’قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں‘
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میں ایک میٹنگ زیر صدارت محمد دین پسوال نائب صدر پی ڈی پی منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کی ۔اس موقعہ پر مقررین نے آصفہ قتل کیس پر کی جارہی ہڑتال کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ قانون کے رکھوالے ہی قانون کی دھجیاں اڑارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ معصوم آصفہ قتل اور ریپ کیس پر قانون کی پاسداری کرنے والوںنے تمام اخلاقی قدروں کو پامال کردیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ اس کیس کی تحقیقات پر اثرانداز ہونے کیلئے طرح طرح کے ہتھکنڈے اپنا ئے جارہے ہیں اور ظلم و ستم مچا رکھا ہے اس لئے حکومت سے اپیل کی جاتی ہے کہ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور معصوم بچی کے لواحقین کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔انہوںنے وزیر اعلیٰ کے موقف کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے سخت دبائو کے باوجود کیس کو منتقل نہیں کیا۔انہوںنے چالان میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے ۔اس موقعہ پر چوہدری محمد صادق ممبر ایڈوائزری بورڈ ،اکبر حسین ،چوہدری محمد رشید ،نذیر حسین ، لیکچرار نذیر حسین شاہ،نثار چوہدری وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
الجمعیۃ کا اظہار ِ برہمی
مجرم کو صرف مجرم کی نظر سے دیکھا جائے : شہزادانوری
حسین محتشم
پونچھ// جمعیۃ کے آل انڈیا جنرل سکریٹری اور جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری ؒ شہر ِ پونچھ کے ناظم ِ اعلی مولانا شہزادانوری نے کٹھوعہ کی آٹھ سالہ معصومہ آصفہ بانو کی عصمت ریزی اور بہیمانہ قتل کے سلسلے میں بار ایسوسی ایشن کٹھوعہ وجموں اور دیگر کئی جماعتوں کی طرف سے بے جا مداخلت ،رکاوٹیں کھڑی کرنا اور اس سلسلے میں جموں بند کو غیر اخلاقی پن اور مہذب سماج کے چہرے پر بدنما داغ اور اپنی جموی تہذیب کو سیاہ بنانے کی بیہودہ کوشش سے تعبیر کیا ہے۔ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ فرقہ پرستی کا زہر اب خواندہ طبقے میں کس تیزی کے ساتھ سرایت کر رہا ہے ،جرم محض جرم ہے خواہ وہ کسی بڑے سے ثابت ہو یا چھوٹے ، جرم کے وقت کسی کو اس کے مذہب ،مسلک اور علاقائی تہذیب کو دیکھ کر رحم دلی کا مادہ بیدار نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے سماج کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور خواتین کی عفت و عصمت کے محافظ ہیں تو اس کے لئے ہمیں اجتماعیت کے ساتھ مجرم کو کیفر ِ کردار تک پہنچانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پورے عالم کے سماج میں کبھی ایسی مثال نہیں ملتی ہے کہ ایک کمسن اور معصومہ کے قاتلوں کو بچانے کے لئے ان کی مذہبی ہمدردی کو پیش ِنظر رکھ کر ڈھونگ رچانے کی ایسی ناپاک کوشش کی گئی ہو۔ انوری نے کہا کہ ایسے افراد کا یہ عمل شرمناک ،مبنی بر تنگ نظری اور ایسا رویہ ہے جس کا سیاہ داغ صدیوں تک جموں بار ایسوسی ایشن کے چہرے پر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر حکومت اور پولیس جس مثبت انداز سے کیس کو آگے لے جاکر مجرمین کو کیفر ِ کردار تک پہنچانے میں اپنا رول ادا کر رہی ہے اس میں کسی ہچکچاہٹ ،لیت ولعل، کتر وبیونت اور مذہبی رنگ ونسل کے آگے جھکنے کے بجائے ملک اور ریاست کے قوانین کے تحت تیزی سے اس کیس کو آگے بڑھایاجائے تاکہ ہمارا سماج ایسے ناہنجار لوگوں سے پا ک ہو سکے ۔
