مرکزفلسطین جیسے حالات کیلئے تیار رہے: محبوبہ مفتی

سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے شاہراہ پر سیول ٹریفک پر ہفتے میں دو دن کی پابندی کے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر حکومت ہند، جموں کشمیر کو اسرائیل اور فلسطین کے رشتے میں تبدیل کرنا چاہتی ہے تو اس کو فلسطین جیسے حالات کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے۔پی ڈی پی کی طرف سے بدھ کے روز پانتہ چھوک کے نزدیک شاہراہ پر پابندی کے متعلق سرکاری فیصلے کے خلاف منعقدہ احتجاج کے حاشیہ پر محبوبہ مفتی نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا 'میں سمجھتی ہوں کہ یہ کوئی فلسطین اور اسرائیل کا رشتہ نہیں ہے۔ اگر حکومت ہند، جموں کشمیر کو اسرائیل اور فلسطین کے رشتے میں تبدیل کرنا چاہتی ہے تو اس کو فلسطین جیسے حالات کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے'۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر پابندی جموں کشمیر کے لوگوں کو دبانے کے لئے عائد کی گئی ہے، یہ پابندی یہاں کی معیشت پر حملہ ہے اور یہاں کے لوگوں کے بنیادی حقوق پر بھی حملہ ہے۔محبوبہ نے کہا 'میں نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سڑک پر اپنی گاڑیاں چلا کر اس حکم نامے کی خلاف ورزی کریں پھر میں دیکھتی ہوں کہ کون کیا کرے گا'۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس حکم نامے کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور اس کے بارے میں بہت جلد  فیصلہ آئے گا۔