشمول جے اینڈ کے پولیس ہاوسنگ کارپوریشن کو شفافیت کے عمل کے تحت سول کاموں کو عمل میں لانا ہے ۔اِس سلسلے میں پولیس ہاوسنگ کارپوریشن نے تما م کاموں کو عملانے کے لئے ای ٹینڈرنگ شروع کی ہے جن میں 372کروڑ روپے کی لاگت سے عمل میں لائے جارہے پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