صورتحال کوالیکشن کے پیش نظر تقسیم کی کوشش قرار دیا :سیول سوسائٹی مینڈھر
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر سے تعلق رکھنے والے سیول سوسائٹی کے ممبران نے بار ایسوسی ایشن جموں کی طرف سے دی گئی بند کال کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ معصوم آصفہ کے ساتھ ہونے والے ظلم و بربریت پر قصورواروں کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کرنا چاہیے تھا مگر بدقسمتی سے مجرموں کو بچانے کیلئے غیر اخلاقی مطالبات کئے جارہے ہیں ۔سیول سوسائٹی ارکان نے کہاکہ وہ چمبر آف کامرس جموں کے فیصلے کی سراہنا کرتے ہیں جس میں بار کی کال کی حمایت سے انکار کیاگیاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں اور کٹھوعہ کی معصوم آصفہ کے حق میںان کو احتجاج کرنا چاہیے تھا لیکن بار نے سب کچھ اس کے برعکس کیاہے ۔انہوںنے کہاکہ انسانیت کو شرمسار کرنے والے اس واقعہ پر کچھ لوگ بار کی حمایت بھی کررہے ہیں جو غیر اخلاقی وغیر انسانی عمل ہے ۔انہوںںے کہاکہ آصفہ کا بہانہ بنا کر جموں سے روہنگیائی مسلمانوں کو بھی نکالنے کا منصوبہ بنایاجارہاہے جبکہ روہنگیائی مسلمانوں کومرکزی سرکار نے اجازت دی ہے اور وہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین سے بھی اجازت لیکر یہاں رہ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے بار ایسو سی ایشن جموں کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ آنے والے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کے لئے لوگوں کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرکے ایک بار پھر اقتدار کی گدی سنبھالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خطہ پیر پنجال اور خطہ چناب کی تمام بار تنظیمیں اس احتجاج کی مخالفت کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خطہ چناب و پیر پنجال میں نہ صرف وکلاء برادری بلکہ سیول سوسائٹی اور عام لوگوں میں بار ایسوسی ایشن ضلع جموں کے خلاف سخت ناراضگی اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سازشیں بچا کر ہم کسی بھی طور صوبہ جموں کو فرقہ وارانہ آگ میں جھلسنے نہیں دیں گے ۔ان کاکہناتھاکہ ننھی آصفہ کو انصاف دلانے کے لئے حکومت اپنا رول ادا کرے نہیں تو ریاست بھر میں حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔
گوجر و پہاڑی ہوسٹلوں کا معائنہ
پمپنگ اسٹیشنوں کابھی شبانہ جائزہ کیاگیا
حسین محتشم
پونچھ// ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسدز نے گوجر بکروال ہوسٹل پونچھ اور پہاڑی ہوسٹل پونچھ کا گزشتہ شب دیر رات گئے دورہ کرکے طلباء کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا ۔اس دوران انہوں نے طلباء کے ساتھ بات کر کے انہیں دی جا رہی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا ۔ موصوف نے دونوں ہوسٹلوں میںصفائی اور حفظان صحت کا بھی جائزہ لیا اور مناسب صفائی اور بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ طلباء کو مناسب غذا کے ساتھ ساتھ تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔اس دوران پہاڑی ہوسٹل کے وارڈن اور اسسٹنٹ وارڈن دونوں غیر حاضر پائے گئے ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ایک ٹیم نے محکمہ پی ایچ ای کے پمپنگ اسٹیشنوں پونچھ کا رات کو معائنہ کیا ۔ایک سینئر افسر کے مطابق مینڈھرمیں پانچ ، حویلی میں دو اور سرنکوٹ میں تین پمپنگ اسٹیشن مقفل پائے گئے جس پر ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ میکنکل سیکشن کے اے ای ای کی تنخواہ روک دی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ پمپنگ اسٹیشنوں کا معائنہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر تشکیل دیئے گئے سکواڈ کی طرف سے کیاگیا اور موصوف نے بھی سٹیشن کا معائنہ کیا ۔
