سرینگر//جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم نے سماجی کارکنوں،رضاکاروں اور غیرسرکاری تنظیموں پرزوردیا ہے کہ وہ ایک مضبوط اور موثر لائحہ عمل ترتیب دیں تاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کے نتیجے میں پابندیوں اور ممکنہ لاک ڈائون کی وجہ سے سماج کے متاثرہ طبقے خصوصاًمحنت کشوں کی امداد کی جائے اور ان کی اقتصادی حالت کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔ایک بیان میں سول سوسائٹی فورم نے کہاکہ ان لوگوں کی بازآباد کاری کیلئے پیشگی اقدام کرنا ہوں گے۔بیان میں فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے جموں کشمیر سول سوسائٹی فورم کے تمام رضاکاروں سے کہا ہے کہ وہ دیگر فلاحی تنظیموں کے ساتھ آپسی تال میل کے ذریعے کام کرکے غریبوں کی امداد کیلئے جُٹ جائیں ۔انہوں نے رضاکاروں سے کہا کہ وہ مساجد کے بیت المال،اورمحلہ کمیٹیوں کے ساتھ کام کرکے ضرورت مندوں کی امداد کریں۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ محکمہ صحت کو رضاکاروں اور سماجی کارکنوں مختلف قسم کی ابتدائی طبی امداد کی تربیت دینی چاہیے ۔