جموںکشمیرمیں منتخب عوامی حکومت کا قیام ناگزیر
سرینگر //پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ نے عوام اورانتظامیہ کے درمیان پائی جانے والی خلیج پرتشویش کااظہار کرتے ہوئے جموں کشمیرمیں ایک منتخب عوامی حکومت کے فوری قیام پرزوردیا ہے تاکہ عوام کے مسائل کو حل کیا جائے۔ایک بیان کے مطابق پیلزڈیموکریٹک فرنٹ کے ورکروں کے ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین حکیم محمد یاسین نے کہا کہ لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کیلئے جموں کشمیرمیں ایک منتخب عوامی حکومت کا قیام ناگزیر ہے کیوں کہ زمینی سطح پرعوام اورانتظامیہ کے درمیان قریبی رابطہ اور تال میل نہ ہونے کی وجہ سے عوامی مشکلات میں روزاضافہ ہورہا ہے ۔انہوں نے مرکزی حکومت کے اس دعوے کہ جموں کشمیرمیں دفعہ370کی تنسیخ کے بعد تعمیروترقی کانیا دور شروع ہوگا،کوسراب سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے اورریاست کی معاشی اور اقتصادی حالت دن بدن بدتر ہوتی جارہی ہے ۔حکیم یاسین نے حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف محکموں میں روزانہ اُجرتوں پر کام کرنے والے ورکروں کے مطالبات کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
وادی میں کولڈ زاسٹوروں کی صلاحیت میں اضافہ کیا جارہا ہے:ناظم باغبانی
سرینگر//محکمہ باغبانی کا کہنا ہے کہ سرکار کشمیر وادی میں سی اے سٹوروں کی صلاحیت کو بڑھاوا دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور اُمید ہے کہ سال رواں کے آخر تک کشمیر میں کولڈ سٹوروں میں میوہ زخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.70 میٹرک ٹن تک پہنچ جائے گی ۔باغبانی شعبہ کے ساتھ منسلک اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران محکمہ کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بٹ نے کہا کہ مرکزی سرکار کشمیر وادی میں اس شعبہ کو بڑھاوا دینے کیلئے سنجیدہ ہے ۔سی اے سٹور مالکان ، اپیل گرورس اور فروٹ گرورس ایسوی سے وابستہ افراد کے ساتھ منعقد ہونے والی اس کا میٹنگ کا مقصد ایک دوسرے کے مابین گریڈ نیٹ ورک میں مضبوطی پیدا کرنا تھا۔ ڈائریکٹر نے اس دوران فیصلہ لیا کہ کلسٹر نقطہ نظر کو تشکیل دیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سی اے سٹوروں کی گرفت کو بڑھانے کیلئے ہر ممکن کوشش اور مواقع کو بروکار لا رہا ہے تاکہ اس صنعت میں مزید اضافہ ہو ۔انہوں نے مزید کہا کہ ای ایم سی سکیم کے تحت حال ہی میں مرکزی سرکار نے سی اے سٹوروں کی ایک بڑی تعداد کو منظوری دی ہے ۔انہوں نے سی اے سٹور مالکان سے تاکید کی کہ وہ آنے والے سیزن میں فروٹ گرورس کو بہتریں خدمات فراہم کریں اور کاشتکاروں کو بلا معاوضہ مظاہرے فراہم کریں ۔محکمہ کے مطابق وادی کشمیر میں اس وقت مختلف تاجروں نے کافی تعداد میں کولڈ سٹور قائم کر رہے ہیںجن کی صلاحیت تقریبا1.17لاکھ میٹر ٹن ہے اور امکان ہے کہ اس سال کے آخر تک یہ بڑھ کر 1.70میٹرک ٹن تک پہنچ جائے گی تاہم کشمیر وادی میں ابھی تک 4لاکھ میٹرک ٹن میوہ کوذخیرہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔
ڈانگر پورہ بڈگام کاشہری بجلی کرنٹ لگنے سے لقمۂ اجل
