نئی دہلی//مرکزی حکومت نے نا اہل اور بدعنوان ملازمین و افسران کو سرکاری ملازمت سے قبل از وقت سبکدوش کرنے کیلئے محکموں کو اپنے عملے کے سروس ریکارڑ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے۔مرکز نے اپنے تمام محکموں سے کہا ہے کہ وہ ملازمت میں 30 سال مکمل کرنے والے ملازمین کے سروس ریکارڈوں پر نظرثانی کریں تاکہ وہ غیر فعال یا بدعنوان عملے کی نشاندہی کریں اور عوامی مفاد میں ان کو قبل از وقت سبکدوش کردیں ۔ وزارت عامہ(پرسنل ) کے ایک حکم کے مطابق ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ بنیادی ضوابط(J) (FR) 56 اور 56 شق(I) کے تحت کیا جاتا ہے ، اور یہ مرکزی سیول سروسز (پنشن)ضوابط مجریہ ، 1972 کے ضابطہ 48 شق(1) کی ذیلی شق (b) کے تحت بھی کیا گیا ہے ، جوکسی بھی سرکاری ملازم کو سبکدوش کرنے کے مناسب اختیارات تفویض کرتا ہے،’’اگر عوامی مفاد میں ایسا کرنا ضروری ہو تو‘‘۔جمعہ کو جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے’’یہ واضح کیا گیا ہے کہ ان ضوابط کے تحت سرکاری ملازمین کی قبل از وقت سبکدوشی کوئی سزا نہیں ہے،اور یہ ’’لازمی سبکدوشی‘‘سے الگ ہے ، جو مرکزی سیول سروسز (درجہ بندی ، کنٹرول اور اپیل) قواعد ، 1965 کے تحت طے شدہ سزا میں سے ایک ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کسی بھی وقت جب کسی سرکاری ملازم کی عمر 50یا55 سال ہو چکی ہے یا 30 سال کی خدمت مکمل کی ہو ، عوامی مفاد میں اسے وقت سے پہلے ہی سبکدوش کرسکتا ہے۔وزارت نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی کارکردگی کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینے کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ انہیں ملازمت میں برقرار رکھا جائے یا وقت سے پہلے ہی سبکدوش کیا جائے۔