مزید خبرں

فوج کی طرف سے گانے اور ڈانس کا مقابلہ منعقد 

راجوری//فوج کی طرف سے نوجوانوں کے اندر پنہاں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مقصد کیلئے گورنمنٹ نیو پرائمری سکول مٹھی دھڑا راجوری میں گانے اور ڈانس کا مقابلہ منعقد کروایاگیا۔اس پروگرام میں بڑی تعداد میں طلباء نے حصہ لیا اور انہوںنے اردو ، انگریزی اور انگلش میں گانے گائے جن میں سے بیشتر حب الوطنی پر تھے۔یہ مقابلہ جونیئر اور سینئر زمروں میں کیاگیا جن میں کامیابی پانے والے طلباء کو انعامات سے نوازاگیا۔ فوج کے افسران نے کہاکہ اس طرح کے پروگرام سے طلباء کے اندر چھپے ہنر کو اجاگر کرنے کا موقعہ ملتاہے اور ساتھ ہی ان کی حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے ۔
 

نوشہرہ کے ٹھیکیدار محکمہ آبپاشی کے انجینئر وں پر برہم 

رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ ڈیویژن کی ٹھیکیدار یونین کا ایک اجلاس داک بنگلہ میں صدر رندھیر سنگھ کی قیادت میں منعقد ہواجس میں محکمہ ایری گیشن کے ایگزیکٹو انجینئر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایاگیا ۔ ٹھیکیدار یونین نے گورنر سے اپیل کی کہ متعلقہ افسر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رندھیر سنگھ نے کہاکہ گزشتہ ہفتے محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر نوشہرہ نے سندر بنی میں ایک نہر کانبارڈ کے تحت ٹینڈر عمل میں لایا۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پچاس لاکھ پچاس ہزار روپے کے اس پروجیکٹ کا ٹینڈر صرف ایک ٹھیکیدار کو فائدہ دینے کیلئے کیاگیا جس میں قوانین کو بالائے طاق رکھ دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے کی تحقیقات کروائی جائے اور متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ یہ بات ناقابل برداشت ہے کہ ان کے ساتھ کوئی زیادتی کرے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اس معاملے پر کی تحقیقات کروانے کامطالبہ کیا ۔ان کاکہناتھاکہ اگر انہیں انصاف نہ ملاتو وہ احتجاجی دھرنا شروع کردیں گے ۔
 

پونچھ میں بین سکول مباحثہ 

پونچھ //ضلع پونچھ میں فوج کی طرف سے ساتویں سے لیکر دسویں جماعت تک کے طلباء کے درمیان بین سکول مباحثے کا مقابلہ منعقد کیاگیا جس کا موضوع ’ووٹنگ لازمی ہونی چاہئے اور ووٹنگ نہ کرنے پر جرمانہ ہوناچاہئے‘تھا۔اس مقابلے میں ضلع کے بارہ سکولوں کے 120طلباء نے حصہ لیا ۔اس دوران شرکاء کو جی او سی سی آئی آف (آر)نے انعامات سے نوازاجو مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔انہوںنے کہاکہ طلباکو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے بہترین موقعہ فراہم کیاگیاہے اور آج یہاں کئے گئے اظہار خیال کل فیصلے بنیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں میں جمہوریت کے فوائد کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری پھیلانے کی ضرورت ہے ۔
 

روی شنکر نے تحصیلدار کاچارج سنبھالا

جاوید اقبال 
مینڈھر//پونچھ سے تعلق رکھنے والے کے اے ایس افسر روی شنکر نے تحصیلدار مینڈھر کے عہدے کا چارج سنبھالا۔وہ حال ہی میں تعینات ہوئے ہیں۔وہ اس سے قبل بلاور کے بلاک مالنی میں بلاک ڈیولپمنٹ افسر تھے ۔ان کا تعلق پونچھ سے ہے تاہم کچھ عرصہ سے وہ جموں منتقل ہوگئے ہیں۔عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد تحصیلدار نے ملازمین کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کرنے کے بعد کام کاج کا سلسلہ شروع کیا۔مینڈھر کے لوگوں نے ان کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ ان سے انہیں کافی زیادہ امیدیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ روی شنکر کے بارے میں انہوں نے کافی کچھ اچھا سن رکھاہے اور انہیں توقع ہے کہ وہ امیدوں پر پورااتریں گے۔
 

بار ایسو سی ایشن صدرمینڈھر کی مرکزی حکومت پر تنقید 

جاوید اقبال
مینڈھر//صدر بار ایسو سی ایشن مینڈھر ایڈووکیٹ شوکت چوہدری نے مرکز ی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دفعہ 35اے پر پائی جارہی غیر یقینی صورتحال کے بیچ الیکشن کا بگل بجا کر حالات کو مزید مخدو ش بنادیاہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ریاست ے لوگوں کی طرف سے یہ مانگ کی گئی تھی کہ پہلے دفعہ 35اے کا تحفظ کیاجائے جس کے بعد ریاست میں الیکشن کروائے جائیں تاہم مرکز نے ایسا نہیں کیااور این سی پی ڈی پی کے بائیکاٹ کے باوجود پنچایتی و بلدیاتی چنائو کا اعلان کردیا ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام کیلئے سب سے ضروری اپنے تشخص کا تحفظ ہے اور وہ اس کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت ریاستی تشخص کے ساتھ کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ سے باز آجائے اور اس کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے ۔ شوکت چوہدری نے کہاکہ خصوصی تشخص کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور الیکشن ایک ساتھ نہیں ہوسکتے لہٰذا ایسی پالیسی تبدیل کی جائے اور اعتماد سازی کے اقدامات کئے جائیں ۔
 