بڈگام//ارشاداحمد// ڈانگر پورہ بڈگام کاایک شہری بجلی کی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا، تاہم محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام کے مطابق مذکورہ شہری از خود بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر دوران بجلی سپلائی ترسیلی لائنوں کے ساتھ کچھ کام کررہا تھا کہ اچانک کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق55 سالہ شہری عبدالرشید ڈار ولد محمد شعبان ساکنہ ڈانگر پورہ بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر ترسیلی لائنوں کو درست کررہا تھا کہ اچانک شدت سے کرنٹ لگنے سے گرگیا۔ اُسے فوری طور اگرچہ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاںڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔مہلوک کے رشتہ داروں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیا کہ محکمہ کی لاپرواہی سے مذکورہ شہری ہلاک ہوا۔ادھر محکمہ بجلی کے اعلیٰ حکام نے بتایا کہ مذکورہ شہری از خود بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر بغیر بجلی سپلائی منقطع کئے ترسیلی لائنوں کو درست کرنے لگاکہ کرنٹ لگنے سے جان بحق ہوگیا۔ ادھر مہلوک کی لاش جب گھر لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔
ترال میں لوڈ کرئیر حادثے کا شکار
ایک ہلاک، خاتون سمیت4زخمی
ترال//سید اعجاز//نازنین پورہ ترال میں ایک لوڈ کیرئیر کے الٹ جانے سے ایک شخص ہلاک اورخاتون سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق سنیچر صبح ایک لوڈ کیرئیرپینرجاگیر جارہاتھاجس دوران نازنین پورہ کے مقام پر یہ الٹ گیاجس کے نتیجے میں لوڈ کیریئر میں سوارخاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ،جنہیں فوری طور سب ضلع اسپتال ترال پہنچایا گیاجہاں ایک زخمی عبدالرحمن پرے ساکن کوئل شکارگاہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔اسپتال ذرائع کے مطابق باقی زخمیوں کی حالت مستحکم ہے ۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
تارکول بیرل پھٹ جانے سے دھماکہ
ٹنگمرگ میں 3 مزدور جھلس گئے
ٹنگمرگ//بمشتاق الحسن //ٹہ پورہ کنزرٹنگمرگ میں ہاٹ مکس پلانٹ میں تارکول بیرل میں آگ لگنے سے تین مزدور شدیدطور جھلس گئے۔اطلاعات کے مطابق بٹہ پورہ کنزر میں ہارٹ مکس پلانٹ میں اسوقت آگ بھڑ ک اُٹھی جب پلانٹ کے خراب موٹر کی آپریٹر مرمت کررہا تھا۔ اس دوران آپریٹر نے جونہی مشین سے تارکول بیرل باہر نکالا، تواس میں اچانک آگ نمودار ہوتے ہی زوردار دھماکہ ہوا جسے وہاں موجود تین مقامی مزدور آگ کی لپیٹ میں آکر جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کی شناخت محمد لطیف شاہ ولد غلام قادر ،بلال احمد شاہ ولد محمد اکبر شاہ، وسیم احمد شاہ ولد عبدالسلام شاہ ساکنان بٹہ پورہ کنزر کے طور ہوئی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے محمد لطیف شاہ اور بلال احمد شاہ کو فوری طور سری نگر منتقل کیا جبکہ وسیم احمد شاہ کو پرایمری ہیلتھ سینٹر کنزر میں ہی زیر علاج رکھا گیا۔
پنچایتی نمائندوں کے مشاہرہ میں اضافہ کیاجائے:الطاف ٹھاکر
