راجوری میں کورونا وائرس کیسوں میں ریکارڈ اضافہ
دونوں سرحدی اضلاع میں 154نئے معاملات ،2کی موت
سمت بھارگو
راجوری //سرحدی ضلع راجوری میں کووڈ معاملات میں مسلسل اضافہ ہوتاجارہا ہے جبکہ گزشتہ روز ریکارڈ 111نئے کیس سامنے آئے ہیں ۔اسی طرح دونوں سرحدی اضلاع میں 154نئے معاملات سامنے آئے ہیں جبکہ دو افراد کی موت بھی ہوئی ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرراجوری شیر سنگھ نے بتایا کہ ضلع بھر سے ایک دن میں ریکارڈ 111کووڈ کیس سامنے آئے ہیں جو کہ کووڈ شروع ہونے کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ کیس ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سامنے آنے والوں کیسوں میں 7مسافر ،2ان کے رابطہ میں آنے والے جبکہ 102مقامی افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔اسی دوران وائرس کا شکار سندر بنی کا ایک شخص بھی لقمہ اجل بن گیاہے ۔اسی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں 43نئے کووڈ کیس سامنے آئے ہیں ۔جن میں دس مسافر جبکہ دیگر مقامی افراد بھی وائرس کا شکار ہوئے ہیں ۔ضلع میں گزشتہ روز کووڈ کا شکار ایک شخص کی موت بھی ہوئی ہے ۔
سڑک حادثے میں کمسن لقمہ اجل
راجوری //راجوری ضلع کے درہال علاقہ میں ایک سڑک حادثے کے دوران ایک کمسن کی موت واقعہ ہو گئی ۔مرحوم کمسن کی شناخت حبیب ولد شفاعت احمد سکنہ درہال نڑیاں کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ کمسن سڑک کے کنارے چل رہا تھا کہ اسی دوران ایک تیز رفتار ٹپر نے اس کو کچل کر شدید زخمی کر دیا ۔اس کو علاج معالجہ کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج زندگی کی جنگ ہار گیا ۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک کیس مقامی پولیس سٹیشن میں درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
پونچھ میں کوڈ 19نوڈل افسران کا اجلاس
وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل
حسین محتشم
پونچھ//کورونا وائرس کے پھیلائوں کو مزدید بڑھنے سے روکنے کے لئے پونچھ ضلع انتظامیہ کی جانب سے بڑی سطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس سلسلہ میں ضلع نوڈل افسر پونچھ زمود احمد کی قیات میں تمام تحصیلوں، نیابتو اور پنچایتوں کے نوڈل افسران کا ایک اہم اجلاس ڈگری کالج پونچھ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جہاں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران ضلع نوڈل افسر اور دیگر ماہرین نے ضلع بھر میں کوڈ 19میں ملوث افراد کی نشان دہی، ان کو قرنطینہ کرنے، بہت زیادہ بیمار ہونے والے مریضوں کو ہسپتالوں اور آئیسولیشن میں منتقل کرنے اور ان کا علاج کرنے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کر کے اہم فیصلے لئے۔اس موقع پر موجود تمام نوڈل افسران کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کے سلسلہ میں پوری طرح متحرک رہیں۔مٹینگ کے حوالے سے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ضلع نوڈل افسر زمود احمد نے کہا کہ کوڈ19کے خطرات بہت بڑھ گئے ہیں اس لئے پورے ضلع میں بہت سے کام کرنے ہیں، اسی سلسلہ میں آج کی یہ مٹینگ منعقد کی گئی۔انہوں نے کہا ضلع کے3لاکھ 70ہزار کے لگ بھگ عوام کو ویکسین کے ٹکے لگانے ہیں،اس کے علاوہ لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے متعلق بیدار کرنا ، کوڈ میں ملوث افراد کا معقول علاج کروانا، ان کی وجہ سے مزید پھیلائو نہ ہو اس طرح کے بہت سے معاملات ہیں جن پر میٹنگ میں بات چیت کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تحصیل سطح پر تحصیلدار کو نوڈل افسر بنایاگیا ہے ان کے ساتھ بلاک میڈیکل افسر اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر کو ذمہ داری دی گئی ہے۔انہوں نے کہا نیابت کی سطح پر نائب تحصیلداروں کواور ان کے ساتھ لیکچرار اور دیگر ملازم لگائے گئے ہیں اور اسی طرح پنچایت سطح پر اور وارڈ کی سطح پر بھی کمیٹیوں میںبی ایل اوز ، آنگن واڑی ورکر اور آشا ورکرس تعینات کی گئی ہیں تاکہ کوڈ 19کے معاملات کے علاوہ لوگوں کی ویکسی نشن کی جا سکے اور دیگر مسائل کو بھی حل کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانوں خو تحفظ فراہم کرنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