جنرل منجیرسلال پائور اسٹیشن کا اچانک دورہ
جیوتی پورم میں صفائی وستھرائی کی جانکاری حاصل کی
ریاسی //جنرل منیجر سلال پائور اسٹیشن ہیمانشو شیکھر نے پائور اسٹیشن کے افسروں کے ہمراہ جیوتی پورم کالونی کا اچانک دورہ کیا تاکہ کالونی کی صحت و صفائی کا جائزہ لیا جا سکے۔اپنے دورہ کے دوران شیکھر نے اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے متعلقہ افسروں کو ٹاون شپ کی صفائی و ستھرائی کیلئے متعلقہ افسروں کو ذاتی طور نگرانی کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائور اسٹیشن کو ٹاون شپ کی صفائی و ستھرائی پر کافی تشویش ہے اور کالونی کو جاب نظر بنانے کے لئے وقتاً فوقتاً صفائی مہم در دست لی ہے۔انہوں نے کالونی کو صاف رکھنے کیلئے دوکانداروں، ملازمین اور انکے اہل خانہ کا تعاون طلب کرکے انہیں کوڑے دانوں کا استعمال کرنے کی تلقین کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ سلال پائور اسٹیشن نے سوچھ بھارت مشن کے تحت جیوتی پورم کالونی کو صاف و شفاف رکھنے کے لئے متعدد پروگرام منعقد کئے ہیں۔ایسے پروگراموںکے تحت پائور اسٹیشن کی جانب سے ضلع ہسپتال ریاسی، عدلات کے احاطہ، موضع وجے پور ،ماڑی کے علاوہ جیوتی پورم کے ملحقہ علاقوں میں صفائی مہم شروع کی۔
چھاترو میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کا اہتمام
کشتواڑ//ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر فوج کی جانب سے سول ،ملٹری کے تال میل سے تحصیل کشتواڑ کے چھاترو میں ایک پروگرام کا اہتمام کیاگیا۔اس پروگرام میں تمام فریقین جن میں نزدیکی سکولوں کے طلاب ،مقامی لوگ اور پولیس بھی شامل ہے ، نے شرکت کی۔اس موقعہ پر فوج کی جانب سے ممکنہ ناگہانی آفات سے نمٹنے کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پر ناگہانی آفت سے کم نقصان ہونے اور طبی امداد کی فراہمی کاعملی مظاہرہ بھی کیا گیا ۔اس دوران این جی اوز، سول انتظامیہ اور فوج کے درمیان تال میل کی مشق بھی کی گئی۔اس موقعہ پر ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے کا کام ، دریا پار کرنے،باز آباد کاری کیمپ ، مہلوکین کو نکالنے، سیلاب کے دوران موثر ریلیف ،متاثرین کی باز یابی وغیرہ کی بھی مشق کی گئی ۔منہدم ہوئے ڈھانچوں سے لوگوں کی تلاش اور بازیابی بھی تربیت کا ایک حصہ تھا ۔ سٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فورس کے ڈی ایس پی اور 05کانسٹیبلوں کی ایک ٹیم نے مشق میں حصہ لیا۔ایس ڈی آر ایف کے ڈی ایس پی نے ’’ڈیزاسٹر اور اسکے حفاظتی اقدام ‘‘ پرتوسیعی خطبہ بھی دیا ۔اس موقعہ پر تحصیلدار نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
سنگلدان میں طبی کیمپ کا اہتمام
رام بن // فوج کی جانب سے ضلع کے دور دراز علاقہ سنگلدان میں لوگوں کے طبی مسائل کا حل کرنے کے لئے ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیاگیا۔فوجی اور سول ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے نرسنگ عملہ کے ہمراہ کیمپ میں شامل 478مریضوںکا معائنہ کیا۔ کیمپ میں مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔سنگلدان ضلع رام بن کا ایک ایسا علاقہ ہے جو کہ بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہے جسکی وجہ سے مقامی آبادی کو مشکل ترین راستوں سے گُذر کر طبی سہولت کے لئے گول جانا پڑتا ہے۔فوج کی ا س پہل سے نہ صرف مریضوں کو اپنے گھروں کی دہلیز پر ہی علاج مہیا ہوا بلکہ ان میں صحت و صفائی اور حفظان صحت سے متعلق بیداری بھی مہیا کی گئی۔طبی کیمپ میں مقامی لوگوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔اس موقعہ پر موضع کے سابق سرپنچ نے سنگلدان کے عوا م کی طرف سے فوج کے اس اقدام کی ستائش کی اور کہاکہ اس سے طبی مسائل حل کرنے میں مدد ملی ہے ۔