سری نگر//بھارتیہ جنتاپارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکرنے مطالبہ کیا ہے کہ سرپنچوں کے ماہانہ مشاہیرہ کو5000سے بڑھا کر10000روپے کیاجائے اورپنچوں کا مشاہیرہ3000روپے سے6000روپے کیاجائے تاکہ وہ بھی باعزت زندگی گزار سکیں۔ پانپور میں اینٹری پرینورڈیولپمنٹ ایسٹی چیوٹ میں پنچوں اور سرپنچوں کے وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد ایک بیان میں الطاف ٹھاکور نے کہا کہ سرپنچوں اور پنچوں کو ماہانہ قلیل مشاہیرہ دیاجاتاہے ۔انہوں نے ایل جی پرزور دیا کہ وہ اس معاملہ کوترجیحی بنیاد پر دیکھیں اورسرپنچوں اور پنچوں کے مشاہیرہ میں اضافہ کریں ۔کشمیربھرمیں پنچایتی نمائندوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے پر اطمینان کااظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنچایتی نمائندوں کو ان کی رہائش گاہوں پر صاف کھانا پانی فراہم کیاجائے ۔انہوں نے پنچوں اورسرپنچوں کیلئے وائی فائی سہولیات کابھی مطالبہ کیا
لداخی خاتون کی لاش پاکستان میںدریاء سے بازیاب
کرناہ میںحد متارکہ پرہندوستانی فوج کے سپرد
اشر ف چراغ
کپوارہ//لہیہ لداخ کی ایک خاتون کی لاش پاکستان میں بازیاب کی گئی جو اپنے ہی گھر کے نزدیک ایک دریا میں غرقآب ہوئی تھی ۔ہفتہ کو پاکستانی فوج نے لاش کو شمالی ضلع کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میںحد متارکہ پر ہندوستانی فوج کے سپرد کر دیا۔خیر انساء دختر محمد ابراہیم ساکن ترتک لیہہ اپنے گھر کے نزدیک 26اگست کو دریا میں غر قآب ہوئی تھی جس کے بعد ان کی تصویر پاکستانی حکام کو بھیج دی گئی تاکہ اس کی شنا خت ہو سکے ۔ 18روز بعد مذکورہ خاتون کی لاش کو پاکستانی فوج نے بازیاب کیا ۔فوج نے لاش کو بعد میں پولیس اور مقامی انتظامیہ کے حوالہ کیا جنہوں نے اسے لو احقین کے سپرد کر دیا ۔
نوجوان صحافیوں کی صلاحیت سازی
سمبل میں آ ج تربیتی ورکشاپ منعقد ہو گا
سرینگر//انجمن اردو صحافت جموں وکشمیربانڈی پورہ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آج یعنی اتوارکو ڈاک بنگلہ سمبل میں بانڈی پورہ اور گاندربل اضلاع کے عامل صحافیوں کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کر رہی ہے۔ ورکشاپ میں ماہرین کی حیثیت سے سینئر صحافی اور بی بی سی جموں وکشمیر کے بیورو چیف ریاض مسرور، سینئر صحافی اور تجزیہ کار ہارون ریشی، سینئر صحافی اور مدرس شعبہ صحافت راشد مقبول، سینئر صحافی منوہر لالگامی اور براڈ کاسٹ جرنلسٹ سید تجمل کی شرکت متوقع ہے۔دونوں اضلاع سے تعلق رکھنے والے انجمن کے سبھی ساتھیوں کیلئے اس اہم تربیتی ورکشاپ میں شرکت لازمی قرار پائی ہے جبکہ انجمن سے باہر ان دونوں اضلاع کے عامل صحافی بھی ورکشاپ میں شرکت کر سکتے ہیں ۔ورکشاپ صبح ساڑھے نو بجے شروع ہوکر شام چار بجے اختتام پذیر ہوگا۔
کوکرناگ میں خاتون ریچھ کے حملے میں زخمی
اننت ناگ/عارف بلوچ/کوکرناگ میں ایک خاتون ریچھ کے حملے میں زخمی ہوگئی ۔آمنہ بانو زوجہ عبدالاحد وگے ساکن سنزی گڈول باغ میں کام کر رہی تھی کہ اس دوران ریچھ نے اس پر حملہ کیا جس کے سبب وہ شدید زخمی ہوگئی۔خاتون کو علاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔
لوہر گڈول سڑک کی خستہ حالی سے عوام مشکلات سے دوچار
اننت ناگ /عارف بلوچ//لوہر گڈول سڑک کی خستہ حالی کے نتیجے میںمقامی آبادی کو عبورومرور میں سخت مشکلات در پیش ہیں۔لوہر سنزی سڑک ناقابل آمدروفت بن چکی ہے ۔سڑک پر گہرے کھڈ بن چکے ہیں ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر6سال قبل میکڈم بچھایا گیاہے لیکن اب سڑک انتہائی خستہ ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوکرناگ کانسچونسی کی بیشتر رابط سڑکوں کو میکڈامائز کیا گیا تاہم اس سڑک کو نظر انداز کیا گیا ۔لوگوں نے آر اینڈ بی محکمہ کے حکام سے اپیل کی ہے کہ موسم سرما سے قبل اس سڑک پربھی میکڈم بچھایا جائے۔
