کانگریس ،بی جے پی عوام دشمن پارٹیاں :نیشنل کانفرنس
زاہد بشیر
گول// نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر ضلع رام بن مولوی عطا محمد کٹوچ نے کانگریس کی جانب سے پنچایت الیکشنوں میں حصہ لینے پر دونوںپارٹیوں کانگریس اور بی جے پی کو عوام دشمن پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے پنچایت الیکشن میں حصہ لے کر عوام کے زخم پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کھل کر اپنی پالیسی اختیارکررہی تھی لیکن اب کانگریس کا بھی کچا چٹھا کھل گیا ہے اورعوام کے سامنے حقیقت آ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کے انہدام میں کانگریس نے اہم رول ادا کیا ہے ، 47کے جنگ میں اس کے علاوہ جہاں بھی کانگریس کو موقعہ ملا اس نے اپنا موقعہ نہیں گنوایا اور کھل کر مسلم دشمن پالیسی اختیار کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک دھوکہ باز پارٹی ہے اور تفرق ڈالنے میں اول نمبر پر ہے ۔ عطا محمد کٹوچ نے کانگریس کی جانب سے پنچایت الیکشن میں حصہ لینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ریاستی عوام کی دوست ہے یا دشمن اور35Aکے خلاف کھل کر کانگریس سامنے آ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب اس قانون پر چرچا تھا جب کانگریس چپ تھی اور جو اندر سے اس پارٹی میں لاوا پک رہا ہے وہ الیکشن میں حصہ لینے سے سامنے آ گیا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کانگریس پارٹی ریاستی عوام کے کسی مفاد میں نہیں بلکہ موقعہ پرست پارٹی ہے ۔
حسان بابر نہرو کی گرفتاری کی مذمت
ڈوڈہ//ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈوڈہ کے سابق نائب صدرنے ڈوڈہ خطہ کے جواں سال سیاسی رہنما ایڈوکیٹ حسان بابر نہرو کی بلا جواز گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اس کو انسانی حقوق کی بدتری خلاف ورزی قرار دیا اور اْن کی غیر مشروط فوری طور رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئیندہ اس کو خواہ مخواہ تنگ طلب کرنے و انتقام گیری اور سیاسی بنیادوں پر گرفتاری سے بار رہنے کی تلقین کی ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ایک طرف سے حکومت بلدیاتی انتخابات کا اعلان کرتی ہے اور دوسری طرف سے سیاسی کارکنان کی گرفتاری سے صاف اور واضح ہے کہ انتخابات میں مخصوص لوگوں کے لئے ماحول ہموار کیا جا رہا ہے کیوں کہ ایڈوکیٹ بابر یہاں انتخابات میں بادشاہ گر ثابت ہوں گے۔
لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کی تعزیتی میٹنگ
ڈوڈہ//لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کی ضلع اکائی کی میٹنگ زیر صدارت ضلع صدر نیاز احمد راہی کی قیادت میں منعقد ہوئی جس میں کشتواڑ میں پیش آئے حادثے پر اظہار افسوس کیا گیا اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی گئی۔میٹنگ میں لو پیڈ کے بزرگ رہنماء غلام حسن پانپوری نے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں ان کے خاندان شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ حادثات پر روک لگانے کیلئے حل تلاش کریں۔میٹنگ میں شکیل احمد دیو،اختر حسین زرگر ،غلام رسول، رچھپال سنگھ،عبدالمجید شیخ،اختر حسین گتو،غلام حسن باغوان کے علاوہ متعدد ملازمین نے شرکت کی۔
ضلع کانگریش کشتواڑ کا احتجاج
خطہ میں آر ٹی سی بسیں چلانے کا مطالبہ
