داخلہ ، دفاع، خزانہ، خارجہ اور ہائی ویز وزارتوں میں کوئی تبدیلی نہیں
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی تیسری میعاد میں مرکزی کابینہ میں بڑے پیمانے پر سابقہ این ڈی اے حکومت کی طرز پر قلمدان مختص کیے ہیں۔نئی نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے)حکومت میں کلیدی وزارتیں بی جے پی کے سینئر لیڈروں کو دی گئی ہیں۔ امیت شاہ کو داخلہ امور، راج ناتھ سنگھ کو دفاع، ایس جے شنکر کو خارجہ امور ، نتن گڈکری کو روڈ ٹرانسپورٹ اور نرملا سیتارمن کو خزانہ دیا گیا ہے۔یہ زیادہ تر پچھلی این ڈی اے حکومت کے خطوط پر ہے۔پہلی بار ایم پی اور چار بار چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کو مرکزی وزیر زراعت بنایا گیا ہے۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا کو مرکزی وزیر صحت نامزد کیا گیا ہے۔بی جے پی کو لوک سبھا انتخابات میں 240 سیٹیں حاصل کرنے کے بعد حکومت بنانے کے لیے اپنے این ڈی اے اتحادیوں پر انحصار کرنا پڑا۔این ڈی اے کے پاس لوک سبھا میں 293 سیٹیں ہیں۔ اپوزیشن انڈیا اتحاد کے پاس 234 سیٹیں ہیں۔حلیفوں میں ٹی ڈی پی کے کے رام موہن نائیڈو مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر بن گئے ہیں۔ جے ڈی (یو)لیڈر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ پنچایتی راج کے وزیر بن گئے ہیں۔نریندر مودی حکومت میں مرکزی کابینہ میں 30 وزرا ہیں۔ اس کے علاوہ، یونین کونسل آف منسٹرس میں 5 وزرائے مملکت ہیں جن کا آزادانہ چارج ہے اور 36 وزرائے مملکت ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی وزارت عملہ، عوامی شکایات اور پنشن کے بھی انچارج ہوں گے۔ محکمہ جوہری توانائی، خلائی محکمہ، تمام اہم پالیسی امور اور دیگر تمام محکمے کسی وزیر کو مختص نہیں کیے گئے ہیں۔مجموعی طور پر بھاجپا کے کوٹے میں60وزراء کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں جبکہ اتحادیوں کے کھاتے میں 11وزارتیں آئی ہیں۔
پہلی کابینہ میٹنگ
وزیر اعظم نے اپنی تیسری مدت کے وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کے بعد پیر کو اپنی پہلی مرکزی کابینہ کی میٹنگ کی صدارت کی اور پردھان منتری کے تحت مکانات کی تعمیر کے لیے 3 کروڑ اضافی دیہی اور شہری گھرانوں کو مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ 3 کروڑ اضافی دیہی اور شہری گھرانوں کو مکانات کی تعمیر کے لیے مدد فراہم کی جائے، تاکہ اہل خاندانوں کی تعداد میں اضافے سے پیدا ہونے والی رہائش کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔یہ فیصلہ ان خاندانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے جواب میں ہے جو ہاسنگ امداد کے لیے اہل ہیں۔پی ایم اے وائی کے تحت، گزشتہ 10 سالوں میں ہاسنگ اسکیموں کے تحت اہل غریب خاندانوں کے لیے کل 4.21 کروڑ مکانات مکمل کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم دفتر عوام کا
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کا دفتر عوامی خدمت مرکز ہے۔ اپنی تیسری مدت کے آغاز کے بعد وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے عملے سے خطاب کرتے ہوئے، مودی نے کہا کہ ان کا واحد مقصد “نیشن فسٹ” ہے اور ان کا واحد محرک “وکشت بھارت” ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا، ’’میرا ہر لمحہ ملک کے لیے وقف ہے‘‘۔ وزیرِاعظم دفتر کو خدمت کے لیے وقف ہونا چاہیے اور یہ عوام کا پی ایم او ہونا چاہیے نہ کہ مودی کا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کرنے کے لیے پیدا نہیں ہوئے اور وہ اقتدار جمع کرنے کے بارے میں نہیں سوچتے۔