لون ہرے کرالہ پورہ میں محکمہ مال کی ٹیم پر حملہ
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے لون ہرے کرالہ پورہ میں محکمہ مال کو اس وقت چند افراد کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑا جب وہ ایک شہری کی طرف سے بند کئے گئے راستہ کو کھولنے کیلئے وہا ں پہنچ گئے ۔ لون ہرے کرالہ پورہ میں عبد الرشید لون ولد ثناء اللہ لون کے مکان کے سامنے مین گیٹ پر چند لوگوں نے ٹین لگا کر اسے بند کر دیا جس کی وجہ سے عبد الرشید لون اور اس کے اہل خانہ کا عبور و مرور مشکل بن گیا اور وہ کئی روز سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر سے باہر تھا۔عبد الرشید نے قانونی راستہ اختیار کر محکمہ مال کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جس کے بعد نائب تحصیلدار کی سر براہی میں ایک ٹیم وہا ں پہنچ گئی اور متعلقہ تحصیلدار کو اپنی رپورٹ پیش کی ۔متعلقہ تحصیلدار نے نائب تحصیلدار کی قیادت میں راستہ کھولنے کے لئے ایک ٹیم وہا ں روانہ کی تاہم جو ں ہی محکمہ مال کی ٹیم وہا ں پہنچ گئی تو کچھ لوگوںنے ٹیم پر حملہ کیا جبکہ پٹواری حلقہ لون ہرے کے ساتھ نا شائستہ سلوک کیا اور ٹیم نے وہا ں سے بھاگنے میں عا فیت سمجھی ۔نائب تحصیلدار لون ہرے شبیر احمد پیر نے ٹیم پر حملہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتا یا کہ وہ راستہ کھولنے کیلئے گئے تھے کیونکہ جس شخص نے عبد الرشید کے گیٹ پر ٹین بندی کی وہ غیر قانونی ہے تاہم انہو ں نے محکمہ مال کی ٹیم پر حملہ کے حوالہ سے پولیس تھانہ کرالہ پورہ میں ایک تحریری شکایت درج کی ۔پولیس نے واقعہ کی نسبت ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 91 /2020درج کر کے تحقیقات شروع کر دی۔
سِوّل سوسائٹی گاندربل کے زیر اہتمام آن لائن مضمون نویسی مقابلہ
ارشاد احمد
گاندربل//سیول سوسائٹی گاندربل کے زیر اہتمام ٹائون ہال گاندربل میں آن لائن مضمون نویسی مقابلہ میں حصہ لینے والوں میں انعامات تقسیم کرنے کے لئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر شفقت اقبال،ایس ایس پی خلیل احمد پسوال،اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس شکیل احمد گنائی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ سیول سوسائٹی گاندربل کے کنوینر ڈاکٹر خورشید احمد، سیول سوسائٹی گاندربل اور کنگن کے زعما،ریٹائرڈ چیف ایجوکیشن آفیسر شیخ غیاث الدین بھی تقریب میں موجود تھے۔جونیئرزمرے میں 12 ویں جماعت اور سینئر زمرے میں12 ویں سے دیگرجماعتوں میںزیر تعلیم طلاب کیلئے منعقد کیا گیا جس میںمختلف اسکولوں کے 60 طلبہ نے حصہ لیا۔مقابلہ سیول سوسائٹی گاندربل کے ذریعہ کووڈ لاک ڈاؤن کے دور میں نوجوانوں کی تحریری صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال نے اس موقع پر اپنے خطاب میں نظام تعلیم میں موجودہ چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے معاشرے کے تمام فرقوں سے تعاون دینے پر زور دیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع میں تعلیم کے نظام میں کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس شکیل احمد گنائی نے مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لئے طلباء کو مفید مشورے دئے۔ایس ایس پی خلیل احمد پسوال نے معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں سول سوسائٹی کے کردار پر روشنی ڈالی۔