کشتواڑ میں پانی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا
اے آئی بٹ
کشتواڑ//محکمہ پی ایچ ای کے ناقص نظام کی وجہ سے ضلع کشتواڑ کے متعدد علاقوں بشمول قصبہ کے وارڈ نمبر7 میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے۔وارڈ کے مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای پر غیر سنجیدہ ہونے کا مبینہ الزام لگایا ہے کیونکہ ایک ماہ میں 7 سے10 دنوں کے وقفہ کے بعد پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پانی سپلائی کرنے کی لائن کئی ہفتوں سے ناقص ہے اور کوئی بھی اہلکار اس کا کوئی نوٹس نہیں لے رہا ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پینے کے پانی کے لئے گرائونڈ واٹر کا استعمال کرنا پڑتا ہے، جو کہ صحت کیلئے مضر ہے اور کافی وقفہ کے بعد پانی سپلائی کرنے سے لوگوں کو پریشانیاں ہوتی ہیں۔ان لوگوں نے بتایا کہ علاقہ کے لوگوں کو پانی کی سپلائی کے لئے کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور محکمہ پی ایچ ای اس مسئلہ کا سدباب کرنے میں نااہل ثابت ہوا ہے۔علاقہ کے بعض لوگوں نے کئی علاقوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھنے کا الزام لگایا ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے ضلع میں پانی کے مسئلہ کافوری طور حل نکالنے کی اپیل کی ہے۔
تریگام میں گرام سوراج ابھیان کا کیمپ منعقد
کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ رانا کی ہدایت پر تحصیلدار کشتواڑ شوکت حیات متونے مرکزی حکومت کی طرف سے چلائے جارہے خصوصی پروگرام گرام سوراج ابھیان کے تحت نوڈل افسر اے کے ڈوگرہ کے تعاون سے ایک کیمپ کا اہتمام کیا ۔کیمپ کے انعقاد کا مقصد عام لوگوں کو مختلف سکیموں کی جانکاری دینے اور عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل میں سرعت لانے اور جوابدہی کے عمل کو موثر بناناتھا۔تحصیلدار کشتواڑ نے اس موقعہ پر درب(ترہگام )کے مکینوں میں 80 شیڈولڈ کاسٹ سر ٹیفکیٹ جاری کئے ۔کیمپ کے دوران گرام سوراج بھیان (اُجولہ) سکیم کے مفت گیس کنکشن دینے کے لئے تحت بی پی ایل کنبوں کی شناخت کی گئی۔
رام بن میں روڈ سیفٹی ہفتہ کے مناسبت سے پروگرام
رام بن //محکمہ موٹر وہیکل رام بن کی جانب سے 29ویں روڈ سیفٹی ہفتہ کے سلسلہ میں اُکھڑال بس اسٹینڈ میں بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ،جس کا مقصد نوجوانوں ،ڈرائیوروںاور مقامی لوگوں کو روڈ سیفٹی کے اصولوں سے واقف کرنا تھا ۔ایم وی ڈی انسپکٹروں خورشید احمد ،نائب تحصیلدار اُکھڑال و دیگر متعلقہ اہلکاروں کے علاوہ مقامی ٹرانسپورٹ یونین کے اہلکاروںنے بھی پروگرام میں شرکت کی ۔اس موقعہ پر اے آر ٹی او رام بن محمد سلیم نے ڈرائیوروں اور عوام کو صلاح دی کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران اور سڑک پار کرتے ہوئے سلامتی اقدام لاگو کریں۔انہوں نے عام لوگوں کی جانب سے ٹریفک قوانین کو لاگو کرنے میںذمہ واریوں کا بھی اُجا گر کیا اور کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا نہیں جا سکتا ہے۔انہوں نے ڈرائیوروں کو روڈ سیفٹی مہم کے مشعل راہ بننے کی تلقین کی۔