تویرا حادثے میں 5افراد زخمی
طارق شال
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی سے تین کلومیٹر پہلے منہال گلی کے مقام پر ایک تویرا گاڑی حادثے کاشکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں تین خواتین اور دو بچے زخمی ہوئے ہیں ۔تویرا گاڑی زیر نمبرJK11-8735اس وقت حادثے کاشکار ہوئی جب وہ سرنکوٹ سے براستہ دیرہ گلی راجوری کی طرف آرہی تھی ۔عینی شاہدین کے مطابق یہ گاڑی تیز رفتاری سے چل رہی تھی جو ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک کے بیچ الٹ گئی۔ اس حادثے کے نتیجہ میں تین خواتین اور دو بچے زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی لوگوںنے فوری طور پر تھنہ منڈی ہسپتال پہنچایاجہاں سے انہیں مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتا ل راجوری منتقل کیاگیا ۔زخمیوں کی شناخت زینت آرا زوجہ جاوید رینہ عمر 49 سال سکنہ تھنہ منڈی،آفتاب احمد ولد دل پذیر عمر 13 سال سکنہ ماہڑہ،عدنان احمد ولد محمد شکیل عمر 8 سال سکنہ درہال،راہیلہ کوثر زوجہ مرتضیٰ خورشید سکنہ ساج اوررضیہ بیگم زوجہ محمد رشید عمر45 سال سکنہ ساج کے طور پر ہوئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے تھنہ منڈی تھانے میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 35/2018 زیر دفعات 279/337 آر پی سی درج کا کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ گاڑی کا ڈرائیور موقعہ سے فرار ہوگیا ۔
انجمن روداد بشر کا اجلاس منعقد
سرنکوٹ// ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں انجمن روداد بشر سرنکوٹ کی میٹنگ منعقد ہوئی جسکی صدارت انجمن کے چیئرمین محمد عزیز خان نے کی۔ میٹنگ میں متعدد عوامی مسائل پر غور خوض کیا گیا ۔مقررین تحصیل انتظامیہ سرنکوٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رشوت خوری عروج پر ہے جس کی وجہ سے غریب لوگ متاثر ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ پندرہ پندرہ سال سے ایک ایک کرسی پر براجمان ملازم غریب کا خون نچوڑ رہے ہیں اور ان کی پشت پناہی سیاسی دھڑے کر رہے ہیں۔ مقررین نے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی میں رشوت خوری تشویشناک حد تک ہے اور سوئوچھ بھارت مشن کے تحت بن رہے بیت الخلائوں پر بھی پچیس سوروپے کمیشن وصول کی جارہی ہے ۔انہوںنے اساتذہ کی اٹیچ منٹوںپر بھی برہمی کا اظہار کیااور کہاکہ اس کی وجہ سے کئی سکول بند پڑے ہوئے ہیں۔میٹنگ میں بشارت علی خان، غلام قادر خواجہ، نذیر احمد چوہدری ،محمد عارف، محمد طارق، جاوید احمد، محمد عزیز خان، لعل حسین ،ڈاکٹر شیراز میر، قمر دین راتھر ،جاوید چوہدری وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
منگوٹہ زیارت اوقاف کی نگرانی میں
ایس ڈی ایم تھنہ منڈی ایڈمنسٹریٹر تعینات
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے علاقہ منگوٹہ کی معروف زیارت کو اوقاف اسلامیہ نے تحویل میں لے لیاہے جسکی دیکھ ریکھ کے لئے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی کو اسکا ایڈ منسٹریٹر تعینات کیاگیا ہے۔مقامی لوگوںنے حکومت کے اس فیصلے کی سراہنا کی ہے ۔منگوٹہ میں برلب روڈ حضرت با با زکری شاہ ؒ کی معروف زیارت گاہ ہے جہاں پر تحصیل درہال اور تحصیل تھنہ منڈی کے زائرین ہر روز بڑی تعدادمیں حاضری دیتے ہیں۔ اس زیارت پر ہر ماہ لاکھوں روپے چڑھاوے کی صورت میں وصول کئے جاتے ہیں ۔ مقامی لوگوں کی ایما اور خواہش سے ریاستی وزیر برائے اوقاف نے اس معروف زیارت کی دیکھ ریکھ کے لئے ایس ڈی ایم تھنہ منڈی کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیاہے ۔ منگل کے روز سرکار کی طرف سے تعینات شدہ ایڈ منسٹریٹر محمد افضل مرزا نے نائب تحصیلدار تھنہ منڈی فاروق احمد راتھر کے ہمراہ موقعہ پر پہنچ کر سیف نصب کر کے دیکھ ریکھ کیلئے سرکاری ملازم تعینات کئے ۔