کشتواڑ//ڈی سی سی کشتواڑ کی جانب سے ضلع کے نیو ڈی سی آفس کے پاس ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،جس کی قیادت ڈی سی سی صدر مہندر سنگھ پریہار نے کی، جس میں پارٹی کے تمام کارکنوں اور لیڈروں نے شرکت کی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مہندر سنگھ پریہار نے سرکار کو تمام محاذوں پر مبینہ طور سے ناکام ہونے کا الزام لگایا اور ضلع کے تمام لنک روڈوں پر ایس آر ٹی سی بسوں کا مطالبہ کیا ۔اپنے خطاب میں انہوں نے ابابیل اور ریڈ کراس کشتواڑ کی بھی کافی ستائش کی اور کشتواڑ میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ اس موقعہ پر موجود دیگران میںحاجی غلام حسین میر، طارق منٹو، ماسٹر گنائی، اسلم ملک، ایڈوکیٹ سمن ٹھاکور، نور حسین ،ظفر ڈولوال، روی شان ، شفیق احمد، نذیر شیخ، سبھاش چندر، رندیپ بھنڈاری، واصیم مکڑ، فردوس منگنو، راہل گپتا، فاروق ٹپال، لطیف چودھری،فرید احمد، جتن منہاس،علی محمد و دیگران بھی شامل تھے۔
مویشی سمگلنگ کی کوشش ناکام
۔26 مویشی بازیاب،03 افراد گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن //مویشیوں کی سمگلنگ کی بدعت سے نمٹنے اور مویشی سمگلروں کے ساتھ سختی سے کارروائی کرنے کی کاوشوں کو جاری رکھتے ہوئے رام بن پولیس نے ایس ایس پی رام بن انیتا شرما کی ہدایت پر ایس ایچ او رام بن انسپکٹر وجے کوتوال نے زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر رام بن اصغر ملک اور ایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار نے شان پیلس کے نزدیک اچانک ایک ناکہ لگایا ۔دوران چیکنگ اور گاڑیوں کی تلاشی کے پولیس نے ایک ٹرک (ٹرالہ) زیر نمبرJK02F/7205کو روکا اور اسکی تلاشی کے بعد اس میں مویشی پائے جنھیں غیر قانونی طور سے کشمیر کی جانب لیا جا رہا تھا ۔ٹرک میں لدے ہوئے تمام 26 مویشیوں کو باز یاب کیا گیا اور ٹرک کو ضبط کیا گیا اور 03 افرادرفیق احمد ولد عبدالفاروق ساکنہ سدھڑا بائی پاس، شکور احمد ولد محمد شفیع ساکنہ بٹوت اور ارشد علی ولد کاکو علی ساکنہ سدھڑا بائی پاس ،جموں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ دوران تفتیش انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ مویشی لیکر کشمیر جا رہے تھے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 147/2018زیر دفعہ 188 آر پی سی پولیس اسٹیشن رام بن میں درج کرکے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ،تاکہ جُرم میں ملوث دیگر افراد کا پتہ لگایا جا سکے۔
کھیلو انڈیا کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ مہم
اکھڑال میں ’’باٹی بازی ‘‘مقابلہ منعقد
عظمیٰ نیوز
رام بن //ضلع انتظامیہ کی جانب سے کھیلو انڈیا کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ مہم کے تحت جی ایچ ایس ایس اکھڑال میں گوجری،پہاڑی اور پوگلی زبان میں ’’باٹی بازی ‘‘ کھیلا۔ایس ڈی ایم رام سو وقار گیری اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے جبکہ تحصیلدار پوگل ۔پرستان راہل بسوترہ اور میزبان سکول کے پرنسپل زارا سنگھ مہمان ذی وقار تھے۔پروگرام میں سکول کے سٹاف ممبران کے علاوہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد کے علاوہ طلاب بھی موجود تھے۔قابل ذکر ہے کہ سی ای او رام بن اے ایچ فانی نے پہلے ہی تمام زونوں کیلئے اس سلسلہ میں ایک کیلنڈر تشکیل دیا ہے،تاکہ مقامی نوجوانوں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میںایس ڈی ایم نے بتایا کہ کھیلو انڈیا پروگرام کو نوجوانوں میں کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے اور ان کی توانی کا مثبت استعمال کرنا ہے۔زون اکھڑال کے تقریباً10 ہائی سکولوں بشمول النباس، تولیہل، گورواٹی، دارداہی، مالی گا، سینا بھاٹی، کھارون ، پوگل ،پرستان اور بترو کے علاوہ ایم جی ایچ ایس ایس اکھڑال نے بھی شرکت کی۔مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلاب میںانعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
