مزید خبرں

ضلع رام بن کی رابطہ سڑکیں ،بجلی اور پانی سپلائی بحال

ایم ایم پرویز 
رام بن //ضلع خصوصاً دور افتادہ علاقوں جیسے کہ نیل، پوگل پرستان ، راج گڑھ،گول میں حالیہ برفباری اور بارشوں سے بجلی اور پانی کی سپلائی متاثر ہوئی تھی ،کو ہفتہ کے روز بحال کیا گیا ہے اور ضلع و سرینگر ۔جموں قومی شاہراہ پر لنک روڈوں پر ٹریفک بھی بحال کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ درماندہ مسافروں اور وہیکلز کو بھی لنک روڈوں سے برف ہٹانے کے ساتھ ہی بحال کیا گیا ہے۔تقریباً د ودنوں تک ٹریفک مسدود رہنے کے بعدضلع بھر میں لنک روڈوں پر ٹریفک بحال کیا گیا ہے۔ضلع میں بجلی اور پانی کی سپلائی بھی بحال کی گئی ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے کشمیر اعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً ضلع کے تمام الگ تھلگ پڑے علاقوںکا رابطہ ضلع صدر مقام کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔تاہم،جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ پر جواہر ٹنل کے نزدیک پھسلن کی وجہ سے پیر کے روز صبح سویرے گاڑیوں کو چلانے کی اجازت نہیں دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے بالائی علاقوں میں بجلی کی سپلائی برفباری سے مسدود ہو گئی ہے۔تاہم ، محکمہ صحت عامہ اور بجلی کے اہلکاروں کی تندہی سے ضلع کے بیشتر علاقوں میں بجلی اور پانی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔
 
 

ریاسی میں مضمون نویسی مقابلہ کا اہتمام 

ریاسی //دیہی علاقوں میں طلاب کو اعتماد سازی اور انکے ٹیلنٹ میں نکھار لانے کے مقصد سے فوج کی جانب سے تلواڑہ ،ریاسی میں ’’آلودگی ‘‘ کے موضوع پر مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کیا گیا ۔مقابلے میں علاقہ کے26طلاب نے جوش و خروش سے شرکت کی۔مقابلہ کا مقصد طلاب میں تقابلی جذبہ پیدا کرنا اور ان کے ٹیلنٹ کو نکھا ردینے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا ۔طلاب نے اس پلیٹ فارم کو ماحولیات کو تحفُظ دینے کے مدعے کو دل بہلائی طریقہ کے جذبہ کے طور پر لیا۔پروگرام میں طلاب نے اپنے ٹیلنٹ کے ذریعہ سے اپنی تشویش کا مظاہرہ کیا۔مقابلہ کے اختتام پر تین اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلاب میں انعامات اور شرکا میں حوصلہ افزائی کے انعامات کی تقسیم کاری کا اہتمام کیا گیا ۔تمام شرکا کو اپنے جذبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے تحفے دئے گئے۔یہ پروگرام فوج اور مقامی آبادی کے درمیان رشتوں کو مستحکم بنانے میں ایک اور سنگ میل ثابت ہوا۔
 
 

۔200گرام چرس برآمد ، منشیات فروش گرفتار 

رام بن //رام بن پولیس نے سماج سے منشیات کی سمگلنگ کا خاتمہ کرنے کے لئے سماج سے جرائم کا خاتمہ کرنے میں کوشاں ہے،کیونکہ منشیات کی بدعت نوجوانوں میں جنگل کے آگ کی طرح پھیل رہی ہے ۔رام بن پولیس نے اس سلسلہ میں منشیات اور جرائم کی روک تھام کرنے کے لئے ایک خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔اسی مہم کو بڑھاتے ہوئے ایس ایس پی انیتا شرما کی ہدایت پرایس ایچ او پولیس اسٹیشن رام بن انسپکٹر وجے کوتوال کی قیادت میںایک پولیس پارٹی زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز رام بن اصغر ملک اورایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار رام بن مارکیٹ میں گشت کر رہے تھے۔ گشت کے دوران پولیس پارٹی نے ٹی چوک ،رام بن کے نزدیک ایک شخض کو دیکھا جس نے پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی ،تاہم چوکس پولیس اہلکاروں نے تعاقب کرکے مشتبہ شخض کو گرفتار کیا ۔ دوران تلاشی پولیس نے مشتبہ شخض سے 200گرام چرس برآمد کی۔ مشتبہ شخض نے پوچھ تاچھ کے دوران اپنا نام ریاض احمد ولد شمس دین ساکنہ چندر کوٹ بتایا ۔ پولیس اسٹیشن رام بن میں اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر05/19  درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہے،تاکہ اس فعل میں ملوث دیگر مبینہ ملزمان کی شناخت کی جائے ۔
 