 

ایس ڈی پی او کو صدمہ ، والدہ انتقال کر گئیں

طارق شال 
تھنہ منڈی //سب ڈیویژنل پولیس افسر مہور مرزا ذاکر شاہین کی والدہ انتقال کرگئی ہیں جن کی عمر 75برس تھی ۔ انکو ان کے آبائی گائوں بہروٹ تھنہ منڈی میں دفن کردیاگیا۔ ا س دوران نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔تھنہ منڈی کی سیاسی و سماجی تنظیموں نے مرحومہ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین خصوصی طور پر ذاکر شاہین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ ان تنظیموں کے عہدیداران کاکہناہے کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابرکے شریک ہیں اور خدا وند متعال سے مرحومہ کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں ۔
 

محکمہ مال نے شکایتی ازالہ کیمپ لگایا

پرویزخان
منجاکوٹ//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر محکمہ مال نے پنج گرائیں میں ایک کیمپ لگاکر لوگوں کے مسائل سنے اور اس دوران کئی اسناد کی تقسیم بھی ہوئی ۔ یہ کیمپ تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری کی قیادت میں لگایاگیا جس میں نائب تحصیلدار حنیف ملک اور متعلقہ محکمہ کے دیگر ملازمین بھی موجو دتھے ۔کیمپ میں پنج گرائیں و ملحقہ علاقوں کے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے مسائل اجاگر کئے ۔ اس دوران تمام مسائل بغور سنے گئے اور محکمہ کے افسران نے انہیں حکام کے نوٹس میں لاکر حل کرنے کا یقین دلایا۔
 

سرنکوٹ اور بفلیاز میں اساتذہ کی 192اسامیاں خالی 

بختیار حسین 
سرنکوٹ//جہاں محکمہ تعلیم کی دیگر خامیاں اجاگر ہوتی رہتی ہیں وہیں بڑی تعداد میں سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی بھی قلت پائی جارہی ہے ۔ پونچھ کے تعلیمی زونوں سرنکوٹ اور بفلیاز میں اساتذہ کی 192اسامیاں خالی ہیں جس کی وجہ سے طلباء کی تعلیم بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ سرنکوٹ میں ایس ایس اے کے تحت 24اسامیاں خالی پڑی ہیں جبکہ رہبر تعلیم اساتذہ کی 53اسامیاں خالی ہیں۔اسی طرح سے بفلیاز زون میں ٹیچروں کی 20اسامیاں خالی ہیں۔زون میں رہبر تعلیم کی 21اسامیاں اور رمسا کے تحت 46اسامیاں پُر کرنی مطلوب ہیں ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ آٹھ سکولوں میں ہیڈ ماسٹروں کی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔محکمہ کے ایک افسر بتایاکہ اسامیاں خالی رہنے سے طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے اور اس حوالے سے حکام کو بھی آگاہ کیاگیاہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ محکمہ تعلیم کی طرف سے دعوے تو بہت کئے جاتے ہیں مگر سنجیدگی کہیں نظر نہیں آتی ۔ مقامی شخص خالد مغل کاکہناہے کہ محکمہ کی غیر سنجیدگی کے باعث آج لوگوں کا سرکاری سکولوں سے اعتبار ہی ختم ہوگیاہے اور وہ اپنے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں میں تعلیم دلانا پسند کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ کی طرف سے ہر معاملے میں لاپرواہی برتی جارہی ہے اور صرف ایک مسئلہ نہیں جو بیان کیاجاسکے بلکہ ہر ایک معاملہ میں لاپرواہی سے کام لیاجارہاہے ۔
 

ڈائٹ پونچھ کا اچانک معائینہ، متعدد اساتذہ معطل 

عظمیٰ نیوز 
پونچھ //ضلع کے ڈائٹ کے اچانک معائینہ کے دوران غیر حاضر پائے گئے اساتذہ کو معطل کرنے کے علاوہ انکوائری کا حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ عبدالحمید شیخ نے آج ڈسٹرکٹ انسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ کا اچانک معائینہ کیا تو زیر تربیت اساتذہ غیر حاضر پائے گئے ۔ اے ڈی ڈی سی نے انہیں فوری طور پر معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا ہے ۔ چیف ایجوکیشن افسر پونچھ اور ڈائٹ کے سینئر ترین شعبہ صدر پر مشتمل انکوائری کمیٹی اپنی رپورٹ 10دن کے اندر پیش کرے گی۔