کشتواڑ//جموں و کشمیر میں مذاکرات اور مصالحت کو ہی امن یقینی بنانے کا واحد راستہ بتاتے ہوئے ایم ایل سی فردوس ٹاک نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار پر یہ لازم ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی محبوبہ کی تجاویز اور جذبات کا موثر جواب دے۔انہوں نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ کوئی اقتصادی یا سماجی مسئلہ نہیں ،بلکہ یہ فقط سیاسی نوعیت کا مسئلہ ہے اور اسے اسی کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوںنے کہا کہ بندوق سے دنیا میں کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوا ہے ا ور فقط مذاکرات اور مصالحت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ایم ایل سی ٹاک پہاڑی ضلع کے پاڈر علاقہ میں متعدد عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے لائی، کیجائی، افانی، کرتھائی اور جھاڑ دیہات کا دورہ کیا اور عوام کی شکایات کو سُنا، جس دوران کئی مدعے موقعہ پر ہی حل کئے گئے۔اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر عہدیدیدارا ن بشمول غلام محمد بٹ، ٹھاکور سجان سنگھ، گردھاری لعل، محمد علی، بلدیو سنگھ، گوسواں رام اور نیپال سنگھ بھی تھے۔اس موقعہ پر ٹاک نے اپنے حلقہ اختیارتی فنڈز سے کئی کاموں کا اعلان بھی کیا۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ ایسا پہلی مرتبہ تواریخ میں ہوا ہے کہ کسی بھی سرکار نے قلیل مدت کے دوران اتنے ترقیاتی ،اقتصادی اور انتظامی بہتری کے لئے اقدام کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی انتظامی اور مالی انتظام کی پہل سے کافی اثر پڑا ہے ، جس سے سرکار کو اصلاحات کرنے میں مدد ملے گی۔تاہم انہوں نے کہا کہ سیاسی محاذ پر بھی اسی نوعیت کے اقدام کرنے کی ضرورت ہے،تاکہ عوام کی شکایات کا ازالہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے مذاکرات اور مصالحت کا مطالبہ کرنے کا مقصد بد امنی اور خون خرابہ کے متاثرین کو ہیلنگ ٹچ دینا ہے اور حالیہ حالات کا ایک پائیدار حل ڈھونڈنا ہے۔انہوںنے کہا کہ مرکزی سرکار کو چاہیے کہ وہ امن کے روڈ میپ کا موثر رد عمل پیش کرے اورسیاسی اقدام کی پہل کرے ،تاکہ علیحدگی کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے لئے مرکزی مذاکرات کار دنیشور شرما کا تعینات کرنا پی ڈی پی کی جانب سے مصالحت کے عمل میں ایک پہلا قدم تھا۔انہوں نے کہا کہ مزید سیاسی اقدام کرنے سے اس عمل کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے،تاکہ وادی میں امن یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے موجودہ سرکار کی جانب سے کئے گئے متعدد اقدام کا خاکہ بھی پیش کیا اور کہا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں کی ترقی کی جانب زیادہ زور دیا جا رہا ہے۔ٹاک نے مزید کہا کہ سرکار دیہی علاقوں میں بہتر سڑک رابطہ ،کیمونکیشن ،صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے میں سدھار لانے پر زور دے رہی ہے۔