ایس پی ٹریفک کا دورہ ٔپونچھ
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی
حسین محتشم
پونچھ//ایس پی ٹریفک پولیس مشتاق احمد نے پونچھ کا دورہ کرکے کئی مقامات پر ناکے لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کاٹے۔اس دوران انہوں نے اضافی سواریاں لیکر چلنے والی بسوں اور دیگر مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے2ایف آئی آر بھی درج کروائے ۔انہوں نے بغیر ہیلمٹ کے چلنے والے موٹر سائیکل سواروں کے چالان کاٹ کر ان سے جرمانہ وصول کیااور انہیں سختی سے انتباہ دیاکہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایت پر انہوں نے پونچھ قصبہ کے بس اڈہ، بازار، ضلع ہسپتال، ناکھاں والی سڑک اور پولیس لائن کا جائزہ لیکر قصبہ میں ٹریفک جام کو قابو کرنے کے امکانات دیکھے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کوشش کی جارہی ہے اور ٹریفک جام کا حل نکالاجائے گا۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ زندگی سے جڑے قوانین کو لنگڑا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ انتباہ دیتے ہیں کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔
پولنگ اسٹیشن پر اتفراتفری پھیلانے پر شہری گرفتار
راجوری //پولیس نے پولنگ اسٹیشن ڈونگی میں افراتفری پھیلانے پر ایک شخص کو گرفتار کرلیاہے ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ منگل کی دوپہر پرایمری سکول پنتھال ڈونگی میں قائم ہوئے پولنگ مرکز میں افراتفر ی کا عالم پیداہواجس پر ڈی وائی ایس پی رینک کے افسر کو موقعہ پر بھیجاگیاجنہوں نے حالات کا قابو میں کیا ۔انہوںنے مزید بتایاکہ اس معاملے کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ محمد اشرف ساکن ڈونگی منیالہ نے افراتفری پھیلانے کاکام کیا جسے حراست میں لے لیاگیاہے ۔پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پنچایتی انتخابات کے دوران تعاون کریں اور قانون توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
پانچویں مرحلے کے تحت 4بلاکوں میں انتخابات آج
سمت بھارگو
راجوری //راجوری اور پونچھ میں پانچویں مرحلے کے تحت چار بلاکوں میں انتخابات آج ہونے جارہے ہیں جن کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔راجوری میں نوشہرہ ، سندربنی اورسیری جبکہ پونچھ میں لسانہ اور سرنکوٹ کی پنچایت اپر سنئی میں انتخابات ہوں گے ۔ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے نوشہرہ اور سندربنی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پولنگ عملے کو اپنی اپنی منزل پر پہنچادیاگیاہے ۔ ایک افسر نے بتایاکہ تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ پونچھ کے لسانہ بلاک میں متعدد پولنگ مراکز کو انتہائی حساس قرار دیاگیاہے جہاں سیکورٹی کے اضافی انتظامات کئے گئے ہیں۔
جموال نے سیکورٹی صورتحال اور الیکشن انتظامات کاجائزہ لیا
پونچھ//انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون ایس ڈی ایس جموال نے پونچھ ضلع میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ڈیویژنل کمشنر جموں کے دورہ ٔ پونچھ کے دوران پولیس افسر نے اچانک ضلع پولیس لائنز پونچھ کا معائنہ کیا جس دوران انہوںنے افسران و اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور پنچایتی چنائو کیلئے کئے گئے انتظامات سے بھی آگاہی حاصل کی ۔ان کا ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے اور ایڈیشنل ایس پی راجہ عادل نے خیر مقدم کیا ۔ اس دوران انہوں نے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرکے ضلع کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور جاریہ پنچایتی انتخابات کے دوران کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔بعد ازآں انہوںنے چکاں داباغ کراسنگ پوائنٹ کا دورہ بھی کیا ۔ انہوں نے مقامی معززین کے ساتھ بھی ملاقات کی ۔
نومنتخب پنچایتی نمائندگان کے اعزاز میں تقریب
راجوری //راجوری کی پنچایت پنج گرائیں اپر اے کے نو منتخب سرپنچ و پنچوں کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔اس دوران سرپنچ میاں عمران احمد اور پنچوں کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی گئی اور ان سے علاقے کی ترقی کیلئے امیدیں وابستہ کی گئیں ۔نو منتخب پنچایت نمائندگان نے اس بات کا یقین دلایاکہ وہ دی گئی ذمہ داریوں کو بخوبی پورا کرنے کی کوشش کریں گے اور علاقے میں تعمیروترقی کے کام کروانے کیلئے کوئی کوشش باقی نہ رکھیں گے ۔
