سری گفوارہ پُراسرار طور 12سالہ لڑکے کی لاش بر آمد
عارف بلوچ
اننت ناگ // اننت ناگ میں ایک کم عمر لڑکے کی لاش ٹین شیڈ سے پر اسرار حالت میں بر آمد ہوئی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق 12 سالہ شوکٹ احمد ڈار ولد گل محمد ڈار ساکنہ پاڈن سلر سری گوفوارہ مقامی لڑکوں کے ساتھ کھیلنے کے لئے گھر سے نکلا تھا۔ مذکورہ لڑکا جب کافی دیر تک گھر واپس نہیں آیا جس کے بعد گھروالوں نے اس کی تلاش شروع کردی۔اس بیچ لڑکے کی لاش ٹین شیڈ سے پر اسرار حالت میں بر آمد کی گئی ہے۔پولیس نے قانونی لوازمات کے لئے نعش کو تحویل میں لے لیا۔
تیسرے مرحلہ کے پنچ اور سرپنچ انتخابات
بالترتیب61اور 49.25فیصد رائے دہندگان نے حصہ لیا
جموں//سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرمانے جانکاری دی ہے کہ جمعہ کو منعقد کئے گئے تیسرے مرحلے پنچ او رسرپنچ انتخابات 2020 میں بالترتیب 61فیصد ،اور 49.25فیصد رائے دہندگان نے حصہ لیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ تیسرے مرحلے میں 327 حلقوں میں پنچ کی خالی نشستوں کے لئے ضمنی پول کا انعقاد ہوا۔ پنچ ضمنی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 52118 میں سے کل 31844 ووٹران (جن میں 16600 مرد اور 15244 خواتین شامل ہیں) نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے ۔پولنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی اور دوپہر 2 بجے اختتام پذیر ہوئی۔ پنچ ضمنی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران جموں صوبہ میں 79.47 فیصد اور کشمیر صوبہ میں 59.63 فیصد رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ خالی سرپنچ انتخابات کے لئے 66حلقہ ہائے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران 49.25 فیصدرائے دہندگان نے ووٹ ڈالے ۔انہوں نے کہا کہ 80913 ووٹرا ن میں سے 39852 ووٹرا ن ( جن میں مرد 21307ووٹران اور خواتین 18545ووٹران شامل ہیں)نے اپنے ووٹ کاستعمال کیا۔ جموں صوبہ میں 74.74فیصد اور کشمیر صوبہ میں42.57فیصد ووٹران نے ووٹ ڈالے۔جموں صوبہ کے کشتواڑ میں سب سے زیادہ89.55 فیصد پنچ ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالے گئے جبکہ راجوری میں88.29 فیصد اور رام بن 86.10 فیصد رائے دہندگان نے اپنا حق رائے کا استعمال کیااورکشمیر صوبہ میں77.11فیصد ووٹ ڈالے گئے اورسب سے زیادہ ووٹ یعنی 74.21فیصد بڈگام میں فیصد اور بانڈی پورہ 64.88 فیصد ڈالے گئے ۔
’بھارت کے حق میں آواز اٹھانے والوں کو خطرہ لاحق‘
ڈی ڈی سی امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کی جائے: پیرزادہ
بلال فرقانی
سرینگر//کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر پیرزادہ محمد سعید نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات میں ان کے لیڈروں اور امیدواروں کو سیکورٹی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔پیرزادہ سید نے ہفتہ کوکہا کہ جموں و کشمیر میں جاری ضلعی ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات کے دوران ان کے امیدواروں اور لیڈروں کو سیکورٹی سے محروم رکھا گیا ہے۔کانگریس ہیڈ کواٹر واقع مولانا آزاد روڑ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ، پیرزادہ محمد سید ،جو کانگریس کے نائب صدرجی این مونگا کے ہمراہ تھے ، نے کہا کہ کانگریس لیڈراں اور ڈی ڈی سی امیدواروں کو سیکورٹی سے محروم کیا جارہا ہے ، حتی کہ متعلقہ عہدیدار بھی فون کال اٹھانے کی زحمت تک گوارا نہیں کرتے ہیں،جو اس بات کی عکاسی ہے کہ وہ ہماری زندگیوں کو دانستہ طور پر خطرے میںڈال رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا’’ سیکورٹی کے ساتھ آگے بڑھنا ضروری ہے کیونکہ جو بھی ہندوستان کے حق میں آواز اٹھائے گا ،اسے خطرہ لاحق ہے۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کوکر ناگ کے ساگام علاقے میں ایک ضلع ترقیاتی کونسل امیدوار کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیاجبکہ ماضی میں بھی جنگجوئوں کے حملوں میں کئی سیاسی کارکن اپنی زندگیوں سے محروم ہوئے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا’’ ہمیں سیکورٹی فراہم کرنے کی آوازوں کو کیوں سرد خانے کی نذر کیا جا رہا ہے‘‘۔