رام بن میں پاگل کتے نے متعدد اشخاص کو کاٹا
ایم ایم پرویز
رام بن //اطلاعات کے مطابق رام بن کے سومبڑھ علاقہ میں ایک پاگل کتے نے جمعرات کے روز سکول جانے والے بچوں اور خواتین کو کاٹ لیا ۔موضع کے مکینوں کے مطابق انہوں نے متاثرین کو ضلع ہسپتال رام بن علاج کے لئے منتقل کیا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ایس ایچ او پولیس اسٹیشن دھرم کنڈ نے اس واقعہ پر اپنی لاعلمیت کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں اس سلسلہ میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی جبکہ مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ موضع سومبر کے چار بچوں اور دو خواتین کو پاگل کتے نے کاٹ لیا ہے۔میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ضلع ہسپتال رام بن ڈاکٹر ڈی وی سنگھ نے اعتراف کیا کہ کتے کے کاٹے ہوئے چار لوگوں کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے جن کی شناخت یاسمین دختر شوکت علی، محبوب ولد کودیا، کالی بیگم زوجہ باست احمداور دھیرج سنگھ ولد پریم ناتھ کے بطورکی گئی ہے،دو اشخاص چیری بیگم زوجہ محمد حُسین ، محمد الطاف ولد غلام محمد ساکنہ جاوری سومبڑ کا نزدیکی ہسپتال میں علاج کیا گیا ہے۔
۔ 29 واںروڈ سیفٹی ہفتہ
ڈوڈہ میں موٹر سائیکل ریلی کا اہتمام
ڈوڈہ //29 ویںروڈ سیفٹی ہفتہ کے سلسلہ میں محکمہ موٹروہیکل نے ٹریفک پولیس کے اشتراک سے ڈوڈہ میں ایک موٹر سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ریلی میں ضلع کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ایک سوموٹرسائیکل ڈرائیوروں نے شر کت کی۔موٹر سائیکل والوں نے بینراُٹھائے تھے جن پر ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کے پیغامات تحریر تھے ۔اے آر ٹی او ڈوڈہ نے روڈ سیفٹی اور عوام میں جانکاری پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ایسے پروگام جاری رکھے جائیں گے ،تاکہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کا پیغام زمینی سطح تک لوگوں میں پہنچے اور حادثات پر قابو پایاجاسکے ۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک ڈوڈہ ،ایس ایچ او ڈوڈہ اورز محکمہ کے انسپکٹروں کے علاوہ اے آر ٹی او دفتر کے اہلکار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
ریاسی کٹل میں محکمہ پی ایچ ای کیخلاف مظاہرہ
زاہد ملک
ریاسی //موضع گراھ موڑ کٹل کے مکینوں نے محکمہ پی ایچ ای پر لوگوں کو پینے کا پانی مناسب مقدار میں فراہم نہ کرنے کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے۔انکا الزام تھا کہ محکمہ اس علاقہ میں پینے کا پانی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس علاقہ کو فراموش کرنے سے لوگوں کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔ متاثرین نے ریاسی۔جیوتی پورم سڑک پر دھرنا دیا جسکی وجہ سے اس سڑک پر تقریباً چار گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حرکت مسدود ہوگئی اور مسافروں کو پریشانیوںکا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین کی یہ بھیجی شکایت تھی کہ انہوںنے یہ معاملہ متعلقہ حُکام کی نوٹس میں لایا ہے تاہم اسکا کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