سرینگر//محکمہ فوڈ سیفٹی نے 70ہزار روپے مالیت کے ممنوع چینی سگریٹ ضبط کئے۔ فوڈ سیفٹی محکمہ کے افسران نے سیول سوسائٹی اراکین کے ہمراہ سرینگر شہر کے کئی علاقوں بشمول کوکر بازار اور لالچوک میں سگریٹ فروخت کرنے والی کئی دکانوں پر چھاپے مارے اور چینی سگریٹوں کے برانڈضبط کئے جبکہ بعض علاقوں میں سکولوں کے قریب سگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ محکمہ فوڈ سیفٹی کے اسسٹنٹ کمشنرہلال احمد میر کاکہنا ہے کہ محکمہ کو یہ اطلاعات موصول ہوئیںکہ چین میں بننے والے وِن اور ای ایس ایس برانڈ کے سگریٹ ، جن کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے ، کو یہاں بعض دکاندار فروخت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’چھاپوں کے دوران ہم نے 70ہزار روپے مالیت کے چینی سگریٹ ضبط کرلئے ‘۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ کی کارروائی جاری رہے گی اور ممنوع سیگریٹوں کی خرید و فروخت کوبند کرنا یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ضمن میں محکمہ کی مدد کریں اور ان دکانداروں کی شناخت کریں جو یہ پابندی شدہ سگریٹ فروخت کررہے ہیں۔ دریں اثنا عوامی حلقوں نے محکمہ کی اس کارروائی کی سراہنا کی ہے۔چین کے مذکورہ سگریٹ برانڈ سستے ہیںاور انتہائی مضر صحت ہیں اور اس وجہ سے یہ چھوٹے لڑکوں کے لئے خریدنا آسان بن جاتا ہے ، جس کی وجہ سے وہ سگریٹ نوشی کی لت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر میں ممنوع سگریٹ اور دیگر منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال کے خلاف قانون لاگو ہونے کے باوجود یہ کاروبارزور و شور سے جاری ہے۔