مدھیہ پردیش میں سڑک حادثات | ایک دن میں 15افراد لقمہ اجل

بوپال // مدھیہ پردیش کے چھ اضلاع میں سڑک حادثات میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 7 دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ یہ سڑک حادثات ستنا، دموہ، منڈلا، گنا، دتیا اور رتلام اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش آئے۔ انسپکٹر دیویندر پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ ستنا ضلع میں ر اتنا ندی کے قریب ایک ٹرک الٹنے سے چار افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔مرنے والوں میں آٹورکشہ کا ڈرائیور، دو خواتین اور ایک لڑکا شامل ہے ۔ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) شیو کمار سنگھ نے بتایا کہ دموہ میں، ہفتہ کی رات موٹرسائیکلوں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد تین افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔  بیچیا پولیس اسٹیشن کے انچارج ایس رام مراوی نے بتایا کہ منڈلا ضلع میں ہفتہ کی رات ایک تیز رفتار ٹریکٹر الٹ گیاجس میں ایک نابالغ سمیت تین مزدوروں کی موت ہوگئی، اور ایک اور شخص شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ چاچوڈا پولیس اسٹیشن کے انچارج روی گپتا نے اتوار کو بتایا کہ گنا ضلع میں ایک تیز رفتار کار نے دو افراد کو کچل دیا جب وہ ہفتہ کی رات بنا گنج علاقے میں ایک زرعی کھیت کے قریب پیدل جا رہے تھے۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دتیا میں، جھانسی سڑک پر اتوار کی صبح دھند کی وجہ سے ایک گاڑی دوسرے ٹرک سے ٹکرا جانے سے ایک نامعلوم ٹرک ڈرائیور کی موت ہو گئی اور دوسرا زخمی ہو گیا۔رتلام ضلع میں ہفتہ کو سیلانہ قصبہ میں ایک تیز رفتار کار نے ایک خاتون کو کچل کر ہلاک کر دیا۔