ایگزیکٹو آفیسر تھنہ منڈی کا مختلف وارڈوں کا دورہ
طارق شال
تھنہ منڈی //ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی نے بدھ کے روز چارج سنبھالنے کے بعد مختلف وارڈوں کا دورہ کر کے صفائی اور سٹریٹ لائٹوں کا جائزہ لیا۔ محمد بشیر چوہدری ایگزیکٹو آفیسر راجوری کو تھنہ منڈی کا اضافی چا رج دیا گیا ہے جنہوں نے اپنا چارج سنبھالتے ہوئے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا۔انہوں نے سینٹری سپروائزر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی بنائے رکھنے کے لئے جھاڑوں و دیگر سامان ملازمین کو فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شکایت موصول ہوئی تو قصوروار ملازمین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دلہان کا وفد تانترے سے ملاقی
کانگریس کارکنان پر مارپیٹ کا الزام
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے گائوں دلہان کے لوگوں کا ایک وفدسابق ممبر اسمبلی پونچھ حویلی شاہ محمد تانترے سے ملاقی ہواجس نے اس بات کا الزام عائد کیاکہ کانگریس کے ضلع صدر کے کچھ حمایتیوں نے ان پر حملہ کرکے مار پیٹ کی ہے ۔وفد میں شامل لوگوں کا کہناتھا کہ ان کی صرف اس وجہ سے یہ مار پیٹ کی گئی کہ انہوں نے کانگریس ضلع صدر کے حمایتی کے مخالف امیدوار کو ووٹ دیئے ۔انہوں نے سابق ممبراسمبلی سے اپیل کی کہ ان کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں اور مار پیٹ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ مستقبل میں بھی زیادتی ہوسکتی ہے اوراس وجہ سے وہ پریشان ہیں ۔شاہ محمد تانترے نے وفدکو یقین دلایا کہ وہ ا س بات کی پوری کوشش کریں گے کہ گائوں میں دوبارہ تصادم نہ ہونے پائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ پولیس سے گزارش کریں گے کہ مار پیٹ کے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کی جائے اور ان کو اس طرح کی حرکات سے باز رکھنے کی ہدایت کی جائے۔تانترے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات کے دوران امن و امان کو بنائے رکھیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کل کوختم ہوجائیں گے لیکن لوگوں نے ایک دوسرے کے ساتھ رہناہے اور دبائو بناکر ووٹ حاصل کرنا جائز نہیںہے۔
چوتھے مرحلے کے چنائو، پونچھ سے کامیاب سرپنچوں میںبیشتر نئے چہرے
حسین محتشم
پونچھ//گزشتہ روز چوتھے مرحلے کے تحت پونچھ بلاک میں انتخابات پرامن طور پر اختتام کو پہنچے اور لوگ دیر رات گئے تک ووٹ شماری کے فیصلوں کا انتظار کرتے رہے ۔نتائج کے بعد کامیاب امیدواروں کے حمایتوں نے جشن منائے اور سرپنچوںو پنچوں کو پھولوں کی مالائیں پہنچائی گئیں ۔ چوتھے مرحلے میںپونچھ بلاک کی چھبیس پنچایتوں میں چنائو ہوئے جہاں سے کامیاب ہونے والوں کی اکثریت نئے چہروں پرمشتمل ہے ۔انتخابی نتائج کے مطابق حلقہ پنچایت بنوت گنڈی سے محمد لطیف، حلقہ پنچایت بنوت ڈھوکری سے محمد سلیم، حلقہ پنچایت در دلیاں اپر سے باغ حسین، حلقہ پنچایت درہ دلیاں لور سے مسرت کوثر، حلقہ پنچایت درہ دلیاں کواڑیان سے محمد لطیف، حلقہ پنچایت سلوتری سے سریش کمار ولد رام پوری ، حلقہ پنچایت جھلاس اپرسے شاہدہ پروین زوجہ محمد جاوید، حلقہ پنچایت جھلاس لور سے پرس رام ولد بابو رام، حلقہ پنچایت کنوئیاں اپرسے آمنہ بیگم ، حلقہ پنچایت کنوئیاں لورسے سرفراز احمد، حلقہ پنچایت منگناڑ اپرسے محمد اسلم ، حلقہ پنچایت منگناڑ لورسے سکھدیو راج، حلقہ پنچایت بھنچ سے عشرت النساء، حلقہ پنچایت کھنیتر دلیراسے مظفر حسین، حلقہ پنچایت کھنیتر کلساں سے نسیم اختر، حلقہ پنچایت کھنیتر دپریاں سے جان بہادر، حلقہ پنچایت کھنیتر چوہانہ سے تسنیم چوہدری، حلقہ پنچایت گلپور سے اصغر حسین شاہ، حلقہ پنچایت کسلیاں سے محمد صدیق، حلقہ پنچایت کھڑی سے محمد اسمٰعیل، حلقہ پنچایت کرماڑہ سے محمد شریف،حلقہ پنچایت اجوٹ سے جسپریت کور، حلقہ پنچایت نور کوٹ سے پرویز اختر، حلقہ پنچایت دیگوار ملدیاںا پرسے ویندر سنگھ، حلقہ پنچایت دیگوار تیڑواں سے زرینہ زوجہ تنویر احمد، حلقہ پنچایت درہ بگیال سے محمد اکبر ولد لعل دین کامیاب ہوئے ۔واضح رہے کہ بلاک کے32957رائے دہندگان میں سے 26648ووٹران نے ووٹ ڈالے۔