کشتواڑ میں پانی کا بحران سنگین
عوام نے ڈی سی کے غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کی سراہنا کی
اے آئی بٹ
کشتواڑ//محکمہ صحت عامہ کے غلط طریقہ کار کی وجہ سے کشتواڑ کے مختلف علاقوں بشمول موضع پوچھال، سرکوٹ، سنگرام بھاٹا،لچھ خزانہ، مٹا، ہدیال میں پانی کی قلت اور بھی سنگین ہو گئی ہے۔ان دیہاتوں کے عوام نے مبینہ الزام لگایا ہے کہ محکمہ ان علاقوں کو پانی مہیا کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے ،جسکی وجہ سے ان علاقوں میں15سے20دنوں کے بعد پانی کی سپلائی ہوتی ہے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ محکمہ کی ناقص کار رکردگی سے انہیں پینے کے لئے مجبوراً گرائونڈ واٹر کا استعمال کرنا پڑتا ہے،جو کہ صحت کے لئے مُضر ہے۔پوچھل کے ایک مقامی نوجوان امتیاز احمد نے کہا کہ ان علاقوں کے لوگ پینے کے پانی کی سپلائی سے کافی پریشان ہیں کیونکہ محکمہ لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔کئی دیگر لوگوں نے بھی محکمہ پر مخصوص علاقوں کے ساتھ ترجیحی برتائو کرنے کا مبینہ الزام لگایا ہیجبکہ موضع پوچھل کے ساتھ امتیاز برتا جا رہا ہے۔ہدیال اور لچھ خزانہ کے مکینوں نے بھی پینے کے پانی کی سپلائی میں قلت کا الزام لگایا ہے۔ان لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے مین پائپ سے لوگوں کو دئے گئے پانی کی کنکشن منقطع کرنے کی کاروائی کی سراہنا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حُکم سے یقینی طور پانی کی سپلائی میں بہتری آسکے گی ۔
جموں کی سیول سو سائٹی نے بار ایسوسی ایشن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا:سہروردی
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//جموں میں موجود پْر امن شہریوں اور تجارتی اداروں و سیول سوسائٹی کی طرف سے فرقہ وارانہ منافرت پھیلا کر اقتدار حاصل کرنے کا خواب دیکھنے والوں کو مسترد کئے جانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ جموں کشمیر و نیشنل کانفرنس کے رہنما خالد نجیب سہروردی نے جموں بار ایسوسی ایشن کے بعض طبقوں کی طرف سے آٹھ سالہ معصوم آصفہ کی عصمت دری و قتل میں ملوث لوگوں کو بچانے کے لئے شور شرابہ کرنے کی پْر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ اِن لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ ریاست یا ملک کی کوئی خدمت کرنے کے بجائے نقصان کر رہے ہیں۔اور معصوم آصفہ قتل کی سی بی آئی کے ذریعہ انکوائری کا مطالبہ محض مجرموں کو سزا سے بچانے کے لئے کیا جا رہا ہے بار ایسوسی ایشن کے مہاجرین کو جموں سے نکالنے یا گوجر بکروالوں کو جنگلات کی اراضی میں صدیوں سے موجود حقوق ختم کرنے کے مطالبات میں بین السطور صاف واضح پیغام ہے کہ وہ جموں میں اقلیتوں کو اجتماعی طور طور ملک بدر کرنے یا اْن کے خلاف قتل غارت گری کے لئے ماحول تیار کرنا چاہتے ہیں جو ناقابل برداشت بھی ہے اور جموں والوں نے ان کی کال کو مسترد کرکے صاف پیغام دیا ہے ۔ سہروردی نے کہا کہ آٹھ سالہ آصفہ کے ساتھ جو کچھ ہوا ہے اور اس میں جس طرح عبادت گاہ کا استعمال ہوا اس سے شرمناک واقع کوئی ہو ہی نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر حال میں امن بنائے رکھیں اور فرقہ وارانہ قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملاکر کراری شکست دیںجس طرح آج اہلیان جموں نے انہیں شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر کوئی چارہ نہیںہے اور بات چیت واحد راستہ ہے اور کسی بھی قوم کو طاقت کے بل بوتے پر دبایا نہیں جا سکتا ہے اور دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے بل بوتے پر کوئی بھی تحریک کچھ وقت کے لئے ٹھنڈی ہو سکتی ہے مگر تحریک ختم نہیں ہو سکتی ہے اور ایسا ہی ریاست جموں کشمیر میں بھی ہوتا رہا ہے اور جس قدر جلدی ہندوستان اقدامات کرے اس کے لئے بہتر ہو گا ورنہ صورت حال ہر گزرنے والے دِن کے ساتھ انتہائی جار حانہ رخ اختیار کیا ہے۔سہروردی نے کٹھوعہ میں وکلاء برادری کی طرف سے پولیس کو ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے سے روکنے پر بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر سماج کا تعلیم یافتہ اور قانون جا ننے والا طبقہ ایسا کرتا ہے تو دوسرے لوگوں کا کیا حال ہو گا۔
بار ایسوسی ایشن کشتواڑ کا صدر منتخب ہونے پراظہار اطمینان
محمد اسحٰق عارف
ڈوڈہ//قصبہ ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے پی ڈی پی لیڈر مرزا مظفر حسین بیگ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کشتواڑ کا صدر منتخب ہونے پرایڈوکیٹ خورشید احمد دیو کومبارک باد پیش کی ہے اور اْمید ظاہر کی ہے کہ وہ وکلاء برادری کے علاوہ عوامی مسائل کے ازالہ کے لئے بھی کام کریں گے۔یہاںجاری ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا ہے کہ ایڈوکیٹ خورشید احمد ایک دیانت دار، بردبار، بلند حوصلہ، عوامی درد اور سوجھ بوجھ رکھنے انسان ہیں اور قدرت نے اْنہیں بہت ساری صلاحیتوں سے نوازا ہے۔انہوں نے یہ اْمیدظاہر کی ہے کہ وہ نہ صرف ضلع کشتواڑ بلکہ پورے چناب خطہ کے مشترکہ مسائل کے ازالہ کی خاطر جدوجہد کریں گے اور یہاں کی عوام کی آواز ارباب اقتدار تک پہنچائیں گے۔اْنہوں نے موصوف کو ڈوڈہ کا دورہ کرنے کی دوعت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈوڈہ اور رام بن کی وکلاء برادری اور دیگر معززین سے مل کر سڑکوں کی تعمیر و تجدید کاری، ہائی کورٹ بینچ اورچناب ویلی ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے قیام، یہاں کے تعلیمی نظام کا سدھار، پن بجلی پروجیکٹوں کی تعمیر سے پیدا شدہ صورت حال جیسے مشترکہ مسائل کو حل کروانے کے لئے ایک مؤثر حکمت عملی ترتیب دیں اور اسی کے مطابق اپنی جدو جہد کو آگے بڑھائیں۔اْنہوں نو منتخب بار ایسوسی ایشن کشتواڑ کے نو منتخب صدر کو اپنے ہر قسم کے تعاون کی کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
ڈوڈہ ڈیولپمنٹ فرنٹ کا ڈوڈہ کیمپس میں کلاسیں شروع کرنے کی مانگ
محمد اسحٰق عارف
