گھٹ، ڈوڈہ میں یوم عالمی صحت پر تقریب کا اہتمام
ڈوڈہ //عالمی یوم صحت منانے اورلوگوں کو سحت کے متعلق جانکاری فراہم کرنے کے مقصد سے محکمہ صحت و خاندانی بہبود اور بی پی ایم یو این ایچ ایم گھٹ نے بلاک میڈیکل افسر گھٹ ڈاکٹر محمد فرید بٹ کی نگرانی میں بلاک ہیڈکوارٹر پر ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا ۔اس پروگرام کا اہم مقصد لوگوں کو صحت کے مدعوں کی جانکاری فراہم کرنا تھا۔این ایچ ایم یو نین ڈوڈہ کے ضلع صدر فیضان اے ترمبونے خُطبہ استقبالیہ میں شرکا ء کا خیر مقدم کیا اور اس دن کی اہمیت بیان کی۔ بی ایم او گھٹ ڈاکٹر محمد فرید بٹ نے اس دن کی اہمیت کو اُجا گر کیا ،جو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔انہوں نے لوگوں کو ایسی کارروائیوں میں سرگرمی سے حصہ لینے کی تلقین کی،جو کہ لوگوں کیلئے کافی فائدہ مند ہیں۔انہوں نے شرکاء کو ایسے پروگراموں سے زیادہ سے زیادہ استفادہ لینے کی تلقین کی اور صحت مند طرز زندگی کیلئے صحت و صفائی برقرار رکھنے پر زور دیا ۔بی ایم او نے سوچھتا سے سدھی (صفائی مہم )جاری مہم کی جانب بھی شرکا کی توجہ مبذول کیاور کہا کہ صحت و صفائی کی جانب خاص دھیان دینے سے ایک صحت مند زندگی گذاری جا سکتی ہے۔اس موقعہ پر مقررین میں ڈاکٹر شاکر حُسین، شریمتی بملا دیوی، اور ہوشیار سنگھ رکوال بھی شامل تھے۔پروگرام میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد بشمول حُسین پیرا میڈیکل انسٹیچوٹ گھٹ کے طلاب کے علاوہ محکمہ صحت کے سٹاف نے بھی شرکت کی۔دریں اثنا بی ایم او گھٹ کی قیادت میںاسی نوعیت کا پروگرام گورنمنٹ مڈل سکول گھٹ میں بھی منایا گیا ۔
مصوری مقابلہ کا اہتمام
کشتواڑ//ضلع کے چھا میں فوج کی جانب سے ایک مصوری مقابلہ کا اہتمام کیا گیا ۔مقابلے میں 15طلبا و طالبات نے شرکت کی اور اپنی تخلیقی ذہانت کا مظاہرہ کیا۔چھوٹے بچوں کے مصوری سے حُب الوطنی کا جذبہ نمایاں تھا ،جس سے نوجوان ذہنوں میں ملک کے تئیں محبت کی عکاسی ہوتی تھی۔ان بچوں کی جانب سے خوبصورت تخلیقی مصوری کی سب لوگوں نے سراہنا کی ۔
چیرجی کشتواڑ میں ایکتا میٹنگ
کشتواڑ//لوگوںمیں آپسی روا داری کا جذبہ پیدا کرنے اور بھائی چارہ پیدا کرنے کے مقصد سے ضلع کشتواڑ کے چیر جی علاقہ میں فوج کی جانب سے ایکتا کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا ،تاکہ ضلع میں امن و امان اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو۔اجلاس میں کل ملاکر 20مقامی لوگوں نے شرکت کی ۔کثرت میں وحدت ہمارے ملک کی ایک خصوصیت ہے جس نے ملک کے تمام مذاہب کے لوگوں کو انسانیت کے رشتہ میں باندھ کے رکھا ہے۔ایوینٹ سے مقامی لوگوں کو آپس میں تبادلہ خیال کرنے اور اتفاق و بھائی چارہ کا پیغام پھیلانے کیلئے ایک عظیم پلیٹ فارم مہیا ہوا ۔مقامی لوگوں اور کمیونٹی لیڈروں نے فوج کی اس پہل کی کافی ستائش کی۔ اورا س امید کا اظہار کیا کہ ایسی پہل سے خطہ میں آپسی روا داری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔ اس ایوینٹ سے کشیراللسانی و کثیر مذہبی میں لوگوں کو اقدار برداشت ، آپسی میل و جول اور بھائی چارے کے ساتھ رہنے کی برسوں پُرانی روایت میں لوگوں کا اعتماد بحال ہونے کا بھی ایک موقعہ ملا ۔
سیوا دل انچارج وادی چناب کے ساتھ متعدد وفود ملاقی