دنیشورشرما کے انتقال پر پولیس سربراہ کا اظہار تعزیت
سرینگر //پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے لکشدیپ کے ایڈمنسٹریٹر دنیشورشرما کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیشور شرما نے جموں وکشمیر میں مرکزی سنٹرل انٹلیجنس ایجنسی میں خدمت انجام دی تھی۔انہوں نے کہا کہ 90کی دہائی میں وہ انٹلیجنس بیورو کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے یہاں سربراہ رہے ۔ڈی جی پی نے شرما کو ایک قابل پولیس افسر قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف قومی سلامتی بلکہ پولیس انتظامیہ میں بھی اپنا نمایاںکردار ادا کیا۔ڈی جی پی نے آنجہانی کی روح کے دائمی سکون کیلئے دعا کی اور سوگوار کنبے کے ساتھ گہری ہمدردی کا اِظہار کیا ہے۔
کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کی: عمر عبداللہ
سرینگر//سابق مذاکرات کار دنیشور شرماء کے انتقال پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ آنجہانی کشمیر کے حوالے سے ایک سنجیدہ شخص تھے جنہوںنے مرکز اور جموںکشمیر کے درمیان دوریوں کو مٹانے اور کشمیریوں کی خواہشات کی بھر پور ترجمانی کی تاہم بدقسمتی سے وہ اس سرکار میں جموں کشمیر کیلئے مذاکرات چنے گئے جو سرکار کشمیر کے حوالے سے ہمیشہ غیر سنجیدہ رہی ہے ۔ ٹویٹ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ موجودہ سرکار کشمیریوں کی بات سننے کیلئے تیار نہیں تھی تاہم دنیشور شرماء نے بھر پور طریقے سے کشمیریوں کو درپیش مشکلات سے سرکار کو آگاہ کیا تھا ۔ انہوںنے کہا کہ ان کے انتقال کی خبر سن کر ذاتی دکھ پہنچا ہے۔
کپوارہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر 2 ملازم معطل
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ میں انتخابی ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ضلع انتظامیہ نے محکمہ ہیلتھ اور محکمہ جل شکتی کے 2 ملازمین کو نوکریوں سے معطل کیا ۔زب ماگام ہندوارہ سے تعلق رکھنے والے غلام محی الدین ،جو محکمہ ہیلتھ بلاک میڈیکل زچلڈارہ میں تعینات ہیں ،نے ضلع ترقیاتی کونسل الیکشن نطنوسہ نشست کے لئے نامزدگی فارم جمع کیا تاہم اس کے فار م کو اس بناء پر رد کیا گیا کہ وہ سرکاری ملازم ہے جس کے بعد غلام محی الدین نے اپنے بیٹے فیصل محی الدین کے نامزدگی فارم جمع کئے اور اس کے حق میں انتخابی مہم شروع کی ۔جب ضلع انتظامیہ کو یہ خبر ملی کہ غلام محی الدین اپنے بیٹے کی الیکشن مہم چلاتے ہیں جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔ضلع انتظامیہ نے غلام محی الدین کو ضابطہ اخلاق کی خلا ف ورزی کرنے کی پاداش میں ایک حکم نامہ زیر نمبر DCK/PS/2020/04/2551/58جاری کر کے تا حکم ثانی معطل کیا ہے اور اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ کے دفتر سے منسلک کیا ۔اس دوران ایسی ہی ایک شکایت سوگام لولاب علاقہ سے انتظامیہ کو مو صول ہوئی کہ محکمہ جل شکتی میں کام کر رہے ریا ض احمد تانترے بھی ضلع ترقیاتی چنائو کے ودران سیاسی میٹنگوںمیں شرکت کے علاوہ الیکشن مہم چلا رہا ہے جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے معاملہ کا سخت نو ٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ معاملہ سے متعلق تحقیقات کرنے کو کہا ۔ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر کو ریا ض احمد تانترے کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں تا حکم ثانی ایک حکم نامہ زیر نمبر DSK/PS/2020,271/3517/91کے تحت معطل کر دیا اور اس کو متعلقہ محکمہ کے اکاونٹ آ فس سے منسلک کیا گیا ۔معطل شدہ ملازمین سے کہا گیا کہ وہ 15روز کے اندر اندر اپنی پوزیشن واضح کریں ۔