راجوری یونیورسٹی کا پروفیسر معطل
راجوری //جنسی حراسی کے الزامات کا سامنا کررہے باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے ایسو سیٹ پروفیسر کو معطل کردیاگیاہے ۔ذرائع کے مطابق اس کیس میں گزشتہ روز اس وقت نیا موڑ آیا جب یونیورسٹی کے وومن سیل کی چیئرپرسن کو ایک آڈیو ڈیسک موصول ہوئی جس کو انہوںنے یونیورسٹی کے وائس چانسلر تک پہنچایا۔ذڑائع نے مزید بتایاکہ اس سی ڈی سے جنسی حراسیت کا اشارہ ملتاہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے وائس چانسلر نے ایسو سیٹ پروفیسر کو معطل کردیاہے ۔ دریں اثناء یونیورسٹی کی طرف سے جاری پریس بیان میں بتایاگیاہے کہ سی ڈی کے مشمولات سے گزرنے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے یہ فیصلہ لیاہے کہ معاملے کی تحقیقات کوئی مجاز اتھارٹی کرے گی ۔پریس بیان کے مطابق ڈاکٹر اصغر شاہ جن کے خلاف الزامات عائد کئے گئے ہیں ، کو فوری طور پر معطل کیاجاتاہے ۔یہ بھی سننے میں آیاہے کہ ایک ریاستی وزیر جو راجوری کے دورے پر ہیں ، نے اسی معاملے پر یونیورسٹی کا دورہ منسوخ کردیا ۔
اعلیٰ پیر منڈی میں تنظیم علماء اہل سنت کی میٹنگ
عشرت بٹ
منڈی //منگل کوتنظیم علماء اہل سنت تحصیل منڈی کی ایک میٹنگ دارالعلوم رضائے مصطفیٰ اعلیٰ پیر میں منعقد ہوئی جسکی صدارت مولانا سید شاہد بخاری مہتمم ادارہ ہذا اور سرپرست مفتی غلام محمد نعیمی سربراہ ضیا الاسلام لورن نے کی۔ میٹنگ میں مختلف دینی امور زیر بحث لائے گئے ۔اس دوران مکاتب اہل سنت کے امتحانات کے تعلق سے تواریخ اور ممتحن حضرات کا تعین کیا گیا۔ واضح رہے کہ مکاتب اہلسنت کے امتحانات 15 اپریل سے 6مئی کے درمیان ہونگے اور تمام ممتحن نتائج تنظیم کے صدردفتربمقام دارالعلوم رضائے مصطفیٰ اعلیٰ پیر پہنچائیں گے اور15مئی کو نتائج صدردفترسے شائع کردیئے جائیں گے جبکہ نتائج کی کاپیاں متعلقہ اساتذہ کو پہنچادی جائیں گی۔ امتحانات کے نتائج کے بعد نئے تعلیمی سال کا آغاز نئے نصاب کے مطابق ہوگا۔ اسکے علاوہ مکاتب کی طرز پر آئندہ سال سے مدارس کے امتحانات بھی تنظیم کے زیر اہتمام ہونگے علماء کرام ائمہ مساجد اور اساتذہ مدارس ومکاتب نے اس بات پر زور دیا کہ تحصیل منڈی کے جملہ مدارس کا دستور اساسی اور قواعد وضوابط متفقہ طور پر ترتیب دیئے جائیں ۔علماء کرام نے اس بات کا عزم کیا کہ جلد ہی مدارس کے تعلق سے نیا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا اور اگلے تعلیمی سال کا آغاز اسی کی روشنی میں ہوگا ۔میٹنگ میں مولانا عبد الحمید لورن ،مولانا عبد القیوم اڑائی، مولانا عارف براچھڑ ،مولانا شریف چھکڑی ،مولانا عبدالمجید لوہل بیلہ، مولانا جہانگیر جالیاں، مولانا اقبال جالیاں، مولانا نظام الدین راجپورہ ،مولانا صابر پلیرہ، مولانا طارق سیکلو، مولانا بشیرالدین ڈینگلہ، قاضی مشتاق احمد اڑائی، حافظ اقبال اڑائی ،حافظ نثار راجپورہ اورمولانا ریاض احمد نعیمی پرنسپل رضائے مصطفیٰ اعلیٰ پیر بھی موجو دتھے۔
طلباء کے اعزاز میں الوداعی تقریب
تھنہ منڈی //گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے جونیئر طلباء نے سینئر طلباء کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی جس کی صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر شکیل احمد رینہ نے کی ۔ اس موقعہ پر چھٹے سمسٹر کے طلباء کو الوداع کیاگیا ۔ اپنے خطاب میں شکیل رینہ نے الوداع ہورہے طلباء کی سراہناکرتے ہوئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ وہ آگے بھی محنت اور لگن سے پڑھائی کریں تاکہ مستقبل سنور سکے ۔اس تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاو ت سے ہوا ۔اس دوران نظامت کے فرائض سہرش شکور،اصغر مجید ، رابیہ سمیال اور ہمراز چاند نے انجام دیئے جبکہ اس موقعہ پر پروفیسر سلیم ایاز راتھر ، ڈاکٹر ارون شرما ، پروفیسر رضوان احمد خان ، ڈاکٹر شوکت علی ، پروفیسر شاجی خان ، ڈاکٹر انوپم رانی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
