مزید خبرں

شہر خاص میں جاری

 ترقیاتی کاموں میں سرعت لائی جائے :صوبائی کمشنر 

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کو ایک میٹنگ میں شہر خاص میں ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے ڈھانچوں اورحصول اراضی کے معاملات کاجائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران زینہ کدل،نمچہ بل،بابہ ڈیمب اورکائوڈارہ میں کیمونٹی ہالوں کی تعمیر کیلئے اراضی اور ڈھانچوں کے حصول کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جب کہ مہاراج گنج میںفائر اسٹیشن اورشہر خاص میںدیگر ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمے کو ہدایت دی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر سرکار کو انڈنٹ اورڈی پی آر پیش کرے تاکہ سرکار ان کے لئے فنڈس واگذار کرے اور تعمیر کا کام جلد شروع کیا جاسکے۔دیگر ترقیاتی کاموں کے حوالے سے صوبائی کمشنر نے اے ڈی سی کو صوبائی کمشنر کے دفتر میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ ان کاموںمیں حائل تمام رکائوٹوں کو دور کیا جاسکے۔میٹنگ میں اے ڈی سی سرینگر،ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ،سپر انٹنڈنگ انجینئر آر اینڈ بی، کلکٹر حصول اراضی اور جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی کے علاوہ متاثرہ ڈھانچوں اوردکانوں کے مالکان بھی موجود تھے۔
 

خانقاہ معلی میں میرواعظ ہمدانی کا خطاب آج 

سرینگر//خانقاہِ معلی حضرت میر سید علی ہمدانی میں اتوار کو نزول قرآن کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہورہی ہے ۔مجلس کا آغاز 12بجے دن کے بعد ہوگا۔ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی شانِ نزول قرآن مجید، شہرالقرآن، شہرالفرقان ، رمضان المقدس کے آخری عشرے پر وعظ و تبلیغ فرمائیں گے۔ فرزندانِ توحید، عاشقانِ رسول اور محبت اولیاء سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ 
 

 احمد نگرمسجد میںمیرواعظ آج خطاب کرینگے

سرینگر//حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق آج یعنی 25 رمضان المبارک اتوار کو شیخ العالم مسجد احمد نگر میں نماز عصر سے قبل اجتماع سے خطاب کریں گے جبکہ26 رمضان المبارک کو شب قدر کے سلسلے میں مرکزی جامع مسجد سرینگر میں سب سے بڑا اور روح پرور اجتماع منعقد ہوگا ۔ رات 10 بجے نماز عشاء کے بعد حسب معمول میرواعظ شب قدر کی فضیلت ، اہمیت اور سعادت پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالیں گے۔مجالس وعظ و تبلیغ کے سلسلے میں میرواعظ 28 رمضان المبارک بدھوار نماز عصر سے قبل کانل مسجد مہاراج گنج میںاجتماع سے خطاب کریں گے ۔ عوام الناس سے ان بابرکت مجالس میں شرکت کو یقینی بنانے کی پُر خلوص گذارش کی جاتی ہے۔
 

چھانہ پورہ میںکوڈین کی40بوتلیں ضبط،2گرفتار 

سرینگر // پولیس نے چھانہ پورہ میں کوڈین کی 40بوتلیں ضبط کرکے 2افراد کو گرفتارکرلیا۔ چھانہ پورہ پولیس پوسٹ کے انچارج سید اقبال کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے مندر پوسٹ کے نزدیک ناکہ لگایا اور عمر گل بٹ اور شہنواز احمد میر ساکنان نٹی پورہ کی تلاشی لی جس کے دوران  40کوڈین بوتلیںبرآمد کرکے ضبط کیں۔ اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 87/2018زیر دفعہ 8/21این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن صدر میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ 
 

ایس پی کالج میں شانِ رمضان پروگرام کا انعقاد 

سرینگر//ماہِ صیام کی عظمت کے پیش نظر ایس پی کالج سرینگر میں ایک شانِ رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقعہ پر طلاب نے نعت خوانی ، تلاوتِ قرآنِ مجید اور سیرت النبی ﷺ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔ پروگرام میں کالج کے عملے کے ممبران نے بھی حصہ لیا ۔ کالج کے پرنسپل نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے طلاب کے شوق اور ذوق کی تعریف کی جنہوں نے ماہِ صیام کے مقدس مہینے میں پروگرام میں حصہ لینے کیلئے بھر پور تیاری کی تھی ۔ انہوں نے شرکاء ، طلاب کو اسناد اور مومنٹوز سے نوازہ ۔