حمایت کرنیوالوںکیخلاف کارروائی کی جائے:یوتھ این سی
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//رسانہ قتل کیس پر وکلاء کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے یوتھ نیشنل کانفرنس مینڈھر نے کہا ہے کہ حکومت کو فوری طور ان وزراء و دیگر ان کے خلاف مقدمہ درج کرنا چاہیے جو مجرموں کی حمایت کررہے ہیں ۔یوتھ این سی کارکنان نے کہا کہ جموں بار ایسوسی ایشن کے صدر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مکھنا چوہدری نے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کے نعرے کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں اورخواتین کی عصمت تار تار کی جا رہی ہے ،یہاں تک کے معصوم بچیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ان کاکہناتھاکہ بد قسمتی تو یہ ہے کہ اب جرم کو بھی فرقہ وارانہ نظر سے دیکھا جا رہا ہے اور مجرمین کو بچانے کے لئے مظاہرے کئے جا رہے ہیںاور انصاف کے اصول میں معاونت کرنے والے قانون کے رکھوالے ہی قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے وابستہ دونوں ممبر اسمبلی کو نااہل قرار دے کر ان کو بر طرف کیا جائے تاکہ وہ ہمیشہ کے لئے ممبر اسمبلی نہ بن سکیں۔انہوںنے کہا کہ اس کیس کو جموں سے باہر فاسٹ ٹریک عدالت میں منتقل کرکے معصوم بچی کے لواحقین کو انصاف دلایاجائے ۔یوتھ لیڈر سکندر چوہدری،ریاست چوہدری،شوکت چوہدری،عبد المجید،ظفر اقبال،یاسر چوہدری،رفاقت چوہدری نے کہاکہ رسانہ قتل کیس میں ملوث درندوں کو شر عام اسلامی ممالک کی طرح کھڑا کرکے گولی مارنی چاہیے تاکہ اس کے بعد اس قسم کی کوئی واردات پیش نہ آئے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ان لوگوں کو جلد از جلد سزا نہ سنائی گئی تو ریاست کے حالات خراب ہو جائیں گے جس کی ذمہ واری حکومت پر عائد ہو گی۔
فاسٹ ٹریک عدالت قائم کرنیکی اپیل
عشرت بٹ
منڈی// کٹھوعہ میں آٹھ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اوراس کا قتل کرنے والوںکی حمایت میں ہندو ایکتا منچ اور وکلاء کی ہڑتالوں اور بند کی مذمت کرتے ہوئے آل انڈیا تنظیم علماء اسلام جموں و کشمیر کے جنرل سیکریٹری مولانا سخی خان راٹھور نے مجرموں کو جلد سے جلد پھانسی دینے کا مطالبہ کیاہے ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں انہوںنے کہاکہ کٹھوعہ کی معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور اس کے بعد قتل کاکیس کرائم برانچ نے جب سلجھا دینے کا دعویٰ کیاہے اور اب حکومت کو مجرموں کو پھانسی دینے میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے ۔ ان کاکہناتھاکہ فاسٹ ٹریک عدالت کا قیام عمل میں لاکر جلد سے جلد پھانسی دی جائے اور مجرمان کی حمایت کررہے سیاسی و دیگر لیڈران کا بھی محاسبہ کیاجائے ۔ان کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ ہندوستان کی جمہوریت پر بدنما داغ ہیں اورانہیں کیفر کردار تک پہنچایاجاناچاہئے ۔راٹھور نے کہا کہ لعل سنگھ اورچندر پرکا ش گنگاکے رول کی بھی تحقیقات کی جائے جو آج بھی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کررہے ہیں اور وکلاء کی ہڑتالوں کو جائز ٹھہرارہے ہیں جبکہ اسی وجہ سے پوری دنیا میں جموں کی بدنامت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کوچاہئے کہ ہندو ایکتا منچ پر پابندی عائد کی جائے ۔
