بٹوت میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے قیام کا مطالبہ
ارشد کاظمی
بٹوت//تحصیل بٹوت و گرد ونواح کے علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتیب فکر لوگوں کا اجلاس زیرصدارت یوتھ پی ڈی پی لیڈرمحمد شامون میر منعقد ہوا س میں شامل تمام شرکاء نے یک زبان ہو کرتحصیل بٹوت میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے قیام کی مانگ کوعملی جامعہ پہنانے پر زور دیا۔ شامون میر نے بٹوت میں ڈگری کالج کے قیام کو اشد ضروری قرار دیتے ہوے اپنی پارٹی کی مخلوط حکومت پر زور دیا کہ یہ موزوں وقت ہے جب حکومت تحصیل بٹوت کے عوام کی اس دیرانہ مانگ کو پوراکر کے شکریا کا موقع مہیاکرے۔ میر نے کہا ہم نے بٹوت میں ڈگر ی کالج کی اہمت و افادیت کے بارے میں بارہا وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا ہے ۔اس موقعہ پر سابقہ سرپنچ ملکھراج ،سابقہ سرپنچ جگدیش چند ،سابقہ سرپنچ شکور وانی، سابقہ سرپنچ عبدالرشید ،سابقہ نائب صدرمیونسپل کمیٹی بٹوت صفیراں بیگم نے بھی اپنے خطابات میں موجودہ ریاستی حکومت پرزور دیا ہے کہ وہ جلد از جلد قصبہ بٹوت میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے قیام کوعملی جامہ پہنانے کی خاطر درکار اقدامات کرے ۔ لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ بٹوت میں ڈگر ی کالج کے قیام کا وعد ہ مرحوم مفتی محمد سعید نے بھی کیا تھا مگر ہم قصبہ بٹوت کے عوام کی بد قسمتی کہ زندگی نے مرحوم سیاسی قائد کو مہلت نہیں دی کی وہ بٹوت کے عوام سے کئے اپنے وعدے کو وفا کرتے لہذ ا ہماری ریاست کی موجودہ وزیر اعلیٰ سے گذارش ہے کہ وہ اپنے والدمرحوم اور ہمارے رہنما کی جانب سے بٹوت کے عوام کے ساتھ کئے وعدے کوپورا کر کے شکریا کاموقع دیں۔
رام بن میں کسان کلیان کاریہ شالہ کا اہتمام
رام بن //ملک بھر میں جاری گرام سوراج زابھیان کے تحت اور کسانوں کے یوم بہبودی کے موقعہ پر ضلع بھر میں محکمہ زراعت نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے چندر کوٹ میں کسان کلیان کاریہ شالہ کا اہتمام کیا گیا ،جس کا افتتاح ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گورویندر جیت سنگھ نے کیا، جبکہ سناسر میں چیف اگریکلچر افسر رام بن کمل کشور گپتا نے ایک ورکشاپ کی قیادت کی۔ ایسی ہی تقریبات ضلع کے تمام 11بلاکوں بشمول راج گڑھ، گاندھری، رام سو، اُکھڑال، کھڑی ،گول، سنگلدان اور دھرم بلاک میں منعقد کئے گئے۔ورکشاپ کے دوران محکمہ زراعت، باغبانی انیمل ہسبنڈری، اپیکلچر اور مقامی بینکوں کے ریسورس پرسن بشمول ضلع اگریکلچر افسر کے کے کول ،ایس ڈی اے او ایم جی سنگھ ، وی اے ایس ڈاکٹر خادم حسین، ایس ایم ایس ویریندر کمار، ایچ کے کول، جے اینڈ کے بینک بٹوت بی کے بٹ، اے اے ای او اے کے بٹ،اے ای او وی جے سنگھ ،اے ای او آر کے شرما ، اے ای او ریاض احمد، اور گووند رام شرما کے علاوہ ترقی پسند معزز کسانوں نے بھی شرکت کی اور کسانوں کو جانکاری فراہم کرنے کیلئے مختلف مدعوں پر لیکچر دئے۔متعدد بینکوں کے نمائندوں نے کسانوں کو کسان کریڈٹ کارڈ سکیم اور پی ایم ایس بی وائی، پی ایم جے جے وائی کی مختلف انشورنس سکیموں ،پردھان منتری جن دھن اکونٹس کھولنے کی جانکاری دی گئی۔ اس موقعہ پر کسانوں کو بیداری پیدا کرنے کے لئے کتابچے اور پمفلٹ تقسیم کئے گئے اور اسکے علاوہ اعلیٰ معیار کے مکی کے بیج مفت تقسیم کئے گئے۔کسانوں نے بھی تبادلہ خیال کیا اور اپنا نقطہ و نگاہ پیش کیا ۔ اسکے علاوہ متعلقہ ماہورں سے اپنے مسائل کے جواب بھی حاصل کئے۔
