سرینگر // جے وی سی اسپتال بمنہ میں اپنے علاج معالجہ کرونے آئے درجنوں مریضوں نے اسپتال میں داخل ہونے کی اجازت نہ د ینے پر شدید احتجاج کیا ہے ۔پیر کی صبح وادی کے مختلف علاقوں سے درجنوں لوگ اپنا علاج معالجہ کیلئے جے وی سی آئے تھے لیکن انہیں ہسپتال کے مین گیٹ کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دور افتادہ علاقوں سے آئے مریضوں نے بتایا کہ ٹیلی ویژن اور دیگر ذرائع سے تمام اسپتالوں میں دوبارہ کام کام بحال کرنے کا اعلان کیا گیا جس کی وجہ سے وہ دور دراز علاقوں سے علاج کیلئے وہاں آئے ہیں۔ بلال احمد نامی ایک مریض نے بتایا ’’ وہ کپوارہ سے300روپے بطور کرایہ ادا کرکے جی وی سی اسپتال پہنچا لیکن یہاں اسپتال کا مین گیٹ بند ہے اور کسی بھی مریض کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ جے وی سی اسپتال کی خاتون میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر شفا دیوا نے بتایا ’’ اسپتال میں روز مرہ کا کام کاج بحال کرنے کا اعلان ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے کیا ہے لیکن جی وی سی اسپتال سکمز کے تحت کام کرتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سرکار نے دوبارہ جی وی سیم اسپتال کو کویڈ مریضوں کیلئے مخصوص رکھا ہے اور اسلئے یہاں اوپی ڈی اور مریضوں کا داخلہ بند کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کووڈ کے علاوہ کسی مریض کو ہسپتال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مریضوں کا بمنہ میںجے وی سی کے باہر احتجاج
