محکمہ امور صارفین غفلت کی نیند میں
منگوٹہ کی عوام کو 5 ماہ سے راشن ملا نہ راشن کارڈ
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ منگوٹہ کی عوام کو 5 ماہ سے راشن دستیاب نہیں جبکہ محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین غفلت کی نیند میں ہے۔منگوٹہ ایک پسماندہ علاقہ ہے جہاں کے لوگوں کو راشن کیلئے پیدل سفر کرناپڑتاہے ۔مقامی لوگ گزشتہ 5 ماہ سے راشن سے محروم ہیں اور انہیں کھانڈ بھی فراہم نہیں کی گئی ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ محکمہ کی جانب سے بڑے بڑے وعدے کئے جارہے ہیںتاہم وہ سب کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ان کاکہناہے کہ محکمہ کے حکام آئے روز یہ دعوے کرتے ہیں کہ ریاست میں کسی بھی جگہ راشن کی قلت نہیں لیکن یہ دعوے حقیقت سے کوسوں دور ہیں۔محمد عالم ولد وزیر حسین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ لوگوں کی مشکلات حل کرنے میں ناکام ثابت ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ منگوٹہ کی عوام کو گزشتہ پانچ ماہ سے راشن اورنہ کھانڈ فراہم کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ بھکمری کا شکار ہورہے ہیں جبکہ محکمہ امور صارفین کو ٹس سے مس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس وقت تک راشن کارڈ فراہم نہیں کئے گئے جبکہ وہ لوگ نہایت ہی غریب اوربے زبان ہیں۔انہوںنے کہاکہ راشن کارڈوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگوں کے تمام کام ٹھپ پڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے الزام لگا یاکہ محکمہ کے ملازمین اور ڈیلروں کو راشن تقسیم کرنے کی فرصت نہیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل سپلائی آفیسر تھنہ منڈی کو راشن کی فراہمی کے بارے میں رپورٹ دی گئی لیکن ٹال مٹول کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے متعلقہ وزیر سے اپیل کی کہ وہ اس لاپرواہی کا نوٹس لیں اور انہیں راشن فراہم کیاجائے نہیں تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔
اعجاز نے عہدے کا چارج سنبھالا
بھمبر گلی میں لوگوں کی جانب سے والہانہ استقبال
جا وید اقبال+حسین محتشم
مینڈھر+پونچھ//پونچھ میں تعینات ہوئے نئے ڈپٹی کمشنر محمد اعجاز چوہدری کا بھمبر گلی کے مقام پر والہانہ استقبال کیاگیا ۔وہ ڈپٹی کمشنر پونچھ کے عہدے کا چارج لینے کیلئے پونچھ جارہے تھے جس دوران جب وہ اپنی آبائی تحصیل مینڈھر کے علاقے بھمبر گلی پہنچے تو وہاں لوگوںنے ان کا والہانہ استقبال کیا اوران کے حق میں نعرے بازی کی ۔دریں اثناء موصوف نے پونچھ پہنچ کر ڈپٹی کمشنر کا عہدہ سنبھالا اور با قاعدہ کام کاج شروع کردیا ۔ محمد اعجاز کا تعلق مینڈھر کے دھر انہ علاقے سے ہے اور ان کی بطور ڈپٹی کمشنر تعیناتی پر مقامی لوگوںمیں زبردست خوشی پائی جارہی ہے ۔مینڈھر کے لوگوں کاکہناہے کہ انہیں اعجاز سے بہت زیادہ توقعات ہیں اور مقامی ہونے کے ناطے یہاںکے مسائل حل کرنے میں ضرور کامیاب ہوںگے ۔اس دوران ایس ڈی پی او مینڈھر ریا ٖض تا نترے بھی پو لیس نفری کے ہمراہ بھمبر گلی پہنچے ۔یہاںسے اعجاز کو گاڑیوں کے قافلے میں پونچھ پہنچایاگیاجہاں انہوںنے عہدے کا چارج سنبھالا۔پونچھ پہنچنے پر ان کاسیاسی اور ادبی حلقوں کی جانب سے ضلع افسران کی موجودگی میں استقبال کیاگیا۔موصوف نے سابق ضلع ترقیاتی کمشنر طارق احمد زرگر کی جگہ اپنی ذمہ داریوں کو انجام دینے کیلئے چارج سنبھالا۔ اپنا عہدہ سنبھالتے ہوئے موصوف نے ضلع افسران کی میٹنگ منعقد کرکے ضلع میں کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ عبدالحمید شیخ، اسسٹنٹ کمشنرمحکمہ مال اشرف چوہدری، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ستیش بھگت، ایگزیکٹوانجینئرپی ایچ ای راجندر شرما، چیف اینمل ہسبنڈری افسر ڈاکٹر یونس اور ضلع کے دیگر افسران موجود تھے۔
درہال میں مرکزی سکیموں کی عمل آوری کاجائزہ لیاگیا
