ساتویں تنخواہ کمیشن پررہبرتعلیم اساتذہ کا کینڈل مارچ
۔20 اگست کو پونچھ میں احتجاج کرنے کا اعلان کیا
حسین محتشم
پونچھ// جموں وکشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم نے ساتویں تنخواہ کمیشن کے مطالبے پر گزشتہ شام ایک کینڈل مارچ نکالا جو فورم کے سینئر عہدیدار نجم جعفری کی قیادت میں پریڈپارک پونچھ سے شروع ہوکرصدر بازار سے ہوتا ہوا قلعہ اوروہاں سے بس اڈہ سے ہوکر واپس پریڈ پارک میں ہی اختتام پذیر ہوا۔اس موقعہ پر نجم جعفری نے کہا کہ ریاستی سرکار کی تباہ کن اقتصادی اور ملازم دشمن پالیسیوں کی وجہ سے آج محنت کش طبقہ بالعموم اور اساتذہ بالخصوص پریشانیوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مالی اداروں کے اشاروں پر اپنائی جارہی غلط پالیسیوں کے تحت اساتذہ کے حقوق پر لگاتار حملے ہورہے ہیں۔ ان کاکہناتھا کہ رہبر تعلیم اساتذہ نے اپنی کوشش اور انتھک محنت سے ریاستی تعلیمی نظام سدھارنے میں کلیدی کردار ادا کیاہے تاہم ریاستی حکومت کی ان کے تئیں پالیسی متعصبانہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کبھی سکریننگ ٹیسٹ کے نام پر اور کبھی سوسائٹی کے نام پر ان کی تذلیل کی جارہی ہیں اور ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی نہیں ہوتی جس پر وہ مجبوراًسڑکوں پر نکلتے ہیں۔ زونل صدر سرنکوٹ محمد یوسف شاہ نے کہا کہ آج ایک بار اساتذہ کی تذلیل کر کے ساتویں تنخواہ کمیشن کی ادائیگی نہ کرتے ہوئے ان کے جائز حقوق کو سلب کیاگیاہے ۔انہوں نے کہا کہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ٹیچرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (TJAC) نے20 اگست بروز پیرریاست کے سبھی ضلع صدور مقامات پر احتجا ج کا اعلان کیاہے اور اس سلسلے میں ضلع پونچھ میں بھی احتجاج کیاجائے گا۔رہبر تعلیم اساتذہ نے بتایاکہ ایس ایس اے ، ہیڈ ٹیچرس اساتذہ کے حق میں ساتویں پے کمیشن کی ادائیگی اور ان کی تنخواہیں ریاستی بجٹ سے منسلک کرنے کے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔اس موقعہ پرسید شاہنواز، بدر دین راتھر ،سید علی مرتضیٰ شاہ، عبدالوارث، عبدالقوی شاہ، خالد سرتاج جٹ نے خطاب کیا۔
منگلناڑ منجاکوٹ میں عوامی دربار
پرویز خان
منجاکوٹ//ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر منجاکوٹ کے منگلناڑ علاقے میںعوامی شکایات کے ازالہ کیلئے ایک کیمپ منعقد کیاگیا ۔اس کیمپ میں منگلناڑ وگردو نواحی علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن کے کچھ ایک مسائل موقعہ پر ہی حل کئے گئے ۔مقامی لوگوں نے شکایت کی کہ پانی اور بجلی کی سپلائی میں کٹوتی کی جاتی ہے جبکہ سڑک کی حالت خراب ہے ۔ انہوں نے واٹر سپلائی سکیم ، دو ٹرانسفارمروں کی تنصیب ، آنگن واڑی مراکز کے قیام اور ٹرانسپورٹ کیلئے منی بس کی فراہمی کی مانگ کی ۔اس موقعہ پر گیارہ انکم سرٹیفکیٹ ، دو اے ایل سی اسناد اور پانچ جمع بندی اسناد جاری کی گئیں ۔کیمپ میں شامل افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ مقامی لوگوں کے مسائل حل کریں ۔اس کیمپ کی صدارت تحصیلدار منجاکوٹ شیراز چوہدری نے کی۔
ڈپٹی کمشنر راجوری کی صدارت میں میٹنگ
دودھ ، انڈا، گوشت وغیرہ کی قیمتیں مقرر
راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد کی قیادت میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تعین کیاگیا ۔اس دوران تفصیل سے تبادلہ خیال کے بعد قیمتوں کو منظوری دی گئی جس کے تحت زندہ بھیڑ بکریوں کی قیمت 190فی کلو ،گوشت 350روپے فی کلو ، بائیلر اور دیسی انڈے بالترتیب 60اور80روپے فی درجن ، بھینس اور گائے کا دودھ بالترتیب50اور45روپے فی کلو مقرر کیاگیا۔اس طرح سے دہی ، پنیر اور کھویا کی قیمتیں بالترتیب 60روپے ، 240روپے اور 300روپے فی کلو مقررکی گئیں ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور فوڈ سیفٹی و لیگل میٹرولوجی کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ منظور کی گئی قیمتوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اوراس بات کو ممکن بنایاجائے کہ صارفین سے ناجائز منافع خوری نہ کی جائے ۔میٹنگ میں اے ڈی سی شیر سنگھ ، اے سی آر عبدالقیوم میر ، اسسٹنٹ لیبر کمشنر سلیم قریشی ، ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹوز وقار طالب ، تحصیلدار محمود ریاض ، ضلع اینمل ہسبنڈری افسر ڈی بی سنگھ، ٹی ایس او محمد اشرف ، بیوپار منڈل ، کریانہ ایسو سی ایشن ، فروٹ و ویجی ٹیبل فیڈریشن ، قصاب ایسو سی ایشن اور سویٹ ایسو سی ایشن کے صدور بھی موجو دتھے ۔
ڈی وارمنگ کے تحت بچوں کو دوائیاں فراہم
راجوری//بلاک کنڈی میں محکمہ صحت کی طرف سے ڈی وارمنگ کے تحت ایک سے انیس سال کے بچوں میں دوائیاں فراہم کی گئیں ۔اس مہم کا انعقاد محکمہ صحت ، سوشل ویلفیئر اور محکمہ تعلیم نے مشترکہ طور پر کیاتھا۔ اس سلسلے میں چیف میڈیکل افسر راجوری ڈاکٹر سریش گپتا کی ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ باقی ماندہ تمام بچوں کو دوائیاں دی جائیں جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے بلاک میڈیکل افسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک کی قیادت میں دوائیاں فراہم کی گئیں ۔بی ایم او کے مطابق بلاک کنڈی میں دوسرے مرحلے کے تحت تیرہ ہزار بچوں کا احاطہ کیاگیا جس کیلئے پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ ، آنگن واڑی ورکروں اور آشاورکروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ۔
انجمن روداد بشر کا اجلاس منعقد
بختیار حسین
بختیار حسین
سرنکوٹ// انجمن روداد بشر سرنکوٹ کی ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقعہ پر مقررین نے جہاں پانی اور بجلی کی ناقص سپلائی پر متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بنایاوہیں اس بات کی شکایت کی کہ سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ میں عوام کو علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی جس کا چیف میڈیکل افسر پونچھ ممتاز بھٹی سنجیدہ نوٹس لیں ۔ان کاکہناتھاکہ مقامی ملازموں کاتبادلہ عمل میں لایاجائے ۔ مقررین نے محکمہ دیہی ترقی کے تحت چلائی جارہی مہاتماگاندھی نریگا سکیم کی اجرت واگزار کرنے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نہ ہی وقت پر میٹریل ملتاہے اور نہ ہی اجرت ۔انہوں نے کہاکہ عید الاضحی سے قبل اجرتیں واگزار کی جائیں نہیں تو محکمہ کے خلاف احتجاج کیاجائے گا۔انہوں نے گورنر سے اپیل کی کہ سرنکوٹ سے ان افسران و ملازمین کو فوری طور پر تبدیل کیاجائے جو بدعنوانی کے معاملات میں ملوث ہیں ۔میٹنگ میں محمد عزیز خان ،جاوید چوہدری، نازک تبسم، نذیر احمد چوہان ،عبدالکریم ، عبدالحمید خان، مختار حسین وغیرہ بھی موجود تھے۔
قربانی کے جانوروں کی فروخت ،ناجائز منافع خوری کی شکایت پرپولیس کا چھاپہ