ہائی سکول گلہوتہ کا درجہ بڑھانے کی مانگ
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر کے گلہوتہ کے لوگوںنے حکومت سے مانگ کی ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول کیری کانگڑا کا درجہ بڑھا کر اسے ہائراسکینڈری کادرجہ دیاجائے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ یہ علاقہ بڑی آبادی پر مشتمل ہے اوران کے بچے دسویں کے بعد کی تعلیم دور دراز سکولوں میں جاکر حاصل کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہائی سکول کیری کانگڑا بہت پرانا سکول ہے جس کو ہائراسکینڈری سکول کادرجہ دیاجائے تاکہ طلباء خاص کر طالبات ترک تعلیم پر مجبور نہ ہوں ۔انہوںنے کہاکہ آبادی کے لحاظ سے گلہوتہ گائوں دس ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل ہے اور اس کی تین بڑی پنچائتیں ہیں جہاں پر ہائر سکینڈری سکول کاہونا بہت ضروری ہے تاہم حکومت نے اب تک اس علاقے کو اس سے محروم رکھاہواہے ۔انہوںنے کہا کہ علاقے میں ایک گرلز ہائی سکول بھی قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت علاقے کی طرف توجہ دے اور لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوںنے گائوں میں ہسپتال کے قیام کی ضرورت پر بھی زوردیا ۔
پونچھ قلعہ کی اراضی کی نشاندہی
ڈپٹی کمشنر نے 3رکنی کمیٹی تشکیل دی
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے صدر مقام پونچھ کے قصبہ میں موجود قلعہ پونچھ کی زمین کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ تاریخی قلعہ پونچھ کی زمین پر مافیاؤں کی طرف سے ناجائز قبضہ کرنے کاسنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر محکمہ مال چوہدری محمد اشرف کی صدارت میں تحصیلدار حویلی اور چیف ایگزیکٹو افسر میونسپل کارپوریشن پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو دو ہفتوں کے اندرنادر رپورٹ پیش کرے گی ۔
بینک شاخ کیلئے مناسب جگہ انتخاب کرنیکی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر//جموں کشمیر بنک کی ایک شاخ اڑی میں کھولی جا رہی ہے جس کیلئے جگہ کے انتخاب پر مقامی لوگوںنے اعتراض جتایاہے ۔حاجی محمد رزاق ،محمد اشتیاق خان، چوہدری محمد خورشید،مولوی محمد افضل خان،بابو محمد صدیق،پشکرراج وغیرہ نے شکایت کرتے ہوئے کہاکہ ذاتی مفاد ات کے لئے موزوں جگہ کے بجائے اس شاخ کوکچھ لوگوں کے گھروں میں کھولاجارہاہے جس سے عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیںہوگا۔ان کاکہناہے کہ اس سے قبل بھی ایسا ہی ہوا ہے جب بنک کی ایک شاخ سلواہ کے لئے منظور ہوئی تاہم اسے مینڈھر بنک سے صرف ایک کلو میٹر دوری پر بمقام سخی میدان کھولا گیا جس کے باعث عوام علاقہ سلواہ، پٹھانہ تیر ،چھونگاں،کالابن وغیرہ کو بینکنگ سہولیات سے محروم کردیا گیااور اب ایسا ہی حال اڑی کے ساتھ کیاجارہاہے ۔