’بار کی ہڑتال وکالت کے نام پر دھبہ ‘
جاوید اقبال
مینڈھر//آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ممبر پروین سرور خان نے جموں بار ایسوسی ایشن کی طرف سے دی گئی بند کال کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت سوز طاقتوں کے خلاف وکلاء کو میدان عمل میں آنا چاہیے لیکن سب کچھ الٹا ہو رہا ہے اور مجرموں کو بچانے کی لگاتار کوششیں کی جا رہی ہیں جو وکالت کے نام پر سیاہ دھبہ ہے ۔ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ خطہ پیر پنچال اور خطہ چناب کے وکلاء مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوںنے بار ایسو سی ایشن جموں کے موقوف کی مخالفت کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بار کی طرف سے ایک مخصوص طبقہ کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے اور اگر غیر ریاستی یا غیر ملکی افراد کو جموں بدر کرناہے تو پھر اس میں صرف روہنگیاکاہی نام کیوں ہے ۔انہوںنے کہاکہ اسی طرح سے سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے بھی سبھی ہیں اور سبھی کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ان کاکہناتھاکہ آصفہ کے ساتھ عبادتگاہ میں زیادتی ہوئی اور اس سے شرمناک واقعہ اور ہو ہی نہیں سکتا۔پروین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ ورانہ بھائی چارے کو بنائے رکھیں ۔انہوںنے کٹھوعہ کے وکلاء کے خلاف کارروائی کی مانگ کی جنہوںنے چالان پیش کرنے میں رکاوٹیں پید اکیں۔
جموں صوبہ کے ٹکڑے کر دیئے گئے :سیول سوسائٹی پونچھ
پونچھ//پونچھ سول سوسائٹی نے آصفہ قتل معاملہ پرہورہی سیاست پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے بار کی کال نے جموں صوبہ کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے ہیں ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انجمنِ جعفریہ پونچھ،گوردوارہ پربھندک کمیٹی پونچھ،سرسوتی کلاکندر ،یشن،یوتھ سول سوسائٹی پونچھ،یوتھ ڈولپمنٹ فورم پونچھ،بار ایسو سی ایشن پونچھ،ایس آر کے پیس فائونڈیشن پونچھ اور دیگر تنظیموں نے ایک آواز میں آصفہ قتل معاملہ میں چل رہی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ جلد قاتلوں کو سزا ملے گی ۔سرسوتی کلا کیندر کے صدر اور معروف ناظم پردیپ کھنہ نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ جموں بار نے قاتلوں کے حق میں جموں بند کی کال دی جس سے بہت نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل یہ سمجھا جاتا تھا کہ کشمیر صوبہ اور جموں صوبہ میں کسی معاملات کو لیکر اختلافات رہتے ہیں لیکن اس کال نے جموں صوبہ کے ٹکڑے کر دئے ہیںاورراجوری،تھنہ منڈی،درہال،مینڈھر،سرنکوٹ اور پونچھ کی بار ایسو سی ایشن علیحدہ ہوگئی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ آصفہ کے لواحقین کو انصاف ملناچاہئے ۔انجمنِ جعفریہ کے جنرل سیکریٹری انور ونتو نے کہا کہ کمسن بچی کے قاتلوں کا ساتھ دینا کہا ںکا انصاف ہے اور ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہئے۔گوردوارہ پربھندک کمیٹی کے صدر سردار نریندر سنگھ پردھان نے جموں بار ایسو سی ایشن کی جانب سے دی گئی بند کی کال کو افسو س ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ قاتلوں کو پھانسی دی جانی چاہئے جنہوںنے ایک کمسن بچی کے ساتھ پہلے ریپ اور پھر اس کا قتل کیاجس سے انسانیت شرمسار ہوگئی۔