بشیر ماگرے کی کتاب ’شہنشاہ جبال کی رسم اجرائی ‘
منیر خان
راجوری //وزیر برائے حج و اوقاف عبدالرحمن ویری کے ہاتھوں پروفیسر بشیر احمد ماگرے کی تصنیف شہنشاہ جبال حضرت باباغلام شاہ بادشاہ ؒ کی رسم اجرائی عمل میں لائی گئی ۔اس موقعہ پر ویری نے کہا کہ پروفیسر بشیر ماگرے ایک تحقیقی شخصیت کے مالک ہیں جنہوںنے معروف روحانی بزرگ کے سوانح حیات پر مفصل کتاب تصنیف کرکے آنے والی نسلوں کے لئے نایاب تحفہ میسر کیا ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ کتاب 402صفحات پر مشتمل ہے جس میں معروف روحانی بزرگ حضرت باباغلام شاہ بادشاہ ؒ کے سفروں اور راجوری میں ان کی آمد ،دینی تعلیم عام کرنے میں ان کے کردار پر مفصل گفتگو کی گئی ہے ۔وزیر موصوف نے کہا کہ جموں کشمیر کے جغرافیائی خدوخال پر بھی ان کی ایک معروف کتاب منظر عام پر آئی ہے جو ریاستی طلباء اور دیگر تعلیم سے وابستہ افراد کے لئے ایک نایاب چیز ہے ۔ عبدالرحمن ویری نے کہا کہ پروفیسر ماگرے کی تحقیق صدقہ جاریہ ہے جو آنے والی نسلوں کے لئے کارآمد ثابت ہوگی ۔اس موقعہ پر ایم ایل اے راجوری قمر چودھری نے بھی انہیں ان دونوں کتابوں کی رسم اجرائی پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ تقریب میں علماء کرام ، اوقاف اسلامیہ راجوری کے چیئر مین عبدالقیوم ڈاراور معروف ماہر تعلیم فاروق مضطرؔ بھی موجود تھے۔
ضلع میں مواصلاتی نظام بہتر بنایاجائے :ڈپٹی کمشنر پونچھ
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ محمد اعجاز اسد نے مختلف موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کے مقامی حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر سرحدی ضلع میں نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے اقدامات کریں ۔ انہوں نے ضلع بھر میں قابل اعتماد مواصلاتی نیٹ ورک کی ضرورت پر زور دیا ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے بی ایس این ایل، جیو، ایئرٹیل ، ووڈافون ودیگر تمام کمپنیوں کے افسران کے ساتھ اپنے دفتر میں ایک میٹنگ منعقد کر کے انہیں مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔یہ میٹنگ انہوںنے پونچھ کی عوام کی جانب سے شکایات ملنے کے بعد بلائی ۔اس موقعہ پرانہوںنے خصوصی طور پر حدِ متارکہ کے قریبی اور دور دراز علاقوں میں مواصلاتی نظام فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میںمواصلاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے وقت ضرورت امدادی اور بچاؤ کارروائیوں میں رکاوٹ آتی ہے۔ انہوں نے تمام انتظامی اور تکنیکی مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹیلی کام آپریٹرز کو خبردار کیا۔انہوں نے اس دوران پورے ضلع میںبنیادی ڈھانچہ کی بھی جاکاری حاصل کی ۔اس دوران ٹیلی کام کے آپریٹرز نے ڈی سی کواس حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں بتایا کہ انہیں حدِ متارکہ کے قریب حفاظتی عملے کی وجہ سے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر نے انہیں بتایا کہ وہ اس حوالے سے فوج کے اعلیٰ افسروں سے رابطہ کر کے حل نکالیں گے۔
کانگریس لیڈر کا
سرحدی علاقوں کادورہ
