پولیس اسٹیشن شہید گنج میں عوامی دربار منعقد
سرینگر //پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مستحکم بنانے کی خاطر پولیس اسٹیشن شہید گنج میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ایس ایچ او شہید گنج تنویر جہانگیر کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ میں کنہ کدل ، شالہ کدل اور قرفلی محلہ سے تعلق رکھنے والے ذی عزت شہریوں نے شرکت کی ۔ شرکاء نے میٹنگ کے دوران عوامی اہمیت کے مسائل پر روشنی ڈالی ۔ ایس ایچ او نے شرکاء کو یقین دلایا کہ لوگوں کے مسائل کم سے کم وقت میں حل کرانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جائینگے جبکہ سیول ایڈمنسٹریشن سے جڑے مسائل متعلقہ محکموں کے سربراہان کی نوٹس میں لایا جائے گا۔
نواکدل میں کھاگ کا نوجوان دریائے جہلم میں غرقآب
سرینگر//شہرخاص کے نواکدل علاقہ میں جمعرات کو کھاگ علاقہ کارہنے والاایک غریب نوجوان دریائے جہلم میں ڈوب گیااورجمعہ شام دیرتک اُسکی نعش کاکوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔ پیشے سے مزدور20سالہ شبیراحمدشیخ ولدعبدالرحمان ساکنہ ستہارن کھاگ بڈگام محنت مزدوری کیلئے سرینگرمیں ہی عارضی طورمقیم تھااورجمعرات کووہ نواکدل علاقہ میں اچانک دریائے جہلم میں ڈوب گیا۔موقعہ پرموجودلوگوں نے اُسے بچانے کی کوشش کی لیکن وہ جہلم کے پانیوں میں گم گیا۔اگرچہ جمعرات کوہی شبیرشیخ کی نعش کوجہلم سے برآمدکرنے کی کارروائی شروع کی گئی۔شبیرکے جہلم بُردہونے کی خبرجب اُسکے اہل خانہ تک پہنچی توستہارن کھاگ سے اُسکے لواحقین سری نگرپہنچ گئے تاہم جمعہ کوشام دیرگئے تک بھی جب شبیر کی نعش دریائے جہلم سے برآمدنہیں ہوئی تو لواحقین نے انتظامیہ کی کارروائی پرعدم اطمینان ظاہرکرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ شبیرکی نعش برآمدکرنے کیلئے سنجیدہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