آئی اے ایس میں کامیا ب ابھیشیک شرماکو تہنیت
کشتواڑ//ممبر اسمبلی کشتواڑ غلام محمد سروڑی نے کشتواڑ کے رہنے والے ابھیشیک شرما جنہوں نے آئی اے ایس میں کامیابی حاصل کی ہے کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں مبارک دی۔یہاں ابھیشیک شرما اور ریاست کے دیگر نوجوان جنہوں نے کامیابی حاصل کی ہے کو مبارک بادی کے پیغام میں سروڑی نے امید جتائی کہ آنے والے کل کے طلاب کیلئے ایک نمونہ اور متاثر کرنے والے بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھیشیک نے نہ صرف اپنے کنبہ،دوستوں اور ضلع کیلئے یہ یہ اعزاز حاصل کیا ہے بالکہ پوری ریاست کیلئے یہ اعزاز حاصل کیا ہے ۔سروڑی نے امید جتائی کہ ان کی کامیابی سے امیدوار فخر کریں گے۔انہوں نے ملک کے دیگر حصوں سے کامیاب ہونے والے طلاب کو بھی مبارک باد پیش کی۔اس سے قبل بنون بونجوا کے سابق سرپنچ غلام رسول بٹ اور سبکدوش ایس ایف سی ڈویژنل منیجر عبدالقیوم بٹ نے کانگریس میں شمولیت کی اور کہا کہ یہ ایک ایسی جماعت ہے جو جموں و کشمیر کو امن کے راستے پر لے جا ئے گی۔غلام رسول بٹ کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے سروڑی نے کہا کہ کانگریس ایک تحریک ہے جو جموں ، کشمیر اور لداخ کی عوام کے ساتھ مشکل اوقات میں کھڑی رہی ہے۔انہوں نے کانگریس کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے ساتھ روابط کو مزید بڑھایا جائے اور عوام مشکلات کو اوپر اٹھایا جائے۔اس موقع پر محمد اقبال کین، خالد حسین شیخ، فاروق احمد ونت، طارق حسین منٹو موجود تھے۔
سرینڈر جنگجو کمانڈرشیر خان پر PSAعائد
طاہر ندیم خان
بھدرواہ// ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے اپنے اختیارات کا استعمال کرکے سابق جنگجو کمانڈر جو مبینہ طور پر حرکت المجاہدین نامی عسکری تنظیم کے ساتھ وابستہ رہا ہے پر پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کر دیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد عبداللہ گوجر عرف دلہ عرف شیر خان ولد حاجی نبی بخش ساکنہ موضع سگڈی،بھاٹا تحصیل مغل میدان ،کشتواڑ کے خلاف جے اینڈ کے پبلک سیفٹی ایکٹ 1978 لگانے کے احکامات اجر اکئے ہیں۔سینئر سپرانٹنڈنٹ پولیس نے ضلع مجسٹریٹ کو مبینہ ملزم شیر خان کے خلا ف جے اینڈ کے پبلک سیفٹی ایکٹ کے دفعہ جات کے حراستی احکامات جاری کرنے کے لئے مکتوب ارسال کیا تھا جس میں مزید کہا گیا تھا کہ مبینہ ملزم 2001سے حرکت المجاہدین کا ایک سرگرم ملی ٹینٹ رہا ہے ،جسکے خلاف پولیس اسٹیشن چھاترو اور کشتواڑ میں 9 ۔ایف آئی آر درج ہیں۔مبینہ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے نوجوانوں کو ہتھیاروں کی تربیت حاصل کرنے کیلئے راغب کیا تھا اور انہیں مذکورہ ملی ٹینٹ تنظیم میں بھرتی کرتا تھا ۔ جس پر اسے جیل بھیجا گیا تھا اور اطلاعات کے مطابق پرنسپل سیشن جج کشتواڑ کی عدالت نے اسکی ضمانت منظور کی تھی۔
مغویہ خاتون لکھن پور سے بازیاب
ایم ایم پرویز
رام بن //ایس ایچ او پولیس اسٹیشن چندر کوٹ کی قیادت میں ایک شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں کو لکھن پور سے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق یہ خاتون 20اپریل کو پُراسرار طور سے لاپتہ ہوئی تھی اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو گمراہ کرنے اور دھوکہ دینے کے لئے مذکورہ خاتون نے کنفر ،چندر کوٹ میںدریائے چناب کے کنارے پر اپنا دوپٹہ اور چپل رکھی تھی۔پولیس نے تحریری شکایت پر اسی روز ایک گم شدہ رپورٹ درج کی تھی ۔پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور کال ریکارڈ کے تفصیلات اور دیگر سوشل میڈیا کی کھوج کے بیان مذکورہ خاتون کا اتہ پتہ لکھن پور علاقہ میں پایا ۔جس پر چندر کوٹ پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے زیر قیادت انسپکٹر عابد بُخاری نے خاتوں کو لکھن پور سے برآمد کیا ۔پولیس نے مبینہ اغوا کار جگدیپ راج ولد بشن داس درسو پور ،میراں صاحب جموں کو بھی اس معاملہ میں گرفتار کیا ہے اور ایک معاملہ زیر ایف آئی آر 20 of 2018 زیر دفعہ 366/109 آر پی سی درج کیا ۔پولیس نے اغوا کاری میں استعمال وہیکل کو بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ قانونی لوازمات پُر کرنے اور متاثرہ کا طبی معاینہ کرنے کے بعد اسے قانونی ورثا کو سونپا گیا ہے۔