 
 

کوالیفائی کر لیا۔NET

 محمد رفیق میر ولد ولی محمد میر ساکن چریل بانہال اور محمد یوسف لون ولد محمد رمضان لون ساکنہ کڑجی مہو نے حال میں منعقد ہ قومی اہلیتی امتحان NET میں کامیابی حاصل کی ہے۔ محمد رفیق میر نے اردو جبکہ محمد یوسف لون نے پولٹیکل سائنس مضامین میں نیٹ کوالیفائی کیا ہے۔ 
 
 
 

چاس ،کشتواڑ میں ایکتا میٹنگ کا اہتمام

کشتواڑ// لوگوں میں آپسی روا داری کے جذبہ کو استحکام بخشنے کے لئے انڈین آرمی کی جانب سے ضلع کے چاس علاقہ میں ایکتا میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ،جس کا مقصد ضلع میں امن و خوشحالی کو فروغ دینا تھا۔ہمارے ملک کا کشرت میں وحدت ایک خصوصیت ہے جس نے تمام مذاہب کو اکٹھا انسانیت کے رشتہ میں باندھ کر رکھا ہے۔اس تقریب سے مقامی لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور اتحاد و بھائی چارے کا پیغام دینے کیلئے ایک عظیم پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔اجلاس میں کل ملا کر17مقامی لوگوں نے شرکت کی۔مقامی لوگوں اور کیمونٹی لیڈروں نے فوج کی اس پہل کی ستائش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ فوج کی اس پہل سے خطہ میں آپسی روا داری کو فروغ حاصل ہوگا۔اس تقریب سے لوگوں کو روایتی بھائی چارہ اور مل جُل کر رہنے کی روایت برقرار رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔  
      

 پکل بڈسر منصوبہ کو ترک کرنے کا مطالبہ

جموں //مجوزہ پکل بڈسرہائیڈرو الیکٹرک منصوبہ کو ترک کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کشتواڑکے چند لیڈران نے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کو فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ضلعی نائب صدر غلام رسول ماگرے ، بلاک صدر غلام محمد ملک، عبدالوحید ملک ، محمد رمضان ماگرے اور یوتھ بلاک صدر محمد الیاس نے کہا کہ پروجیکٹ ہذا کی تعمیر سے نہ صرف مڑواہ کا ماحولیاتی توازن بگڑ جائے گا بلکہ اس سے دس ہزار سے زائد لوگ بے روزگار ہو جائیں گے۔
 
 
 

 ڈوڈہ سیول سو سائٹی کا تعزیتی اجلاس

نصیر احمد کھوڑا
ڈوڈہ//سیول سو سائٹی ڈوڈہ کا ایک تعزیتی اجلاس زیر قیادت عبدالقیوم زرگر منعقد ہوا،جس میں مر حوم غلام رسول آزاد کی اہلیہ بیگم فاطمہ آزاد کی وفات پر صدمے کا اظہار کیا گیا ۔ بیگم فاطمہ گذشتہ روز انتقال کر گئی تھیںجن کی عمر تقریباً85برس تھی۔تعزیتی اجلاس میں شامل افراد نے سابق وزیر اعلیٰ و کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد ،پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ڈاکٹر طارق آزاد اور سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی بھدرواہ جاوید آزاد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیااور مر حومہ کیلئے مغفرت و لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی گئی ۔اس موقعہ پر جماعت اسلامی کے ترجمان شوکت علی مغل ،نوردین بھورو،محمد اسحاق زرگر،محمد حسین بٹ،غلام حسن تانترے،ایڈوکیٹ سید محمد ہاشمی،عبدالحفیظ شیخ،ٹھاکریوگ راج،بھگت لال چند ،ماسٹر گیان چند وغیرہ شامل تھے۔