مینڈھر//کانگریس کے راجوری پونچھ انچارج چوہدری عمران ظفرنے سرحدی علاقوںگاہنی بلنوئی کادورہ کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔ اس موقعہ پر لوگوںنے بتایاکہ انہیں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں اور نریگا سکیم کے تحت رقومات کی ادائیگی میں تاخیر کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے پینے کا پانی بھی سپلائی نہیں کیاجارہااور وہ فوج کے رحم و کرم پر ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پانی کی تمام تر سکیمیں ناکارہ پڑی ہوئی ہیں جنہیں قابل استعمال نہیں بنایاجارہا ۔عمران ظفر نے کہا کہ وہ ان مطالبات کو ڈپٹی کمشنر پونچھ کے نوٹس میں لاکر حل کروائیںگے ۔انہوںنے کہاکہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے اور فرقہ پرستی سے نجات پانے کا واحد طریقہ یہی ہے کہ پارٹی کو مضبوط بنایاجائے ۔ان کے ہمراہ چوہدری محمد ابراہیم ، چوہدری امان اللہ، سابق سرپنچ چوہدری نذیر حسین اور لیبر یونین صدر چوہدری عبدالمجید بھی تھے ۔
سنگھرش کے زیر اہتمام نقش نگاری کا مقابلہ
منیر خان
راجوری //غیر سرکاری تنظیم نگھرش کی طرف سے ’ڈس پلے یورٹیلنٹ‘ کے نام سے ایک پروگرام منعقد کیا گیاجس میں ضلع بھر کے طلباء طالبات نے شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ اس پروگرام میں جہاں بچوں کا آپسی مقابلہ نقش ونگاری میں کروایا گیا وہیں ان میںکوئز مقابلہ بھی منعقد ہوا ۔ پروگرام میں ضلع بھر سے 170بچوں نے حصہ لیا۔ پروگرام کے متعلق بات کرتے ہوئے سریش کمار ریسرچ کنسولنٹ انڈین کونسل نیودہلی اور سنگھرش کے جنرل سیکریٹری نے بتایا کہ سنگھرش ایک سماجی تنظیم ہے جو عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی ہے اور آج اسی تنظیم کے بینر تلے ضلع راجوری کے مختلف اسکولوں کے بچوں کے درمیان مختلف مضامین جن میں تحریری اور نقشہ ونگار میں مقابلہ کرایاگیا تاکہ ان میں چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کیاجاسکے ۔ان کاکہناتھاکہ اس پروگرام کو کافی زیادہ حمایت ملی ہے ۔پروگرام کے اہتمام میں وکرانت شرما ، کنول بڈھیال،وشال پہاڑی، راکیشن شرما، ایڈووکیٹ شوکت علی، ایڈووکیٹ اسرار مرزا، الیاس چودھری ، عابد ملک، انکت قیصر نے بھی تعاون فراہم کیا ۔
وزیر تعمیرات عامہ کادورہ مایوس کن:کانگریس لیڈر
منجاکوٹ // منجاکوٹ میں گزشتہ دنوں محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر کے دورے کو کانگریس لیڈر فاروق خان نے مایوس کن قرار دیاہے ۔ایک بیان میں فاروق خان نے کہا کہ مقامی لوگوں کو ان سے کافی زیادہ امیدیں تھیں تاہم وہ ناکام ہوگئے اور اور ان کا دورہ مایوس کن ثابت ہوا۔ان کاکہناتھاکہ منجاکوٹ ایک سرحدی علاقہ ہے اور مقامی لوگوں کی مانگ تھی کہ تحصیل منجاکوٹ میں ڈگری کالج کی منظوری دی جائے کیونکہ آرپار گولہ باری سے لوگوں کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے دلوں میں بھی خوف و ہراس رہتاہتے تاہم حکومت کو ٹس سے مس نہیں ہورہا۔انہوںنے کہاکہ نعیم اختر نے لوگوں کومایوس ہی کیاہے اور ان کایہ کہنا کہ آپ سے ہائی اور ہائراسکینڈری سکول نہیں چلتے قابل مذمت ہے ۔ لطیف خان نے بھی دورے کو مایوس کن قرارد یا اور کہاکہ وزیر کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں ۔
نڈیاں میں محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج
راجوری//درہال کے نڈیاں علاقے کے لوگوںنے محکمہ پی ایچ ای کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پانی کی سپلائی فراہم کرنے میں ناکامی کا الزام لگایا۔یہ احتجاج صبح شروع ہوا جس دوران مظاہرین نے درہال راجوری سڑک بند کرکے محکمہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔انہوںنے مقامی عملہ پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی پر کوئی دھیان نہیں دیاجارہا اور یہاں شدید بحران پایاجارہاہے ۔ احتجاج کو دیکھتے ہوئے ایس ایچ او درہال حبیب پٹھان موقعہ پرپہنچے جس کے بعد محکمہ پی ایچ ای کی ٹیم بھی وہاں آئی جس نے لوگوںنے یقین دلایاکہ ان کا مسئلہ حل کیاجائے گاجس پر احتجاج ختم کیاگیا ۔