ڈوڈہ // بھدرواہ اسمبلی حلقہ کے متعدد وفود نے وادی چناب کے سیوا دل انچارج سنجے منہاس کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔منہاس نے انہیں یقین دلایا کہ وہ انکے مسائل متعلقہ حُکام کی نوٹس میں لائیں گے۔ایک پریس بیان میں سنجے منہاس نے کہا کہ اس سرحدی و برفانی علاقہ کے لوگوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔سیوا دل انچارج نے ان علاقوں کے مسائل کو اُجا گر کرتے ہوئے ان لوگوں کے جائز مطالبات حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ہائر سیکنڈری سکول چکرابتی میں پرنسپل کی عدم دستیابی اور ہائی سکول سندا میں سٹاف کی قلت پر انہوںنے سرکار کی شدید نکتہ چینی کی۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو سرکار اچھے دنوں کے بلند بانگ دعوے کر رہی ہے وہیں دوسری جانب وہ تعلیمی اداروں میں معقول سٹاف مہیا کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوںنے سرکار سے ان مسائل کا بر وقت ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تب کے وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد نے اس علاقہ کے لئے جو پروجیکٹ منظور کئے تھے وہ ابھی تک تشنہ تکمیل ہیں۔منہاس نے سرکار سے متنبہ کیا کہ اگر ان علاقوں کے مسائل فوری طور حل نہیں کئے گئے تو وہ سڑکوں پر آنے کو مجبور ہو جائیں گے۔
ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کی رام بن میں محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ
رام بن //ڈائریکٹر دیہی ترقیات محکمہ جموں رویندر کمار بھٹ نے محکمہ کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے لئے رام بن میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا ،جس میں مختلف سکیموں جیسے کہ ایم جی نریگا، پی ایم اے وائی، ایس بی ایم ،کنورجنس پلان و دیگر سکیموں کا جائزہ لیا۔اے سی ڈی رام بن جی ایچ کرائپاک ،ڈی پی او طارق سہروردی،پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹو انجینئر دلیپ تکو، ضلع کے بی ڈی اوز اور وی ایل ڈبلیوز نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ڈائریکٹر نے ضلع میں بلاک اور پنچایتی سطح پر لاگو کی گئی مختلف سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان سکیموں کی بر وقت تکمیل یقینی بنائیں۔جائزہ لینے کے بعد ڈائریکٹر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پی ایم اے وائی مکانات کی تعمیر مقررہ مدت میں کرنے اور ضلع کو کھلے میںپاخانہ سے پاک رکھنے کو یقینی بنائیں۔انہوںنے تعمیراتی کاموں میں معیار اور مقدار کا خصوصی دھیان رکھنے کی ہدایت دی۔اجلاس کے دوران ڈی پی او رام بن نے سوچھ بھارت مشن کی پیش رفت کا جائزہ پیش کیا۔
گوجر بکروال بورڈ کا رانسو میں عوامی دربار
ریاسی /گوجر و بکروال ترقیاتی بورڈ کے نائب چیئرمین نے رانسو، شو کھوڑی ریاسی میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا۔عوامی دربار میں سماج کے مختلف طبقہ کے لوگوں خصوصاً خانہ بدوشوں نے شرکت کی اور انہیں اپنے مسائل بشمول بغیر شیڈول کٹوتی کی بجلی،روشنی ایکٹ لوگو کرنے کے مدعوں،جنگلاتی حقوق ایکٹ،خانہ بدوشوں کے لئے سیکورٹی، بجلی ٹرانسفارمر، پانی کی باقاعدہ سپلائی ہیلتھ کئیر ،رنسو ہائی سکول کا درجہ بڑھانے ، سیلاب سے متاثرین میں معاوضہ فراہم کرنے وغیرہ مسائل سے آگاہ کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے انتھک کام کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ سرکار لوگوں کے شکا یات کا ازالہ کرنے میں کوشاں ہے۔اس موقعہ پر رنسو ،پنچایت تحیوٹ، پنچایت پورہ کوٹلہ، اور پنچایت سانگڑ و پنچایت الیاکے متعدد وفود نائب چیئر مین سے ملاقی ہوئے اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔انہوںنے وفود کی شکایات کو بغور سُنا اور کئی مسائل کا موقعہ پر ہی حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔انہوںنے دیگر مطالبات متعلقہ حُکام کے ساتھ اُٹھانے کا یقین دلایا ۔