انہوںنے بتایاکہ اس سلسلے میں ایک قرارداد زونل ہیڈ راجوری کو پیش کی گئی ہے جس کے ذریعہ بتایاگیاہے کہ شاخ کو مینڈھر ہرنی روڈ پر سنگالہ مینڈھر بنک شاخ سے صرف ایک کلو میٹر دوری پر کھولنے کی جارہی ہے جبکہ سڑہوتی،اڑی،بغلہ،نکہ چوٹیاں،ناڑ،سلواہ اور جبڑاں گورسائی کی عوام کے مفادات کو نظر اندازکیاجارہاہے ۔ان کا الزام ہے کہ صرف ایک مالک مکان کے مفاد کے لئے پوری آبادی کو بنک سہولیات سے محروم کیاجارہاہے ۔انہوںنے مانگ کی کہ بینک کیلئے موزوں جگہ زیارت مردان شاہ کے نزدیک ہے جہاں عمارت بھی دستیاب ہے ۔انہوںنے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اگر ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی تو احتجاج کاراستہ اختیا رکیاجائے گا۔
انوارالقرآن کنوئیاں پونچھ میں سالانہ اجلاس منعقد
نوجوانوں کو خود کو اسلامی سانچے میں ڈھالناہوگا:مولانا مفتی شفیع
حسین محتشم
پونچھ//جامعہ انواراسلامیہ انوارالقرآن کنوئیاں پونچھ کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے علمائے کرام نے خطاب کیا ۔ علماء کرام نے اپنے بیانات میں امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ مسلک و مشرب سے اپر اٹھ کر اخلاق محمدیہ کو اپنا مشن بنا لیںتاکہ دنیا میں کامیابی اور آخرت میں سرخروئی نصیب ہو۔ضلع پونچھ کے علماء اہلسنت ولجماعت کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر سے مقرر خصوصی مولانامفتی شفیع نے خطاب کیا۔انہوںنے قرآن و سنت کی روشنی میں اصلاح معاشرہ اور ہماری ذمہ داریاں کے بارے خطاب کیا۔ انہوں نے رحمت عالمؐ کی سیرت پاک کو مد نظر رکھتے ہوئے معاشرہ کی اصلاح پر زور دیا۔نوجوانوں کو مخاطب ہوکر انہوںنے کہاکہ کسی قوم کی آن اور شان نوجوان قوم ہوتی ہے، یہ زندگی اللہ رب کریم کی امانت ہے جس کو دنیاکی زیب و زینت بنانے کے بجائے اللہ اور اس کے رسول ؐکے احکام کو دوسروں تک پہنچانے میں اپنے معاشرہ کو اسلامی نقشوں میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔انہوں نے تقویٰ اور ہمارا مسلم معاشرہ پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے دین کو صحیح طریقے پر ماننے اور اس پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس دین پر عمل کرنا ہے جو پیارے نبی ؐہمارے لئے چھوڑ کرگئے۔مولانا فتح محمدناظم اعلی جامعہ محمودیہ قاسم نگر مینڈھرنے اصلاح معاشرہ پر مفصل بیان میں اس بات پر زور دیا کہ اس وقت اصلاح معاشرہ کی اشد ضرورت ہے کیوں کہ مسلمانوں کے دلوں سے جس طرح دین محمدی ؐ کی عظمت و وقعت نکلتی جارہی ہے، وہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا قانون وہی ہے ،قرآن وہی ہے اوررسول اللہ ؐکا فرمان وہی ہے مگر افسوس کہ ہمارا ایمان کمزور ہوچکا ہے جس کی تازگی کے لئے دینی اداروں میں یہ دینی اور اصلاحی اجلاس منعقد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا معاشرہ ازدواجی زندگی کے شروعات سے لیکر تا حیات بہت سارے شعبے ہیں، جن سے ایک سماج تشکیل پاتا ہے ، ازدواجی زندگی میں میاں بیوی کے حقوق ،اولاد اور والدین کے حقوق، پڑوسی کے حقوق کے علاوہ متعدد حقوق العباد ایسے ہیں کہ اگر مسلمان ان کو اپنے سماج میں احسن طریقے سے رائج کرلیتا ہے تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں ٹیڑھی نظر سے نہیں دیکھ سکتی۔ اس موقعہ پر جامعہ کا بجٹ بھی پیش کیا گیا جو جامعہ کے ناظم اعلیٰ قاری صدیق احمد قاسمی نے پیش کیا ۔جامعہ ضیاالعلوم پونچھ کے نائب مہتمم و صدر تنظیم علماء اہلسنت ولجماعت پونچھ سعید احمد حبیب نے بھی اجلاس میں خطاب کیا ۔جلسہ کی صدارت جامعہ کے ناظم اعلی حضرت قاری صدیق احمد کررہے تھے ۔آخرمیں پوری انسانیت بالخصوص تمام مسلمانوں کی عافیت و بھلائی اور سربلندی کے لئے دعا کی گئی ۔تقریب میںجامعہ طیب العلوم لورن کے ناظم مولانا زاہد الحسن قاسمی، اشاعت العلوم چنڈک کے ناظم مولانافرید الدین ،جامعہ زینت الاسلام دھڑہ کے ناظم مولانامنظور احمد ،جامعہ عروج الاسلام لورن جامعہ تعلیم القرآن اڑائی کے ناظم مولاناشمس الدین قاسمی وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
سنی یوتھ ونگ کی طرف سے ’’یوم علی‘‘کا اہتمام
حضرت علی ؑکی زندگی کو مشعل راہ بنایا جائے: علماء
عشرت بٹ
منڈی//سنی یوتھ ونگ پونچھ کی طرف سے یوم علی ؑکا اہتمام کیا گیا تھا جس میں علماء کرام اور شعراء حضرات نے حضرت علی علیہ السلام کی زندگی پر روشنی ڈالی۔یہ تقریب ڈاک بنگلہ منڈی میں حضرت علی ؑکی ولادت با سعادت کے حوالے سے منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے غلام حیدر آتش نے کہا کہ حضرت علی ؑنے دین اسلام کی خاطر اپنی پوری زندگی وقف کردی اور وہ ہر وقت پیغمبر اسلام ؐ کے ساتھ ساتھ رہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی بقاء کی خاطر جتنی بھی جنگیں ہوئیں، ان کی فتح میں حضرت علی ؑ نے نمایاں رول اد اکیا۔قاری انوار حسین اورقاری عبدالحسین نے حضرت علی ؑکی شان میں منقبت پیش کرکے سامعین سے داد تحسین حاصل کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماسٹر امیر دین ہمدانی نے کہا کہ اللہ نے پوری کائنات کو پنجتن پاک کے لئے خلق کیا اور انہی کی وجہ سے اسلام کو بقاء حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرمؐ نے فرمایا کہ میں علم کا شہر ہوں اور علی ؑاس کا دروازہ ہیں اور اگر کسی بھی شخص کو شہر میں داخل ہونا ہے تو وہ پہلے دروازے سے ہو کر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علی ؑکی محبت کے بغیر کسی بھی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی وہ جنت کا حقدار ہو سکتا ہے۔ تقریب میں انجمن تنظیم المومنین منڈی کے صدر قاسم علی باگن، ڈاکٹر غلام عباس ،افضل حسین شاہ ،تصدق بانڈے ،سنی یوتھ ونگ کے تحصیل صدر تسنیم ہمدانی ،عبدالغنی پٹھان وغیرہ بھی موجودتھے ۔
لیبر کارڈ کے نام پر لوٹ کھسوٹ
مینڈھر پولیس نے جعلساز گرفتار کرلیا
جاوید اقبال
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر پولیس نے ایک جعلساز کو گرفتار کرلیا جو گلہوتہ علاقے میں فرضی لیبر کارڈ بنانے کے لئے لوگوں سے پیسے وصول کررہاتھا۔اس شخص کی شناخت محمد لطیف ولد عالم دین کے طور پر ہوئی ہے جو سرنکوٹ کے پوٹھہ علاقے کا رہنے والاہے ۔