یوتھ سول سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری محمد اسد نعمانی نے آصفہ قتل معاملہ پر ہو رہی سیاست کوافسوس ناک بتاتے ہوئے کہا کہ آصفہ کے معاملہ کو کسی مذہب سے نہیں جوڑنا چاہئے اورکمسن 8سال کی بچی کے گھر والے انصاف کے منتظر ہیں ۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ایس آر کے پیس فائونڈیشن کے چیئرمین نصرت شاہ نے کہا کہ یہ کسی ایک مذہب کی بات نہیں ہے ،یہ انسانیت کا قتل ہے۔یشن تنظیم کے صدر امتیاز سلاریہ نے کہا کہ آصفہ کے قاتلوں کو پھانسی دی جانی چاہئے اور جو قاتلوں کا ساتھ دے رہے ہیں ،ان کو اپنا محاسبہ کرنا چاہئے ۔پونچھ بار ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ سجاد احمد نے کہا کہ اس معاملہ میں خطہ پیر پنچال کی تمام بار تنظیموں نے جموں بار کا ساتھ نہ دینے کا اعلان کیاجو ایک حوصلہ افزا بات ہے۔یوتھ ڈولپمنٹ فورم کے صدر نشو شرما نے کہا کہ آصفہ کے قاتلوں کو شرِ عام پھانسی دی جانی چاہئے۔ سردار سرجن سنگھ نے کہا کہ آج ہم کس حد تک آ گئے ہیں کہ ایک آٹھ سالہ بچی کے قتل پر سیاست ہورہی ہے ۔اس موقعہ پراخلاق تبسم،طارق کوہلی،فیض اکبر چوہان،سرفراز ناز،محمد شریف بھی موجو دتھے۔
یوتھ غلامانِ مصطفی نے کینڈل مارچ نکالا
عشرت بٹ
منڈی//منڈی اعلیٰ پیر میں یوتھ غلامانِ مصطفی کی جانب سے جمعرات کو نماز مغرب کے بعد ایک کینڈل مارچ نکالا گیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ اس مارچ میں لوگوں نے آصفہ کے حق میں انصاف کی مانگ کرتے ہوئے جموں بار ایسوسی ایشن اور ہندو ایکتا منچ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور حکومت سے اپیل کی کہ چند شر پسند عناصر کو اس قدر سر نہ اٹھانے دیا جائے کہ وہ مجرموں کے دفاع کے لئے کھڑے ہونے لگیں ۔ مارچ میں شامل لوگوں نے بار کی بند کال کو افسوس ناک قرار دیا۔ یوتھ غلامانِ مصطفی اعلیٰ پیر کے صدر مظفر پٹھان نے کہا کہ یہ نہایت شرم کی بات ہے کہ آصفہ کیس کو لے کر جموں کی چند تنظیمیں فرقہ پرستی کا رنگ دینے میں مصروف ہیں جبکہ ہونا تو یہ چاہیے کہ 8 سالہ بچی کے ساتھ انصاف کرنے کیلئے احتجاج کئے جاتے ۔انہوںنے کہاکہ بار کی کال نہایت شرمناک بات تھی جسے جموں کی دیگر تنظیموں کا تعاون حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ مظفر پٹھان نے کہا کہ جموں کی عوام اور دیگر تنظیموں نے اس حوالے سے سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارکی کال کا تعاون نہیں کیا اوراسی طرح سے راجوری پونچھ اور خطہ چناب کی تنظیموں نے بھی مخالفت کی جبکہ کشمیر میں بھی احتجاج ہوئے ۔انہوںنے کہاکہ اگر تحقیقات میں کوئی کوتاہی ہوئی تو حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ اگر روہنگیا مسلمانوں کوجموں بدر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے توباقی غیر ملکیوں اور غیر ریاستی افراد کے معاملے پر کیوں خاموشی ہے ۔مارچ میں مولانا سید شاہد بخاری، عبدالرزاق بٹ، مشتاق احمد وغیرہ بھی شامل تھے ۔
درندگی کی حد پار کردی گئی :یوتھ کانگریس
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ یوتھ کانگریس نے وکلاء کی ہڑتال کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کٹھوعہ واقعہ پر درندگی کی حد پار کردی گئی ہے ۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طیب چوہدری نے کہا کہ معصوم آصفہ کے کیس کو کٹھوعہ سے منتقل کیا جائے کیونکہ جموں بار ایسوسی ایشن اور کٹھوعہ کے وکلا نے درندگی کی حد پار کر دی ہے۔انہوںنے کہاکہ معصوم بچی کے قتل پر سیاست کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے ۔انہوںنے کہاکہ وکلاء نے آصفہ کو صرف مسلم سمجھ کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس کے لواحقین کو انصاف نہیں ملنا چاہئے جو افسوسناک بات ہے۔انہوںںے کہاکہ انہیں ایسے لوگوں کو وکیل کہتے ہوئے شرم آتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ انہیں اپنے ملک کے آئین اور قانون پر بھروسہ ہے اور آصفہ کے قاتلوں کو ضرور سزاملے گی ۔اس موقعہ پر ندیم میر اور بشارت راتھر بھی موجو دتھے۔