راجوری//بی ڈی اودفتردرہال میں ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میں مرکزی معاونت کی سکیموں ایم جی نریگا،سوچھ بھارت مشن وغیرہ کی عمل آوری کاجائزہ لیاگیا۔اس موقعہ پر بی ڈی اوچوہدری عبدالحق نے تمام پنچایت سیکریٹریوں کوہدایت کی کہ وہ مرکزی معاونت کی سکیموں کو زمینی سطح پر عملانے کے لئے کام میں سرعت لائیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت تعمیر کئے گئے مکانات کی مالی امداد ضرورت مندوں میں تقسیم کی گئی اور باقی رقومات بھی جلد ہی تقسیم کی جائے گی۔ عبدالحق چوہدری نے ملازمین کوہدایت دی کہ وہ مزدوروں کی اجرتوں کی ادائیگی کیلئے لوازمات جلد مکمل کریں ۔اس موقعہ پرپروگرام آفیسر محمد یعقوب ملک بھی موجود تھے۔
آنگن واڑی ورکروں کا منڈی میں احتجاج
عشرت بٹ
منڈی // محکمہ آئی سی ڈی ایس میں کام کررہی آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا ۔ منڈی کی آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کے ساتھ ساتھ پونچھ سے بھی ورکروںنے احتجاج میںشمولیت کی ۔ان ورکروںان کا کہنا تھا کہ وہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیںگی ۔ان کاکہناتھاکہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے اور سبکدوشی کے بعد پنشن دی جائے ۔انہوںنے کہاکہ وہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیںگی ۔اس دوران انہوںنے تحصیل کمپلیکس منڈی کے مین گیٹ کو بند کرکے ایک گھنٹہ تک حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔انہوںنے کہاکہ ان کے پرامن احتجاج پر کوئی دھیان نہیں دیاجارہا اور تشدد کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور کیاجارہاہے ۔انہوںنے کہا کہ افسوس کہ ایک طرف کچھ ورکریں ہڑتال پر ہیں اور کچھ کو محکمہ مختلف قسم کی میٹنگوں پروگراموں میں مدعو کرکے ان کی مانگوں کو لیکر ہڑتال کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے سی ڈی پی او منڈی نثار احمد گورسی نے ایس ایچ او منڈی کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ کر مظاہرین کے مطالبات سنے ۔سی ڈی پی او نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی جائز مانگ کو حکام تک پہنچادیا جائے گا البتہ ورکروں کو چاہیے وہ اپنے آنگن واڑی سینٹروں میں کام بھی جاری رکھیں۔
راشن ڈیلرمنشیات سمیت گرفتار
منیرخان
راجوری// درہال کے پرگال علاقے کارہنے والا راشن ڈیلرمنشیات کا دھندہ کرتے ہوئے پکڑا گیاہے ۔ پولیس نے اس کو حراست میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق محمدشریف چودھری ولد روشن دین کے خلاف پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی جس پر ایک ٹیم نے ایس ایچ اودرہال حبیب پٹھان کی سربراہی میں راشن گھاٹ پر اچانک چھاپہ مارا جس دوران وہاں سے 805 گرام چرس جبکہ 710 گرام فکی برآمدہوئی۔. پولیس نے اس ضمن ایک کیس درج کرکے مذکورہ ڈیلرکوحراست میں لے لیا۔ اس حوالے سے پولیس تھانہ درہال میں ایف آئی آرزیر نمبر18/2018 U/S 8/15/20این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔
کٹھوعہ واقعہ
دھرنادینے والوں کیخلاف کارروائی کی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر//آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر و ریاستی سکریٹری پروین سرور خان نے گزشتہ مہینے کٹھو عہ میں پیش آئے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کچھ وزراء اس معاملے پر سیاست کررہے ہیں ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروین نے کہاکہ ملزمان کو بچانے کے لئے کٹھوعہ میں لوگوں نے دھرنا دے رکھا ہے جبکہ پیتھر پارٹی کے صدر و سابق ایم ایل اے نے بھی ان کی حمایت کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شرم کی بات ہے کہ ایک معصوم بچی کے ساتھ قتل و عصمت ریزی کا معاملہ پیش آیا اور حکومت میں شامل وزرء اس پر سیاست کھیل رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور ان لوگوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرے جو تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوںنے وزیر اعلیٰ کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے کیس کو سی بی آئی کو سونپنے سے صاف انکار کردیا ۔انہوںنے کہاکہ معصوم لڑکی کے قاتلوں کو فوری طور پر پھانسی پر لٹکایاجائے ۔
۔14سالہ لڑکی پراسرار طور پر جھلس گئی
بدھل //راجوری کے بدھل علاقے میں ایک چودہ سالہ لڑکی پراسرار طور پر جھلس گئی جسے ہسپتال میں زیر علاج رکھاگیاہے ۔ اس کی شناخت آرتی شرما دختر کرشن لعل ساکن دراج بدھل کے طور پر ہوئی ہے ۔اسے شدید زخمی حالت میں ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیاگیاجہاں وہ زیر علاج ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