بھنڈاری کا ایم ایل اے کے خلاف کاروائی کا مطالبہ
کشتواڑ//یوتھ کانگریس ایل وائی سی کے ترجمان ٹھاکور رندیپ بھنڈاری نے نوشہرہ کے ممبر اسمبلی کا سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ فوٹو کھینچنے پر قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا مبینہ الزام لگایا ہے۔انہوں نے ایم ایل اے ایس او پی توڑنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کئی مرتبہ تصاد م کی جگہ پر سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ فوٹو کھینچ کر اپنی شہرت حاصل کرنے کا مبینہ الزام لگا یا ہے۔انہوں نے کہا کہ رینہ فقط اپنے سیاسی مفاد کے لئے سیاست کر رہے ہیں،کیونکہ اسکو اسکے سوا کائی متبادل نہیں ہے،کیونکہ انہوںنے انتخابات کے دوران جو وعدے کئے تھے انکو پورا کرنے میں وہ ناکام رہے ہیں۔بھنڈاری نے ایس او پی توڑنے پر ممبر اسمبلی کے خلاف سنگین کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے رینہ کو صلاح دی ہے کہ وہ فوٹو کھیچوانے کے بجائے عوام کے توقعات کو پورا کرنے کے لئے کام کریں۔
ٹھاٹھری میں عالمی یوم صحت پر سیمینار
کشتواڑ// عالمی یوم صحت کے موقعہ پر گورنمنٹ ڈگری کالج ٹھاٹھری میں ’’ہر ایک کے لئے صحت‘‘ کے موضوع پر ایک سیمنار کا اہتمام کیا گیا ۔کالج کے انچارج پرنسپل شمبو ناتھ ،جو کہ اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے ، نے سیمنار کا رسمی افتتاح بھی کیا۔پروفیسر انوج پریہار نے شکریہ کا ووٹ پیش کیااور صحت و صفائی کو انسان کی روز مرہ کی زندگی میں ایک اولین مرکز بنانے کی اہمیت اُجاگر کی۔پروفیسر مظفر احمد کچلو نے اس موقعہ پر کلیدی خطبہ پیش کیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں سیمنار کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے اس موضوع پر خلاصہ کیا اور اجتماع سے یہ دن منانے کی شروعات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخض کے جسمانی، ذہنی اور سماجی مراحل کا دار ومدارصحت و صفائی پر ہوتاہے۔انہوں نے طلاب کو عوام میں صحت سے متعلق بیداری کا پیغام پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔سیمنار میں کل ملا کر 26 طلاب نے شرکت کی ۔کالج کے انچارج پرنسپل نے اپنے خطاب میں طلاب کو صحت بطور ایک بنیادی مرکز پر غور کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں ے طلاب ،جو کہ قوم کے معمار ہیں کے صحت پر دھیان دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔سیمینار میں پروفیسر انوج کمار اور ڈاکٹر ظہور الدین نے جج کے فرائض انجام دئے۔سیمینار میں پہلا انعام بی اے سیکنڈ ائیر کی طالبہ روبیا ناز نے حاصل کیا جبکہ دوسرا، تیسرا اور عزت افزائی کا انعام بالترتیب پونم دیوی، عمر احمد، اور سائیکا پروین نے حاصل کیا۔اس موقعہ پر فاتح اور شرکا میں اسناد تقسیم کئے گئے۔ڈاکٹر ارون کمار نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا ،نظامت کے فرائض مومن ناصر اور گرجا دیوی نے انجام دئے۔