مڈل اسکول ٹھکراں اڑائی
عمارت کھنڈرات میں تبدیل ، تعمیر نو التوا کاشکار
حسین محتشم
پونچھ//تحصیل منڈی کے گائوں اڑائی کے محلہ ٹھکراں میں قائم مڈل اسکول کی دو کمرہ جات پر مشتمل عمارت کھنڈارات میں تبدیل ہوگئی ہے جس کی وجہ سے اس اسکول کے طلباکو مجبوراً کھلے آسمان تلے بیٹھنا پڑتا ہے۔ 8 کلاسوں کے لئے صرف دو کمرہ جات ہیں جہاں سبھی طلباء کا بیٹھنا ناممکن سی بات ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس سلسلے میں اعلیٰ حکام سے رابطہ کیاگیاجس پر چیف ایجوکیشن افسر نے زونل ایجوکیشن افسر منڈی کو اس اسکول میں دو مزیدکمرہ جات تعمیرکرنے کی ہدایت دی ۔ان کے مطابق ایک ہدایت نامہ زیر نمبر CEO/P/SSA/7710-13مورخہ 29-06-2016 کے تحت 9لاکھ روپے کی منظوری بھی ملی لیکن اس کے باوجود ابھی تک تعمیراتی کام شروع نہیں کروایا گیا۔مقامی شخص مولا حکیم الدین نے کہا کہ اڑائی گائوں کی عوام کا پرسان حال کوئی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان کے علاقہ میں سڑک کی خستہ حالت ہے اورابھی بھی لوگ کئی کئی کلو میٹر پہاڑی راستہ پیدل چلنے پر مجبور ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ موبائل سروس بھی نہیں اور بنیادی سہولیات کا فقدان پایاجارہاہے ۔ان کاکہناتھاکہ مسائل تو بے شمار ہیںلیکن سب سے اہم مسئلہ تعلیمی نظام پر توجہ نہ دیاجاناہے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اسکول میں دوکمرہ جات کی تعمیر کے لئے ایک شخص سے زمین بھی دی ہے لیکن اس اسکول میں تعینات ہیڈ ماسٹر وہاں تعمیر ی کام شروع نہیں کروارہا۔انہوںنے کہاکہ طلباء کا مزید نقصان نہ کیاجائے اور نئی عمارت جلد سے جلد تعمیر کی جائے نہیں تو مقامی لوگ احتجاج کا راستہ اختیا رکریںگے ۔
کانگریس لیڈر کا دورہ ٔ چھجلہ
جاوید اقبال
مینڈھر// کانگریس کے راجوری پونچھ انچارج چوہدری عمران ظفر نے ٹائیں چھجلہ کادورہ کیا ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوںنے بتایاکہ انہیں پانی کی شدید قلت کا سامناہے اورمحکمہ سپلائی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکاہے ۔انہوںنے سرحدی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس کی وجہ سے سکول بند رہتے ہیں اور ان کے بچوں کی تعلیم بری طرح سے متاثرہورہی ہے ۔انہوںنے ایمبولینس سروس اور بلڈ بینک کا مطالبہ کیا اور ہسپتالوں کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔انہوںنے کہاکہ نریگا کے کاموں کی اجرت نہیں مل رہی جبکہ بی اے ڈی پی کے کام ہی نہیں ہورہے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کے کاموں میں بندر بانٹ کی جارہی ہے ۔چوہدری عمران ظفر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر پونچھ نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی دلائی ہے جو خود اسی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے بات کی جائے گی ۔اس موقعہ پر چوہدری ابرہیم ، چوہدری امان اللہ ،کسان مزدور یونین کے صدر چوہدری عبدالمجید بھی موجو دتھے ۔
راشن و پانی کی عدم دستیابی پر احتجاجی مظاہرہ
منیر خان