بختیار حسین
بختیار حسین
سرنکوٹ// جوں جوں عید الاضحی کا دن قریب آتاجارہاہے ، سرنکوٹ میں قربانی کے جانوروں کی فروخت میں ناجائز منافع خوری بھی بڑھتی جارہی ہے ۔سرنکوٹ میں فروخت کئے جارہے بھیڑ بکریوں کی قیمت آسمان کو چھورہی ہے اور بیوپاریوں کی جانب سے ضلع انتظامیہ کی ان قیمتوں کو بھی نظرانداز کردیاگیاہے جو اس حوالے سے متعین کی گئی ہیں ۔ ایک مقامی شخص محمد شفیع نے بتایا کہ مرکزی جامع مسجد کے قریب بیوپاری منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ من مرضی کی قیمتیں لگائی جارہی ہیں اور دیکھنے والاکوئی نہیں۔ایسی شکایات کی خبر جب ایس ایچ او سرنکوٹ انظر میر کو ملی تو انہوں نے پہلے کچھ افراد کو بھیج کر بیوپاریوں کی طرف سے متعین کئے گئے ریٹ کا پتہ کروایا اور پھر خود چھاپہ مار کر مشاہدہ کیا ۔ایس ایچ ا و نے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر پونچھ کی طرف سے عید قربانی کے جانوروں کیلئے باقاعدہ ریٹ مقرر کیاگیاہے اور بھیڑ کی قیمت فی کلو 190روپے جبکہ بکرے کی فی کلو قیمت 180روپے متعین کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بیوپار یوں کی طرف سے بہت زیادہ قیمت وصول کی جارہی ہے جس پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں
تھنہ منڈی میں ووٹر فہرستوں کی تصحیح کی گئی
طارق شال
تھنہ منڈی//ریاست میں بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر ووٹر فہرستوں کی درستگی،اندران اور اخراج کا عمل مکمل کرلیاگیاہے ۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے اس عمل کیلئے تاریخوں کا اعلان کیاگیا تھا جو مکمل کرلیاگیا۔ووٹر فہرستوں میں ووٹروں کی درستگی، اندراج اور اخراج کے لئے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے 13 وارڈوں کے لئے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ محمد افضل مرزاکو الیکٹورل ریٹرننگ آفیسر جبکہ ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کبیر احمد ملک کو اسسٹنٹ الیکٹورل ریٹرننگ آفیسر مقرر کیا گیاہے۔ ریاستی چیف الیکشن کمیشن نے اس ماہ کی 8 تاریخ کو نوٹیفیکیشن جاری کیا جبکہ اسکی تاریخ 13 اگست مقرر کی گئی تھی۔ تاہم چیف الیکشن کمیشن نے اس تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 18 اگست کردیاگیا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے تھنہ منڈی کے 13 وارڈوں کے لئے تین بوتھ لیول آفیسر منتخب کئے گئے جن میں فیاض احمد ماسٹر، محمد رفیع پٹواری اور مشتاق میر ماسٹر نے اس کام کو انجام دیتے ہوئے الیکٹورل آفیسران کی سربراہی میں سنیچر کے روز میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں مخصوص کیمپ کے دوران درجنوں اندراج، اخراج کے علاوہ درستگیاں عمل میں لائی۔
مشتاق بخاری کا اظہار تعزیت
سرنکوٹ//نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر سیدمشتاق احمد شاہ بخاری نے بہرام گلہ کے نوجوان تنویر احمد ولد محمد شریف کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے جو کینسر کی بیماری میں مبتلا ہوکر اس دار فانی کو کوچ کرگیا۔تنویر کا علاج ممبئی کے ایک ہسپتال میں چل رہاتھا جہاں وہ زندگی کی جنگ ہار گیا ۔اس کی موت پر مشتاق بخاری نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس گھڑی لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