نائب وزیر اعلیٰ کے بیان کی مذمت
کشتواڑ//یوتھ کانگریس جے اینڈ کے کے ترجمان رندیپ بھنڈاری نے رسانہ معاملہ پر نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا کے دیئے گئے بیان کی مذمت کی ہے۔ ایک پریس بیان میں انہوںنے گپتا سے اس شرم ناک واقعہ پر معافی مانگنے کیلئے کہا ہے اور کہا ہے کہاس واقعہ نے پورے ملک کو ہلا کر رکھا ہے اور ہر ایک نے یک زبان ہو کر اس مدعے کے خلاف آواز بلند کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گپتا کے حالیہ بیان سے پورے ملک میں ناراضگی پائی جاتی ہے اور گپتا کو چاہیے کہ وہ اس معاملہ پر ملک سے معافی مانگے اور مستقبل میں ایسی بات کرنے سے قبل سو بار سوچے۔
بھاری بارش سے جل تھل
اے آئی بٹ
کشتواڑ//ضلع میں ہفتہ بھر کے خشک موسم کے بعد بھاری بارشیں ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے ضلع کے مختلف مقامات پر جگہ جگہ پر پانی بھر گیا ہے۔تاہم ، وادی چناب میںگُذشتہ منگل کو درجہ حرارت 28ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ۔درجہ حرارت میں اچانک اضافہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم بدھ کی بارشوں سے لوگوں کو گرم موسم سے راحت ملی ، جو کہ گُذشتہ ایک ہفتہ سے جاری تھی۔تاہم سردی کی وجہ سے لوگوں کو مزید گرم ملبوسات پہننے پڑے۔
ڈوڈہ کے عازمین حج کیلئے تربیتی نشست
ڈوڈہ //سفر محمود پر جانے کے لئے ضلع کے عازمین حج کے لئے ڈوڈہ میں بنیادی تربیت دینے کے لئے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا ۔نشست میں 122 مرد اور 67 خواتین پر مشتمل کل 189عازمین کو تربیت فراہم کی گئی۔تربیتی کورس کے دوران متوقع عازمین کو سفر محمود سے متعلق ویڈیو دکھائے گئے،اسکے علاوہ علمائوں اور مفتیوں نے سفر محمود کے مختلف مراحل کی جانکاری دی۔
شب برات مذہبی جوش و جذبہ سے منائی گئی
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع بھر میں شب برات نہایت ہی مذہبی شان و احترام سے منائی گئی۔مسلمان اپنے رشتہ داروں کی قبروں پر گئے اور رات مساجد اور دیگر زیارتوں میںبھر دعاؤں میں مشغول رہے۔ شب برات شعبان کی 15ویں رات کو منائی جاتی ہے،جس رات تمام مسلمان رات بھر دعاووں میںمحو رہتے ہیں۔رات بھر کی دعاؤں کے علاوہ لوگ اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہیں او راپنے رشتہ داروں کے قبر ستانوں پر فاتح کے لئے جاتے ہیں۔مسلمانوں کا یہ بھی عقیدہ ہے کہ اللہ تعالیٰ شب ء برأت کی رات کوآنے والے سال کے لئے لوگوں کی قسمت پر مہر لگاتے ہیں۔
سڑک حادثے میں2 زخمی
محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر شیر بی بی کے نزدیک ایک آلٹو کار اور ٹاٹا سومو کے درمیان ٹکر میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں بانہال ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے اور دونوں کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے ۔ دونوں گاڑیاں مقامی ہیں اور کار بانہال کی طرف آرہی تھی اور مخالف سمت سے آنے والی ٹاٹا سومو نے اسے زور دار ٹکر ماری۔ اس حادثہ میں الٹو کار نمبرJK-194773 کو چلانے والے ڈرائیور بلال احمد ولد شوکت علی ساکنہ ناچلانہ اور ٹاٹا سومو نمبر JK 14B1996 میں سوار مسافر وحید احمد ولد غلام رسول ساکنہ ناچلانہ کے طور کی گئی ہے اور پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے انہیں بانہال ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے ضابطے کے تحت کارروائی کی ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ کے بیان پر رام بن کے لیڈر برہم
ایم ایم پرویز
رام بن //حزب اختلاف کی سیاسی پارٹیوں،سماجی کارکنوں اور مذہبی لیڈران نے نئے نائب وزیر اعلیٰ کے کٹھوعہ واقعہ کے ریمارکس پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، جس میں انہوں نے کٹھوعہ واقعہ کو ایک معمولی واقعہ کہا تھا۔ان لیڈروں نے سوال کیا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ نے اس خطر ناک جُرم کو کیسے ایک معمولی واقعہ قرار دیا اور اسے بی جے پی ہائی کمانڈکی ذہنیت سے تعبیر کیا ۔انہوںنے ایسے لیڈروں کی ملامت کی ہے،جو خواتین کے خلاف جرائم کو ایک معمولی واقعہ کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف خواتین کی بے عزتی ہے بلکہ یہ ساری انسانیت کی بے عزتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کو 8سالہ بچی کے والدین کے دُکھ پر غور کرنا چاہیے تھا ۔انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ کو ایسے غیر ذمہ وارانہ بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ خواتین خصوصاً بچیاں تب تک محفوظ نہیں رہ سکتی ہیں جب تک کہ سابقہ وزیر جیسے کہ لال سنگھ اور چندر پرکاش گنگا اقتدار میں ہیںاور گورننس کے عمل میں ملوث ہیں۔
پیس اینڈویلفیئرکمیٹی کی میٹنگ
گول کو ضلع کادرجہ دینے کی مانگ
زاہد بشیر
گول// پیس اینڈ ویلفیئرکمیٹی گول نے ایک میٹنگ زیر صدارت صدر عبدالرشید بیگ منعقد ہو ئی جس میں کمیٹی کے زعمائوں نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر انہوں نے گول کو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ساتھ یہ بھی مطالبہ کیاکہ جب تک نہ اس کو ضلع کا درجہ دیا جائے تب تک یہاں پر اے ڈی بٹھایا جائے تا کہ لوگوں کو مسائل حل کروانے میں آسانی پیش ہو۔ اس موقعہ پر پیس اینڈ ویلفیئر کمیٹی گول نے گرلز ہائی سکول کو ہائر سکینڈری سکول کا درجہ دینے ، گاگرہ بھیمداسہ روڈ کو مکمل کرنے اور اس میں آئی اراضی کے مالکان کو معاوضہ دینے کے علاوہ گول میں مختلف سڑکوں میں آئی اراضی کے مالکان کو بھی معاوضہ دینے کی مانگ کی ۔انہوں نے گول سے کینٹھہ روڈ کی حالت کو بہتر بنانے اور اس میں تعمیری کام میں سرعت لانے کی بھی مانگ کی ۔