سرینگر//حکومت نے بدھ کے روز کہا ہے کہ جموں وکشمیرمیں آکسیجن کی کوئی قلت نہیں ہے بلکہ انتظامیہ کے پاس مریضوں کیلئے درکار30ہزارمکعب میٹر اضافی آکسیجن موجودو اوردستیاب ہے ۔خیال رہے کورونا وائرس کی دوسری لہرکے بعداس مہلک وائرس میں مبتلاء ہونے والے زیادہ مریضوں کوآکسیجن فراہم کرنے کی ضرورت محسوس ہورہی ہے ۔جموں و کشمیر کے ایک حکومتی بیان میں بدھ کی سہ پہر بتایاگیا کہ 28، اپریل2021 تک مرکزی زیرانتظام علاقہ میں زندگی کو برقرار رکھنے والی گیس یعنی آکسیجن کا روزانہ استعمال25ہزار مکعب میٹر ہے۔حکومتی بیان میں مزیدکہاگیاکہ کھپت کے مقابلے میں جموںوکشمیرمیں موجودہ آکسیجن کی پیداواری گنجائش54ہزار500 مکعب میٹر ہے جس میں سے اسپتالوں میں پیداواری صلاحیت24ہزار500 مکعب میٹر اور صنعتی صلاحیت 30ہزار مکعب میٹر روزانہ ہے۔بیان کے مطابق جموں وکشمیرکے پاس آکسیجن کی خاطرخواہ مقدار موجودہے جبکہ بھاری تعدادمیں آکسیجن سلنڈروں سے بھرا ہوا ہے۔