کولگام میں دوشیزہ سے جنسی زیادتی ، ملزم گرفتار
عارف بلوچ
اننت ناگ//کولگام میں پولیس نے ایک نابالغ لڑکی کوجنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کوگرفتار کرلیا ہے ۔دیوسر پولیس اسٹیشن میں ایک شہری کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ اس کی نابالغ بہن نام(مخفی)جس کی عمر 17سال ہے، کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے ۔جنسی زیادتی کے بعد متاثرہ کا ویڈیو بنا کر اسے سماجی رابط گاہوں پر وائرل کیا گیا ہے۔شکایت موصول ہوتے ہی پولیس ٹیم ایس ایچ او دیوسر جاذب نظر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی اور تمام ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ملزم محمد امین بٹ ولد محمد اسحاق بٹ ساکنہ گڈر کولگام کو 6گھنٹوں کے اندر ہی گرفتار کیا گیا ۔پولیس نے معاملے کے حوالے سے کیس زیر 120/20 US 376,506 IPCکے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔اس بیچ مقامی آبادی نے پولیس کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
گگن گیر میں بیت الخلاء 2015سے ناقابل استعمال
غلام بنی رینہ
کنگن//سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی بیت الخلاء خستہ حالی کا شکار ہیں۔ سرینگر سونہ مرگ شاہراہ پر واقع گگن گیر کے مقام پر کئی برس قبل سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے لاکھوں روپے کی لاگت سے شاہراہ پر ایک بیت الخلاء تعمیر کیا تاکہ شاہراہ پر سفر کرنے والے سیاحوں اور عام لوگوں کو بشری حاجت کے لئے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سال 2015تک اس بیت الخلاء کی دیکھ ریکھ باضابطہ سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کررہی تھی لیکن ایک دن بادل پھٹنے کی وجہ سے سیلاب آیا اور سیلابی پانی کی وجہ سے بیت الخلاء کے اندر پتھر اور دیگرملبہ جمع ہوگیا جس کے بعد آج بیت الخلاء ناکارہ ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے آج تک اس بیت الخلاء کو قابل استعمال بنانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔
پانپور میں4قمار باز گرفتار ،داؤ پر لگائی گئی رقم ضبط
سید اعجاز
ترال//اونتی پورہ پولیس نے باگندر پانپور میں 4قمار بازوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔پولیس نے گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت مدثر احمد میر ساکن کدلہ بل پانپور،عادل مقبول ڈار،نمبلہ بل ،معراج الدین ساکن لدل بل اورفیاض احمد حجام ساکن کدلہ بل پانپور کے طور کی ہے ۔پولیس نے اس موقع پرداو پر لگائے گئے 13330روپئے اور تاش کے پتے بھی ضبط کئے ۔اس حوالے سے ایک کیس زیر نمبر97/2020درج کرلیا گیا ہے۔
فرصل یاری پورہ میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج
شیڈول کے مطابق برقی روفراہم کرنے کا مطالبہ
سرینگر //کولگام کے فرصل یاری پورہ میں لوگوں نے بجلی سپلائی کی عدم دستیابی کے پیش نظر محکمہ بجلی کے خلاف زوردار احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔احتجاج میں شامل لوگوں نے شیڈول کے مطابق برقی رو فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاجی صارفین نے فرصل بجبہاڑہ سڑک پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حرکت کو روک دیا اور محکمہ بجلی کے خلاف زور دار نعرے لگا رہے تھے۔احتجاج میں شامل لوگوں نے بتایا کہ وہ بجلی کے کٹوتی شیڈول سے انتہائی تنگ آ چکے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہی نہیں چلتا ہے کہ بجلی کب آئی یا گئی۔انہوں نے کہاکہ موسم سرما میں بجلی کی فراہمی کے بارے میں پی ڈی ڈی کے دعوے زمینی حالات کے برعکس ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گائوں میں بجلی محکمہ اپنے ہی شیڈول کا کوئی پاس لحاظ نہیں رکھتا ہے بلکہ اس کے برعکس پایا جا رہا ہے۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔(کے این ایس)