وہ کانڈی علاقے میں لوگوں سے پیسے لیکر فرضی لیبر کارڈ بنارہاتھا جس دوران پولیس نے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق اس کی تحویل سے38سو روپے نقد،26بھرے ہوئے فارم،پچاس خالی فارم،پچاس کنبہ فارم اورایک عدد موبائل ،ایک بیگ،ایک مہر معہ پیڈ اور بیس فوٹوبر آمدہوئے ہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ وہ گزشتہ دو دنوں سے علاقہ میں گھوم رہاتھاجس دوران وہ لیبر کارڈ بنانے کا جھانسا دے کرآدھار کارڈ اور راشن کارڈ کی کاپیاں اور فی نفر تین سو روپے وصول کرتارہا۔ان کاکہناہے کہ اس میں کوئی مقامی شخص بھی ملوث ہوسکتاہے جس کا پولیس کو سراغ لگاناچاہئے۔ اسسٹنٹ لیبر کمشنر پونچھ زامود احمد نے بتایاکہ یہ ایک گروپ ہے جس نے سرنکوٹ کے اندر بھی لوگوں کو جعلی کارڈ دے کر پیسے بٹورے ہیں اوراس سلسلہ میں انہوں نے ایس ایس پی پونچھ کو ایک تحریری درخواست دی ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ جب انہیں پتہ چلاکہ یہ لوگ مینڈھر پہنچ گئے ہیں تو انہوںنے پولیس کو آگاہ کیا جس پر ایک شخص کو گرفتار کیاگیاہے ۔ایس ڈی پی او مینڈھر ریاض تانترے کاکہنا تھا کہ انہوں نے ایک شخص کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہے اور یہ معلوم کیاجارہاہے اس کے پیچھے کون کون ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس پر مقدمہ بھی درج کیاجائے گا۔
دیہی ترقیاتی سکیموں کی مؤثر عمل آوری پر زور
کوہلی نے کالاکوٹ میں عوامی شکایتی ازالہ کیمپ منعقد کیا
جموں//پشو و بھیڑ اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی نے آج کہاکہ حکومت دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی بہبودی کے لئے مختلف ترقیاتی سکیموں کی مؤثر عمل آوری یقینی بنانے کے سلسلے میں تما م طرح کے اقدامات کر رہی ہے۔وزیر موصوف راجوری ضلع کے حلقہ انتخاب کالاکوٹ میں گاراں گائوں میں ایک عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپ سے خطاب کر رہے تھے۔ کیمپ میں علاقے کے لوگوں نے مختلف ترقیاتی معاملات وزیر کے سامنے رکھے۔وزیر نے کہا کہ حکومت حلقہ انتخاب کالاکوٹ سے وابستہ دور دراز اور دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی دہلیز پر بنیادی ضرورت کی اشیاء فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کا عہد کیا ۔حلقہ انتخاب کالاکوٹ میں مختلف ترقیاتی کاموں کا ذکرکرتے ہوئے کوہلی نے کہا کہ موجودہ حکومت عملی طور پر کالاکوٹ علاقے میں تمام طرح کی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔مقامی لوگوں کے مطالبات کے جواب میں وزیر نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام جائزہ مطالبات ترجیحی بنیاد وں پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ علاقے کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔مقامی لوگوں نے کوہلی کی طرف سے شروع کئے گئے اقدامات کی سراہنا کی۔ضلع انتظامیہ راجوری کے سینئر افسران کی ایک ٹیم وزیر کے ہمراہ تھی۔
ایم ایل اے راجوری کادورہ ٔڈونگی