لاک ڈاؤن کے دوران اسکولی فیس کی وصولی
جموں کشمیر میں بھی گجرات ماڈل اپنایا جائے :جموں مسلم فرنٹ
سرینگر/ /جموں مسلم فرنٹ نے جموں وکشمیر انتظا میہ سے اپیل کی کہ گجرات حکومت کے طرز پرلاک ڈاؤن کے دوران اسکولی فیس وصول نہ کیا جائے۔انہوںنے لیفٹیننٹ گورنرسے اپیل کی کہ محکمہ تعلیم جموں کشمیر کو اسی نقشہ قدم پر چلنے کی ہدایت جاری کی جائے ۔ فرنٹ کے صدر قاضی امیر نے کہاکہ مارچ2020 سے جموں کشمیر مسلسل لاک ڈاون میں ہے اور معیشت کا دیوالیہ نکال چکا ہے۔تنظیم کے جنرل سکریٹری محمد صادق نے بھی اپیل کی کہ لوگوں کے مالی حالات کو مد نظر رکھ کر جموں وکشمیر میں گجرات ماڈل اپنایا جائے۔سی این ایس
لائوڈا کی انہدامی مہم، اشبراور نشاط میں متعدد ڈھانچے مسمار
سرینگر// جھیل ڈل اور اس کے مضافات میں غیر قانونی طور تعمیر کئے گئے ڈھانچوں کو ہٹانے کی مہم جاری رکھتے ہوئے لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (لائوڈا ) نے کل لشکری محلہ،اشبراور نشاط علاقوں میں متعدد تعمیرات کو ہٹایا ۔لائوڈا کے بیان کے مطابق کچھ خود غرض عناصر موجودہ کورونا بحران اور لاک ڈائون کا ناجائز فایداٹھا کر غیر قانونی طور تعمیرات کھڑا کررہے ہیں ۔بیان کے مطابق غیر قانونی طور ڈھانچے تعمیر کرنے والوں کے خلاف متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ۔
جموں میں کتوں کے کاٹنے کا معاملہ
رواں سال پانچ ہزار کے قریب کیس درج
جموں// جموں و کشمیر کے سرمائی دارلحکومت جموں میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ کتوں کے کاٹنے کا گراف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں کے محکمہ اینٹی ریبیز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان میں سے اکثریت کو آوارہ کتوں نے کاٹا ہوتا ہے۔ذرائع نے کہا کہ سال رواں کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ہسپتال میں کتوں کے کاٹنے کے 4 ہزار 6 سو 49 کیسز درج ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال گزشتہ کے دوران کتوں کے کاٹنے کے قریب گیارہ ہزار کیسز درج ہوئے تھے۔لوگوں کا الزام ہے انتظامیہ کے پاس آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کے لئے کوئی پالیسی نہیں ہے۔انہوں نے کہا سڑک پر چلنے کے دوران کتے راہگیروں کو ہی نہیں موٹر سائیکل سواروں کو بھی نہیں بخشتے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ جموں میونسپل کارپوریشن نے پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا عمل پہلے ہی شروع کیا ہے۔یو این آئی
ایچ ڈی ایف سی بنک کو اعزاز
آدتیہ پوری لائف ٹائم کارکردگی کے ایوارڈ سے سرفراز
سرینگر//معروف مالیاتی ادارے’’ ایچ ڈی ایف سی‘‘ بنک کے منیجنگ ڈائریکٹر آدتیہ پوری کو عالمی سطح کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ہندوستانی کارپوریٹ لیڈر اور مالیاتی ادارے’’ ایچ ڈی ایف سی‘‘ بنک کے منیجنگ ڈائریکٹر آدتیہ پوری کی اہلیت کو عالمی سطح پر پہلے بار تسلیم کرتے ہوئے’’ یوروومنی‘‘ ایوارڈ آف ایکسیلنس(فضیلت) 2020 کے لائف ٹائم اچیومنٹ(عمر بھر کاکردگی) کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔عالمی سطح کے مشہورکاروباری رسالہ نے بھارتی کارپوریٹ رہنما کو تسلیم کیا ہے۔عالمی سطح پر ہندوستانی بینک کی تعمیر میں آدتیہ پوری کی مہارت ایسے وقت میں تسلیم کی گئی جب ایسے ہی دوسرے ادارے موجود نہیں ہے۔