عدالت نے غیر معیاری دوائی تیار کرنے پر 40ہزارروپے جرمانہ عائد کیا
سرینگر//چیف جوڈیشل مجسٹریٹ اننت ناگ نے غیر معیاری دوائی (EMLO-A)تیار کرنے کے الزام میں ملزم کو سزا سناتے ہوئے 40ہزارروپے جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ مستقبل میں اس طرح کی حرکت کیلئے سخت انتباہ کیا گیا ہے۔ ملزم پر سی جے ایم اننت ناگ کی عدالت نے دفعہ 18 (اے) شق(i) کی منشیات و کاسمیٹکس قانون مجریہ1940 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا تھا۔مارچ 2013میں ڈرگ کنٹرول آفیسراننت ناگ نے ٹیسٹ،و تجزیہ مقصد کے لئے معمول کے نمونے لینے کے سلسلے کے طور پر متعدد ادویات اٹھائی تھی،اور انہیں غیر معیاری پایا گیا تھاکیونکہ نمونے میں موجود املوڈپائن بیسلیٹ کے مندرجات دعوے سے کم پائے گئے تھے۔
چرارشریف ہسپتال کی نئی عمارت کا افتتاح کب ہوگا؟مقامی لوگوں کا سوال
بڈگام// چرارشریف میں قائم ہسپتال کی پرانی عمارت خستہ ہوچکی ہے جبکہ نئی عمارت میں صرف بجلی سپلائی کی عدم دستیابی کے سبب ابھی افتتاح نہیں کیا جارہا ہے۔محکمہ صحت نے 2015 میں تینوں عمارتوں کے باہر ایمبولینس گاڑیوں کیلئے گیراج، رہائشی کوارٹر، میٹنگ حال اور سب سے اہم ایک عمارت تعمیر کرنے کیلئے جے کے پی سی سی کے سپرد کیا جس کے دو سال بعد اگر چہ تعمیراتی کام شروع کیا گیا لیکن پھر اچانک کام بند کیا گیا۔ایک مقامی شہری وسیم احمد نے بتایا کہ دو سال کے دوران اس اہم پروجیکٹ پر دوبارہ کوئی کام شروع نہیں کیا گیا ۔ قصبہ کے لوگوں نے ہسپتال انتظامیہ اور مذکورہ تعمیراتی ایجنسی کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔مقامی لوگوں نے اس سلسلے میںصوبائی کمشنر اور ڈائریکٹر ہیلتھ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔جے کے این ایس
کرناہ کے چک خاندان کو صدمہ
بشیر احمد دل کا دصورہ پڑھنے سے فوت
سرینگر //کھوڑپارہ کرناہ کے ایک معروف میکینک بشیر احمد چک سنیچر کی صبح دل کا دورہ پڑھنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 55سال تھی ۔مرحوم کو سنیچر کے روز اُن کے آبائی گھر کھوڑپارہ میںسینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں سپردخاک کیا گیا ۔ مرحوم نہایت ہی قبل میکنک تھے، انہیں نہ صرف گاڑیوں کو ٹھیک کرنے کی مہارت حاصل تھی،بلکہ 2میگاواٹ بجلی پروجیکٹ پنگلہ ہڑی ڈل میں جب کبھی بھی کوئی خرابی پیش آجاتی تھی تو وہ اس کی مرمت میں بھی پیش پیش رہتے تھے ۔بشیر احمد چک کی موت پر محکمہ بجلی کے کچھ ایک افسران جن کے ساتھ انہوں نے خدمات انجام دی ہے وہ بھی صدمے میں ہیں ۔اے ای ای جنید احمد میر نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ بشیر احمد کی موت سے انہیں زاتی صدمہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ بجلی میں ملازم نہ ہونے کے باوجود بھی ان کی مدد کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں جبکہ ایک اور افسر محمد اقبال قریشی نے بھی ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ کلچرل اکیڈمی کے شعبہ پہاڑی کے ایڈیٹر کم کلچر افسر محمد ایوب نعیم اور کشمیر عظمیٰ کے سنیئر نامہ نگار اشفاق سعید نے بھی دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے سوگواران سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے ۔