مختلف ریاستوں میں سامنے آئے انتخابی نتائج

پونچھ//اترپردیش اور دیگرتین ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شاندار جیت پر خطہ پیر پنچال کے دونوں اضلاع میں بھاجپا کارکنوں نے جشن منایا ۔سرحدی ضلع راجوری کے نوشہرہ ،سندر بنی ،راجوری ودیگر علاقوں میں پارٹی کارکنوں نے چار ریاستوں میں ملی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی معیاری کارکردگی کی وجہ سے عوام پارٹی کو کامیاب کررہی ہے ۔پارٹی لیڈران نے کہاکہ مرکزی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں سے جہاں بھاجپا کارکن خوش ہیں وہائیں پر ملکی عوام بھی اطمینان کا اظہار کررہے ہیں ۔سرحدی ضلع پونچھ میں بھی پارٹی کے لیڈران اور کارکنان کی جانب سے جشن منایا گیا۔بھارتی جنتا پارٹی کے ترجمان سنیل کمار گپتااور بی جے پی یوتھ کے ضلع صدر امن ڈابر کی قیادت میں ایک ریلی برآمد کی گئی جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے شامل ہو کر خوشی کا اظہار کیا اس موقع پر یوگی ادیت ناتھ کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور خوشی کا اظہار کیا گیا۔دونوں لیڈر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ ہونا ہی تھا کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نریندر مودی کی قیادت میں پورے ملک میں تعمیر و ترقی کے کام کر رہی ہے جس سے عوام خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں بھی بھارتیہ جنتا پارٹی ہی جیتے گی۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل سی پونچھ پردیپ شرما کی قیادت میں بھی ان کی رہائش گاہ سے ایک ریلی برآمد کی گئی جس ہر عمر کے لوگوں نے شرکت کی اس موقع پر بھی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نریندر مودی زندہ باد بھارتیہ جنتا پارٹی زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ پردیپ شرما اور دیگر لیڈران نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔بی جے پی کی خواتین لیڈران نے ضلعی دفتر میں تقریب منعقد کی جہاں پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی گئی جبکہ مختلف مقامات پر لوگوں میں حلوا بھی تقسیم کیا گیا۔خواتین نے بھی مرکزی سرکار کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ضلع میں اسی طرح پارٹی کارکنوں نے مینڈھر اور سرنکوٹ میں بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جشن منایا اور ایک دوسرے میں مٹھائیاں تقسیم کیں ۔