ریاسی میں تربیتی پروگرام اختتام پذیر
ریاسی //سٹیٹ بینک آف انڈیا ۔ رورل سیلف ایمپلائمنٹ ٹریننگ انسٹیچوٹ کی جانب سے پی ایم ای جی ای پی کے استفادہ لینے والوںکیلئے ای ڈی پی ‘‘ پر منعقدہ تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوا ۔تربیتی پروگرام میں ارناس ،گڑھی، مہور، دھرماڑی ،تلواڑہ، اور ریاسی کے 28 ٹرینروں نے 10۔روزہ رہائشی تربیتی پروگرام میں شرکت کی اور اینٹر پرینور ڈیولپمنٹ سکل کے متعلق جانکاری حاصل کی۔اختتامی تقریب پر فنکشنل منیجر ڈی آیس ی ویریندر کامر نے ٹرینئیزکے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور ٹرینروں میں اسناد تقسیم کئے ۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میںڈائریکٹر SBIRSETI مکیش کمار بنسل نے تربیت حاصل کرنے والوں پر بطور RSETI ایمبیسڈر کام کرنے پر زوور دیا اور اسکے علاوہ الیکٹرشن ، نل سازی، خواتین ٹیلر و دیگر شعبوں میں نئے بیچ شروع ہونے کے متعلق مزید جانکاری دی۔اس موقعہ پر ایل ڈی ایم ریاسی بی کے شرما ، ایف ایل سی ریاسی بنسی لعل کوٹوال بھی موجود تھے۔
پنجراڑ،کشتواڑ میں قومی ایکتا میٹنگ کا اہتمام
کشتواڑ// لوگوں میں آپسی روا داری کے جذبہ کو استحکام بخشنے کے لئے انڈین آرمی کی جانب سے ضلع کے پنجراڑ خطہ میں قومی ایکتا میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ،جس کا مقصد ضلع میں امن و خوشحالی کو فروغ دینا تھا۔ہمارے ملک کا کشرت میں وحدت ایک خصوصیت ہے جس نے تمام مذاہب کو اکٹھا انسانیت کے رشتہ میں باندھ کر رکھا ہے۔اس ایونٹ سے مقامی لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور اتحاد و بھائی چارے کا پیغام دینے کیلئے ایک عظیم پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔اجلاس میں کل ملا کر 36مقامی لوگوں نے شرکت کی۔مقامی لوگوں اور کیمونٹی لیڈروں نے فوج کی اس پہل کی ستائش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ فوج کی اس پہل سے خطہ میں آپسی روا داری کو فروغ حاصل ہوگا۔اس ایونٹ سے لوگوں کو روایتی بھائی چارہ اور مل جُل کر رہنے کی روایت برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔
ناخیز افراد کے مسائل حل کرنے کی مانگ
نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ //ہینڈی کیپڈ ایسو سی ایشن نے ریاستی سرکار کی جانب سے ناخیز افراد کے لئے سماج میں یکسان برتائو نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ ایسو سی ا یشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں الزام لگایا کہ ریاستی سرکاران لوگوں کو تعلیم ،ملازمت ،ہیلتھ کئیر ،ٹرانسپورٹیشن ،سیاسی شراکت ، اور دیگر مواقعوںمیں نمائندگی دینے میں ناکام رہی ہے۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ جموں و کشمیر ہینڈی کیپڈ ویلفیئر ایسو سی ایشن روز اول سے ہی ناخیز طبقہ کے لئے ایک کمیشن کا مطالبہ کر رہی ہے کیونکہ کمیشن ہی یہ سمجھ سکتا ہے کہ ناخیز افراد کے مسائل کیا ہیں اور انہیں کن چلینجوں کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔لیکن سابقہ سرکار نے ایک ایسا شخض کو تعینات کیا ،جو کشمیر میں ایک این جی او چلا رہا تھا ، اس طرح سے ضلع ڈوڈہ کے ناخیز افراد کو ہر لحاظ میں فراموش کیا گیا ہے۔اسلئے ایسو سی ایشن کے ممبران نے ریاست کے گورنر کو اس معمالہ میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے،تاکہ ناخیز افراد کے مسائل کا ازالہ ہو جائے۔ایسو سی ایشن نے ناخیز افراد کے لئے ایڈ اینڈ ایپلائنس جیسے کہ بیساکھیاں ، وہیل چیئر ،مصنوعی اعضا وغیرہ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