قاسم علی باگن نے شائع خبر کو مسترد کردیا
منڈی// تنظیم المومنین منڈی کے عبوری صدر الحاج قاسم علی باگن نے گزشتہ روز تنظیم کے متعلق اخبارات میں شائع ہوئی خبر کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پریس کے نام ایک بیان جاری کرتے ہوئے قاسم علی باگن نے کہا کہ چند افراد تنظیم المومنین کمیٹی منڈی کا نام استعمال کر کے اپنا ذاتی مفاد حاصل کررہے ہیں جن کے خلاف وہ سخت سے سخت قانونی کاروائی کروائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ کچھ عناصرقوم کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے ماضی میں بھی نقصان پہنچایا۔ قاسم علی باگن نے کہا کہ آج کے بعد کوئی بھی سرکاری ادارہ یا نجی ادارہ ان لوگوں کی کوئی بھی بات تسلیم نہ کرے ۔
گوہلد میں عرس 5اپریل کو
جا وید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے علا قہ گو ہلد ریلا ں خا نقاشریف بڈھا نا ڑ میں ایک عرس 5اپر یل بروز جمعرات منا یا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں متعلقہ کمیٹی کے اراکین نے لو گو ں سے اپیل کی ہے کہ بڑی تعداد میں عرس پا ک میں پہنچ کر ثواب درین حا صل کر یں۔ یا د رہے عر س میں مینڈھر ، پونچھ ، سرنکو ٹ کے علا قہ خطہ پیر پنجال کے دیگر علاقو ں سے بھی بھا ری تعداد میں لو گ شرکت کر تے ہیں ۔
پی ڈی پی پونچھ کا اجلاس
مدنی کے دورے کی تیاریوں کا جائزہ لیاگیا
حسین محتشم
پونچھ//پی ڈی پی کارکنان کی جانب سے ڈاک بنگلہ پونچھ میں پارٹی کا ماہانہ اجلاس منعقد کیا گیاجس کی صدارت ضلع صدر پونچھ شمیم احمد ڈار نے کی۔ اس موقعہ پر پونچھ، مینڈھر، سرنکوٹ اور منڈی کے پارٹی کارکنان نے شرکت کرکے پارٹی کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقعہ پر بتایاگیاکہ پارٹی کے نائب صدر سرتاج مدنی وزراء کے ساتھ سات اپریل کو پونچھ کادورہ کررہے ہیں اور اس سلسلے میں کرشن چندر پارک میں ایک جلسہ ہوگا۔ ضلع صدر شمیم ڈار نے کہا کہ 07 اپریل کومدنی کی وزراء کے ہمراہ پونچھ آمد متوقع ہے اور کارکنان و عوام سے گزارش ہے کہ وہ اس جلسے میں شرکت کریں۔
پونچھ راولاکوٹ بس سروس
۔57 مسافر حد متارکہ کے آر پار ہوئے
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ اور راولاکوٹ ہفتہ وار راہ ملن بس سروس کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پیر کو اس سروس کے ذریعے 57 مسافروں نے حدِ متارکہ کے آر پار کا سفر کیا۔ اس دوران پونچھ سے راولاکوٹ کو روانہ ہونے والے بس سے 22 مسافر وںنے سفر کیا جن میں ایک مسافر پونچھ سے راولاکوٹ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کو روانہ ہوا جبکہ 21 مسافر رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد پاکستانی زیر انتظام کشمیر واپس لوٹ گئے۔ پاکستانی زیرِ انتظام کشمیر کے راولاکوٹ سے پونچھ پہنچنے والی بس سے 34 نئے مسافر اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے آئے جبکہ ایک مسافر راولاکوٹ میں رہنے والے رشتے داروں سے ملاقات کے بعد واپس اپنے وطن لوٹ آیا۔ اس طرح 57 مسافروں نے سرحد عبور کی۔ اس موقعہ پر ہندوستان کی طرف سے کسٹوڈین تنویر احمد جبکہ پاکستان کی طرف سے ٹی ایف او محمد نعیم خان موجود تھے۔
ضلع ہسپتال پونچھ میں صفائی مہم کا آغاز
پونچھ//چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز بھٹی نے ضلع ہسپتال پونچھ سے سوچھتا پکھواڑہ پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقعہ پر بلاک میڈیکل افسران، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام محمد ملک، ڈپٹی چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر شمیم بھٹی اور ڈی ٹی او کے علاوہ کئی دیگر ملازمین موجود تھے جن سے چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر ممتاز بھٹی نے حلف برداری لیتے ہوئے سال میں ایک سو گھنٹے جبکہ ہفتہ میں دو گھنٹے صفائی پر صرف کرنے کا عہد لیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلاک میڈیکل افسران، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ سمیت سبھی افسران و ملازمین کو چاہئے کہ وہ سماج میں صفائی کی اہمیت کے بارے لوگوں کو جانکاری دیں۔