مرکزی وزیر داخلہ ریاستی درجہ بحال کرائیں: حکیم

سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین اور سابق وزیر حکیم محمد یاسین نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر زور دیا کہ وہ اپنے دورے کے دوران جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کریں اور سیاسی قیدیوں اور نوجوانوں کی رہائی کیلئے فوری اقدامات کریں ۔حکیم یاسین نے ایک بیان میں کہا ’’جموں وکشمیر امن اور جمہوریت کے پھلنے پھولنے کے لیے ترس رہا ہے جو اس وقت تک حاصل نہیں کیا جا سکتا جب تک کہ لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات کے حوالے سے کوئی بڑا اقدام نہ کیا جائے‘‘۔سابق وزیر نے اُمید ظاہر کی کہ وزیر داخلہ اپنے آئندہ سرینگر دورے کے دوران نوجوانوں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی ، ریاست کی بحالی کا اعلان کریں گے۔سابق وزیر نے کہا کہ ریاست کی بحالی جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے سب سے بڑا سی بی ایم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کو مرکزی وزراء کے وادی کے حالیہ دورے کے تاثرات کا جائزہ لینا چاہیے اور ترقیاتی کاموں اور مختلف اسکیموں کے نفاذ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کرنا چاہیے۔ نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں کی مسلسل حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے  حکیم یاسین نے زیر حراست افراد کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ۔انہوں نے وزیر داخلہ پر زور دیا کہ وہ وادی کشمیر میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو ضبط کرنے پر روک لگائیں اور پولیس اور نیم فوجی دستوں کو ہدایت دیں کہ وہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر ہراساں نہ کریں۔