گندو//علاقہ میں دینی تعلیم کو عام کرنے میں مصروف ایک مدرسہ میں سالانہ جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس میں علمائے دین، طلاب اور مقامی فرزندان توحید کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ مدرسہ تعلیم القران ، ابرار آباد چلی بالا بھلیسہ میں منعقدہ اس تقریب کے دوران 3حفاظ کرام کی دستار بندی بھی کی گئی۔تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک سے ہوا اوربچوں کی طرف سے نعت خوانی اور دیگر پروگرام پیش کئے گئے جب کہ علماء کرام نے قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کرتے ہوئے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے میں مدارس کے رول پر روشنی ڈالی۔ مدرسہ ہذا کے مہتمم مولانا عبدالقیوم کھانڈے کی دیکھ ریکھ میں ہوئی اس تقریب میں پندرہ سو کے قریب افراد شریک تھے جنہوں نے حفاظ کرام کی دستار بندی کے اس روح پرور منظر کو دیکھا، مفتی ساجد نے نظامت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے بتایا کہ ان مدارس میں نہ صرف شرعی تعلیم دی جا رہی ہے بلکہ نادار اور مستحق طلاب کو مفت عصری تعلیم بھی دی جاتی ہے ۔