دوڈہ//ڈوڈہ ڈیولپمنٹ فرنٹ کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف زرگر نے جموں یونیورسٹی کے ڈوڈہ کیمپس میں 2008 سے اب تک تین بار وزیرِ اعلیٰ، وائس چانسلر، اور وزیر تعلیم کی طرف سے افتتاح کرنے اور درجنوں بار یقین دہانیوںکے با وجود کلاسیں شروع نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ معلوم جموں یونیورسٹی میں ایسی کون سی طاقتیں اور سوچ ہے جو ان کو ڈوڈہ میں کلاسیں شروع کرنے سے روک رہی ہیں جس کا لوگ یہاں غلط مطلب نکال رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ایک بار پھر جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو خط لکھ کر ڈوڈہ کیمپس میں کلاسیں شروع کرنے کی اپیل کرتے ہیں کم سے کم ڈوڈہ کالج میں پی جی مضامین میں کلاسیں شروع کریں جنہیںمحکمہ اعلیٰ تعلیم نے منظوری دی ہے
ضلع رام بن میں جموں بند کال ناکام
بانہال ا ور رام بن سمیت دیگر عدالتوں میں وکلاء نے معمول کا کام کاج جاری رکھا
محمد تسکین
بانہال // بار ایسوسی ایشن جموں کی طرف سے دی گئی بند کی کال کا اثر ضلع رام بن میں ناکام ثابت ہوا اور وکلا نے معمول کے مطابق کام کو جاری رکھا۔ بار ایسوسی ایشن بانہال نے پہلے ہی بار ایسوسی ایشن جموں کی کال کی مخالفت کی تھی جبکہ رام بن سیشن اینڈ ضلع کورٹ ا ور دیگرذیلی عدالتوں میں وکلاء نے بار ایسوسی ایشن جموں کے بند کی کال کی حمایت نہ کرتے ہوئے اپنا کام معمول کی طرح جاری رہا۔ ایک سینئر وکیل نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن کے وکلا ایسے مجرموں کی پست پناہی نہیں کرتے ہیں اور مجرموں کی حمایت کیلئے دی جانے والی کسی بھی کال کی حمایت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ و کلا کا کام قانون کی پاسداری کرنا ہے نہ کہ کسی فرقہ پرست جماعت کے ہاتھوں میں کھیل کر مجرموں کی پست پناہی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ناکام بند کال کی حمایت چند وکلاء کر رہے ہیں اور اسے صوبہ جموں کی وکلاء برادری کے ساتھ جوڑنا ناقابل قبول ہے اور یہ چند لوگوں کی ہی کارستانی ہے جو سیاسی اور مذہبی جنون میں پورے صوبہ جموں کو بدنام کرنے پر تْلے ہوئے ہیں لیکن جموں کے تاجروں اور لوگوں نے بارایسوسی ایشن جموں کی فرقہ وارانہ سازش کو ناکامی سے دوچار کیا ہے۔
بند کی حمایت نہ کرنے پر چیمبر آف ٹریڈرس جموں مبارکبادکی مستحق: ٹریڈریس فیڈریشن بانہال
آصفہ کے قتل اور ریپ میں ملوث مجرموں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ
محمد تسکین
بانہال // ٹریڈریس فیڈریشن بانہال نے چیمبر آف ٹریڈیرس جموں کو مبارکبادی پیش کی ہے کہ انہوں نے جموں بند کی کال کو نظر انداز کرکے انسانیت کا الم اونچا کیا ہے۔ انہوں نے جموں بند کی کال دینے والوں کی مذمت کی ہے اور آصفہ کے قاتلوں کا عدالت میں چالان پیش کرنے پر جموں و کشمیر کرائم برانچ کی کارروائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ صدر ٹریڈرس فیڈریشن بانہال کے صدر شمس الدین راہی نے ایک بیاں میں کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشن جموں کے چند وکلاء کی طرف سے قتل اور عصمت ریزی کے ثابت ہوئے مجرموں کا ساتھ دیکر نہ صرف اپنے پیشے کو رسوا کیا ہے بلکہ انہوں نے عدلیہ کی نگرانی میں کی جارہی کرائم برانچ کی تحقیقات کا بھی مذاق اڑایا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کااظہار کیا کہ وکلاء کو انصاف کا دیوتا تصور کیا جاتا ہے لیکن اِن دیوتاووں نے پچھلے کئی روز سے ہڑتال کرکے انسانیت اور انسانی اقدار کو شرمسار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری جموں کی طرف سے فرقہ پرستوں کے رنگ مین رنگے چند وکلا کی کال کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کرکے پوری تاجر برادری کی لاج رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصفہ کا قتل اور وحشیت و بربریت کرنے والے افراد کی پشت پناہی کرنے والے افراد کی اس سماج میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے اور قانون اور عدلیہ کو اپنا کام شفایت کے ساتھ چلنے دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرائم برانچ نے اپنا فرض خوش اسلوبی سے انجام دیا ہے اور امید ہے کہ عدلیہ اس گھناونے جرم میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچا کر قانون کی بالادستی کو قائم کریگی ۔
’احساس چیریٹیبل ٹرسٹ ڈوڈہ‘ کی جانب سے بچوں میں بیگ تقسیم
’’احساس چیریٹیبل ٹرسٹ ڈوڈہ‘‘ کی طرف سے گورنمنٹ اپر مڈل سکول ابلی گندنہ میں زیر تعلیم پسماندہ طبقہ سے وابستہ بچوں میں سکول بیگ و دیگر سامان تقسیم کیا گیا اس موقع پر ٹرسٹ کے سربراہ شہاب الحق بٹ نے کہا کہ یہ لوگوں کی امانت ہے اور ہم اس میں صرف رابطہ کار کے طور کام کر کے اس کو مستحق لوگوں تک پہنچاتے ہیں اور میں مخّیر حضرات کا مشکور ہوں اور اُمید ہے کہ وہ آئیندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
ڈوڈہ ڈگری کالج میں این ایس یو آئی یونٹ قائم
ڈوڈہ//نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا نے ڈوڈہ گونمنٹ ڈگری کالج میں ایک میٹنگ منعقد کر کے این ایس یو آئی کا یونٹ قائم کیا۔یہ یونٹ ضلع صدر نسوئی اسداللہ وانی کی نگرانے میں قائم کیا گیا۔پریس کے نام جاری ایک بیان میں ڈٖگری کالج ڈوڈہ کے لئے نسوئی عہدیداران نے ڈوڈہ یونٹ کیلئے فرحان کھڑوانی صدر،فراست علی نائب صدر،ثاقب عزیز جنرل سیکریٹری،ادریس احمد سیکریٹری اور شعیب حسن پبلیسیٹی سیکریٹری جب کہ نیئر حسین،شفیہ تبسم ،رفیہ تبسم اور زبیر احمد کو ایگزی کٹیو ممبران کے طور سے نامزد کیا۔
بھدرواہ کیمپس کے طلباء کیلئے صنعتی دورے کاانعقاد
بھدرواہ//طالب علموں کومختلف مینوفیکچرنگ یونٹوں کے کام کاج کے ماحول کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کیلئے بزنس سکول بھدرواہ کیمپس کی جانب سے بی بی اے اوربی کام (آنرس) کے لیے بھدرواہ میں قائم متعددسمال سکیل انڈسٹریل یونٹوں کے دورے کااہتمام کیاگیا۔ طلباء نے جن تین انڈسٹریل یونٹوں کادورہ کیاان میں ڈین کم انٹرپرینر ز،غلام قادرسیندار ووڈ آئیل اور آر۔بی سیمنٹڈ ورکس شامل ہیں۔ ڈین کم فوڈمیں ہرقسم کے مصالحے ،شہدکی پروسیسنگ وپیکنگ اوردیگرمقامی پیداواری اشیاء تیار کی جاتی ہیں۔ ڈین کام انٹرپرائززکے ملک طاہر محمودنے اس موقعہ پرطلباء کے ساتھ بات چیت کے دوران انہیں متعددپروسیسنگ یونٹوں کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے طلباء کوبتایاکہ ان کایونٹ چناب ویلی کی اقتصادی حالت کوبہتربنانے کیلئے کیسے کام کررہاہے اورکسانوں کوجدید زرعی طورطریقوں کے بارے میں کیاقدم اٹھارہاہے۔ آربی سیمنٹڈورکس ٹاسکوں کی مینوفیکچرزیونٹ ہے ،طلباء نے اس یونٹ کے کام کاج میں گہری دلچسپی لی۔ ڈاکٹراومیش چودھری سینئر اسسٹنٹ پروفیسر وبزنس سکول بھدرواہ شعبہ کے سربراہ اس دورے کے کارڈی نیٹرتھے۔