فوڈ سیفٹی ٹیم کا شہر کے کئی بازاروں کا معائنہ
ہزاروں روپے مالیت کے سگریٹ ضبط
ککر بازار میں دکان سربمہر
سرینگر // فوڈ سیفٹی محکمہ نے کل سرینگر کے مختلف بازاروں میں معائنہ کے دوران ساڑھے14ہزار روپے مالیت کے سگریٹ ضبط کئے اور ککر بازار میں ایک دکان کو سربمہر کیا ۔اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی کی قیادت میں ایک ٹیم نے ایک غیر سرکاری انجمن کے اشترک سے شہر سرینگر کے کئی بازاروں کا معائنہ کیا جس دوران سگریٹ اور تمباکو کے دیگر اشیاء ضبط کئے گئے ۔ٹیم نے مختلف دکانوں سے ساڑھے14ہزار روپے مالیت کے سگریٹ اور تمباکو کے دیگر اشیاء ضبط کئے ۔ٹیم نے ککر بازار میں ایک دکان کو سیل کیا۔فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر شکیل الرحمان نے محکمہ کے فیلڈ عملہ پر زور دیا ہے کہ وہ COTP ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کریں ۔
زکورہ میں 2منشیات فروش گرفتار
سرینگر// منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران پولیس نے زکورہ میں 2منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چرس برآمد کیا ۔پولیس بیان کے مطابق زکورہ میں شیخ حمزہ کالونی کے نزدیک جموں و کشمیر بنک کراسنگ پر پولیس ناکہ پارٹی نے 2فراد کو مشکوک حالت میں دیکھ لیا اور انہیں رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی ۔پولیس نے دونوں افراد جن کی شناخت معراج الدین شیخ اور نجم الہدی ساکنان شیخ حمزہ کالونی زکورہ کو پکڑ لیا اور ان کی تحویل سے 1.4 کلو گرام چرس برآمد کیا گیا ۔پولیس نے دونوں منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف پولیس اسٹیشن زکورہ میں ایف آئی آر زیر نمبر105/2020 کے تحت کیس درج کیا ۔
راجباغ میں خطاطی کے فن پاروں کی نمائش
سرینگر// محکمہ سیاحت اورجے اینڈ کے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے اہتمام سے کل یہاں کونگپوش ہاوس بوٹ ریستوران راجباغ میں خطاطی کے فن پاروں کی نمایش کا آغاز ہوا ۔2روزہ نمائش میں حصہ لینے کیلئے وادی کے مختلف علاقوں سے 50سے زائد شرکاء نے اپنے ناموں کا اندراج کرایا ۔محکمہ سیاحت کے ناظم نثار احمد وانی ،جوائنٹ ڈائریکٹر تبسم کاملی اور دیگر افسروں نے کل افتتاحی سیشن کے دوران اسٹالوں کا دورہ کیا اور فنکاروں سے بات چیت کی ۔مختلف سکولوں کے طلباء کے علاوہ ثقافتی گروپوں سے وابستہ فنکاروں نے عربی ،فارسی اور کشمیری زبان میں اپنی خطاطی کی نمائش کی۔کچھ طلبا نے کینوس کی پینٹنگ پر خوبصورت خطاطی کے کام تخلیق کیے تھے۔ڈائریکٹر سیاحت کشمیر نے نمائش میں دور دراز مقامات سے ابھرتے ہوئے فنکاروں کی شرکت پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ اور نمائش کا مقصد فنکاروں کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جو اپنے فن کو پیش کرسکیں اور خطاطی کے بھرپور ڈیزائن کو بھی فروغ دے سکیں۔انہوں نے شرکا کو یقین دلایا کہ اس طرح کی ورکشاپوں اور نمائشوں کو باقاعدگی سے ان کے فن اور ہنر کو فروغ دینے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ ورکشاپ کے اختتام پر شریک افراد کواسناد دیئے جائیں گے۔
کشمیر یونیورسٹی کے سابق ڈپٹی رجسٹرار اندر جیت سنگھ فوت
وائس چانسلر اور دیگر افسران کا اظہار دکھ
سرینگر//کشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد،رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر ،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ایم وائی بٹ اور یونیورسٹی کے دیگر افسروں نے سابق ڈپٹی رجسٹرار، اندر جیت سنگھ کے فوت ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر آنجہانی کے جملہ سوگوران کیساتھ تعزیت کی اور اُن کی آتما کی شانتی کیلئے دعا کی۔اندر جیت سنگھ نے کشمیر یونیورسٹی میں مختلف عہدوں پر اپنے فرایض انجام دیے ہیں جبکہ انہوں نے یونیورسٹی کی بہتری کے لئے ہمیشہ اپنا تعاون پیش کیا ۔