ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس
اساتذہ اور پی ایچ ای ملازمین کے مطالبات کی حمایت کا اعلان
نیوز ڈیسک
پونچھ //ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ضلع پونچھ میں ایک میٹنگ کا اہتمام کیاگیا جس کی صدارت سردار امریک سنگھ نے کی ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر تمام محکمہ جات کے ملازمین نے شرکت کی جن میں محکمہ پی ایچ ای سے فیض اکبر چوہان ، بھارت بھوشن ، محکمہ صحت سے سردار بلبیر سنگھ ، کلیریکل ایسو سی ایشن سے سردار راوندر سنگھ ، گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ سے پنکج مینی و محکمہ تعلیم سے محمد باقر ،گل محمد و سدھیر شرما قابل ذکر ہیں ۔میٹنگ میں شامل تمام ملازمین نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ دھرنے پربیٹھے ہوئے اساتذہ کے جلد سے جلد مطالبات پورے کئے جائیں اور ساتھ ہی محکمہ پی ایچ ای کے تحت کام کرنے والے ڈپلومہ ہولڈروں کے مسائل بھی حل کئے جائیں ۔ ان کاکہناتھاکہ اساتذہ کی ہڑتال سے طلباءکی تعلیم متاثر ہورہی ہے اور اس ہڑتال کو فوری طور پر ختم کروانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ دھرنے پر بیٹھے سے ریاست کا ہر ایک ملازم ہمدردی رکھتاہے اور ان کے مطالبات کی حمایت کرتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ ریاست کے گورنر وسیع تجربہ رکھتے ہیں جن سے انہیں کافی زیادہ امیدیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ پی ایچ ای ملازمین کے مطالبات کی بھی حمایت کرتے ہیں۔
سکارپیو حادثے کاشکار،6افراد زخمی
رمیش کیسر
نوشہرہ //جموں پونچھ شاہراہ پر نوشہر ہ کے راجل موڑ پر سکارپیو کار حادثے کاشکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں چھ افراد شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں ۔سیال سوئی سے جموں کی طرف جارہی بغیر نمبر والی سکارپیو گاڑی نوشہرہ کے نزدیک راجل موڑ پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر حادثے کاشکار ہوئی جس کے نتیجہ میں ڈرائیور سنجے سنگھ ولد اتم سنگھ ساکن سیری نوشہرہ ، چوبیس سالہ آشادیوی زوجہ ترسیم سنگھ ،چودہ سالہ بھاونا دیوی دختر نودیپ سنگھ ، ساٹھ سالہ سونا دیوی زوجہ پریم سنگھ ، پچاس سالہ بملا دیوی زوجہ رتن سنگھ ساکنان سیری گگروٹ وتئیس سالہ گرن سورج سنگھ ولد سنجے کمار ساکن روپ نگر جموں شدید طور پر زخمی ہوئے ۔ ان میں سے دو کی حالت کو نازک پاتے ہوئے انہیں مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے جبکہ دیگر زخمیوں کا مقامی سطح پر ہی علا ج کیاجارہاہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
پونچھ میں فیئر پرائز میڈیکل سٹور کھولنے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں دیگر بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ فیئرپرائز میڈیکل سٹور کی سہولت بھی نہیں جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑتاہے ۔مقامی لوگوں کی طرف سے یہ مانگ کی جارہی ہے کہ ایسا میڈیکل سٹور کھولاجائے جس کیلئے ٹینڈر بھی ہوچکے ہیں تاہم نامعلوم وجوہات پر ابھی تک ابھی تک یہ عمل مکمل نہیں ہوسکا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ کبھی رات کے وقت دوائی کی ضرورت پڑے تو وہ کہیں سے بھی نہیں ملتی کیونکہ تمام دکانیں شام دیر گئے تک بند ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فیئر پرائزمیڈیکل سٹور کا عمل جلد مکمل کرکے اس سٹور کو کھولاجائے تاکہ مریضوں کو ہمہ وقت دوائیاں مل سکیں ۔اس دوران انصاف مومنٹ کے ایک وفد نے چیف میڈیکل افسر پونچھ ڈاکٹر ممتاز احمد بھٹی سے ملاقات کرکے یہی مانگ دہرائی جسے موصوف نے یقین دلایاکہ بہت جلد یہ سٹور کھولاجائے گا۔
بھارت بند کال پر تجارت و ٹریفک چلتارہا،مختلف مقامات پر کانگریس کارکنان کے احتجاجی مظاہرے
