ممبئی//محکمہ سیاحت نے ممبئی میں منعقدہ ہونے والے تین روزہ او ٹی ایم کے موقعہ پر صبح گیٹ وے آف اِنڈیا پر ایک پرومویشنل آئوٹ ریچ پروگرام کا اِنعقاد کیا۔ ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے اِس مہم کی قیادت کی جس دوران ممکنہ سیاحوں میں تشہیری مواد تقسیم کیا گیا اور انہیں جموںوکشمیر یوٹی کے سیاحتی اِمکانات کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔دریں اثنا، جموںوکشمیر کے محکمہ سیاحت کو اس کے شکارا تھیم والے سٹال کے لئے بہترین موضوعاتی پویلین کے لئے نوازا گیا۔اِس موقعہ پر ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ناظم ایس کے آئی سی سی بخشی جاوید ہمایوں ، سیکرٹری جے ٹی جی سی منا وگپتا موجود تھے۔منتظمین نے ایوارڈ دیتے ہوئے سیاحوں کو جموںوکشمیر کی طرف راغب کرنے کے لئے محکمہ کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔دریں اثناء اِختتامی دِن بھی اوٹی ایم پر جموںوکشمیر پویلین میں سفری برادری کے ارکان اور سفر کے شوقین اَفراد کی بھیڑ جاری رہی۔کل مالدیپ کے وزیر سیاحت عبداللہ مسام ، تامل ناڈو کے وزیر سیاحت ڈاکٹر ایم میتھو ینتھن اور سیاحت کے ڈائریکٹر اور منیجنگ ڈائریکٹر سندیپ نند وری کے علاوہ دور دُور سے سینکڑوں ٹور ٹریول آپریٹروں نے پویلین کا دورہ کیا۔ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے مہاراشٹر ٹور آپریٹرس ایسو سی ایشن کے علاوہ پونے ، ناسک اور ناگپور کے ٹور آپریٹروں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا ۔ اُنہوں نے ٹریول میڈیا کو آنے والے سیزن کے لئے محکمہ کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا ۔ اُنہوں نے ایف ایچ آر اے آئی کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی جس نے اَپنا اگلا سالانہ کنونشن سری نگر میں منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
محکمہ سیاحت کا گیٹ وے آف اِنڈیا پر تشہیری مہم کا اِنعقاد
