نوشہرہ سیکٹر میں اہلکار زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ //حد متارکہ پر نوشہرہ سیکٹر میں بابا کھوڑی علاقے کی چار سرحدی چوکیوں پر پیر کے سہ پہر ساڑھے تین بجے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاعات تک جاری تھا۔ اس دوران فوج کا ایک اہلکار زخمی ہواہے جس کی شناخت پربھاکر کے طور پر ہوئی ہے ۔
بانڈی پورہ میں 10فروری کو لوک عدالت کا انعقاد ہوگا
بانڈی پورہ//سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بانڈی پورہ کے مطابق ضلع میں 10فروری کوایک قومی لوک عدالت کا اہتمام ہوگا جس میں جرائم،ازدواجی تنازعات،ایم اے سی ٹی معاملات،معاوضے،جائیداد اورلیبر تنازعات کے علاوہ دیگر معاملات باہمی افہام وتفہیم سے حل کئے جائیں گے۔ایسے عرضی دہندگان جو کہ مذکورہ لوک عدالت میں اپنے معاملات حل کرنے کے خواہاں ہیں ،سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے متعلقہ آفیسران کے ساتھ رابطہ قائم کریں۔
فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت گاندربل میں کارروائی
مختلف کمپنیوں پر 4 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد
گاندربل//ارشاد احمد//منی سیکریٹریٹ گاندربل میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیدشاہنواز حسین بخاری نے فوڈ سیفٹی ایکٹ 2006 کے تحت بیرون ریاست مختلف کمپنیوں پر 4 لاکھ 68 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔انہوں نے مذکورہ کمپنیوں کو خبردار کیا کہ آئندہ عوام الناس کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے کی پاداش میں کمپنی کی تمام چیزیں ممنوع قرار دی جائیں گی۔ضلع گاندربل میں مارکیٹ چیکنگ کے دوران کئی دکانوں سے کھانے پینے کی اشیاءکی جانچ پڑتال کے دوران زائد المیعاد اورغیر معیاری اشیاءکو حاصل کرکے ان کو لیبارٹری میں جانچ کے لیے روانہ کردیا گیا جہاں پر جانچ پڑتال کے بعد کئی ساری اشیاءغیر معیاری ثابت ہوئیں۔اسی سلسلے میں کمپنیوں کے مالکان کو حاضر کرنے کے بعد ان پر 4 لاکھ 68 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔
ماہی پروری سے متعلق بل ایوان میں پیش
جموں///پشو و بھیڑ پالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے کل قانون ساز اسمبلی میں ریاست میں فشریز کے سیکٹر کو بڑھاوا دینے سے متعلق ایک بل ایوان میں پیش کیا ۔ اس دوران وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے آج قانون ساز اسمبلی میں جموں کشمیر فسکل ریسپانسی بلٹی اینڈ بجٹ منیجمنٹ ایکٹ 2006 سے متعلق ترمیمی بل پیش کیا ۔
مین اسٹریم جماعتیں ایک ساتھ چلیں :بشیر احمد ڈار
اشفاق سعید
جموں //تمام مین سٹریم پارٹیوں کو شہری ہلاکتوں کی روک تھام کےلئے سامنے آکر اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پیپلز کانفرنس کے لیڈر وایم ایل اے کپوارہ بشیر احمد ڈار نے کہا کہ ہم بے گناہوں کی موت پر مذمت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سب جماعتوں کو سیاست سے بالا تر ہو کر ایسے لوگوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہئے جو طاقت کا بے تحاشہ استعمال کرتے ہیں ۔بشیر ڈار نے انتہائی جزباتی لہجے میں کہا ہمیں فخر ہے کہ ہماری فوج بہادر ہے اور طاقت ور ہے یہ ایک ہی ساتھ چین اور پاکستان سے لڑ سکتی ہے اگر ہمیں فخر ہے اور ہم یہ کہتے ہیں تو پھر انہیں سائے سے نہیں ڈرنا چاہئے ۔شوپیاں ہلاکتوں کا نام لئے بغیر انہوں نے کہا کہ اگر چند آدمی پتھر لیکر آئے کس کے ہاتھ میں بندوق اور کوئی ایسا ہتھیار نہیں تھا جس سے انہیں جان کا خطرہ تھا تو ہماری بہادر فوج کو 10سے20لوگوں کا مقابلہ کرنا چاہئے تھا اور انہیں سائے سے نہیں ڈرنا چاہئے تھا ۔
بانڈی پورہ جنگلات میں آگ محکمہ بچاﺅ کارروائی میں مصروف
عازم جان
بانڈی پورہ // بانڈی پورہ کے جنگلات میں کئی مقامات پر آگ جاری ہے ۔اگرچہ کہیوہامہ رینج میں آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم اجس رینج میں ارن اور دیگر مقامات پر آگ جاری ہے ۔چترنار فارسٹ ڈویژن کے ڈی ایف او عبدالحمید ملہ نے بتایا کہ تمام محکمہ جنگلات کے ملازمین آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوکھے کی وجہ سے آگ لگ چکی ہے تاہم محکمہ کے عملہ نے مستعدی کے ساتھ بچاو کارروائی کرکے آگ پر قابو پا لیا ۔ کہیوہامہ رینج کے رینجر محمد مقبول لون نے کہا کہ ملازمین اب بھی جنگل میں گشت کر رہے ہیں اور کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔
دود مرگ ترال میں آگ کی واردات،رہائشی مکان اور گاﺅ خانہ خاکستر
سید اعجاز
ترال//ترال کے دود مرگ گوجر بسی میں آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان اور ایک گاﺅخانہ خاکستر ہوا ہے جبکہ قصبے کے کملا اور کارملہ جنگلات میں دو الگ الگ واردات رونما ہوئے ۔قصبہ ترال سے آٹھ کلومیٹر دور دود مرگ گوجر بستی ترال میں 27اور28جنوری کی درمیانی شب کے دوران آگ کی ایک واردات میںمحمد شفیع گوجر کے مکان میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً مکان کے علاوہ گاﺅخانہ کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ۔ اس دوران ترال کے کارملہ اور کملا جنگلات میں آگ کئی روز سے جا ری ہے۔
عبدالحق کی کل ہند اردو مشاعرے میں شرکت
کہا حکومت اُردو زبان کو فروغ دینے کی وعدہ بند
جموں //دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے کہا کہ شاعری کے ذریعے اپنے خیالات اور تصورات کی بہتر ڈھنگ سے عکاسی کی جاسکتی ہے ۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے منعقد کئے گئے کل ہند مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ارد و ایک خوبصورت زبان ہے جس سے ریاست کی سرکاری زبان کا درجہ ہونے کے ساتھ ساتھ ریاست کے تمام خطوں میں بولا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اس زبان کو فروغ دینے کے لئے پُر عزم ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے اس مقصد کے لئے اُردو زبان کو فروغ دینے کے لئے ایک کونسل کوبھی تشکیل دیا ہے اور اس مقصد کےلئے 2کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں۔