جرأت ہے تو لڑ کر دکھایاجائے :بخاری
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد بخاری نے بالاکوٹ سانحہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کو کشیدگی ختم کرتے ہوئے بات چیت کا راستہ اختیا رکرناچاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ عام شہریوں کو مارنا غیر انسانی طریقہ کار ہے اور اگر جرأت ہے تو لڑ کر دکھایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ایک ہنستے کھیلتے کنبے کوپل بھر میں اجاڑ دیاجائے اور دو بچیوں کو یتیم و بے سہارا و بے یارو مددگار بنادیاجائے ۔ بخاری نے کہاکہ ایسی کارروائیاں جنگی جرائم ہیں اور اس معاملے میں اقوام متحدہ کو نوٹس لیناچاہئے ۔انہوںنے کہاکہ کشیدگی کسی مسئلہ کا حل نہیں اور اگر آگے بڑھنا ہے تو پھر بات چیت کا راستہ اختیار کرناہی پڑے گا۔ انہوںنے نیشنل کانفرنس کے سرپرست ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے گزشتہ روز کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کہاکہ گولہ باری اور بار بار فائرنگ سے خونی لکیر تبدیل نہیں ہوگی اور نہ ہی پاکستانی زیر انتظام کشمیر کا حصہ واپس آجائے گااور نہ ہی پاکستان جموں و کشمیر کے حصے کو اپنے قبضے میں لے سکے گا۔ انہوںنے کہاکہ ایسے حالات میں نقصان صرف عام شہریوں کا ہورہاہے اور انہیں اس کشیدگی کی بھینٹ نہ چڑھایاجائے ۔بخاری نے دونوں ممالک کی قیادت پر زور دیاکہ بات چیت کاراستہ اختیا رکیاجائے اور ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے کے بجائے مذاکرات کی میز سجائی جائے ۔انہوںنے بالاکوٹ سانحہ میں مارے گئے افراد کے لواحقین کو امداد اور بچیوں کے بہتر سے بہتر علاج کی اپیل کی ۔
بات چیت کاراستہ اختیار کیاجائے :شبیر خان
پرویز خان
منجاکوٹ //سرحدی کشیدگی اور اس سے ہورہی شہری ہلاکتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیر و کانگریس سینئر لیڈر شبیر احمد خان نے کہاکہ دونوں ممالک بات چیت کے ذریعہ مسائل حل کریں ۔ انہوںنے بالاکوٹ میں ایک ہی گھرانے کے پانچ افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کی ہلاکت سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور نہ ہی اس طرح سے جنگ جیتی جاسکتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے اور وہ دونوں ممالک کی افواج کی کشیدگی میں پس رہے ہیں ۔ سابق وزیر نے کہاکہ حکومت نے یہ وعدہ کیاتھاکہ پختہ بینکروں کی تعمیر کی جائے گی لیکن یہ بھی وفا نہیں ہوا ور آئے روز قیمتی جانوں کا اتلاف ہورہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت لوگوں کی جان و مال کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے اور اس کے وعدے سراب ثابت ہوئے ہیں ۔ شبیر خان نے دونوں ممالک سے اپیل کی کہ وہ جنگ کے ماحول سے باہر نکلتے ہوئے بات چیت کا راستہ اختیا رکریں اور افہام و تفہیم سے مسائل حل کئے جائیں ۔
نوشہرہ اور کالاکوٹ میں ہڑتال جاری
سمت بھارگو
راجوری //ضلع درجہ کی مانگ پر نوشہرہ اور کالاکوٹ میں ہڑتال جاری ہے اور مظاہرین نے بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیاہے ۔ذرائع کے مطابق نوشہرہ اور کالاکوٹ میں اتوار کو بھی بند رہا اور لوگوںنے حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔اس دوران تمام قسم کی تجارتی سرگرمیاں ٹھپ رہیں اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ۔دریں اثناء کالاکوٹ میںجوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آج سے بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان کیاہے ۔مظاہرین کاکہناہے کہ آج سے بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی جو مطالبہ پورا ہونے تک جاری رہے گی ۔
’معصوم شہریوں نے کسی کا کیا بگاڑا‘
