سروڑی کااظہار تعزیت
کشتواڑ// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدروایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے نسیمہ بیگم زوجہ سینئر کانگریس لیڈر کشتواڑ،محمد اسلم ملک ،جانا بیگم زوجہ احمدو ساکنہ ، کواتھ دربیل، منشی رام ولد دینا ناتھ ساکنہ رہال مغلمیدان، روشن لال پریہار ولد دیو چند پریہار ساکنہ شنا ٹھاکرائی اور مبینہ وانی دختر منظور احمد ساکنہ بھلیسہ کی وفات پر گہرے دُکھ کااظہار کیا ہے۔یہاں جاری ایک تعزیتی پیغام میں سروڑی نے سوگوار خاندانو ں کیساتھ ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے مرحومین کو نیک سیرت انسان قرار دیتے ہوئے غمزدگان کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کے لئے صبر جمیل عطا کرنے کی دُعا کی ہے۔
لاپتہ ہوئے نوجوان کو جلد از جلدتلاش کیا جائے: شیخ ناصر
کشتواڑ// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر حسین نے کشتواڑ پولیس پر زور دیا ہے کہ وہ سراوان کیشوان سے لا پتہ ہوئے نوجوان کو جلد از جلد تلاش کرے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شیخ ناصر نے کہا ہے کہ سروان کیشوان سے گذشتہ ماہ طارق حسین ولد غلام رسول نامی ایک نوجوان لاپتہ ہوا ہے جس کا تا حال کوئی بھی سراغ پولیس کو حاصل نہیں ہوا ہے۔ جبکہ انہوں نے بھی متعد بارپولیس حکام کے پاس جاکر گذارشات کی کہ وہ معاملہ کی تحقیقات کرے اور اس سلسلہ میں پولیس تھانہ میں گمشدگی کا معاملہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ شیخ ناصر نے مزید کہا کہ اگرچہ پولیس ہر زاویئے سے اس معاملہ کی تحقیقات کر رہی ہے لیکن تا حال پولیس کو کوئی کامیابی ہاتھ نہیں لگی ہے ۔ ناصر کے مطابق سچائی کو سامنے لانے کیلئے پولیس تحقیقات کے دوران یہ زاویہ بھی دیکھ لے۔ ناصر نے مزید کہا ہے کہ انہیں کشتواڑ پولیس پر پورا اعتماد ہے جس نے ماضی میں بھی مشکل سے مشکل معاملات حل کئے ہیں اور وہ پر امید ہیں کہ یہ معاملہ بھی پولیس جلد از جلد حل کرے گی انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کو تعاون دیں، امن بنائے رکھیں اور کسی سیاسی جنگ کا شکار نہ بنیں۔