راجوری //اپوزیشن جماعتوںکی طرف سے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر دی گئی بھارت بند کی کال کا اثر راجوری پونچھ میں بھی دیکھاگیا جہاں کانگریس کارکنان کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔اگرچہ دونوں اضلاع میں ٹریفک کی نقل و حرکت معمول کے مطابق جاری رہی اور تجارتی سرگرمیاں بھی چلتی رہیں تاہم کچھ مقامات پر کانگریس کارکنان نے احتجاجی مظاہرے کئے اور قیمتوں میں اضافے و روپے کی مالیت گرنے کیلئے مودی حکومت کی پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔راجوری میں کانگریس کارکنان بس اڈہ پر جمع ہوئے اور انہوں نے احتجاج دھرنا دے کر مرکزی حکومت کے خلاف نعر بازی کی ۔انہوںنے کہاکہ مرکز میں بھاجپا کی سرکار نے ملک کو معاشی بحران کی طرف دھکیل دیاہے اورقیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہواہے جس سے عام آدمی کیلئے زندگی بسر کرنا مشکل ہوگیاہے ۔وہیں تھنہ منڈی میں کانگریس کارکنان نے ایک ریلی نکالی جس دوران بھاجپا کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ریلی کی قیادت ممبر پی سی سی شکیل احمد میر کررہے تھے ۔یہ ریلی اقبال چوک سے گزرتے ہوئے با با لطیف، شال مارکیٹ سے شاہدرا موڑ میں اختتام پذیر ہوگئی ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ بھاجپا کی زیر قیادت حکومت کے دور میں مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس حکومت کے دور میں رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت 350 روپے تھی جو نریندر مودی کی سرکار میں 950 روپے تک پہنچ گئی ہے ،اسی طرح سے اشیائے خوردو نوش اورپٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہواہے جو عام عوام پر بھاری بوجھ ہے ۔ان کاکہناتھاکہ ایک طرف بھاجپا ملک میں اقلیتی عوام پر مظالم ڈھارہی ہے اور دوسری طرف مہنگائی کو بڑھاوادیاجارہاہے ۔اس دوران انہوں نے دفعہ 35اے کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اگر اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تو حالات سنگین رخ اختیار کرجائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس سبھی مذاہب کو ساتھ لیکر چلتی ہے جبکہ بھاجپا اقتدار کیلئے لوگوں کو تقسیم کررہی ہے ۔ریلی میں غازی مرزا، قیوم مرزا، بشیر احمد شال،منیر حسین بھٹی،شبیر احمد چوہدری، ممتاز چوہدری،صابر حسین، ظفر خورشید ، گلزار خان اور محمد یونس بھی موجو دتھے ۔دریں اثناءمنجاکوٹ میں بھی کانگریس کارکنان نے جموں پونچھ شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا اور نعرے بازی کی ۔اس دوران انہوں نے ٹائرجلاکر کچھ دیر کیلئے سڑک کو بند رکھا۔اس احتجاج کی سربراہی سینئر رکن فاروق خان اوربلاک صدر مولانا گلزار کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے غریب عوام کا نوالہ تنگ کردیاہے اور ان کا جینا حرام ہوکر رہ گیاہے ۔اسی طرح سے کوٹرنکہ میں بھی کانگریس کے بلاک صدر راج محمدراتھر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میںیوتھ لیڈر ندیم احمد میر،خورشید عالم ،بشارت راتھر وغیرہ بھی شامل تھے۔انہوں نے بھاجپا کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مہنگائی نے کسانوںکو خود کشی پر مجبور کردیاہے اور پورا ملک اس مار کو جھیل رہاہے مگر بھاجپا کو صرف اقتدار کو بچاناہے۔تاہم اس دوران ماسوائے کانگریس کارکنان کسی بھی جگہ بند کال کا کوئی اثر نہیں دیکھاگیا۔
وید پرکاش ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ تعینات
کوٹرنکہ // سب ضلع کوٹرنکہ میں نئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر وید پرکاش نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔وہ اس سب ضلع کے اولین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شفیق احمد چوہدری کے تبادلے پر تعینات ہوئے ہیں۔چارج سنبھالنے کے موقعہ پر انہیں ملازمین و مقامی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کی گئی ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ انہیں امید ہے کہ وید پرکاش اس پسماندہ علاقے میں تعمیروترقی کے کام ترجیحی بنیادوں پر سرانجام دیں گے اور عام لوگوں کے مسائل کا بھی بروقت ازالہ ہوگا۔اس دوران ان سے وفود نے ملاقات کرکے مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی عوامی مسائل اجاگر کئے۔ وید پرکاش نے یقین دلایاکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