پونچھ //بالاکوٹ کے گاؤں دیوتا میں ہندوپاک افواج کے درمیان ہوئی گولہ باری کی زد میں آکر ایک ہی کنبہ کے 5افراد کے لقمہ اجل ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سماجی کارکن عبدالرشید شاہ پوری نے کہا کہ آخربے گناہوں کی قتل و غارت کب تکب ہوتی رہے گی۔ انہوں نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستانی حکمرانوں سے بات کر کے اپنے مسائل حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے درمیان ہونے والی گولہ باری میں اکثر سرحدوں کے قریب رہنے والے بے گناہ لوگ مالی اور جانی نقصان اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ افراد میں دو معصوم بچوں نے کسی کا کیا بگاڑا تھا، مرنے والی خاتون کی حکومتوں سے کیا رنجش تھی کہ اسے اپنی جا گنوانا پڑی۔انہوں نے کہا کہ جنگ و جدل سے کبھی کسی کا فائدہ نہیں ہوا ہے اور نہ ہوگا اسلئے وہ وزیر اعظم ہند نریندر مودی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ فضا بحال کرکے معصوم لوگوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کریں۔
’حکومت تحفظ دینے میں ناکام ‘
پونچھ //نیشنل کانفرنس کے صدر باغ حسین راٹھور نے اس سانحہ پر شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے موجودہ مخلوط سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے نا اہل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو پورے ملک اور خصوصی طور پر ریاست میں ہر طرح ہا ہا کار مچی ہے اور بچیوں کی عصمتیں محفوظ نہیں، بے گناہوں کا قتل عام ہو رہا ہے ،ملازم ہڑتالوں پر ہیں اورغریب کو ایک وقت کی روٹی دستیاب نہیں ،یہ سب مخلوط سرکار کی نا اہلی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ زخمی بچیوں کا بہتر سے بہتر علاج کیاجائے اور لواحقین کو ملازمت و امداد فراہم کی جائے ۔
مختلف سیاسی و سماجی اشخاص کا اظہار دکھ
جا وید اقبال
مینڈھر// بالاکوٹ کے علا قہ لو ہر دیو تا میں ہلا ک ہو نے والے پا نچ افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے مینڈھر کے سماجی وسیاسی لیڈران نے اس سانحہ کی مذمت کی ہے ۔ایم ایل اے مینڈھر جا وید احمد رانا، سابق ایم ایل اے مینڈھر رفیق حسین خان، سابق ایم ایل اے مینڈھر نثا ر احمد خان، سابق ایم ایل سی رحیم داد، سابق ایم ایل سی مر تضیٰ احمد خان ،حا جی محمد اعظم ساگر، ایڈووکیٹ معروف خان، وسیم احمد خان، پر وین سرور خان، ایڈووکیٹ شوکت چوہد ری، ما سٹر عنایت اللہ خان، محمد اعظم فا نی، طلعت سرور خان، محمد صادق چوہد ری،حا جی محمد صادق خان، ما سٹرمحمد دین پسوال،شوکت چوہدری، چوہد ری ولیداد، جا وید گلشن وغیرہ نے اس سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جنگ و جدل کو ختم کرکے بات چیت کار استہ اختیا رکیاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ فائرنگ اور گولہ باری کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں اور دونوں ممالک مذاکرات کی میز سجاکر مسائل حل کریں ۔انہوںنے لواحقین کو امداد فراہم کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی عوام کے جان و مال کو تحفظ دیاجائے ۔
میدانہ میں این سی کارکنان کا اجلاس
بختیار حسین
بختیار حسین
سرنکوٹ// نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر سید مشتاق بخاری کی ہدایت پر میدانہ نابنہ میںپارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت مقامی بلاک صدر مقصود ماگرے نے کی ۔اس میٹنگ کے دوران کئی معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔مقررین نے جہاںسرکار کو تنقید کا نشانہ بنایا وہی پانی، بجلی اور دیگر سہولیات کی قلت کے مسائل بھی اجاگر کئے ۔انہوںنے کہاکہ میدانہ نابنہ اور شیندرہ کے علاقوں میں پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور بجلی کا بھی کوئی شیڈیول نہیں ۔انہوںنے کہا کہ سرکار کے وعدے زبانی طور پر ثابت ہو رہے ہیںاور زمینی سطح کی حالت بہت خراب ہے ۔ مقصود ماگرے نے بتایا کہ سڑکوں کی حالت ابتر ہے اورپانی وبجلی کا نظام بھی اچھا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار مکمل طور پر ناکام ثابت ہورہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پرانے پروجیکٹ ٹھپ پڑے ہیں اور مسائل میں روز بروز اضافہ ہوتاجارہاہے ۔
