محکمہ صحت کے ملازمین کو منسلک کرنے کا معاملہ

راجوری //ضلع راجوری کے بدھل علا قہ کی عوام نے انتظامیہ کو انتبادہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر محکمہ صحت کے تمام منسلک ملازمین کو جلداز جلد واپس تعینات نہیں کیا گیا تو ایک بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہاکہ بدھل علا قہ سے محکمہ صحت کے متعدد ملازمین کو ضلع کے دیگر علا قوں میں قائم اداروں میں اٹیچ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے بدھل میں مریضوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔جے کے پی ایم لیڈر محمود فاروق انقلابی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ نے بدھل کی عوام کیساتھ نا انصافی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بدھل کے متعدد طبی اداروں سے ملازمین کو ضلع کے دیگر علا قوں میں اٹیچ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں و مریضوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ تمام ملازمین کی اٹیچ منٹوں کو منسوخ کرتے ہوئے ان کو واپس ان ادروں میں لایا جائے جن میں وہ پہلے سے تعینات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر انتظامیہ نے ملازمین کی منسلکی کو منسوخ نہیں کیا تو اس سلسلہ میں ایک بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا۔