راجوری//ممبر اسمبلی راجوری، ایڈوکیٹ قمر حسین چوہدری نے سرحدی علاقہ ڈونگی میں ’’عوامی دربار‘‘ منعقد کیا۔مقامی لوگوں نے رکن اسمبلی کا والہانہ استقبال کیا اور ڈونگی میں ڈگری کالج کے قیام کی منظوری کیلئے مبارک باد دی۔ اس موقعہ پرلوگوں نے ممبر اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ عوام ڈونگی ممبر موصوف کی کاوشوں کوہمیشہ یادرکھے گی۔قابل ذکرہے کہ حال ہی میں جموں صوبہ میں چھ کالج منظورہوئے ہیںاور ضلع راجوری میں ایک ہی کالج کو منظوری ملی ہے جو ڈونگی میں تعمیر کیا جائے گا ۔اس موقعہ پرحاجی جمشید چوہدری ، ریاستی ممبر گجر بکروال مشاورتی بورڈ نے لوگوں کے مسائل رکھے۔قمرچوہدری نے کہاکہ مخلوط سرکار نیہمیشہ خطہ پیر پنچال کی تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے۔انہوںنے کہا کہ راجوری ضلع میں تینوں سب ڈویژنوں کو ایڈیشنل ڈی سی کا درجہ دیا جانا تعمیر و ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے وہیں گردن بالا میں جو نہایت ہی پسماندہ علاقہ ہے میں اکلاویہ ماڈل سکول کی تعمیر کی جارہی ہے جہاں 500 بچوں کو پہلے مرحلے میں داخلہ دیا جائے گا وہیں ڈونگی جو نہایت ہی سرحدی علاقہ ہے ۔انہوں نے وزیرتعلیم الطاف بخاری کاشکریہ اداکیا۔اس دوران رکن اسمبلی کے ہمراہ تعظیم ڈار، ماسٹر اقبال شاہ، مشتاق بٹ، نصیر احمد چوہدری، حنیف جٹ، شوکت احمد شال، فاروق احمد چوہدری، عثمان ایڈوکیٹ کے علاوہ متعدد پارٹی کارکنان بھی تھے ۔
مولانا محمد سالم قاسمی کے انتقال پر الجمعیۃ کا اظہار ِ دکھ
پونچھ// ایک عالم کی موت سارے عالم کی موت ہے ، ایک باعمل عالم جب تڑپ اور سچی لگن کے ساتھ معاشرے میں دینی فضاء کی بقاء کے لئے عزم ِ مصمم کرتا ہے تو خداوند ِ کریم کی مدد ہر چہار جانب سے اسے ڈھانپ لیتی ہیںاور ملت تادیر ایسے نقوش کی نقالی کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیۃ کے آل انڈیا جنرل سکریٹری اور جامعہ امام محمد انور شاہ کشمیری ؒ پونچھ کے ناظم ِ اعلی ٰ مولاشہزادانوری نے جامعہ کے جیلانی ہال میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج سب سے بڑا دکھ اور غم جمعیۃ کو ہے جو آج اپنے سرپرست ِ اعلیٰ اور قائد ِ بے بدل سے محروم ہو گئی۔انہوںنے کہاکہ خداوند ِ کریم نے مرحوم کو بے پنا ہ صلاحیتوں سے نوازا ہو ا تھا جہاں وہ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر ، دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر مہتمم ، صدر مسلم مجلس ِ مشاورت ، رکن مجلس ِ شوری ٰ انتظامیہ ندوۃ العلماء ، رکن ِ مجلس ِ شوری ٰ مظاہر العلوم وقف ،سرپرست ِ اعلی ٰ کل ہند رابطہ ٔ مساجد ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کورٹ کے رکن ، سرپرست اسلامک فقہ اکیڈمی تھے وہیں وہ الجمعیۃ الاسلامیۃ الخیریہ اسلامی فلاحی تنظیم شہر ِ پونچھ کے تا حیات سرپرست ِ اعلی ٰ رہے ۔ان کاکہناتھاکہ مرحوم مولانا اشر ف علی تھانوی ؒ کے آخری شاگر د تھے اور مصر ی حکومت کی جانب سے بر ّ ِ صغیر کے ممتاز عالم ِ دین کا نشان ِ امتیاز بھی ان کو حاصل تھا ۔ انہوں نے مولانا رحمہ اللہ کے اہل ِ خانہ مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند ، نبیرہ مولانا محمد شکیب قاسمی ڈائیریکٹر حجۃ الاسلام اکیڈمی دیوبند کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم کے خاندان اور کنبے کے ساتھ برابر کی شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ پاک حضرت رحمہ اللہ کو جنت الفردوس میں مقام ِ عالی نصیب فرمائے اور پسماندگان کو صبر ِ جمیل عطا فرمائے۔