بفلیاز میں بھاجپاکا اجلاس منعقد
بختیار حسین
بختیار حسین
سرنکوٹ //بفلیاز میں بھاجپا کارکنان کا ایک اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت سفیر ملک نے کی ۔ اس موقعہ پر ارشاد بٹ ، آزاد خان ، شنٹی منہاس ، ونے کمار ، طالب شاہ ، شبیر خان وغیرہ بھی موجو دتھے ۔ مقررین نے موجودہ حکومت کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ کہ پی ڈی پی اور بی جے پی سرکار کی جانب سے پہاڑی طبقہ کو تین فیصد ریزرویشن دی گئی ہے جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ پہاڑی طبقہ کی دیرینہ مانگ تھی جس کو پورا کیاجارہاہے اور اس سے ایس ٹی درجہ کی حصولی کیلئے راہ ہموار ہوگی ۔ انہوںنے پارٹی کو مقامی سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ لوگوں کے مسائل حل کئے جائیں ۔
ذوالفقار کی ڈاکٹر جتندر سے ملاقات
راجوری اور پونچھ کے ترقیاتی معاملات پرتبادلہ خیال
نئی دلی//خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امو رکے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں ضلع راجوری اور پونچھ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر نے جموں ۔ راجوری ۔ پونچھ ریلوے لائن کا معاملہ مرکزی وزیر کے ساتھ اُٹھاتے ہوئے کہاکہ یہ ریلوے رابطہ ایک خاص خطے کی ترقی کیلئے ضروری ہے اور ان دو اضلاع کی ترقی میں سست رفتاری کی وجہ ریل رابطے کی کمی بتائی جاتی ہے ۔پروجیکٹ کے بارے میں روشناس کرتے ہوئے وزیر نے ڈاکٹر سنگھ سے کہا کہ جموں ۔ پونچھ ریلوے پروجیکٹ 22؍ مارچ 2012ء کو ایک قومی پروجیکٹ کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھااور وزیر اعظم نے ضلع پونچھ کے دورے کے دوران متعلقہ ریلوے لائن کی تعمیر کا اعلان کیا تھا۔ انہوںنے کہا کہ ا س ریلوے لائن کو بچھانے کے سلسلے میں ناردن ریلوے کنسٹرکشن آرگنائزیشن نے ایک ضمنی سروے کا اہتمام کیا تھالیکن آج تک اس پروجیکٹ پر کوئی خاص پیش رفت درج نہیں کی گئی ۔ڈاکٹر جتندر سنگھ وزیر موصوف کے مطالبات بغور سنے اور یقین دلایا کہ یہ معاملات وہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھا ئیں گے تاکہ ان دو اضلاع کو ریلوے لائن کی سہولیت فراہم کی جاسکے۔
ایس ایچ او منڈی کے تبادلے پر تقریب
عشرت بٹ
منڈی//ایس ایچ او منڈی معراج دین کے تبادلے پر بیوپار منڈل منڈی نے امامیہ پارک میں ایک تقریب کا اہتمام کیا ۔اس موقعہ پر مقررین نے معراج دین کے تبادلے پرناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ منڈی میں پہلی دفعہ ایک ایماندار اور دیانت دار پولیس افسر تعینات ہوا تھا جس کو محض پانچ ماہ کے بعد تبدیل کردیاگیا۔انہوںنے کہا کہ موصوف نے منڈی میں بہترین گارکردگی کامظاہرہ کیا مگر پولیس کے افسران نے انہیں یہاں سے جلدی تبدیل کردیا۔بیوپار منڈل منڈی کے صدر شمیم گنائی نے کہا کہ معراج دین نے منڈی میں بطور ایس ایچ او بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سماج میں چھوٹے موٹے جرائم پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ۔انہوںنے کہاکہ منڈی میں منشیات کا کاروبار کرنے والے لوگوں اور خاص کر بازار میں چوریوں کی واردات انجام دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ۔عبدالاحد بٹ نے کہا کہ یہ منڈی کے لوگوں کی بدقسمتی ہے کہ معراج دین جیسا بہترین افسر یہاںسے تبدیل ہورہاہے ۔ انہوں نے ایس ایس پی پونچھ سے اپیل کی ہے کہ معراج دین کو ایک مرتبہ پھر سے منڈی میں تعینات کیاجائے ۔واضح رہے کہ معراج دین کا تبادلہ ایس ایچ او زنانہ تھانہ پونچھ ہوا ہے ۔آخر پر معراج دین نے منڈی کی تمام عوام، سول سوسائٹی اورمیڈیا کا شکریہ اد اکرتے ہوئے کہاکہ انہیں ہر طرف سے بھرپور تعاون ملا۔اس موقعہ پر سابق سرپنچ منڈی طارق منظور، سابق سرپنچ راجپورہ فاروق نجار، محمد اکرم لون، رشید زرگر ،شاہد بابا ،اعجاز باگن وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