جموں یونیورسٹی پر خطہ چناب کے طلاب کیساتھ کھلواڑ کا الزام
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ //نیشنل سٹوڈنٹس یونین آف انڈیا کے لیڈر آفتاب ذاکر کین نے جموں یونیورسٹی کے کنٹرولر آف ایگزامنیشن سے یونیورسٹی کے حال ہی میں اعلان کئے ہوئے بی اے، بی ایس سی اور بی کام کے سیمسٹر V کے ری ایولیویشن نتائج پر اعتراض جتایا ہے۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح سے یونیورسٹی وادی چناب کے طلاب کے ساتھ دھوکہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کالج جنوری ،فروی اور یہاں تک کہ مارچ مہینہ میں بھی بند رہا اور اپریل مہینہ میں ہمیں امتحان میں شامل ہونا تھا جو سرا سر ہمارے ساتھ نا انصافی ہے۔انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وادی چناب کے طلاب کے لئے کوئی علیحدہ کلینڈر نہیں ہے۔ اور اگر یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ایگزمنروں نے پرچوں کی چیکنگ کی تو ری ایولویشن میں طلاب کو 30یا 40 اور یہاں تک کہ50نمبرات بھی حاصل ہوئے ہیں، جو کہ کافی دل دہلانے والا ہے۔انہوںنے پریس کانفرنس میں کہا کہ جن طلاب نے گُذشتہ سال کے امتحانوں میں خاص کسی مضمون میں60فیصدی سے زیادہ نمبرات لئے تھے تو اس بار یونیورسٹی نے اپنا غرور دکھانے کے لئے ان طلاب کو فیل کیا ہے ۔ انہوںنے یونیورسٹی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ و ہ ان نتائج کا دوبارہ جائزہ لیںاور اسکا نئے سرے سے اعلان کریں،تاکہ طلاب کسی تخریبی کاروائی میں ملوث نہ ہو جائیں بصورت دیگرطلاب یونیورسٹی حُکام کے خلاف احتجاج شروع کریں گے۔
مہور میں کلریکل ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال
زاہد ملک
ریاسی//مہور کے کلریکل ایمپلائز نے اپنے مطالبات منوانے کے لئے جمعہ کے روز تحصیل ہیڈ کوارٹر مہور پر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرہ سرکار کی جانب سے 7ویں تنخواہ کمیشن کو کلرکوں کے تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کے بغیر ہی لاگو کرنے کے خلاف کیا گیا تھا ، جن کی سفارشات د وبااختیار کمیٹیوں نے کی تھی۔مظاہرین نے اسے سراسر کلرکوں کے ساتھ ناانصافی اور یقین دہانیوں کے باوجود تفاوت کو دور نہ کرنے پر دھوکہ سے تعبیر کیا ۔انہوںنے کلرکوں کی مانگ کو نظر انداز کرنے پر سرکا رکی سخت نکتہ چینی کی اور سرکار پر ان کی تفاوت دور کرنے میں اصولی طور سے تسلیم شدہ مطالبہ کو پُر کرنے پر زور دیا ۔
بی جے پی۔پی ڈی پی کابینہ میں تبادلہ ایک سوچی سمجھی سازش: پنتھرز پارٹی
پونچھ//جموں و کشمیر پینتھرز پارٹی کے ریاستی سکریٹری زور آور سنگھ شہباز نے کہا ہے کہ بی جے پی اور پی ڈی پی کی اپنی غلط نیتیوں کو چھوپانے کے لئے اور اپنی تیجوریوں کو بھر نے کے لئے کابینہ کا تبادلہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کابینہ وزیر ہو کر بھی کھٹوعہ کے درد ناک و شرم ناک واقعہ کو سی بی آئی جانچ کے لئے سرکار سے احکامات جاری نہیں کروا سکے تو وہ لوگ کیا باہر نکل کر ریلیوں کے ذریعہ ہم جیسے سادہ اور بے بس لوگوں کو نعرے بازی کر کے کیوں بیوقوف منا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پینتھرز پارٹی ہی جموں و کشمیر کی واحد پارٹی ہے جو عورتوں کے اوپر ہو رہے ظلم و ستم پر شروع سے ہی موقع واردات پر پہونچ کر ان کے حق کی آواز بلن کرتی آئی ہے اور اب اپنی مانگ راسانہ معاملہ کی سی بی آئی جانچ کی مانگ کو جاری رکھے ہوئے ہے جس کے لئے پینتھرز پارٹی کے چیرمین ہرش دیو سنگھ جی پارٹی ورکروں کے ساتھ ہر روز احتجاجی مظاہرے کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صدر بلونت سنگھ منکوٹیہ گزشتہ روز سے تا مرگ ہڑتال پر بیٹھے ہیں ۔