راجوری //راشن اور پانی کی عدم دستیابی پر راجوری کے بس اسٹینڈ پر سینئر لیڈر یوگیش شرما کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا ۔اس موقعہ پر یوگیش نے ریاستی سرکار اور خاص کر بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھاجپا نے اقتدار میں آنے سے قبل عوام سے کئی وعدے کئے تھے جو یکے بعد دیگر سراب ثابت ہوتے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راشن کے لئے صارفین کو کئی کئی روز تک راشن گھاٹوں کے چکر کاٹنے پڑرہے ہیں جبکہ آٹا پورے ضلع میں کہیں بھی دستیاب نہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ راجوری قصبہ کی عوام کو گندہ پانی پینے پر مجبور کیاجارہاہے اور قصبہ میں فلٹریشن پلانٹ تودور کی بات بوسیدہ پائپ لائنوں کی مرمت تک نہیں کی جارہی ۔انہوںنے کہاکہ لوگ گندہ پانی پی کر مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں ۔ ان کاکہناتھاکہ لوگوں کے مسائل حل کئے جائیں اور انہیں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔
تحصیلدار تھنہ منڈی نے ہسپتال کا معائنہ لیا
طارق شال
تھنہ منڈی //تحصیلدار تھنہ منڈی قدیر الرحمن قاضی نے جمعرات کے روز بعد دوپہر تھنہ منڈی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کا اچانک معائنہ کیا۔ان کے ہمراہ نائب تحصیلدار تھنہ منڈی فاروق احمد راتھر بھی تھے ۔اس دوران موصوف نے ہسپتال کے ایکسرے روم، مریضوں کے وارڈ اور دیگر شعبوں کا دورہ کر کے تمام تر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر نثار حسین بجاڈ ودیگر عملہ موجود تھا جنہوں نے تحصیلدار تھنہ منڈی کو تھنہ منڈی ہسپتال کے متعلق تفصیلی جانکاری فراہم کی۔ تحصیلدار نے ہسپتال عملے کو یدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھنہ منڈی کا ہسپتال ایک مرکزی ہسپتال ہے جہاں کسی وقت کوئی ایمرجنسی آسکتی ہے اس لئے ہمہ وقت طبی خدمات دستیاب رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مغل شاہراہ کھل چکی ہے جس سڑک پر کبھی کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے جسکے لئے ہسپتال کے عملہ کو 24 گھنٹے تیار رہنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی شکایت ملی تو وہ سخت کارروائی کریںگے ۔دریں اثناء پلانگڑھ کی ایک غیر سرکاری تنظیم یوتھ کمیٹی فار ولیج ڈیولپمنٹ کے وفد نے تحصیلدار سے ملاقات کرکے ان کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوںنے کہاکہ موصوف کی تعیناتی قابل ستائش ہے اور انہیں امید ہے کہ علاقائی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوںگے ۔وفد میںعرفان انجم صدر یوتھ کمیٹی ،بشارت حسین ،آصف ،محمود، محمد اشرف اور آصف پوسوال بھی شامل تھے۔
مہلوک اہلکار کو فوج کا خراج عقیدت پیش
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں حدِ متارکہ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں گزشتہ روز پاکستانی کی جانب سے گولہ باری اور فائرنگ کی زد میں آکر لقمہ اجل بننے والے فوجی اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نائک تھورت کرن پوپاتراوزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے لقمہ اجل بن گیاتھا۔اہلکار کی عمر31 سال تھی جوتحصیل وجے پور ضلع اورانگ آباد مہاراشٹر سے تعلق رکھتاتھا۔نائک پوپاتراو اپنے پسماندگان میں اپنی بیوی آرتی کو چھوڑ گیاہے۔اس دوران فوجی اہلکار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فوج کی طرف سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے بعد ان کی نعش کو ہوائی جہاز کے ذریعہ اپنے علاقے روانہ کردیاگیا ۔اس دوران فوج نے سلامی بھی دی ۔