حق انصاف کونسل کا راجوری میں اتحاد مارچ
راجوری //’اتحاد مارچ ‘کے نام سے راجوری میں حق انصاف کونسل کی طرف سے ایک پروگرام منعقد کیاگیا جس کا مقصد فرقہ وارانہ بھائی چارے کو فروغ دیناتھا۔ پروگرام میں بڑی تعداد نوجوانوں نے شرکت کی اور اس کا آغاز پریس کلب سے کیاگیا اوریہ مارچ ڈاک بنگلہ راجوری میں اختتام پذیر ہوا۔پریس بیان کے مطابق ریلی کی قیادت تنظیم کے صدر ذیشان نے کی ۔ذیشان نے اس موقعہ پر بولتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو اپنے رول کو سمجھناچاہئے اور ملک و ملت کی تعمیر وترقی میں نمایاں رول اد اکرناچاہئے ۔ انہوںنے مرکزی و ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ہتھیار کسی مسئلہ کا حل نہیں اور مذاکرات کا سلسلہ شروع کیاجائے تاکہ سرحد پر بسنے والے عوام کو تحفظ مل سکے ۔اس موقعہ پر ریاستی جنرل سیکریٹری دنیش شرما نے کہاکہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر نوجوان کش پالیسیاں جاری رہیں تو پوری ریاست میں احتجا ج کیاجائے گا۔
پی ایچ ای ملازمین کا ماہانہ اجلاس
طارق شال
تھنہ منڈی // ٹاؤن ہال تھنہ منڈی میں پی ایچ ای ملازمین کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا جسکی صدارت انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس کے ضلع صدر طاہر احمد شال نے کی۔ اس موقعہ پرمحکمہ کے مستقل وعارضی ملازمین نے شرکت کی ۔ملازمین نے کہاکہ محکمہ ان کے مسائل حل کرنے میں غیر سنجیدہ ہے اور وقت پر تنخواہیں بھی نہیں دی جارہی۔ طاہر شال نے کہا کہ سی پی ورکرز، نیڈ بیس ورکرز، تربیت یافتہ عارضی ملازمین اورٹینکوں کیلئے اراضی فراہم کرنے والوں کوگزشتہ ایک سال سے تنخواہیں فراہم نہیں کی گئی۔انہوںنے محکمہ کے ضلع افسران پر سوتیلا سلوک اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مستقل ملازمین کی تین سال سے سروس بک نا مکمل پڑی ہیں جن کو مکمل کرنے کے لئے محکمہ کوئی زحمت گوارا نہیں کرتا۔انہوںنے کہاکہ چند عناصر اپنے حقیر مقاصد کے لئے راجوری کے ممبران قانون سازیہ کوغلط فہمیوں میں مبتلا کر کے اپنا الو سیدھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں۔نے کہا کہ یہ تنظیم ملازمین کے مسائل حل کروانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری کی کارکردگی کی ستائش کی ۔ملازمین نے انتباہ دیاکہ اگر ان کے مطالبات حل نہ ہوئے تو راجوری میں احتجای دھرنا دیںگے ۔
پہاڑی بورڈ وائس چیئرمین کی مزاحمت ناکام
راجوری //ضلع انتظامیہ کی طرف سے چلائی جارہی ناجائز تجاوزات مخالف مہم کے دوران اس وقت افراتفری کا ماحول پید اہواجب پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین اور بھاجپا کے سینئر لیڈر کلدیپ راج گپتا نے اس مہم کے خلاف مزاحمت کی ۔عینی شاہدین کے مطابق بھاجپا لیڈر کی دو دکانیں بھی سرکاری اراضی پر پائی گئیں جن کو جیسے ہی حکام نے گرانے کیلئے کارروائی شروع کی تو کلدیپ راج گپتا نے مداخلت کرتے ہوئے اس کارروائی کور وکنے کی کوشش کی تاہم انتظامیہ نے ان کی ایک نہ سنی ۔ عینی شاہدین نے بتایاکہ گپتا نے جے سی بی مشین پر پتھرائو کی کوشش بھی کی لیکن پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے پتھرائو نہ ہونے دیا۔گپتا کادعویٰ ہے کہ ان کی یہ دوکانیں قانونی ہیں جبکہ انتظامیہ نے ان کو غیر قانونی قرار دے کر منہدم کردیا۔دریں اثناء بھاجپا کے کچھ دیگر لیڈران نے بھی اس مہم میں رکاوٹ بننے کی کوشش لیکن پولیس نے ان کی چلنے نہ دی ۔