بینکاری میں ان کے نمایاں کیریئر کے اعتراف میں عالمی مالیاتی میگزین کی جانب سے اعزاز کا اعلان کیا گیا ہے جو آئندہ ماہ ان کی سبکدوشی سے بالکل پہلے ہے۔اپنے اداریہ میں ، رسالہ لکھتا ہے ’’1994 میں ایچ ڈی ایف سی بینک کے قیام کے بعد سے ایچ ڈی ایس بنک کے منیجگ ڈائریکٹر آدتیہ پوری کی کامیابی کا اندازہ ان کی عدم موجودگی کے معیار سے لگایا جاسکتا ہے،جن میں اسکینڈلوں کی عدم موجودگی ، کسی بھی طرح کی ساکھ کو نقصان سے عدم موجودگی اور ڈرامہ بازی کی عدم موجودگی، ہندوستانی بینک عام طور پر اس طرح کے واقعات سے مبرا نہیں ہے۔ کبھی کبھار دھوکہ دہی سے متعلق گرفتاریوں کے چکر اور مایوس کن قرض دہندہ کی تباہ کاریوں کے درمیان تنازعات ، لیکن ایچ ڈی ایف سی بینک نے ترقی پانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔‘‘آدتیہ پوری نے اس اعزا پر اپنا ردعمل پیش کرتے ہوئے کہا’’ اس موقع پر میںاپنے تمام فریقین کی شراکت کو تسلیم کرتا ہوں جو اس سفر میں ہمارے ساتھ رہے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا’’میں ان میں سے ہر ایک کی طرف سے اس عزت افزائی کو عاجزی کے ساتھ قبول کرتا ہوں۔ اور یہ سفر ان کی مدد کے بغیر اتنا اچھا نہیں ہوسکتا تھا ‘‘۔ یہ ایوارڈز آدتیہ پوری کو گاہکوں پر مستقل توجہ دینے ، تمام فریقین کیلئے قدر قیمت میں اضافہ کرنے ، معاشرے کو کچھ واپس دینے کے علاوہ اعزاز اور اعتماد کے قابل برانڈ تیار کرنے کو تسلیم کرنا ہے۔ یوروومنی مزید لکھتے ہیں ،’’انہوں نے غیر مستحکم اداروں کو کم منافع بخش لیکن خطرناک قرض دینے سے اجتناب کیا ہے ، جس سے دوسروں کو قلیل مدتی نقصانات اور طویل مدتی نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، لیکن ایسا کرتے ہوئے یہ کسی نہ کسی طرح سب سے بڑا بینک بن گیا ہے۔ اور کاروباری سرمایہ کے ذریعہ ، اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے دوگنا ہ حجم میں تبدیل ہوا۔۔ 2012 تک سرمایہ کار بینک کے ساتھ اس قدر جڑگئے کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں اپنا سکہ جمادیا۔ یوروومنی کے ایوارڈ برائے ایکسی لینس(فضیلت) ایسے ایوارڈز ہیں جو ان اہم بینکوں اور بینکروں کے لئے اہمیت رکھتے ہیں۔ وہ 1999 میں قائم ہوئے تھے اور عالمی بینکاری کی صنعت میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی صنعت ہے۔
منریگا ملازمین کی رام بن میں ہڑتال جاری
ایم ایم پرویز
رام بن//ضلع رام بن میں مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگارضمانتی ایکٹ (منریگا) کے تحت خدمات انجام دے رہے ملازمین نے آر ڈی ڈی کمپلیکس کے سامنے مطالبات کے حق میں 28 ویں دن بھی اپنا احتجاج جاری رکھا۔ہڑتالی عارضی ملازمین کی مانگ ہے کہ ان کی خدمات کو باقاعدہ بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ وہ 2007 سے کم سے کم تنخواہوں پر کام کر رہے ہیں اور حکومت نے ابھی تک ان کی ملازمتوں کو باقاعدہ نہیں کیا۔ملازمین نے کہاکہ ضلع میں 150 سے زائد نوجوان منریگا اسکیم کے تحت ملازمت کر رہے ہیں جن کے ساتھ انصاف نہیںہوا۔ایسوسی ایشن کے ضلع صدر اشفاق احمد نے بتایا کہ محکمہ کے افسران کو متعدد بار میمورنڈم جمع کروائے گئے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی کیونکہ وہ مطالبات پر کان نہیں دھرتے۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنی اس ہڑتال میں مزید شدت لائیں گے۔انہوں نے کہاا کہ محکمہ کی طرف سے انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس ایکٹ کے تحت کام کرنے والے کارکنوں کی خدمات کو باقاعدہ بنایا جائے گا اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات پہلے ہی کئے جا چکے ہیں لیکن ابھی تک کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔
جموں میں 16513 مثبت معاملات
ہلاکتوں کی تعداد 143 پہنچ گئی
سید امجد شاہ
جموں//جموں صوبہ میں 8577فعال مثبت کیسوں کے ساتھ مجموعی طور پر 16513 مثبت معاملات رپورٹ ہوئے ہیں اور ایک 4سالہ لڑکے سمیت کووڈ 19 وبا پھیلنے کے بعدسے اب تک 143 افراد کی موت ہوگئی ہے۔انتظامیہ کی جانب سے بے ترتیب اور ٹارگٹ سیمپلنگ شروع کرنے کے بعد صوبہ میں مثبت معاملات میں اضافہ ہوا۔زیادہ تر مثبت کیس جموں کے ضلع سے سامنے آئے ہیں جہاں اب تک 7947 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ اس کے بعد ادھم پور میں 1398 ، راجوری 1364 ، اور کٹھوعہ میں 1285 معاملات ہیں۔ضلع سانبہ میں 1037 ، رام بن 794 ، ڈوڈہ 732 ، پونچھ 821 ، ریاسی 570 اور کشتواڑ میں 565 کیس رپورٹ ہوئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ضلع رام بن کو ریڈ زون میں رکھاگیاہے جبکہ ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع گرین زون میں ہیں۔سنیچر کے روز صوبہ بھر میں چھ اموات ہوئیں جن میں سے چار کا تعلق ضلع جموں سے ہے۔علاوہ ازیں جموں میں 250 مثبت معاملات ریکارڈ ہوئے جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 165 کم ہیں۔ضلع جموں میں اب تک85 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد راجوری میں 15 اور کٹھوعہ میں 11 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ صوبہ بھرمیں کووڈ 19 کے باعث اب تک 143 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔سنیچر کے روز چار سالہ بچے سمیت چھ افراد کی موت ہوئی۔چار سالہ لڑکا جسے جانی پور میں اپنی رہائش گاہ کی چھت پر کھیلتے ہوئے نیچے گرنے کے بعد علاج کے لئے جی ایم سی جموںہسپتال میں علاج کے لئے لایا گیا تھا،کی کورونا رپورٹ مثبت آئی۔مقتول کے والدین کے مطابق ’’نابالغ کو علاج کے لئے سروال ہسپتال لایا گیا اور پھر اسے جی ایم سی جموں منتقل کیا گیا کیونکہ اسے سر میں چوٹ لگی تھی‘‘۔تاہم اس کا ہسپتال میں کووڈ 19 ٹیسٹ مثبت ہوا اوراسے مزید علاج کے لئے متعلقہ وارڈ میں منتقل کر دیا گیالیکن اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ دم توڑ گیا ، جس سے کنبہ کے افراد اور لواحقین نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حکام کے دعوئوں کے برعکس کنبہ کے افراد نے الزام لگایا کہ ان کے بیٹے کو انفیکشن نہیں ہوا تھا اور ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے وہ زندگی کی جنگ ہار گیا۔بعد ازاں سول انتظامیہ اور مقامی پولیس نے صورتحال کو پرسکون کیا اور مظاہرین منتشر ہوگئے۔جی ایم سی میں مرنے والوں میں راجوری کے سندر بنی سے تعلق رکھنے والا ایک 60 سالہ شخص شامل ہے۔ اکھنور کے 27 سالہ نوجوان کو سڑک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تاہم اس کا بھی ٹیسٹ مثبت آیااور وہ دم توڑ گیا۔ درگا نگر (جموں) کے رہائشی 58 سالہ کی بھی کووڈ 19 انفیکشن کے باعث علاج کے دوران موت ہوگئی جبکہ نیو پلاٹ سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ شخص نے بھی دوران علاج دم توڑ دیا۔